All posts by Khabrain News

مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے موقع پر مریم نواز نے کورونا وبا کے دوران آسٹریلیا کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستان کی مدد پر شکریہ ادا کیا جبکہ آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے پر مبارک پیش کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تاریخی شراکت داری رہی ہے، پاکستانی طالب علموں کی تعلیم کیلئے آسٹریلیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، تعلیم، ثقافت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں، آسٹریلیا میں موجود پاکستانی دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کا ایک ذریعہ ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا دوطرفہ تجارت کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث بن سکتا ہے، کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں مشترکہ سرگرمیوں سے نوجوانوں کو بہتر ماحول فراہم ہوسکتا ہے، دونوں ممالک کو تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

میرے خلاف مقدمات جھوٹے اور سیاسی ہیں: عمران خان، جے آئی ٹی کو جواب جمع کروا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جناح ہاؤس حملے کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بجائے ان کے نامزد کردہ نمائندگان پیش ہو گئے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جے آئی ٹی کی تحقیقات میں شمولیت کیلئے باضابطہ تحریری بیان جمع کروایا گیا، عمران خان کے مقرر کردہ نمائندے علی اعجاز بٹر، نعیم حیدر پنجوتھا ایڈووکیٹ نے عمران خان کا تحریری بیان جے آئی ٹی میں جمع کروایا۔
عمران خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے 10 مئی کو درج کیے گئے مقدمے کی تحقیقات میں شمولیت کا نوٹس بھجوایا، نوٹس کل موصول ہوا جس کے جواب کیلئے مہلت نہایت محدود تھی، پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق مجھے آج انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ہائی کورٹ میں پیش ہونا تھا، اس معاملے پر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت پہلے ہی ضمانت دے چکی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مجھے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر رہا کیا گیا ہے، اپنے خلاف بڑی تعداد میں جھوٹے مقدمات کے اندراج کے باوجود تحقیقاتی اداروں سے مکمل تعاون کر رہا ہوں، میرے خلاف مقدمات جھوٹے اور غلط ہیں جن کی وجوہات سراسر سیاسی ہیں، اپنے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود میں اس مقدمے کی تحقیقات کا حصہ بننے کیلئے تیار ہوں۔
انہوں نے جواب میں کہا کہ میں پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم کے طور پر خدمات سرانجام دے چکا ہوں، وزیر آباد میں ایک نہایت خطرناک قاتلانہ حملے کا نشانہ بن چکا ہوں، اپنی سلامتی کو لاحق سنگین خطرات کے باوجود عدالتوں میں پیشی ناگزیر ہے، خطرات اور سکیورٹی کے انتظامات پر اٹھنے والے نجی سرکاری اخراجات کے پیش نظر زمان پارک سے تحقیقات میں شمولیت قابل تحسین ہو گی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ویڈیو لنک یا سوالنامے کے ذریعے تحقیقات میں شمولیت کی راہ میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں، خطرات کی موجودگی میں غیر ضروری نقل و حرکت کی بجائے سوال نامے یا زمان پارک سے بذریعہ ویڈیو لنک تحقیقات میں شمولیت مناسب رہے گی، جے آئی ٹی کی جانب سے نمائندوں کے ذریعے عمران خان کا تحریری جواب قبول کرنے سے انکار کر دیا گیا۔

انصاف کی سب سے بڑی کرسی پر ایسی دونمبری کبھی نہیں دیکھی، اس ملک کی تاریخ میں ایسے ایسے چیف جسٹس گزرے ہیں کہ شاید ان کی نسلیں اپنی ولدیت بتاتے ہوئے شرماتی ہیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیاست دانوں نے ماضی میں بڑی بڑی غلطیاں کی ہیں لیکن انصاف کی کرسی پر اس قسم کی دو نمبری نہیں دیکھی، آڈیو لیکس کمیشن، ایکٹ کے خلاف نوٹس لینے کی روایات قابل فخر نہیں قابل شرم ثابت ہوں گی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کابینہ نے ایک کمیشن بنایا تھا، یہ کمیشن مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے بنایا گیا، انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیشن بنایا، چیف جسٹس سے امید تھی وہ اپنی ذات سے کمیشن کو دور رکھیں گے تاکہ انصاف ہو سکے، برطانیہ میں بیٹھ کر بھی فون کو ہیک کیا جا سکتا ہے، دنیا میں کہیں بھی بیٹھ کر فون کو ہیک کیا جا سکتا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کوئی بھی ڈیوائس ہیک کی جا سکتی ہے، سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے اپنے بیٹے کے کیس سے خود کو الگ کر لیا تھا، چیف جسٹس کو اپنے آپ کو بینچ سے الگ کرنا چاہیے، پروسیجر ایکٹ میں چیف جسٹس کے اختیارات کو وسعت دی گئی ہے، پروسیجر ایکٹ ابھی بنا نہیں اور سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا، ہم چاہتے تھے ون مین شو کا تاثر ختم ہو۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں عدلیہ کے ساتھ تصادم نہ ہو، چیف جسٹس کہتے ہیں پارلیمنٹ عدلیہ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتی، آئین کے مطابق کوئی بھی ادارہ پارلیمنٹ کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، پارلیمنٹ کی کوکھ سے آئین نے جنم لیا ہوا ہے، ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ڈکٹیٹ نہ کریں وہی اصول عدلیہ پر بھی لاگو ہے، یہ صورتحال آئین کیلئے نقصان دہ ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج نوٹس لیا گیا ہے، جرم چھپ کر کریں تو جرم جرم ہی رہتا ہے۔

عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری میں فوج کا قطعاً کوئی کردار نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔
پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فوج یا رینجرز نے گرفتار نہیں کیا تھا، رینجرز نے گرفتاری میں صرف پولیس کی مدد کی، عمران خان فوج پر غلط الزامات لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اب فوجی تنصیبات پر حملے کی توجیح پیش کر رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی لوگوں کو اکسانے اور منظم حملوں کا جواز اور بہانہ تلاش کر رہے ہیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ابھی اتحادیوں سے مشاورت اور بحث و تمحیث شروع نہیں ہوئی، اگر پابندی کی فوری ضرورت پڑی تو اتحادیوں سے مشورہ بھی کر لیا جائے گا، تحریک انصاف پر پابندی کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف مذاکراتی کمیٹی بنانے کے ساتھ متبادل کمیٹی بھی بنا دے، اگر مذاکراتی کمیٹی پی ٹی آئی چھوڑ جائے تو کوئی متبادل انتظام بھی ہونا چاہیے۔
میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ نوازشریف ضرور پاکستان آئیں گے۔

آڈیو لیکس: نجم ثاقب نے تحقیقاتی کمیٹی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نے سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
نجم ثاقب کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق کو بذریعہ سیکرٹری پارلیمانی امور، سپیکرقومی اسمبلی، خصوصی کمیٹی اور سیکرٹری کمیٹی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2 مئی کو سپیکر قومی اسمبلی نے مبینہ آڈیولیکس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کی، آڈیو لیکس پٹیشنر کی پرائیویسی میں مداخلت اور غیرقانونی سرویلنس کا نتیجہ ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی غیرقانونی ہے، انہیں ایسا کرنے کا اختیار نہیں، 25 مئی کو سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا جس میں ذاتی حیثیت میں کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا، کمیٹی کا اجلاس ہوئے بغیر ہی طلبی کا نوٹس بھیج دیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو غیر قانونی قرار دے کر کارروائی معطل کرے اور درخواست پر فیصلہ ہونے تک پٹیشنر کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

آڈیو لیکس کمیشن کیس: حکومت کی چیف جسٹس سمیت 3 ججز کیخلاف درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کمیشن کیس میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
وفاقی حکومت نے نئی درخواست میں استدعا کی ہے کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر آڈیو لیکس کا مقدمہ نہ سنیں، تینوں معزز ججز 5 رکنی لارجر بنچ میں بیٹھنے سے انکار کردیں۔
درخواست میں وفاقی حکومت کی جانب سے آڈیو لیکس کمیشن کیس کی سماعت کیلئے نیا بنچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ 26 مئی کو سماعت کے دوران چیف جسٹس پر اٹھے اعتراض کو پذیرائی نہیں دی گئی، آڈیو لیکس کمیشن کے سامنے ایک آڈیو چیف جسٹس کی خوش دامن سے متعلقہ ہے۔
درخواست کے متن کے مطابق عدالتی فیصلوں اور ججز کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق جج اپنے رشتہ دار کا مقدمہ نہیں سن سکتا، ماضی میں ارسلان افتخار کیس میں چیف جسٹس افتخار چودھری نے اعتراض پر خود کو بنچ سے الگ کر لیا تھا، مبینہ آڈیو لیکس جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر سے بھی متعلقہ ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں آڈیو لیکس کمیشن کیس کی مزید سماعت کل ہونی ہے، سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بنچ نے آڈیو لیکس کمیشن کو کام سے روک رکھا ہے۔

جماعتیں بنانا سب کا حق ہے، میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں، شاہد خاقان عباسی

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے مذاکرات کیلئے ہم نے کہا تھا بات کرلیتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ ملکی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نیب کا ادارہ رہے گا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ اس ملک پر رحم کریں اور نیب کے ادارے کو بند کردیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ، پارلیمنٹ آئین کے مطابق کام کریں۔ تمام ادارے ذمہ داری سے کام کریں تب ہی ملک چلے گا۔ سب کو ذمہ داری سے کام کرنا چاہیے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ عدالتوں میں صرف سیاستدان آرہے ہیں،عدالتوں میں جھوٹے مقدمے موجود ہیں۔ اگر ملٹری کورٹ کا دائرہ اختیار بنتا ہے تو مقدمات چلائے جائیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جماعتیں بنانا سب کا حق ہے، میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ عوام کو ریلیف دیں گے تو ملک چلے گا عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے اگر مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر دوسری جماعت جوائن کی تو وہ ان کے ساتھ ہوں گے۔

اے ٹی سی: جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے۔
عمران خان جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔
عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے، عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے۔
عدالت نے آج عمران خان کو ضامن کے ساتھ خود بھی پیش ہونےکا حکم دیا تھا، عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔
عدالت نے عمران خان کو تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
عمران خان مچلکے جمع کرانے کے بعد عدالت سے روانہ ہو گئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف لاہورکےمختلف تھانوں میں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤکے 3 مقدمات درج ہیں۔
قبل ازیں عمران خان کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں لانے کی اجازت دی گئی، عمران خان کی درخواست پر ایڈمن جج عبہر گل نے اجازت دی۔
علاوہ ازیں عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونے کا امکان ہے، انہیں لاہور ہائی کورٹ میں ظل شاہ کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے ہیں۔

مداحوں کیلئے اگلے سیزن میں کھیلنے کے خواہشمند ہیں، ایم ایس دھونی

لاہور: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سُپر کنگز کی قیادت کرنے والے مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ میری طرف سے مداحوں کیلئے تحفہ ہوگا کہ اگر میں ان کیلئے ایک اور آئی پی ایل کا سیزن کھیلوں۔
آئی پی ایل کا فائنل میچ جیتنے کے بعد میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے اس وقت اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنا آسان اور اچھا ہوگا۔
ایم ایس دھونی کا کہنا تھا کہ یہ سب میری جسمانی صحت پر منحصر ہے لیکن میرے مداحوں کیلئے یہ تحفہ ہوگا اگر میں انکے لیے آئی پی ایل کا ایک اور سیزن کھیلوں۔ اگرچہ میرے لیے یہ آسان نہیں لیکن میرے فینز کیلئے بہترین تحفہ ہوگا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ مجھے جتنا پیار اور جتنی محبت اپنے چاہنے والوں کی جانب سے ملی، اس کا شکریہ کہنا آسان ہوگا جبکہ آئندہ 9 ماہ سخت محنت اور ٹریننگ کرنے کے بعد انکے لیے ایک اور آئی پی ایل کھیلنا مشکل ہوگا۔
خیال رہے کہ ایم ایس دھونی چنئی سپر کنگز کو اپنی قیادت میں 5 مرتبہ ٹائٹل جتوا چکے ہیں۔

9 مئی کے واقعات: پولیس کا سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے گرد گھیرا تنگ

لاہور: (ویب ڈیسک) 9مئی کے پرتشدد واقعات کے مقدمہ میں نامزد تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے گرد پولیس نے گھیرا تنگ کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سابق سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے بڑے بھائی میاں اکرم اقبال کو حراست میں لے لیا گیا ہے، میاں اکرم اقبال کو سمن آباد سے ڈی ایس پی سی آئی اے کینٹ نے حراست میں لیا ہے۔
میاں اکرم اقبال کو گھر میں کیمرے لگوانے کے دوران حراست میں لیا گیا جبکہ میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، میاں اسلم اقبال کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔