All posts by Khabrain News

فردوس عاشق اعوان کا بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) کئی رہنماؤں کے علیحدہ ہونے کے بعد اب فردوس عاشق اعوان کا بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق فردوس عاشق اعوان آج پریس کانفرنس کریں گی جس میں وہ تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرسکتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما جمشید اقبال چیمہ، مسرت چیمہ اور ملیکہ بخاری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، جناح ہاؤس حملے کا کوئی پلان نہیں تھا، 9 مئی کو گھیراؤ جلاؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر کوئی دباؤ نہیں، رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانیے کو نہ روکنا ہمارا بھی قصور ہے، ہم اس حوالے سے اپنی ناکامی تسلیم کرتے ہیں۔
جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے برے لمحات میں 9 مئی کا ایک دن ہے، عمران خان کی گرفتاری ہوئی جناح ہاؤس کے باہر ہم پہنچے، ہم نے احتجاج کرنا تھا لیکن لوگ جناح ہاؤس کے اندر داخل ہو گئے، میں 6 بجے وہاں سے نکل گیا تھا، میری لوکیشن چیک کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات سے شرمندگی ہوئی، اس عمل سے جمہوریت کو بھی نقصان ہوا ہے، 9 مئی کو پُرامن احتجاج نہیں کیا گیا نہ ہی مظاہرین کو کنٹرول کیا گیا، احتجاج ہمیشہ پُرامن ہونا چاہیے۔
دوسری جانب تحریک انصاف بھی پارٹی سے الگ ہونے والوں کے خلاف سرگرم ہوگئی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے مرکزی قیادت کے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کردی۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی واٹس ایپ گروپ سے عامر کیانی، امین اسلم، شیریں مزاری اور اسد عمر لیفٹ کر گئے جبکہ فواد چوہدری کو کور کمیٹی گروپ سے ہٹادیا گیا۔

مریم نواز آج وہاڑی سے تنظیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کریں گی

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج سے تنظیمی دوروں کا دوبارہ آغاز کریں گی۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر آج لاہور سے وہاڑی کے لیے روانہ ہوں گی، اس سے پہلے مریم نواز پنجاب اورجنوبی پنجاب کے شہروں کے دورے کر چکی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خاں اور سینئر رہنما پرویز رشید بھی ساتھ ہوں گے، مریم نواز وہاڑی میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کریں گی۔
ذرائع کے مطابق تنظیمی کنونشن میں نئے عہدیداران بھی شامل ہوں گے، پارٹی کے مقامی عہدیداروں کا تنظیمی اجلاس بھی منعقد ہوگا۔
مریم نواز کی صدارت میں موجودہ تنظیمی ڈھانچے کا جائزہ لیا جائے گا، پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس میں تنظیمی امور پر غور ہوگا۔

پھولنگر : مرغیوں سے بھرا مزدا ٹرک سے جاٹکرایا ، 2افراد جاں بحق

پھولنگر: (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضلع قصور کے شہر پھولنگر میں افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق نتھے خالصہ سٹاپ پھولنگر کے قریب مرغیوں سے بھرا مزدا ڈالا تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ حادثے کی اطلاع ملنےپر ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ۔

امن مشن کی 75 ویں سالگرہ : اقوام متحدہ کا شہدائے پاکستان کیلئے اعزازات کا اعلان

نیویارک: (ویب ڈیسک) امن مشن کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اقوام متحدہ نے شہدائے پاکستان کیلئے اعزازات کا اعلان کر دیا۔ امن مشن کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل اسمبلی ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، امن مشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے 8 پاکستانی شہدا کو اعزاز سے نوازا گیا۔ پاکستان کے نمائندے محمد عامر خان اور کرنل افضال احمد نے شہدا کے میڈلز وصول کئے۔ 8 شہدا میں 6 وہ شہید بھی شامل ہیں جنہوں نے 29 مارچ 2022 کو ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں اقوام متحدہ کے سٹیبلائزیشن مشن کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے کے دوران شہادت قبول کی۔ ان شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان، میجر فیضان علی، میجر سعد نعمانی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل اور لانس حوالدار محمد جمیل خان شامل ہیں۔ حوالدار بابر صدیق اور نائیک رانا محمد طاہر اسلام نے سنٹرل افریقن ریپبلک میں اقوام متحدہ کے کثیر جہتی انٹیگریٹڈ سٹیبلائزیشن مشن کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات: خفیہ اداروں، پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس آج طلب

پشاور: (ویب ڈیسک) جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد واقعات کے بعد رپوش پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور شرپسند مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کے لئے خفیہ اداروں اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں 9 اور 10 مئی کو پشاور اور دیگر مقامات پر قومی املاک کو جلانے اور توڑ پھوڑ میں رپوش شرپسند مظاہرین اور تحریک انصاف کی صوبائی قیادت اور دیگر عہدیداروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کے لیے سکیورٹی اداروں اور پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سکیورٹی ایجنسیوں کے احکام بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں رپوش پی ٹی آئی قیادت کے خلاف کارروائی کی منظوری بھی لی جائے گی۔ پرتشدد مظاہرین اور پی ٹی آئی قیادت 10 مئی کے بعد سے روپوش ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ چھاپوں کے لیے پولیس اور فورسز کی مشترکہ ٹیمیں بنائی جائیں گی، جلاؤ گھیراؤ کے احکامات دینے والے سابق اراکین اسمبلی و مقامی قائدین کا کھوج لگا کر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

سندھ میں آئندہ ماہ شدید ہیٹ ویو کے خدشات سے بچاؤ کیلئے ایکشن پلان تیار

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت سندھ نے جون کے مہینے میں ہیٹ ویو کے خدشات سے بچاؤ کے لیے ایکشن پلان تیار کر لیا۔ نوٹیفکیشن میں صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی درجہ حرارت پر بہت سے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں سامنے آرہے ہیں۔ موسمیاتی ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک گرمی کی لہروں کی صورت میں شدید متاثر ہوں گے، جس سے ہمارے ملک کے شہری مراکز میں انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے اور صوبہ سندھ اپنی منفرد ٹپوگرافی کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کا سامنا کر رہا ہے۔ گرمی اور نمی کا امتزاج انسانی جسم کے درجہ حرارت سے زیادہ ہے جو ہیٹ سٹروک کا باعث بن سکتا ہے، گرمی کی لہروں کی صورتحال بنیادی طور پر شہری اور دیہی مراکز میں ہیٹ سٹروک کا سبب بن سکتی ہے، جس کے وجہ سے مزدور بشمول تعمیراتی مقامات پر کام کرنے والے، آؤٹ ڈور ورکرز، کسان، پولیس اہلکار یا سکیورٹی عملہ، زیادہ درجہ حرارت پر کام کرنے والے صنعتی کارکنان، گھر گھر جا کر اشیاء فروخت کرنے والے، سیلز مین، بس، رکشہ یا آٹو ڈرائیور، مسافر یا گداگر یا بے گھر افراد، منشیات کے عادی افراد، بچے اور بزرگ شہریوں کو ہائی رسک گروپس کہا گیا ہے جن کو ہیٹ سٹروک سے نقصان کے خدشات زیادہ ہیں۔ نوٹیفکیشن میں احکامات دیئے گئے ہیں کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پورے صوبے میں ریلیف اور صحت کی خدمات کی فراہمی کے لیے قائدانہ کردار ادا کریں گے، صوبے کے تمام اضلاع اور شہروں میں ہیٹ ویو ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیے جائیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلعی سطح پر صحت کے نظام کی قیادت کرے گا، متعلقہ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اس عمل کی قیادت کریں گے، بیسک ہیلتھ یونیٹیز کا میڈیکل آفیسر انچارج یو سی یا مراکز صحت میں طبی سرگرمیوں کی قیادت کریں گے، تمام سیکنڈری اور پرائمری ہیلتھ میں ہنگامی خدمات کا الرٹ بھی جاری کردیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا جبکہ ضروری ادویات تمام مراکز صحت میں 24 گھنٹے دستیاب کی جائیں گی۔ ریسکیو 1122 ایمبولینس کی خدمات ضلع، ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں دستیاب کی جائیں گی تاکہ مریضوں کی موقع پر صحت کی مناسب سہولیات تک رسائی کو ممکن بنایا جاسکے۔

پرویز الٰہی کی ممکنہ گرفتاری، پولیس کی بھاری نفری ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئی

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ممکنہ گرفتاری کے سلسلہ میں پولیس کی بھاری نفری ظہور الٰہی روڈ پہنچ گئی۔
چودھری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے، پرویز الٰہی کے گھر سے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
بتایا گیا ہے کہ ایس پی عمارہ شیرازی بھی پولیس نفری کے ساتھ ظہور الٰہی روڈ پر موجود ہیں، چودھری پرویز الٰہی کے وکلا بھی ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس: کشمیریوں کا مقدمہ احسن انداز میں لڑا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو

لاہور:(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان میں امن سے خطے کو فائدہ ہوگا ، افغانستان ترقی کرے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ جی 20 کانفرنس کا مقبوضہ کشمیرمیں انعقاد غیرقانونی، شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں کشمیریوں کا مقدمہ احسن انداز میں لڑا ہوں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کو شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سارے رکن ممالک کو افغانستان کی صورتحال پر تشویش تھی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت سے ہماری درخواست ہے کہ ہم آپ کی بھلائی چاہتے ہیں، آپ ترقی کرینگے توہم ترقی کرینگے، کابل میں اقتدار کی تبدیلی کے 600 دنوں بعد سرحد کی جانب سے 50 کے قریب حملے ہوئے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان مجید برگیڈ اور بلوچ لبریشن آرمی جیسے مسائل پر افغان حکام کو ہمارے تحفظات دور کرنے ہونگے، ہم اس معاملے میں بہت واضح ہیں کہ اس معاملے پر ایک پیچ پر آیا جائے، وہ لوگ جو ہمارا آئین نہیں مانتے ، ہتھیار اٹھاتے ہیں انکے خلاف ہمارا موقف بڑا واضح ہے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ جی 20 کانفرنس کا مقبوضہ کشمیرمیں انعقاد غیرقانونی ہے، جی20کانفرنس کےانعقاد سےبھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا، بھارت نےیواین کونسل،عالمی قوانین کونظراندازکرکےیہ اقدام اٹھایا۔

عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے مرکزی ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی

لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے مرکزی قیادت کے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی واٹس گروپ سے عامر کیانی، امین اسلم، شیریں مزاری اور اسد عمر گروپ لیفٹ کر گئے، فواد چودھری کو کور کمیٹی گروپ سے ریموو کیا گیا۔
پی ٹی آئی کی رول آف لسٹ سے بھی کور کمیٹی ارکان کے نام ہٹا دیئے گئے، تحریک انصاف کی مرکزی و صوبائی قیادت کو پارٹی چھوڑنے والوں کو گروپس سے ریموو کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنی گالا کی سوشل میڈیا ٹیم کو ٹوئٹر، انسٹا گرام، ٹیلی گرام اور واٹس ایپ گروپ کو دوبارہ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

عمران خان سمیت 80 سے زائد پی ٹی آئی ارکان کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت 80 سے زائد پی ٹی آئی ارکان کے نام نو فلائی لسٹ میں ڈال دیے۔
ذرائع کے مطابق قاسم سوری، اسد عمر، اسد قیصر، اسلم اقبال کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل ہیں، یاسمین راشد، مراد سعید، ملیکا بخاری، فواد چودھری اور حماد اظہر کے نام بھی نو فلائی لسٹ میں موجود ہیں۔
پی ٹی آئی ارکین کے نام تمام ایئرپورٹس اور ایگزٹ پوائٹس پر فراہم کر دیے گئے ہیں، وزارت داخلہ نے متعلقہ حکام کو ان افراد کو بیرون ملک نہ جانے دینے کی ہدایت کی ہے۔