All posts by Khabrain News

نوازشریف کے نام پر لندن میں نامعلوم افراد نے چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی

لندن: (ویب ڈیسک) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے نام پر نامعلوم افراد نے چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی۔
نواز شریف لندن آفس کے مطابق گاڑیاں نوازشریف کے نام پر رجسٹرکرانے کا مقصد جرائم کر کے ان کا تعلق نوازشریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ رجسٹر گاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکہ دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
لیگی قائد آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو چوتھی گاڑی رجسٹر ہونے سے بھی آگاہ کر دیا جبکہ سٹی آف لندن پولیس سازش کرنے والوں تک پہنچنے کیلئے تحقیقات میں مصروف ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب نواز شریف کے نام رجسٹر گاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ ارسال کی تھی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے متعلق آگاہ کر دیا۔
اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی، نوازشریف کے نام پر تیسری گاڑی کا اس وقت پتہ چلا جب ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کا جرمانہ وصول ہوا۔
خرم بٹ کا کہنا ہے کہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے۔
خرم بٹ اس خدشہ کا بھی اظہار کر چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے سپوٹرز نواز شریف کو پھنسانے کی سازش میں ملوث ہوسکتے ہیں۔

حکومت نے عازمین حج کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عازمین حج کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
فیصل آباد میں حج پرواز کی روانگی سے قبل عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اللہ اپنے مہمانوں کی دعا قریب سے سنتا ہے، عازمین حج مسلم امہ اور ملک وقوم کیلئے خصوصی دعا کریں،عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں، ہم نے سعودی حکومت سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا معاہدہ کیا ہے، اس منصوبے کے تحت امیگریشن کا عمل آسان ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ برس اس پراجیکٹ کو کراچی میں لے کر جا رہے ہیں، روڈ ٹو مکہ کی سہولت کو لاہور اور فیصل آباد میں بھی لائیں گے، رواں سال اس منصوبے کے تحت 40 ہزار عازمین مستفید ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اللہ اپنے مہمانوں کی دعا قریب سے سنتا ہے، عازمین حج مسلم امہ اور ملک وقوم کیلئے خصوصی دعا کریں۔

حکومت کیلئےعوام کے دلوں میں نفرت، اب مائنس یا پلس ہو کر رہے گا: شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت لوگوں کی نظر میں قابل نفرت ہوچکی ہے، جو بھی ان کا ساتھ دے گا ڈوب جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شجر اور حجر بھی ان کا رونا رو رہے ہیں، اللہ کو معلوم ہے کہ مائنس کون ہونے جا رہا ہے اور پلس کون ہوگا، لیکن اب یہ ہو کر رہے گا، معاشی حالات خوفناک ہو گئے ہیں، اسمبلی میں جانے اور نہ جانے سے فرق نہیں پڑتا۔
اللہ کو معلوم ہے کہ مائنس کون ہونے جارہا ہے اور پلس کون ہوگا لیکن اب یہ ہو کر رہے گا فیصلہ اسی ہفتےمیں ہوجائے یااگلا ہفتہ لے لےجون میں چت یاپٹ ہوکررہےگاعدلیہ جیتے گی بیشک آڈیو لیک تحقیقات کمیشن چیف جسٹس کےمشورے کے بغیر کیوں نہ بنالیں آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کیطرف سےآکر رہےگا
انہوں نے کہا کہ ساری قوم جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملے کی نہ صرف مذمت کرتی بلکہ اس پر رنجیدہ ہے، لیکن بے جا بے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں سے اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو پارٹیاں بدل رہے ہیں،عوام میں ان کی حیثیت ایک رات کی دلہن سے زیادہ نہیں، دو تین مہینے سسرال جیل کاٹنے سے قیامت نہیں آ جاتی، لیکن بکنے کا دھبہ کبھی نہیں مٹتا، نسلی اور اصلی مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتے اور چٹان کی طرح ڈٹے رہتے ہیں۔
جوپارٹیاں بدل رہےہیں عوام میں اُنکی حیثیت دُولہن اک رات کی سےزیاده نہیں دو تین مہینےسسرال جیل کاٹنےسےقیامت نہیں آجاتی لیکن بکنےکادھبہ کبھی نہیں مٹتانسلی اوراصلی مشکل وقت میں ساتھ نہیں چھوڑتےاورچٹان کیطرح ڈٹےرہتےہیں معاشی حالات خوفناک ہوگئےاسمبلی میں جانےاورنہ جانےسےفرق نہیں پڑتا
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ جون میں چت یا پٹ ہو کر رہے گا، عدلیہ جیتے گی بیشک آڈیو لیک تحقیقات کمیشن چیف جسٹس کے مشورے کے بغیر کیوں نہ بنا لیں، آئینی قانونی فیصلہ چیف جسٹس کی طرف سے آ کر رہے گا۔

زمان پارک کے اطراف سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی زمان پارک کے اطراف سکیورٹی بڑھائی گئی ہے، اس سلسلے میں ایس پی سول لائنز حسن جاوید بھٹی نے زمان پارک کا دورہ کیا اور عمران خان کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ہدایات دیں۔
لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی سکیورٹی پر پہلے 106 اہلکار تعینات تھے، ایس پی سول لائنز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف میں سڑکوں پر لگائے گئے کنٹینرز اور کیمپ ہٹا دیئے، کلیئر کرائی گئی گرین بیلٹ پر نئے پودے بھی لگا دیئے گئے۔

موجودہ حکومت عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے : سراج الحق

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہیں، اور عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک شہری کی حیثیت سےجانناچاہتاہوں کہ مجھ پرخودکش حملہ کس نےکروایا ژوب پہنچا تو لوگوں نے پوچھا بلٹ پروف گاڑی کیوں استعمال نہیں کی، بلٹ پروف گاڑی کوئی علاج نہیں، لوگ امن مانگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں بلوچستان ہے تو پاکستان ہے، یہ صوبہ ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا، لیکن معدنیات سے مالامال صوبہ سہولیات سے محروم ہے ، بلوچستان میں روزگار، تعلیم اور امن وامان کچھ بھی نہیں، صوبے میں ایک کلومیٹر بھی موٹروے نہیں، یہاں 10 سال میں کوئی سڑک یا کارخانہ نہیں بنا، صوبے میں خون بہہ رہا ہے، لوگ لاشیں دفنا دفنا کر تھک گئے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمران طبقہ صرف تنخواہیں اورمراعات لیتا ہے اور دفاتر میں چھپا ہوا ہے، مرکزی اورصوبائی حکومتیں مسائل پر توجہ نہیں دے رہیں، جماعت اسلامی بلوچستان کےحقوق کی لڑائی لڑے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہاں ذمہ داری سنبھالنے والا کوئی نہیں ، سب یہاں ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ڈالتے ہیں ، نئے حکمران اعلانات کرتے ہیں اور ناکام ہوکر چلے جاتے ہیں، بلوچستان کے باصلاحیت نوجوان اور دانا لوگ پریشان ہیں، یہاں لوگوں کا جینا اورمرنا مشکل ہوگیا ہے، اس صوبے کے حالات کاذمہ دار کون ہے؟ کون ذمہ داری قبول کرے گا۔
انھوں نے الیکشن کے حوالے سے اپنے مشورے سے متعلق کہا کہ میں نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ اگست کا مہینہ پاکستان کی آزادی کا دن ہے، اگست کے مہینے میں لوگ حج سے واپس بھی آ جائیں گے، اس لیے اسی مہینے میں شفاف الیکشن کا انعقاد کیا جائے۔

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کیساتھ ملک دشمنوں جیسا سلوک ہوگا: خواجہ آصف

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، قانون کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اداروں کو ٹارگٹ کر رہی ہے، عمران خان دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں ہماری تاریخ کا تابناک حصہ ہیں، پاکستانی قوم پاک افواج سے محبت کرتی ہے، یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے۔
سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے صرف اقتدار کیلئے اساس پر حملہ کیا، ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے کوئی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا، سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق بنیادی حقوق کی حفاظت کی جا رہی ہے، حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، قانون کااستعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
قبل ازیں سیالکوٹ میں افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی، ریلی میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خصوصی شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیر دفاع نے چونڈہ میں یادگار شہداء کا دورہ بھی کیا۔

کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہرصورت حاصل کرینگے : نگران وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کاکہنا ہے کہ کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرینگے ، کپاس کی فصل صوبے اورکاشتکار کیلئے معاشی گیم چینجرثابت ہوسکتی ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کپاس کی بوائی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ، نگران وزیراعلیٰ نے کپاس کی بوائی اور پیداوار کا ٹارگٹ ہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں کو نقد انعامات دیئے جائیں گے، کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنے پر متعلقہ عملے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، کپاس کی بوائی کا ٹارگٹ بھی حاصل کرنا ہے اور فصل کی مکمل دیکھ بھال بھی ضروری ہے۔
انہوں نے صوبہ بھر میں پانی چوری کے واقعات کی روک تھام کا حکم دے دیا، نگران وزیراعلیٰ کی طرف سے کپاس کی فصل کیلئے درکار پانی کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو پانی، بیج،کھاد سمیت کسی چیز کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں جعلی ادویات اور بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید موثر بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ سیٹلائٹ کے ذریعے کراپ سروے کی تجویز بھی دی گئی۔
محسن نقوی کا کہناتھا کہ کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500 روپے مقرر کی گئی ہے، پنجاب میں کپاس کی بوائی کا ہدف حاصل کرنا ہمارا مشن ہے، کپاس کی فصل صوبے اورکاشتکار کیلئے معاشی گیم چینجرثابت ہوسکتی ہے۔
معروف صنعت کار و اپٹما رہنما گوہراعجاز، فواد مختار، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز زراعت، خزانہ، آبپاشی اورمحکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ، تمام ڈویژنل کمشنرزاورزرعی ماہرین ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

پنجاب بھر سے گرفتار ہونیوالے شرپسندوں کی تعداد 3800 ہوگئی

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ ، تشدد اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسندوں کی تعداد 3800 ہوگئی ۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور سے اب تک 2ہزار کے قریب شر پسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید افراد کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے ، لاہور میں رات گئے بھی کارکنوں اور رہنماؤں کے گھروں میں چھاپے مارے گئے ۔
پولیس کے مطابق امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوشش کے دوران پنجاب بھر میں 162پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوچکے ہیں ۔
لاہور اور پنجاب پولیس کے زیر استعمال 97 سے زائد گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی، پولیس سٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا ۔
دوسری طرف زمان پارک کی طرف جانے والے راستے کھول دیئے گئے ہیں، زمان پارک کے اندر اور باہر لگے کیمپ گزشتہ روز پولیس اور انتظامیہ نے اکھاڑ دیئے تھے۔

سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے افواجِ پاکستان سے یکجہتی اور محبت کا اظہار

کراچی: (ویب ڈیسک) سمندر پار پاکستانیوں نے مسلح افواج سے یکجہتی اور محبت کا اظہار کر دیا۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے افواجِ پاکستان سے یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا گیا ہے اور 9 مئی کے واقعات میں شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی مذمت کی گئی۔
انگلینڈ، ترکی، بیلجیئم، جرمنی سمیت یورپ کے کئی ممالک میں ریلیاں نکالی گئیں، جنوبی افریقہ میں بھی پاکستان آرمی کے حق میں ریلی نکالی گئی۔
ریلیوں میں گفتگو کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی ہے تو ہم ہیں، ہمیں مل کر پاکستان کی بقاء اور سلامتی کی خاطر کام کرنا چاہیے۔
شرکاء نے کہا کہ پاکستان کی بات ہوگی تو ہم پاکستان آرمی کے ساتھ ملک کی بقاء کی خاطر کھڑے ہوں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی رہائش گاہ پر پولیس کا چھاپا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی رہائشگاہ پر پولیس اور ایلیٹ فورس نے چھاپا مارا، تاہم چھاپے کے وقت مراد سعید گھر پر موجود نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر کے گھر پر چھاپے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آگئی ہیں، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاک نہ کھلنے پر اہلکار دروازہ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق رہنما تحریک انصاف مراد سعید کی غیر موجودگی پر اہلکار واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، شیریں مزاری، فردوس شمیم نقوی اور علی زیدی سمیت کئی رہنما گرفتار ہوچکے ہیں۔