All posts by Khabrain News

معاشی و سیاسی تباہی کا ملبہ نااہل حکومت پر گرنا چاہیے کسی اور پر نہیں، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ معاشی، اقتصادی اور سیاسی تباہی کا ملبہ موجودہ نا اہل حکومت پر گرنا چاہیے کسی اور پر نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آج کل پریس کانفرنس نہیں پریشر کانفرنس ہو رہی ہیں، دو تین مہینے جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آجاتی، جیل سے رہائی تحریری سیاسی توبہ کے مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ ٹکا ٹوکری ہو گیا ہے، معلوم نہیں ڈالر کہاں پر رکے گا، مسئلہ اقتصادی ہے، سازش کے تحت سیاسی بنا دیا گیا ہے تاکہ مصنوعی بجٹ پیش کیا جا سکے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگر عدلیہ بھی آبدیدہ اور بے بس ہوگئی تو پھر ملک کا اللہ ہی وارث ہے، ساری قوم 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور ملزموں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی لیکن چادر چار دیواری اور خواتین کا احترام ضروری ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں لیول پلیئنگ فیلڈ ہوچکا ہے، اگر نہیں ہوا تو 15 جون تک ہو جائے گا، اب سلیکشن ختم اور الیکشن ہونے چاہئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کلاشنکوف کے جھوٹے مقدمے میں 7 سال قید کاٹی، کڑیاں والا قتل اور 2 مرتبہ ختم نبوت میں بھی سسرال گیا ہوں اور اب پھر جانے کو تیار ہوں، جب تک گرفتار نہیں ہوتا روزانہ ٹوئٹ جاری رہے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 108 اور این اے 118 میں ضمنی انتخابات روک دیے

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کے حلقوں میں ضمنی انتخابات روکنے کی استدعا منظور کرلی ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب اور اعجاز شاہ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے این اے 108 اور این اے 118 میں ضمنی انتخابات روک دئیے ہیں ۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں حلقوں میں 28 مئی کو ضمنی الیکشن منعقد کیے جانے تھے ، قومی اسمبلی کی مدت 90 روز سے کم رہ چکی ہے ، قانونی طور پر ضمنی الیکشن ان حلقوں میں نہیں ہوسکتے ، پشاور ہائیکورٹ نے بھی خیبر پختونخوا میں ہونے والے انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے، لہذا این اے 108 اور 118 میں الیکشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
وکیل درخواست گزار نے اپنے موقف میں کہا کہ الیکشن کمیشن ایک طرف کہتا ہے پنجاب میں الیکشن نہیں کروا سکتے، دوسری طرف دونوں حلقوں کے لیے فنڈز جاری کرکے ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت آج وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں دو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وفاقی کابینہ 16 مئی کے اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ روڈ ٹو مکہ منصوبے پر شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دے گی جبکہ اجلاس میں سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

امریکا پاکستان میں صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے : ترجمان سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں صورتحال کو مانیٹر کر رہا ہے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستانی تیل و گیس کی تنصیبات پر دہشت گرد حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹس ہیں کہ 4 سرکاری اہلکار اور 2 شہری جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد کے خاندان سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید ہے، حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ہنگو میں مول گیس کمپنی پلانٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے چار اہلکار اور دو نجی سکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے۔ ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ تحصیل ٹل علاقہ منجی خیل میں مول گیس کمپنی پلانٹ پر صبح 3 سے 4 بجے کے وقت دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوئے ان میں چار اہلکار ایف سی اور دو اہلکار نجی سکیورٹی کمپنی کے ہیں۔ میتھیو ملر نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت کی بات نہیں کرتے، پاکستان میں جمہوری اقدار کا نفاذ، آزادی رائے اور قانون کی عملداری کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔

پاکستان میں عدلیہ کا کردار انتہائی تشویشناک ہے : حافظ سعد رضوی

حیدرآباد: (ویب ڈیسک) تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے سربراہ حافظ سعد رضوی نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں عدلیہ کا کردار انتہائی تشویشناک ہے ، پاکستان کی معاشی بقاء سود کو ختم کرنے پر ہے نہ کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی غلامی پر ہے۔ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ جس طرح حیدرآباد کے لوگوں نے اس مارچ کا استقبال کیا ہے اس سے ظاہر ہورہا ہے کہ ملک کے اس نظام کی زنجیر ٹوٹنے جارہی ہے ، جئیے بھٹو کہنے والے بھی یہاں سے گزرے مگر منہ چھپا کر گزرے ہیں۔ سعد رضوی نے کہا کہ پاکستان کی مافیا نے ہمیں کہا کہ آپ کو پر لیٹر پیٹرول پر بچت دیں گے لیکن ہم نے کہا ہمیں کچھ نہیں چاہئے ہم عوام کو ریلیف دیں گے، ہمارا لانگ مارچ منزل کی جانب رواں دواں ہے ، اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے حالات ظالم سیاست دانوں نے خراب کر دیئے ہیں ، اس ملک کو ٹی ایل پی کی ضرورت ہے ، ٹی ایل پی نے ہمیشہ ناموس رسالت اور ملک کی بقاء کے لئے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کا واقعہ ملک کے خلاف ایک اندرونی سازش ہے ، اس وقت پاکستان کو اندرونی سازشوں کا سامنا ہے، یہ سازش چاہے عمران خان کی صورت میں ہو یا پی ڈی ایم کی صورت میں ہو، جو لوگ لاڑکانہ کی سڑکوں پر ایک دوسرے کو گھسیٹنے بات کرتے تھے آج وہ ملک کو ساتھ مل کر لوٹ رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی شہداء کنونشن کا انعقاد آج ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حکومت نے آج یوم یکجہتی شہداء کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا۔ کنونشن میں مسلح افواج، پولیس اور دیگر فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ملک بھر سے شہداء کی فیملیز شرکت کریں گی، وزیراعظم شہباز شریف شہداء کنونشن سے خطاب کریں گے۔ کنونشن میں وفاقی وزراء، سول سوسائٹی اور سفیر بھی شرکت کریں گے، کنونشن صبح ساڑھے دس بجے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی میزبانی میں شروع ہو گا۔ یوم یکجہتی شہداء کنونشن میں 9 مئی کے واقعات پر بھی تقاریر ہوں گی، 9 مئی کے واقعات کی خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی جائیں گی۔

آرمی چیف سمیت کسی سےبھی مذاکرات کیلئےتیار ہوں ، عمران خان

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم اورچیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سمیت کسی سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن تالی دو نوں ہاتھوں سے بجتی ہے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خدشہ ہے یہاں بات کرنے کو کوئی ہے ہی نہیں، موجودہ صورت حال میں وزیراعظم غیر متعلق ہیں
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے ان کیلئے فکر مند ہیں، بیٹوں کو نہ صرف ان کے قتل بلکہ جیل میں جانے کا بھی خوف ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاستدان کو ہر وقت کسی کے بھی ساتھ مذاکرات کیلئے تیار رہنا چاہیے، سیاستدان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرتے ہیں نہ کہ بندوقوں کے ذریعے۔
میں نے صرف یہ کہا تھا کہ جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے اٹھایا گیا، اغوا کیا گیا، تو یہ پولیس نے نہیں آرمی نے کیا تھا، میں نے صرف یہی کہا تھا کہ ان کی مرضی کے بغیر یہ نہیں ہوسکتا تھا، یہ حقیقت ہے، لیکن میں نے کوئی تضحیک آمیز بیان نہیں دیا۔

اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا نے کہا کہ بورڈز امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔پرائیویٹ اسکولز ریگولر کلاسز 26 مئی کو شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں موسم گرما کی تعطیلات 15جون تا 14 اگست ہوں گی۔
انہوں نے بتایا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ملک بھر میں پرائیویٹ اسکول 15 اگست کو کھلیں گے۔
صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے مزید کہا کہ سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون تا 31جولائی ہوں گی۔

مارکیٹیں، کاروباری مراکز شام 7 بجے تک بند کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے مارکیٹیں، کاروباری مراکز شام 7 بجے تک بند کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں نئے مالی سال2023-24 کے بجٹ سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے لیے قرضوں پر انحصار کی پالیسی ترک کرنا ہوگی، ہمیں معاشرتی رویوں کو تبدیل کرنا ہوگا اور مارکیٹوں کو جلد بند کرنا ہوگا۔
شیری رحمان نے کہا کہ توانائی کی بچت ضروری ہے کیونکہ ہم درآمد کر کے ضروریات پوری کر رہے ہیں، دوست ملک ہم سے پوچھتے ہیں کہ پاکستان اس وقت کیا اصلاحات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے جی ڈی پی کا 11 فیصد نقصان ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے نقصانات پر قابو پانا بھی ضروری ہے۔

25 مئی کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جعلی قرار

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت نے 25 مئی یوم شہدا کے موقع پر چھٹی سے متعلق نوٹی فکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔
اس ضمن میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 25 مئی کو عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا،اس حوالے سے گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
قبل ازیں سوشل میڈیا پر ایک جعلی نوٹیفکیشن زیر گردش تھا کہ 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداء پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔