All posts by Khabrain News

پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا: حماد اظہر

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر خزانہ حماد اظہر نے کہا ہےکہ پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔
ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد سے افراط زر کی شرح 3 گنا بڑھ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرنسی 14 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں 100 روپے سے زیادہ نیچے گری، پاکستان کے ڈیفالٹ کا خطرہ کئی گنا بڑھ گیا ہے، جب سے ہم نے حکومت چھوڑی ہے قرض لینے کی شرح دُگنی ہوگئی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ: تھری ایم پی او کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار، تمام گرفتار افراد کی رہائی کا حکم

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے 10 مئی کو جاری کیے گئے تھری ایم پی او کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام گرفتار افراد کی رہائی کا حکم دے دیا۔
گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں 10 مئی کو لگائے گئے تھری ایم پی او سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی، جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھری ایم پی او کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے دیا ہے، مختصر فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ تھری ایم پی او کے تحت تمام گرفتار افراد کو رہا کیا جائے۔
عدالت نے ایک لاکھ دو نفری ضمانتی مچلکے جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ملزمان اگر کسی دوسرے کیس میں مطلوب ہوں تو معمول کے مطابق کارروائی کی جائے۔

آڈیولیک تحقیقاتی کمیٹی کو ثاقب نثار کے بیٹےکیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آڈیولیک تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آڈیولیک تحقیقات کے لیے قائم خصوصی کمیٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے سوال کیا کہ کیا یہ سپیشل کمیٹی ہے؟ وکیل لطیف کھوسہ نے جواب دیا کہ سپیشل کمیٹی کے لیے بھی وہی رولز ہوں گے جو عام کمیٹی کے لیے ہوتے ہیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ آپ کو متعلقہ وزارت کو پارٹی بنانا پڑے گا، وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ کوئی متعلقہ وزارت اس معاملے میں ہے ہی نہیں پھر بھی ہم بنا دیں گے، ہم نے صرف یہ چیلنج کیا ہے کہ سپیکر اور اسمبلی کو پرائیویٹ معاملہ دیکھنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ میں جو معاملہ زیر التوا ہے ہم نے اس کو چیلنج نہیں کیا، آڈیو لیک دو پرائیویٹ لوگوں کے درمیان مبینہ طور کی گئی بات چیت ہے، پارلیمنٹ کو 2 پرائیویٹ لوگوں کے معاملے کو دیکھنے کا اختیار نہیں۔
عدالت عالیہ نے خصوصی کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی جانب سے نجم ثاقب کی طلبی کا نوٹس بھی معطل کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے حکم امتناع جاری کیا ہے۔
جسٹس بابر ستار نے درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات بھی دور کر دئیے، عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت کو 19 جون کے لیے نوٹس جاری کر دئیے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے جواب طلب کیا ہے کہ یہ آڈیوز ریکارڈ کون کرتا ہے؟ خصوصی کمیٹی نے کس اختیار کے تحت نوٹس کیا؟ پیرا وائز کمنٹس بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔

نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، ریلیف ملنا ان کا حق ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، نواز شریف کو ریلیف ملنا چاہیے یہ ان کا حق ہے، جب الیکشن ہوں گے تو نواز شریف واپس آکر پارٹی کو لیڈ کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان 9 مئی کے اس سارے معاملے کے آرکیٹیکٹ ہیں، عمران خان نے نفرت کی سیاست نوجوانوں کے ذہنوں میں اتاری، میری اندازے سے عمران خان کی گرفتاری ضرور ہوگی، یہ انویسٹی گیشن ٹیم اور انویسٹی گیشن ایجنسیز کا اختیار ہے کہ وہ کس کو کس حد تک گنہگار ٹھہراتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی تنصیبات پر حملہ کیا گیا، ریڈیو پاکستان کی بلڈنگ کو جلایا گیا، کیا کبھی کوئی سوچ سکتا ہے کہ شہداء کی نشانیوں کی بے حرمتی کی جائے، یہ عوامی ردعمل نہیں تھا، کسی شہر میں دس یا بیس ہزار لوگ جمع نہیں ہوئے، اڑھائی یا تین سو لوگوں کو تیار کیا گیا تھا اور ڈیوٹیاں لگائی گئیں، پورے ملک میں چند سو لوگوں نے عمران خان کی گرفتاری پر یہ ردعمل دیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نئی جماعت بنتی ہے تو وہ بنے، عوام جس کو چاہے ووٹ دیں، پیپلز پارٹی کو بھی پورا حق ہے کہ وہ پنجاب میں اپنے پاؤں جمائیں، ہمارا بھی پورا حق بنتا ہے کہ ہم سندھ میں اپنے پاؤں جمائیں، نئی پارٹی معرض وجود میں آتی ہے اور وہ نفرت کے راستے پر نہیں چلتی تو اس کے لیے گنجائش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ پارٹی کو چھوڑ رہے ہیں انہوں نے پہلے بھی پارٹیاں چھوڑی ہیں، کسی نے ان کو پارٹی چھوڑنے کا نہیں کہا، وہ اپنی مرضی سے سارا کام کر رہے ہیں، ہمارے پاس اتنی بھاری گنجائش نہیں کہ سب لوگوں کو لے سکیں۔

محکمہ تعلیم سندھ کا اساتذہ کو سکالرشپ دینے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ کو سکالرشپ دینے کا فیصلہ کر لیا، بی ایڈ کرنے میں دلچسپی رکھنے والے اساتذہ کو فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق ڈیڑھ اور اڑھائی سال کے بی ایڈ پروگرام میں اساتذہ کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی، پی ایچ ڈی میں داخلہ لینے والے اساتذہ کو فیس ادائیگی کیلئے آسان قسطوں کی سہولت دی جائے گی۔
چیف نصاب محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ سہولت صرف سرکاری اساتذہ کیلئے ہے، سرکاری اساتذہ انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ یونیورسٹی میں داخلہ لے سکیں گے جبکہ بی ایڈ کرنے والے اساتذہ کی ترقیاں بھی جلدی ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماؤں کی سنچری مکمل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) چھوڑنے والے رہنماؤں کی سنچری مکمل ہوگئی۔
9 مئی کے بعد حراست میں لیے گئے اور حراست میں جائے بغیر تحریک انصاف چھوڑنے والوں میں پارٹی کے نمایاں رہنما اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔
فواد چودھری، شیریں مزاری، عامر کیانی، خسرو بختیار، جمشید چیمہ، مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری بھی عمران خان سے راستے الگ کرنے والوں میں شامل ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
گزشتہ روز خانیوال سے سابق ایم پی اے عمران پرویز نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی اور سیاست سے بھی بریک لینے کا اعلان کر دیا۔
اس کے علاوہ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے سابق معاون خصوصی احمد حسین شاہ نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، ژالہ باری، موسم دلفریب

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے موسم دلفریب ہو گیا۔
لاہور میں گرج چمک کیساتھ بارش گرمی سے مرجھائے چہروں پر رونق لے آئی، شہر اور گردونواح میں رم جھم نے موسم خوشگوار کر دیا۔
گلبرگ، ڈیفنس، وحدت روڈ، اچھرہ اور کوٹ لکھپت میں بارش نے جل تھل ایک کر دیا، ماڈل ٹاؤن ، ٹاؤن شپ مغل پورہ اور ہربنس پورہ میں بھی بجلی کڑکی، بادل برسے اور آسمان سے ہوا کے دوش پر موتی زمین پر اترے تو ڈالی ڈالی جھوم اٹھی، درخت اور پودے غسل کے بعد نکھر سے گئے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں نے بارش کے بعد سکھ کا سانس لیا۔
ادھر سکھر، شکارپور اور لودھراں میں بھی بادل برسے ہیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 17 اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، مسلم باغ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
حیدرآباد میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی، اس دوران تیز ہوا چلنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں، سائن بورڈ اور بجلی کے پول گر گئے، کوٹری میں بارش کے دوران گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آندھی چلنے اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لاہور پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں متوقع

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری صوبائی دارالحکومت لاہور پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی دبئی سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے اور وہ لاہور میں اپنے قیام کے دوران مختلف سیاستدانوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر کی مسلم لیگ ( ق ) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کا امکان ہے جس میں وہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کے گھر مخدوم ھاؤس 101 بی ماڈل ٹاون لاہور میں ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ تقریب میں سینٹرل و جنوبی پنجاب سے مختلف سیاسی شخصیات پاکستان پیپلز پارٹی میں اپنی شمولیت کا باقاعدہ اعلان کریں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری صوبائی صدور کے ہمراہ میڈیا سے ملکی و سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی کریں گے۔

امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بڑی بہن فوزیہ کی 20 سال بعد ملاقات

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں قید پاکستانی خاتون سائنسدان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ ان کی بڑی بہن فوزیہ صدیقی کی 20 سال بعد ملاقات ہو گئی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان کے مطابق فوزیہ صدیقی نے فورٹ ورتھ کی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ سے 20 سال بعد ملاقات کی جو کہ ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد نے بتایا کہ یہ ملاقات 20 سال بعد ہوئی جو ڈھائی گھنٹے جاری رہی، ڈاکٹر فوزیہ کو عافیہ سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے تک کی اجازت نہیں تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر فوزیہ کو اس بات کی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ ڈاکٹرعافیہ کو اسکے بچوں کی تصاویردکھا سکے، جیل کے ایک کمرے میں درمیان میں موٹا شیشہ لگا تھا اور اس کے آرپار ملاقات تھی۔
انہوں نے بتایا کہ عافیہ سفید سکارف اور خاکی جیل ڈریس میں تھی، ڈھائی گھنٹے کی ملاقات میں پہلے ایک گھنٹہ ڈاکٹرعافیہ نے روز اپنے اوپر گزرنے والی اذیت کی تفصیلات سنائیں اور کہا کہ مجھے اپنی امی ، بچے ہروقت یاد آتے ہیں ( ان کواپنی امی کی وفات کاعلم نہیں ہے )۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹرعافیہ کے سامنے والے دانت جیل میں حملے سے گر چکے/ضائع ہوچکےہیں اور ان کو سر پر ایک چوٹ کی وجہ سے سننے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔
سینیٹرمشتاق احمد کا کہنا تھا کہ اگر چہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن ملاقاتوں اور کا بات چیت کاراستہ کھل گیا ہے، اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام آوازاٹھائیں اور حکمرانوں کو مجبور کریں کہ وہ فوری اقدامات کر کےعافیہ کی رہائی کا معاملہ امریکی حکومت کیساتھ اٹھائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو دوبارہ ملاقات طے ہے اور میں خود بھی ملوں گا۔
کل ڈاکٹرعافیہ سےمیری ڈاکٹرفوزیہ اورکلائیو اسٹافورڈاسمتھ سمیت جیل میں ملاقات ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو بہن سے ملاقات کے لیے امریکا کا ویزا ملا تھا اور وہ سینیٹر مشتاق احمد خان کے ساتھ امریکا گئیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات

لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک، آسٹریلیا تعلقات، دوطرفہ معاملات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنگز نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی اور ملاقات کے دوران جمہوریت کے فروغ و استحکام اور آئین و قانون کی حکمرانی کے حوالے سے تحریک انصاف کے فلسفہ و منشور پر مفصل گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران انسانی حقوق کے عالمی چارٹر، پاکستان میں بنیادی حقوق خصوصاً خواتین اور سیاسی کارکنان کے حقوق کی کیفیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کے معیار، معاشی چیلنجز اور تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری جیسے امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔