All posts by Khabrain News

یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی طاقت بنے 25 برس مکمل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی جوہری طاقت بننے کے 25 سال مکمل ہو گئے، پورے ملک میں آج یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
28 مئی 1998 کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا، بلوچستان کے پہاڑوں سے پاکستان کی عظمت کا اعلان ہوا تو دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے ۔
چاغی کے پہاڑوں پر اللہ و اکبر کا نعرہ بلند ہوا جسے پوری دنیا میں سنا گیا، وطن عزیر پر حملہ کی خواہش لیے بھارتی حکومت کو جیسے سانپ سونگھ گیا۔
پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے نہ صرف ملکی سرحدیں محفوظ ہوئیں بلکہ دشمن کا تکبر بھی خاک میں مل کر رہ گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے دنیا بھر کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر اس وقت کی حکومت نے ملک کو ایٹمی قوت سے ہمکنار کرنے کیلئے دباؤ اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کی۔
علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام آج لبرٹی چوک میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز خطاب کریں گی، تقریب شام سات بجے ہوگی، آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی یوم تکبیر آج منایا جا رہا ہے۔
ہر سال یوم تکبیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں بھی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، اس دن خاص طور پر وطن عزیز کے دفاع کو مضبوط کرنے کیلئے قربانیاں دینے والے عظیم شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
جذبہ ایمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے سرشار پاک فوج آج ہی کے دن ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ہوگئی تھی، جو اب دشمن کی ہر جارحیت اور خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

محمد نواز شریف نے جدید پاکستان کی بنیاد رکھی، خواجہ سعد رفیق

گجرات:(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جدید پاکستان کی بنیاد مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے رکھی۔
کوٹلہ ارب علی خاں میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی ہمیں مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی ، مسلم لیگ ن نے نوجوانوں کیلئے ہمیشہ ایسے اقدامات کئے جس سے انہیں آگے بڑھنے کا موقع میسر ہوا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف وہ پہلے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے وزراء کے کوٹے ختم کئے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سرکاری محکموں کے اندر میرٹ پر ملازمتوں کا نظام رائج کیا ، موبائل فون کی پاکستان میں ٹیکنالوجی لانا نوازشریف کا کارنامہ ہے، موبائل ٹیکنالوجی کی انفارمیشن کی بدولت پاکستان کا امیج دنیا بھر میں پھیلا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے یونیورسٹی، کالجز، سکولز، پارک قائم کر کے نوجوان نسل کی ترقی کے راستے بنائے، جب سیاسی کارکن پکڑے جاتے ہیں تو ہمیں اچھا نہیں لگتا، ہم بھی سیاسی کارکن ہیں، عمران خان کو اس کے تکبر،غلط فہمی اور دماغی خناس نے آج اس مقام پر لا کھڑا کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج عمران خان کا کوئی ساتھ دینے والا نہیں ہے، اس نے حرکتیں ہی ایسی کی ہیں، عمران خان نے لوگوں کو گمراہ کیا، تاریخ گواہ ہے، نوجوانوں میں بدگمانیاں پیدا کیں، مخالفین کی غلطی ہے تو آپ کو حق ہے آپ تنقید کریں، آپ جھوٹے الزامات نہیں لگا سکتے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی خاتون خانہ عدالتوں میں جا رہی ہے، پہلے مخالفین کی خواتین کو عدالتوں میں بلواتے تھے وہ اچھا تھا کیا؟ آپ کو زیب دیتا تھا؟

عمران خان سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ، منصوبہ بندی زمان پارک میں ہوئی: مریم نواز

وہاڑی:(ویب ڈیسک) مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کے سانحے پر دل خون کےآنسو روتا ہے، حقیقی آزادی لینے والے آج دوڑیں لگارہےہیں۔
وہاڑی میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نومئی کے سانحے پر دل خون کےآنسو روتا ہے، آج کا اجتماع شہیدوں اور ان ماؤں کے نام کرتی ہوں جن کےبیٹوں نےقربانی دی، شہیدوں بارے بات کرتے ہوئے جذباتی ہوجاتی ہوں، شہید صرف فوج یا کسی ادارے کےنہیں پاکستان کےہوتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ کتنا بدنصیب شخص ہوگا جس نے گھٹیا ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر شہدا کی یادگاروں کوآگ لگادی، کیا اتنی بڑی غداری کوئی اپنے ملک کےساتھ کرسکتا ہے، قرآن کہتا ہےشہید زندہ ہوتےہیں، کیا شہیدوں کےساتھ یہ سلوک منظورہے؟۔
مریم نواز نے کہا کہ 9مئی کویہ سب کچھ اچانک نہیں ہوا، دہشت گردی کا منصوبہ زمان پارک کے اندر بنا تھا، ماسٹرمائنڈ توشہ خانہ کا چور تھا، 60ارب کا ڈاکہ مارنےوالا چورتھا، ایسا حملہ توبھارت بھی نہیں کرسکتا، جو دشمن،دہشت گرد نہ کرسکے وہ عمران نے کرکے دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح تخریب کار،دہشت گرد ٹارگٹڈ، خودکش تیار کرتے ہیں اسی طرح پلان کیا گیا، کورکمانڈر ہاؤس کے سامنے دی مال آف لاہوربھی آتا ہےوہاں شیشہ بھی نا ٹوٹا، سیدھے کور کمانڈر ہاؤس جاکرحملہ کیا گیا،ایک،ایک ٹارگٹ سیٹ کیا ہوا تھا، عمران نے بتایا ہوا تھا جب گرفتار ہوا تم نے ادھر جانا ہے۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھی جنرل باجوہ، جنرل فیض کےخلاف اسٹینڈ لیا تھا،نوازشریف اس مٹی کا بیٹا ہے اس نے کہا باجوہ،فیض کوجواب دینا پڑےگا، یہ بات نوازشریف نے2019-20میں کہی تھی، حملے کا مقصد فوج کوجھکانا اورپرتشدد لہر کو جنم دینا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ قوم جواب مانگتی ہے، جب کوئٹہ سےجتھا نکلتا ہے سیدھا چھاؤنی کا رخ کرتا ہے، میانوالی میں عمران کے شرپسندوں نے طیاروں کونشانہ بنایا، یہ طیارے ہمارا فخر تھے، اس طیارے پرحملہ کیوں نہیں کرتے جس کوعمران خان نے رکشے کی طرح چلایا۔
خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ بھی بتا دوں 9 مئی کے واقعات میں عمران اکیلا نہیں سہولت کار بھی شامل تھے، کھلےعام کہتی ہوں یہ پاکستان کی فوج کےخلاف مسلح بغاوت تھی، اس کا سرغنہ عمران خان ہے، سیاست دان نہیں صرف چور،ڈاکو جیل جانے سے ڈرتا ہے، پی ٹی آئی والےجہاں سےآئےوہیں چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیرکواس نےکرپشن کی نشاندہی کرنے پر ہٹایا تھا، جنرل فیض کو یہ لیکرآیا تھا، اس نےنئےڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کوروکا، جب جنرل عاصم منیرکی باری آئی تو کہا گیا کہ نوازشریف کو نیا آرمی چیف مقررنہیں کرنے دوں گا، یہ 25 مئی کولانگ مارچ لیکراسلام آباد آیا، لانگ مارچ کا مقصد عاصم منیرکوآرمی چیف بننے سے روکنا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کبھی کہتا تھا نوازشریف کےکمرےکا ای سی اتروادوں گا، نوازشریف کوچھوڑوں گا نہیں آج پوری دنیا کے لیے عبرت کی تصویربنا بیٹھا ہے، نوازشریف نےآسمان کی طرف دیکھ کرکہا تھا معاملہ اللہ پرچھوڑتا ہوں،کل اس نےعدالت کولکھ کردیا مریم انتقام لےرہی ہیں، مریم انتقام نہیں لے رہی، مریم نے اپنے باپ کا جومشن کا جھنڈا اٹھایا تھا گرنےنہیں دیا، الحمداللہ اپنےباپ کا سرفخرسےبلند کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مٹی کی خاطرجیل جانا تودورجان بھی قربان کردیں گے، میں جیل کودیکھ کربالٹی رکھ کردوڑی نہیں، جتنے بھی کانٹےآئے پھولوں کا ہارسمجھ کر پہنا، نوازشریف اوراس کی بیٹی انتقام پر یقین نہیں رکھتی، ہم مکافات عمل پرضروریقین رکھتے ہیں، اس نےتکبرمیں سوچا اسمبلیاں توڑدوں گا بازی پلٹ جائے گی، لانگ مارچ لیکرآؤں گا توبازی پلٹ جائےگی، فوج پرحملہ کروں گا توبازی پلٹ جائے گی، حقیقی آزادی لینے والے آج دوڑیں لگارہےہیں۔

سابق پی ٹی آئی ایم این اے شیخ خرم شہزاد کا پارٹی سے علیحدگی کا اعلان

فیصل آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد نے پارٹی سے باقاعدہ علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق پی ٹی آئی ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے کہا کہ 11 سال پہلے سیاست شروع کی، 2013ء میں ایم پی اے اور 2018ء میں ممبر قومی اسمبلی بنا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا، بہت افسوسناک ہے، شیخ خرم شہزاد پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ورکرز کا عہدہ چھوڑنے کا بھی اعلان کرتا ہوں، پارٹی چھوڑنے کیلئے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، آئندہ کی سیاست کا فیصلہ دوستوں سے مشاورت کے بعد کروں گا، پاک فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، ملک سے باہر نہیں جا رہا۔

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان پر جعلسازی کا مقدمہ درج

لاہور:(ویب ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی بہن عظمیٰ خان پر جعل سازی کا مقدمہ درج کر لیا۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے عظمیٰ خان پر ڈیرہ غازی خان کے تھانے میں جعلسازی کا مقدمہ درج کیا، عظمیٰ خان پر مقدمہ 5261 کنال زمین دھوکہ دہی سے کم قیمت پر خریدنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 6 ارب روپے مالیت کی زمین جعلسازی سے 13 کروڑ روپے میں خریدی گئی، عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد خان نے عثمان بزدار کے ساتھ مل کر 500 کنال اراضی پر قبضہ حاصل کیا۔
متاثرین نے مقدمہ کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانہ میں درخواستیں دے رکھی تھیں، عظمیٰ خان نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اعلان کے بعد گریٹر تھل کینال کے نام سے اربوں کی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی۔

سیاسی قیدیوں سے ناروا سلوک بند کیا جائے، ایسے پی ٹی آئی ختم نہیں ہوگی، فرخ حبیب

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک بند کیا جائے، آپ کے ان اقدامات سے تحریک انصاف ختم نہیں ہو گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا حکومت گرائی تو معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، شہباز شریف نے اقتدار میں آتے ہی 16 ارب کا کیس ختم کرایا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیس تھا، ملک لوٹنے والے باعزت بری ہو گئے، یہ ان کی گزشتہ ایک سال کی ترجیحات رہیں، عمران خان کے خلاف 150 سے زائد مقدمات بنائے گئے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ آپ اس طرح کے اقدامات سے لوگوں کے اندر غم و غصہ بڑھا رہے ہیں، تحریک انصاف ایم کیو ایم نہیں عوامی جماعت ہے، ہم ملک میں نئے انتخابات کی طرف پیشرفت چاہتے ہیں، امید کرتا ہوں ہماری بات کو ٹھنڈے دماغ سے سنا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ٹھنڈے دل سے سوچ کر انتخابات کی طرف پیشرفت کی جائے، حق حکمرانی عوام کو منتقل کریں وہ فیصلے کرے، جو جنگ آپ لڑ رہے ہیں اس سے کوئی فاتح نہیں ہوگا، نقصان عوام کا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، گزشتہ ایک سال میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے، عمران خان کے دورمیں معیشت بہتری کی جانب گامزن تھی، پی ٹی آئی کے دورمیں کنسٹرکشن انڈسٹریز تیزی سے ترقی کر رہی تھی۔

عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں منشیات نکلیں، عبدالقادر پٹیل

کراچی:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں منشیات نکلیں، پی ٹی آئی چیئرمین کی دماغی حالت پر بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان گرفتارہوا، پمز ہسپتال بھجوایا گیا وہاں ان کا میڈیکل بھی ہوا،یہ موصوف 5، 6 ماہ پلستر لگا کر گھومتے رہے، پلستر پر سیاست الگ کی گئی،عمران خان کی کسی رپورٹ میں فریکچر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی رپورٹ کا مرحلہ نہیں آیا تھا لیکن انہیں عدالت سےمثالی انصاف مل گیا، میڈیکل رپورٹ پوری طرح منظرعام پر نہیں آسکی تھی، عمران خان کا یورین سیپمل بھی لیا گیا، عبدالقادر پٹیل نے الزام لگایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شراب، کوکین کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق دماغی حالت ٹھیک نہیں، رپورٹ کے مطابق عمران خان کی ذہنی صحت پر بھی سوالیہ نشان ہیں، عمران خان کی رپورٹ میں کسی قسم کے فریکچر کا ذکر نہیں، میں نے کہا تھا جب پکڑے جائیں گے تو میڈیکل رپورٹس بھی بنیں گی۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کتنے فیصد کوکین، کتنے فیصد شراب تھی مکمل رپورٹ کے بعد اسے بھی شیئر کیا جائے گا، جب یہ وزیراعظم تھا میں تب بھی کہتا تھا کہ یہ دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہے اس کو میوزیم میں رکھو۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو عید کی رات 12 بجے گرفتار کیا گیا، فریال تالپور کو ڈاکٹرز نے اَن فٹ قرار دیا لیکن ان کو چاند رات کو گرفتار کیا، آصف زرداری بیمار تھے ان کو گرفتار کیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ریمانڈ کے طور پر آپ کو ضمانت ملی لیکن جو چیز ریکارڈ پر ہے، عمران کو ایسا انصاف ملا کہ اگلے، پچھلے سارے گناہ معاف ہو جائیں، ڈیم والے جج نے اس کو صادق اور امین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بھی اداروں کی پالیسیوں سے اختلاف رہا، جب ملک پر بُرا وقت آیا تو ہم افواج کے ساتھ کھڑے ہوئے، ہم شہدا کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے، عمران خان اپنےجھوٹ کو سچ کہتا ہے اور دوسروں کو منوانے کی کوشش کرتا ہے۔
قادر پٹیل نے کہا کہ جب سے عمران خان حکومت سے نکالا گیا اس نے نوجوانوں کو بھی غلط راستے پر لگایا، اپنے بچوں کو اس کے حوالے نہیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیا ہوا، ہم نے75سالوں میں ایسے حالات نہیں دیکھے، اس نے ملکی استحکام کی ریڈ لائن بھی عبور کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹروں کی تجاویز پر پلستر چڑھایا گیا ان ڈاکٹروں کی تحقیقات کرائیں گے، ذہنی مریضوں کے لیے ہم نے 1122 سروس شروع کر دی ہے۔

خانپور ہزارہ: موٹرسائیکل اور ٹرک میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق

خانپورہزارہ:(ویب ڈیسک) موٹرساٸیکل اور ٹرک میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
افسوسناک واقعہ ٹرک ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، موٹرسائیکل سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں کو ٹراما سنٹر ہری پور منتقل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متوفیان کشمیر کے رہاٸشی تھے، ٹرک ڈراٸیور کوتحویل میں لے کر قانونی کارواٸی کاآغاز کردیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ چھوڑی تو میں بھی چھوڑ دوں گا، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اگر مسلم لیگ کو چھوڑ دیا تو میں بھی چھوڑ دوں گا۔
کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلٹس کے وفد سے ملاقات کے موقع پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیاسی مستقبل کا فیصلہ شاہد خاقان عباسی کے فیصلے سے منسلک ہے، شاہد خاقان عباسی جس جماعت میں ہوں گے میں بھی اسی کا حصہ بنوں گا، شاہد خاقان عباسی ایک سمجھدار انسان ہیں، غلط فیصلے نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کرنا ہوگا، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ ڈیفالٹ کا ہے، آئی ایم ایف پروگرام نہ ہونے پر اکتوبر، نومبر تک ڈیفالٹ کے خدشات ہیں، روپے کی قدر کو ڈی ویلیو ہونے دیں اس کو نہ روکیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بروقت فیصلے نہ ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت گرداب میں پھنس گئی ہے، حکومتی کارکردگی پر بات کرنے پر پہلے مسلم لیگ سے روکا گیا ہے، نگران سیٹ کے حوالے سے میرے بارے میں پھیلائی جانے والی باتیں میں بھی سن رہا ہوں، نگران سیٹ اپ کیلئے کوئی آفر نہیں دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کے فورمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی:(ویب ڈیسک) شہر قائد کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے کےفور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
کےفور منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا تمام تقاریر کے بعد کیا اضافہ کروں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم نے بڑی میٹھی باتیں کیں بہت خوشی ہوئی، چھوٹے بھائی بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت گزشتہ ایک سال سے اتحاد سے چل رہی ہے، اگر حکومت میں اتحاد نہ ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، اتحاد سے ہی ہم نے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جان بوجھ کر سیاسی افراتفری پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، پارلیمان نے اتحاد سے ان سازشوں کو دفن کر دیا، اس سازش کے تانے بانے سمندر پار ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سیاسی افراتفری کی وجہ سے پاکستان معاشی لحاظ سے ترقی نہ کر سکا، بلاول بھٹو نے جو الفاظ میرے لیے کہے شکر گزار ہوں، یقین دلاتا ہوں ہم مل کر مسائل کو حل اور کشتی کو کنارے لگائیں گے، مشکلات اور چیلنجز ہیں لیکن ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مہنگائی سمیت تمام مسائل کوحل کریں گے، پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے پر سیاست انتہائی افسوس ناک بات ہے، کے فور منصوبے کو سرد خانے کی نذر کیا گیا ، 2018ء میں چور، ڈاکو کی گردان شروع ہوئی، سابق وزیراعظم کو کے فور منصوبے کی کوئی فکر نہیں تھی، سابق وزیراعظم کی ہرمنصوبے میں فتنہ پر مبنی سوچ تھی، سابق وزیراعظم نے اچھے انداز میں گفتگو کرنا سیکھا نہیں تھا، چار سال چور، ڈاکو کا نعرہ لگانے والا کرپشن کیس میں پکڑا گیا تو جلاؤ، گھیراؤ شروع کر دیا، یہ کہاں کی سیاست ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بڑے حادثے ہوئے لیکن کبھی سیاسی جماعت کے لیڈر نے نہیں کہا فوجی تنصیبات کو جلا دو، سابق وزیراعظم نے اس منصوبے کو بدنیتی کی بنیاد پر موخر کیا تھا، ہم اس منصوبے کو فوری مکمل کروائیں گے، کے فور کو مکمل کرانے کے لیے بھرپور کوششں کریں گے، یقین دلاتا ہوں یہ منصوبہ میرے لیےتمام منصوبوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صاف پانی آپ سب کا حق ہے، بلاول بھٹو بھی ٹینکر سے پانی پیتے ہیں، کراچی سب سے زیادہ کمائی کرنے والا شہر ہے، کراچی جیسے شہر میں پینے کے پانی پر سیاست کسی صورت جائز نہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ظلم کیا تو یہ کریمنل ایکٹ ہے، کے فور منصوبے کے لیے فنڈز بجٹ میں نمبرون ترجیح ہو گی۔
مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کےفور منصوبے سے صنعتوں کی پانی کی طلب پوری ہونے سے پاکستان کی معاشی ترقی ہو گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اس منصوبے کی بروقت تکمیل کوخاص اہمیت دے رہی ہیں، کےفور منصوبے سے کراچی کو پہلے مرحلے میں روزانہ 260 ملین گیلن پانی کی سپلائی میسر ہو گی، کراچی شہرمیں 1200 ملین گیلن یومیہ پانی کی طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 260 ایم جی ڈٰکی صلاحیت کے ساتھ K-IV فیز -I کو واپڈا کے ذریعے 2025 میں مکمل کیا جائے گا، کےفور منصوبے کی اہم سرگرمیوں کےحوالے سے رقم کی آمد کے مسائل کا سامنا ہے، کےفور مکمل تب ہو گا جب تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے فنڈز کی روانی کو یقینی بنایا جائے، وفاقی حکومت نے PSDP سے 113 ارب روپے فراہم کیے ہیں.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کے فور منصوبے میں تاخیر کے باعث لاگت میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے، کے فور K-IV کراچی شہر جو منی پاکستان ہے اس کیلئے بہت بڑا ریلیف لائے گا، کراچی میں دومختلف مقامات پر پائلٹ بنیادوں پر سی واٹر ریورس اوسموس(SWRO) پلانٹس لگائے جا رہے ہیں.
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت PSDP-2023-24 کی مد میں ان دوپلانٹس کیلئے فنڈز جاری کرے، وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست ہے کہ پلاننگ ڈویژن کو خاص ہدایات جاری کریں۔