All posts by Khabrain News

فیصلے وہی کر رہے ہیں جو ہمیشہ سے کرتے آ رہے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کسی کے آنے اور جانے سے سیاست کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، فیصلے وہی کر رہے ہیں جو ہمیشہ سے کرتے آ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب جج یہ کہتے ہیں آپ کو پریس کانفرنس کے بغیر نہیں چھوڑیں گے اور ٹویٹ ڈیلیٹ کریں، تو دنیا کو سمجھ آ جاتی ہے کہ پردے کے پیچھے کیا ہو رہا ہے۔
جب جج یہ کہتے ہیں آپکو پریس کانفرنس کےبغیر نہیں چھوڑیں گےاورٹوئٹ ڈلیٹ کریں دنیا کو سمجھ آجاتی ہے کہ پردےکےپیچھےکیاہورہاہےچیف جسٹس صاحب نےکہا ہےوہ اللہ کی رضاکےلیےکام کررہےہیں اللہ کی رضامخلوق خداکی دادرسی میں بھی ہےجشن منانے والےسن لیں ایک ماہ میں اُن پر بھی وقت آنے والا ہے
انہوں نے کہا کہ بِکنے والوں کی منڈیاں لگی ہیں، لوگوں کو صرف کیمروں کے آگے سے گزارا جا رہا ہے، کسی کے آنے اور جانے سے سیاست کی صحت پر کوئی اثر نہیں پڑتا، فیصلے وہی کر رہے ہیں جو ہمیشہ سے کرتے آ رہے ہیں، جشن منانے والے سن لیں ایک ماہ میں اُن پر بھی وقت آنے والا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاسی کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں، جو لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں اُن میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو پہلی بار پارٹی چھوڑ رہا ہو، جہاں جہاں نظریہ ضرورت جائے گا وہاں وہاں یہ جائیں گے۔
انہوں نے ایک مرتبہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا دوسری مرتبہ گھیراؤ کیا جو لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں اُن میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جوپہلی بارپارٹی چھوڑ رہاہو جہاں جہاں نظریہ ضرورت جائےگاوہاں وہاں یہ جائیں گے میں بار بار کہہ رہا ہوں کے مسئلہ اقتصادی ہے غربت ہے مہنگائی اور بیر روزگاری ہے
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب نے کہا ہے وہ اللہ کی رضا کیلئے کام کر رہے ہیں، اللہ کی رضا مخلوق خدا کی داد رسی میں بھی ہے، میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ مسئلہ اقتصادی ہے، غربت ہے مہنگائی اور بیر روزگاری ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کے انگوٹھے کاٹ دیں پھر بھی موجودہ حکومت کو ووٹ نہیں پڑیں گے، انہوں نے ایک مرتبہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا دوسری مرتبہ گھیراؤ کیا۔

9 مئی کے بعد نظربندیوں پر پنجاب حکومت سے جواب طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں 9 مئی کو ہونےو الے پرتشدد واقعات کے بعد ہونے والی نظربندیوں پر عدالت نے پنجاب حکومت سے جواب طلب کرلیا۔
ہائی کورٹ میں ایم پی او 3 اور 16 کے تحت نظر بندیوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔
عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے بعد نظر بند کیے گئے افراد کی تفصیلات طلب کرلیں، جسٹس امجد رفیق نے کہا کہ بتایا جائے کتنے افراد کے نظر بندی کے احکامات جاری ہوئے۔
تحریک انصاف کی سابق رکن اسمبلی زینب عمیر کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس امجد رفیق نے پنجاب حکومت سے تفصیلی اور جامع جواب بھی مانگ لیا، درخواست گزار کی جانب سے ایم پی اور 3 اور 16 کو چیلنج کیا گیا تھا۔
دوران سماعت وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ قیام امن عام آرڈیننس کی دفعہ 3 اور 16 آئین کے آرٹیکل کے منافی ہے جب کہ پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور اسے ناقابل سماعت قرار دیا۔

پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کی گرفتاری کالعدم قرار، رہائی کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر اعجاز چودھری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کی گرفتاری کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی اور پولیس کو اعجاز چودھری کی رہائی کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب ملیکہ بخاری اور علی محمد کی نظر بندی کے خلاف اور دوبارہ گرفتاری پر توہین عدالت کیس کی سماعت بھی جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
وکیل درخواست گزار تیمور ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ملیکہ بخاری اور علی محمد خان کو ڈی سی پنڈی کے احکامات پر دوبارہ گرفتار کیا گیا، دونوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت ڈی سی پنڈی کے حکم پر گرفتار کیا گیا۔
جس پر عدالت نے کہا کہ پنڈی کا کیس ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، آپ اس سلسلے میں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سے رجوع کریں۔
بعدازاں عدالت عالیہ نے ہدایت کے ساتھ درخواستیں نمٹا دیں۔

جی ایچ کیو: یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب، آرمی چیف کی یادگار شہدا پر حاضری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں مرکزی تقریب جاری ہے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔
تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہیں جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود ہیں۔
اس کے علاوہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود ہیں۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس: آئی جی اسلام آباد ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود رہنما پی ٹی آئی شیریں مزاری کی گرفتاری پر توہین عدالت کیس میں آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی تو آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر موجود نہ تھے، جس پرعدالت نے حیرانی کا اظہار کیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ یہ توہین عدالت کا کیس ہے، کیا آئی جی نہیں آئے؟ انہیں یہاں موجود ہونا چاہئے تھا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئی جی چیف جسٹس کی عدالت میں ہیں وہاں سے فارغ ہو کر تھوڑی دیر میں پہنچ جائیں گے۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو 31 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ آئی جی آئندہ سماعت تک تحریری جواب بھی جمع کرائیں۔

عرفان قادر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معروف قانون دان عرفان قادر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا۔
سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے احتساب مقرر کیا گیا ہے، کابینہ ڈویژن نے عرفان قادرکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، ان کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔
واضح رہے کہ معروف قانون دان عرفان قادر اٹارنی جنرل پاکستان بھی رہ چکے ہیں۔

ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج پوری قوم یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت سے منا رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہدا، غازیوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار ہے، میں 9 مئی کے پر تشدد اور المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ان پر تشدد واقعات کی منصوبہ بندی کی وہ بہت ہی خطرناک تھے، کچھ لوگوں نے اقتدار کے ہوس میں ان مذموم واقعات کی ترغیب دی جو پہلے کبھی نہیں ہوا، مذموم کارروائیوں میں شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنا کر بے حرمتی کی گئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ریاست کی نشانیوں پر حملہ کر کے شرپسندوں نے پاکستان کے نظریئے اور تشخص پر حملہ کیا ہے، یہ مذموم واقعات ملک دشمن عناصر کو خوشی منانے کی وجہ فراہم کر رہے ہیں، ہماری قوم اپنے شہدا کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔
یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے: صدر مملکت عارف علوی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے، ملک کی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں، مادر وطن پر جان قربان کرنے پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
یوم تکریمِ شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم مادر وطن کیلئے عظیم قربانیاں دینےوالے اپنے آباؤ اجداد اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم تکریمِ شہداء منا رہے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان آرمی، رینجرز، ایئر فورس، نیوی، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں سمیت ہماری مسلح افواج کے جوانوں اور افسران نے اپنی بہادری اور قربانیوں کی بدولت پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور اس پر قوم ان کی مقروض رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے کیونکہ ہماری تاریخ میں اُنہوں نے آزمائش کی ہر گھڑی میں جذبہ حب الوطنی اور بہادری کا مظاہرہ کیا، ملکی سرحدوں کے دفاع کے علاوہ ، ہماری سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی لعنت کو بھی کامیابی سے شکست دی اور پاکستان نے اپنی افواج کی بہادری اور قربانیوں کی بدولت دہشت گردی کے عفریت پر تنِ تنہا قابو پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ قدرتی آفات اور وبا کے دوران بھی ہماری سکیورٹی فورسز اپنے عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئیں اور اپنے ہم وطنوں کو بروقت امداد فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ بطور صدر پاکستان، میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنے جذبات کا اظہار کرنے کیلئے شہداء کے خاندانوں سے باقاعدگی سے رابطہ کرتا ہوں، ان کے ساتھ بات چیت کے دوران مجھے ملک کے لیے ان کے جذبہ حب الوطنی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور ہمیں ان چیلنجز پر قابو پانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، آئیے آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے ، ہمیشہ ان کی عزت کریں گے اور قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔

کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح نہیں کرنے دینگے: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔
یوم تکریم شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، آج پوری قوم کیلئے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔
یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہے کہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

شہداء کو بھولنے والی قوموں کا تاریخ میں کوئی نام تک نہیں لیتا: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔
یومِ تکریمِ شہدا کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہر محب وطن پاکستانی اپنی مٹی کی محبت میں شہید ہونے والوں سے محبت کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں ان کا تاریخ میں نام لینے والا کوئی نہیں ہوتا، شہدا کے خون کا ہم سب پر قرض ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئیں مل کر عہد کریں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر نفرتوں کی تمام دیواروں کو گرا دیں گے اور وطن کے تمام شہدا کی قربانیوں کو نا صرف یاد رکھا جائے گا بلکہ ان کی حرمت پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔