All posts by Khabrain News

فیاض الحسن چوہان نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)سابق وزیر فیاض الحسن چوہان نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ افسوسناک ہے ،پاکستان کے 24 کروڑ عوام دکھی ہیں۔
میں گزشتہ ایک سال سے پارٹی میں کھڈے لائن تھا۔زمان پارک میں داخلہ بند تھا،میری قربانیوں کے بعد مجھے فوج کا بندہ سمجھاجاتاتھا۔
علیم خان میرا اچھادوست تھا،عمران خان کیلئے میں نے علیم خان کیلئے اپنا تعلق خراب کیا ،چودھری پرویزالہٰی کی بہت عزت کرتا ہوں.
سارے وزرا عمران خان اور بزدار کی حکومت کیلئے رجیم چینج آپریشن میں شریک تھے، زوم میٹنگ میں جب بولنے کی کوشش کی تو شٹ اپ کال دی جاتی تھی.ساری زوم میٹنگ میں ترجمانوں کو بتایا جاتا تھا کہ فوج کیخلاف کیا کیا باتیں کرنی ہیں.
میں اس فساد میں مزید شامل نہیں ہو سکتا،میں سیاست نہیں چھوڑ رہا صرف پی ٹی آئی چھوڑ رہا ہوں۔
شاہ محمودقریشی،اسد عمر اور چودھری پرویزالہٰی سے ملاقات کروں گا،کوشش کریں گے بات چیت کے بعد کسی نئی پلیٹ فارم سے سامنے آئیں۔

کالعدم تنظیم کے سابق کمانڈر گلزار امام شنبے کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا

کوئٹہ:(ویب ڈیسک) کالعدم تنظیم کے سابق کمانڈر گلزار امام شنبے کو میڈیا کے سامنے پیش کردیا گیا ۔ کوئٹہ میں وزیرِداخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو کے ہمراہ کالعدم تنظیم کے سابق کمانڈر گلزار امام شنبےنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کی جنگ صرف آئینی اور سیاسی حوالے سے ممکن ہے، ان کہنا ہے کہ میں نے جس راستے کا انتخاب کیاتھا وہ غلط تھا، ہمارے مسائل کا پُرامن حل ممکن ہے، ہمیں امید ہے کہ ریاست ماں کا کردار ادا کرتے ہوئے اصلاح کا موقع دے گی۔ گلزار شمبےنے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ریاستی اداروں کو بلوچستان کے مسائل کا ادراک ہے، وہ سنتے ہیں، لڑائی میں اپنا وقت ضائع نہ کریں، بلوچستان میں دونوں جانب سے جتنے بھی لوگ شہید ہوئے اس پر معافی کا طلب گار ہوں۔ اس موقع پر وزیرِ داخلہ بلوچستان ضیاء اللّٰہ لانگو نے کہا کہ مسائل بات چیت سے حل کیے جا سکتے ہیں، ریاست اور اداروں سے کھیلنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔

کسی جج کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت

لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب کی نگران حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جج اعجاز احمد سمیت کسی بھی جج کے خلاف ریفرنس درج نہیں کیا جا رہا۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہےکہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج اعجاز احمدکیخلاف کوئی ریفرنس دائرنہیں کیا جارہا، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کیا جانیوالا پروپیگنڈا جھوٹا اور بے بنیاد ہے، پروپیگنڈےکا بنیادی مقصد غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

ہماری بہو, بیٹیاں اور بہنیں تمہارے وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں، مریم اورنگزیب کی عمران خان پر تنقید

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار نسلوں کا حساب دیا اور سرخرو ہوئے، عوام اور قیادت کو پتہ تھا کہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ناحق سزا پانے والوں اور چوروں میں موازنے کا آئینہ پیش ہے، تم نے ہمارے خلاف ہرجھوٹا مقدمہ بنایا لیکن قائد نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے امانت سمجھ کر عوامی خدمت کی، اسی لئے بہادری سے ڈٹ کر کھڑے رہے، یہ تصاویر جرآت بہادری اور وفاداری کی ناقابل فراموش مثالیں ہیں،تمہاری فسطائیت، بدترین سیاسی انتقام اور ظلم و جبر کے منہ بولتے حقائق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تم اور تمہارے مسلح جتھوں پر قومی وحساس عمارتوں پر حملے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی، ریڈیو پاکستان، مساجد،سکول، ہسپتال اور ایمبولنسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے، اب تم اور تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی، بھاگتی، گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کابینہ اس لیے چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ تم توشہ خانہ کے چور، جھوٹے ،فارن ایجنٹ، القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو، تمہارے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کروائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بہو بیٹیاں بہنیں تمہارے کم ظرف وحشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں، مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کرکے سزائے موت کی چکی میں ڈالا گیا،ہمارے بارے میں عدالتی فیصلے پڑھو اور شرم کرو۔

63 فیصد آبادی میں اضافہ نے ثابت کر دیا کہ مردم شماری میں گڑبڑ ہوئی، سربراہ پلڈاٹ

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ کراچی میں 63 فیصد آبادی میں اضافہ نے ثابت کر دیا کہ مردم شماری میں گڑبڑ ہوئی۔
سربراہ پلڈاٹ کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی جماعتوں نے مردم شماری کے انداز پر بہت زیادہ توجہ نہیں دی، مردم شماری دوطریقہ کار ڈی جورے اور ڈی فیکٹو کے تحت ہوتی ہے، 2017 میں ڈی جورے اور 2023 میں بھی ڈی جورے طریقہ کار کے تحت مردم شماری ہوئی ہے۔
احمد بلال محبوب نے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ مردم شماری میں ساتویں سے آٹھویں دفعہ وقت بڑھایا گیا ہے، ہر بار وقت بڑھنے سے لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا، مردم شماری سے وسائل اور اسمبلیوں میں سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 63 فیصد آبادی میں اضافہ نے ثابت کر دیا کہ یکم اپریل کے نتائج میں کتنی گڑبڑ ہے، سیاست میں مردم شماری بہت اہم ہے اس سے ملک کی سیاسی قوتوں کی تعداد واضح ہوتی ہے۔
سربراہ پلڈاٹ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے بہت محنت سے اس مردم شماری کے مسئلہ پر کام کیا، پاکستان کی دیگرجماعتوں کو ایم کیو ایم سے سیکھنا چاہئے، اگر اسی تندہی سے ایم کیو ایم لگی رہی تو اپنے مطالبات ضرور منوالے گی۔

مودی اصل دہشت گرد، بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

باغ:(ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مودی اصل دہشت گرد ہے، بھارت کا چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، ہم دہشت گردوں کی نہیں، شہیدوں کی نمائندگی کرتے ہیں، کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتیں یک زبان ہیں۔
باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گرد وہ ہیں جنہوں نے گجرات میں قتل عام کیا، مودی سرکار خطے کے امن میں اصل رکاوٹ ہے، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھاتے رہیں گے، اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل کرائے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ باغ کے شہریوں کا شکر گزار ہوں، باغ کا جوش و جذبہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، ایک طرف مودی مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ کر رہا ہے، آزاد کشمیر کے عوام احتجاج کر رہے ہیں، باغ کے عوام نے مودی کی جی 20 کانفرنس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کیوں بار بار کشمیر کا نام لیتے ہیں، ہمارا کشمیریوں کے ساتھ نسلوں کا ساتھ ہے، کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل وقتی ہیں، جب ہم پاکستان میں موجود ہیں تو سیاسی جماعتوں سے اختلاف ہو سکتا ہے، جب ملک سے باہرجاتا ہوں تو آپ سب کی نمائندگی کرتا ہوں، بھارتی حکمران جماعت تمام مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھتی ہے، ہم دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرتے رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ جب مودی کو میں قاتل اور قصائی کہتا ہوں تو بھارت رونا شروع کر دیتا ہے، اصل میں بھارت کو پہلے کسی وزیر خارجہ نے آئینہ نہیں دکھایا تھا، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اصل دہشت گرد بھارت ہے، ہم اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے، دنیا تسلیم کر چکی کشمیر عالمی مسئلہ ہے، پاکستان دہشت گرد نہیں امن پسند ملک ہے، دہشت گرد وہ ہے جو سمجھوتہ ایکسپریس، گجرات میں دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گرد تنظیمیں وہ ہیں جنہوں نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر دیا ہے، بھارت 5 اگست کا اقدام واپس لے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آدھا مقبوضہ کشمیر جیل بن چکا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کرائے تاکہ کشمیری عوام اپنے فیصلے خود کریں، کشمیریوں کی جدوجہد بھارت کو مجبور کرے گی، وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام رائے شماری کا ہتھیار استعمال کر کے آزادی حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگربھارت سپرپاور، جمہوری ملک ہے تو رائے شماری سے کیوں ڈرتا ہے، 70 سال ہو چکے ہیں بھارت کیوں بھاگ رہا ہے، ہمارا ایک ہی نعرہ “رائے شماری” ہے۔

جلیل شرقپوری نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا

شیخوپورہ:(ویب ڈیسک) سابق رکن صوبائی اسمبلی جلیل شرقپوری نے بھی پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، کہتے ہیں کہ موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا ممکن نہیں۔
مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سابق رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، جس کا باضابطہ اعلان وہ آئندہ ایک دو روز میں کرینگے۔
پی پی 139 سے سابق رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 9 مئی سے قبل ہی اسد عمر کو تحفظات سے آگاہ کردیا تھا، سمجھ سے بالاتر ہے کہ نو مئی کے واقعات کیوں ہوئے، پاکستان کا دفاع مضبوط فوج سے ہی ممکن ہے، ان حالات میں تحریک انصاف کے ساتھ چلنا ممکن نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
شیریں مزاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کرتی ہوں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں انڈرٹیکنگ بھی جمع کرا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو، پارلیمان جیسے اداروں پر حملے کی مذمت کرتی ہوں، ریاستی علامتوں کو نشانہ بنانے کی سب کو مذمت کرنی چاہیے، ہمیشہ ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے سیاست چھوڑ رہی ہوں، آج سے میں تحریک انصاف یا کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خاوند کے انتقال کو 5 ماہ ہو گئے ہیں، اس وقت میری ترجیح میرے بچے ہیں، میری طبعیت ٹھیک نہیں ہے سب کا بہت بہت شکریہ۔

حکومت کا کل یوم یکجہتی شہداء کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حکومت نے کل یوم یکجہتی شہداء کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا۔
کنونشن میں مسلح افواج، پولیس اور دیگر فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں ملک بھر سے شہداء کی فیملیز شرکت کریں گی، وزیراعظم شہباز شریف شہداء کنونشن سے خطاب کریں گے۔
کنونشن میں وفاقی وزراء، سول سوسائٹی اور سفیر بھی شرکت کریں گے، کنونشن صبح ساڑھے دس بجے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی میزبانی میں شروع ہو گا۔
یوم یکجہتی شہداء کنونشن میں 9 مئی کے واقعات پر بھی تقاریر ہوں گی، 9 مئی کے واقعات کی خصوصی ویڈیوز بھی دکھائی جائیں گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے شاہ محمود قریشی کی رہائی بیان حلفی سے مشروط کی تھی، شاہ محمود قریشی کے وکلاء نے بیان حلفی جمع کرا دیا۔
شاہ محمود قریشی کے وکلاء کی جانب سے بیان حلفی جمع کرانے کے بعد ان کو آج رہا کر دیا جائے گا۔