All posts by Khabrain News

سوڈان کی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق

خرطوم : (ویب ڈیسک) سوڈان کی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز ( آر ایس ایف ) کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کی فوج اور اس کی حریف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان جنگ بندی میں پانچ دن کی توسیع کا اعلان سعودی عرب اور امریکا کی طرف سے ایک مشترکہ بیان میں کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے مزید انسانی امداد، ضروری خدمات کی بحالی اور ممکنہ طویل مدتی توسیع پر بات چیت کے لیے وقت ملے گا۔
یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب دونوں فریقوں پر متزلزل جنگ بندی میں توسیع کے لیے دباؤ تھا جو پیر کو ختم ہونے والی تھی۔
اپریل کے وسط میں جنرل عبدالفتاح البرہان کی قیادت میں فوج اور آر ایس ایف کے رہنما جنرل محمد حمدان دگالو کے درمیان لڑائی شروع ہونے کے بعد سوڈان افراتفری کا شکار ہے۔
سوڈان کی طبی تنظیموں کے مطابق لڑائی کے دوران کم از کم 866 شہری ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
تنازعہ نے دارالحکومت اور دیگر شہری علاقوں کو جنگ کے میدانوں میں تبدیل کر دیا ہے جس کی وجہ سے تقریباً 1.4 ملین افراد سوڈان کے اندر اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں کی طرف یا پڑوسی ممالک میں جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مطابق مکانات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے جس سے ہزاروں لوگ اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی کا جعلی زرعی ادویات کے سدباب کیلئے کریک ڈاؤن کا حکم

لاہور : (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میں کپاس کی بوائی و پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کو امدادی نرخ پر زرعی ادویات کی فراہمی کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، پنجاب بینک کے”شاندار کپاس پروگرام” کے تحت کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرض دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاٹن کراپ مینجمنٹ کیلئے ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، ینگ ایگریکلچرگریجوایٹس کے ذریعے کاٹن کراپ مینجمنٹ ایڈوائزری سروس شروع کی جائے گی، ملتان میں انٹرنیشنل کاٹن کانفرنس منعقد کی جائے گی، بہاولپور میں 2 لاکھ 8 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر کپاس کی ریکارڈ بوائی مکمل ہوچکی ہے۔
اپٹما نے گزشتہ برس کی نسبت رواں برس زیادہ رقبے پر کپاس کی بوائی پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، ماہرین کا کہنا تھا کہ اچھی فصل کیلئے ڈی اے پی، فاسفیڈ او ریوریا کھادوں کا استعمال ضروری ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کا شتکار کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس اور متعلقہ محکمے جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلامتیاز کارروائی کریں۔
سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری خزانہ، اپٹما کے عہدیدار فواد مختار، انوار غنی، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، محکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال کے کمشنرز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کل ایک قانون نافذ العمل ہوا ہے، جس سے مائنس عمران خان اور پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا آج تحریری جواب دے رہا ہوں، جبکہ میں یہ بتاچکا ہوں القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھا، کیونکہ شہزاد اکبر سے میری کبھی بھی بات چیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ میرے سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے، لیکن 13 پارٹیوں کا ٹولہ اسے اپنا سیاسی بیانیہ نہ بنائے، ایک مہینے سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور ہمارے گندے کپڑے میڈیا پر دھوئے جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کیلئے قانون سازی نہیں ہو سکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، نوازشریف بھی آ جائے تاکہ روز روز کی چک چک ختم ہو، نوازشریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔
میرےسمیت ساری قوم9مئی کےواقعات کی مذمت کرتی ہے لیکن13پارٹیوں کاٹولہ اسےاپنا سیاسی بیانہ نہ بنائےایک مہینےسےدنیامیں ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہےاورہمارےگندےکپڑےمیڈیاپردھوئےجارہےہیں سپریم کورٹ کہتی ہےکہ چندلوگوں کےلیےقانون سازی نہیں ہوسکتی دیکھیں یکم جون کوسپریم کورٹ کیافیصلہ کرتی ہے
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ جب ڈالر 312روپے کا ہوگا اور 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں، جنہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔

احتساب عدالت نے شاہد خاقان کیخلاف پی ایس او ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔
احتساب عدالت کراچی میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت سے ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے ریفرنس ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔
درخواست ریفرنس کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کے جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب عدالت کا سماعت کا اختیار نہیں۔
خیال رہے کہ نیب ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او شیخ عمران الحق، سابق وفاقی سیکرٹری ارشد مرزا اور ستاریعقوب شامل تھے، شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ریفرنس 2020 دائر کیا گیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سند یافتہ جھوٹا قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سند یافتہ جھوٹا قرار دے دیا۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ سند یافتہ جھوٹا سانحہ 9 مئی پر عوامی ردعمل پر مظلوم بننے کا نیا جھوٹ گھڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جس نے انصاف کی متلاشی طیبہ گل کو اغوا کیا تھا، دنیا کو گمراہ کرنے کا یہ اوچھا ہتھکنڈا بھی سائفر اور دیگر ڈراموں کی طرح فلاپ ہو گا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا نہ کرو، ثبوت دو، ورنہ زبان بند کرو، یہ بڑا سنگین الزام ہے جسے ہم کسی صورت نہ برداشت کر سکتے ہیں، نہ کریں گے۔

متنازع ٹوئٹ کیس: اعظم سواتی پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے متنازع ٹوئٹ کیس میں اعظم سواتی پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔
اسلام آباد کے سپیشل جج سینٹرل نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف متناع ٹوئٹ کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے سابق وفاقی وزیر کی عدم حاضری پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے اعظم سواتی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ وارنٹ کی تعمیل کی کارروائی کی گئی ہے لیکن وارنٹ کی تعمیل کے وقت اعظم سواتی اپنے گھر میں موجود نہیں تھے۔
اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرا اعظم سواتی سے رابطہ نہیں ہو سکا، تفتیشی افسر وارنٹ کی تعمیل کے لیے کہاں گئے، کیسے تعمیل کروائی؟
بعد ازاں سپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے وارنٹ کی تعمیل کروانے والے اہلکار کو طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ:نوازشریف کی بطور پارٹی صدر بحالی کی درخواست ناقابل سماعت قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بطور پارٹی صدر بحالی کے لئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر علی نجفی نے مقامی وکیل آفاق احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار آفاق احمد ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ جو وقوعہ نوازشریف کے ساتھ تھا اب عمران خان کے ساتھ ہے۔
عدالت نے درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی استدعا پڑھیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ نوازشریف کو پارٹی صدر کے عہدے پر بحال کیا جائے، جبکہ عمران خان، شیخ رشید اور سراج الحق صادق اور آمین نہیں رہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے اور الیکشن کمیشن کو ریکارڈ کی درستگی کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو 2 کیسز میں نااہل کیا تھا، آپ کو سپریم کورٹ سے ریلیف مل سکتا ہے، نوازشریف کو عہدے پر بحالی کا حکم سپریم کورٹ جاری کر سکتی ہے۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
یاد رہے گزشتہ روز نواز شریف کی پارٹی صدارت پر بحالی کے لئے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا تھا۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا، درخواست گزار سپریم کورٹ رجوع کرے، لاہور ہائیکورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے یہاں سماعت نہیں ہوسکتی۔

سیشن کورٹ: عمران خان کیخلاف اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست دائر

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم کے خلاف ایک اور مقدمہ کے اندراج کی درخواست دائر کر دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درخواست سابق سپرنٹنڈنٹ کاشانہ افشاں لطیف کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کے بطور ریاست کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے لاوارث اور یتیم بچیاں انکی امانت تھیں، عمران خان نے لاوارث اور یتیم بچیوں کے فنڈز اور بجٹ روکنے پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔
درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان نے یتیم اور لاوارث بچیوں کا بجٹ اور فنڈز روکے، عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لئے متعدد بار رجوع کیا۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت عمران خان کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

پی آئی اے کا بوئنگ 777 واجبات کی عدم ادائیگی پر ملائیشیا میں روک لیا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی فضائی کمپنی کے بوئنگ طیارے کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملائیشیا میں روک لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ایئرپورٹ پر روکا گیا، بی ایم ایچ رجسٹریشن نمبر کے حامل طیارے کو ایئرپورٹ انتظامیہ نے دوسری بار روکا ہے، طیارہ مقامی عدالت کے احکامات پر 4 ملین ڈالرز واجبات وصولی کے لئے روکا گیا۔
پی آئی اے کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ملائیشین کمپنی سے لیز پر ایک طیارہ حاصل کیا گیا تھا، لیز رقم کی عدم ادائیگی پر متعلقہ کمپنی نے واجبات وصولی کیلئے مقامی عدالت حکمنامہ حاصل کیا تھا۔
عدالتی احکامات پر کچھ عرصہ قبل بھی اس بوئنگ طیارے کی ضبطگی کی کارروائی کوالالمپور ایئرپورٹ پر کی گئی تھی، بعد ازاں سفارتی چینل کے ذریعے واجبات ادائیگی کی یقین دہانی پر طیارے کو روانگی کی اجازت دی گئی تھی۔
اس کے بعد ایک بار پھر 4 ملین ڈالرز کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے پرواز پر مشتمل طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا، پرواز پر پائلٹ، معاون پائلٹ کے علاوہ 10 فضائی میزبان تعینات ہیں۔
مسافروں کی وطن واپسی کے لئے پی آئی اے نے پی ایچ ایکس رجسٹریشن کا بوئنگ 777 متبادل طیارہ روانہ کیا ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔
صوبے کے اضلاع ژوب، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، کوہلو ڈیرہ بگٹی اور دیگر شہروں میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔
اسی کے ساتھ دریائے ژوب کے سیلابی ریلے میں پھنسی گاڑی کو لیویز نے ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا جب کہ کوہلو میں بارش کے بعد بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔
ادھر راجن پور،کوہلو، نصیرآباد، جعفرآباد اور ہرنائی میں بھی بارش ہوئی جس سے ہرنائی پنجاب شاہراہ بند ہوگئی۔
محکمہ موسمیات نے آج پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی اور مشرقی سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔