All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی کو ایک اور دھچکا، جمشید چیمہ اور مسرت جمشید کا پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ مسرت جمشید چیمہ کے وکیل ملک ریاض نے بتایا کہ دونوں رہنما پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں اور رہائی کے بعد باضابطہ اعلان کر دیں گے۔
واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے 15 سے زائد رہنماؤں نے پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف سے رہنماؤں کی علیحدگی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی تحریک انصاف ویسٹ پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا اور سابق صوبائی وزیر اوقات پیر سعید الحسن شاہ نے 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بنا کر پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت :عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی سمیت دہشت گردی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی زمان پارک آئی اور شامل تفتیش کیا، ہمیں سکیورٹی تھریٹس تھے، اس وجہ سے لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اس حوالے سے ایک کیس میں ہدایت کی، ایسا کچھ نہیں کہ ہم ان کیسز کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔
وکیل نے کہا کہ جب یہ کیس لگا ہوتا ہے تو ہم آپ کی عدالت میں پیش نہیں ہو پاتے، اگر کوئی سوال بھی ہے تو ہم اس کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں ہی وقت دیا گیا، ہم وہیں شامل تفتیش ہوئے، اگر عدالت کہے تو سارے مقدمات میں آئندہ سماعت پر دلائل دے دوں گا۔
دلائل دیتے ہوئے وکیل نے مزید کہا کہ ہمارے کیسز 8 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں لگے ہوئے ہیں، ہمارے اوپر ان کیسز میں صرف ایما کی حد تک الزام ہے۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 6 اپریل پھر 18 اپریل کو عمران خان پیش نہیں ہوئے، 4 مقدمات میں جے آئی ٹی بنی ہوئی لیکن عمران خان شامل تفتیش نہیں ہو رہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ نے آپ کو کہا کہ آپ وہاں جا کر شامل تفتیش کر سکتے ہیں، جس پر سپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ عبوری ضمانت میں شامل تفتیش ہونا ضروری ہوتا ہے، ہائیکورٹ کے جس آرڈر کا حوالہ دے رہے ہیں وہ کسی اور کیس کا ہے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ یہ کرائم کی تفتیش نہیں کرنا چاہتے بلکہ اصرار ہے کہ وہاں آئیں، اگر کوئی بھی سوال ہے ہم اس کا جواب دیں گے۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر ہے کہ عمران خان شامل تفتیش ہوں۔
دوران سماعت عمران خان روسٹرم پر آ گئے، انہوں نے کہا کہ پہلے قاتلانہ حملے کے بعد پھر جوڈیشل کمپلیکس میں قاتلانہ حملہ ہوا، کل وزیر داخلہ کا بیان آیا کہ میری جان کو خطرہ ہے، وزیر داخلہ میری مخالف پارٹی کا ہے وہ کہہ رہا ہے میری جان کو خطرہ ہے، میں جب بھی گھر سے نکلتا ہوں خود کو خطرے میں ڈالتا ہوں۔
دوران سماعت عدالت نے جے آئی ٹی کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا جے آئی ٹی قانون سے بالاتر ہے وہ کیوں نہیں آئے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی دہشت گردی کے 8 مقدمات میں ضمانت میں 8 جون تک توسیع کرتے ہوئے کچھ دیر میں جے آئی ٹی کے سینئر افسر کو طلب کر لیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان کے شامل تفتیش ہونے کا طریقہ کار کیا ہو گا ؟ جے آئی ٹی بتائے۔

9 مئی کے حقیقی مجرموں کو سزا دیں، بے گناہوں کو رہا کریں، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 9 مئی کے حقیقی سازشی مجرموں کو سزا دیں اور بے گناہوں معصوموں کو رہا کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ لوگ اس طرح پارٹی بدل رہے ہیں جیسے بلو کے گھر جا رہے ہیں، بزدل عدت کے دن بھی پورے نہیں کرتے، پارٹی چھوڑنے میں بھی میراتھن ریس لگی ہے، یہ جس پارٹی میں جائیں گے وہ پارٹی بھی ڈوب جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ضرورت مندوں، مفاد پرستوں کی پارٹی بنائی جاتی ہے اس لیے جمہوریت ناکام ہوتی ہے اور کوئی حکومت 5 سال پورے نہیں کرتی، وزیراعظم دن میں 3 بار بے کار خطاب کر رہے ہیں، حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں، پاکستان کی معیشت ڈیفالٹ کو چھو سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کی کارکردگی آئی ایم ایف سے چھٹی، ڈالر 307 روپے کا، دوستوں سے تنہائی، معاشی تنزلی، اقتصادی تباہی اور سیاسی بحران ہے، غریب کے پاس قبر کے پیسے نہیں، وہ اللہ کے بعد سپریم کورٹ کی جانب دیکھ رہا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی نہ کوئی بات، نہ اوقات، نہ معاملات اور نہ حالات ہیں، ملک میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، یہ حکومت ملک چلانے میں ناکام ہو چکی ہے، گروتھ منفی ہوگئی ہے، قومی اسمبلی میں بِکنے اور بَکنے والوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے۔

عمران خان کے خلاف کیسز میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف کیسز میں نیب کی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
چیئرمین نیب کی منظوری سے پراسیکیوٹر جنرل نیب سید اصغر حیدر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں 7 رکنی پراسیکیوشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ اور نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاونڈ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آبادہائیکورٹ: شیریں مزاری کیس میں آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کیس میں آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا فریق بنانے کی درخواست منظور کر لی اور توہین عدالت کیس میں نوٹس جاری کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کیس میں آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا فریق بنانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کیس میں فریق بنایا جائے، عدالت نے شیریں مزاری کیس میں آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کا فریق بنانے کی درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کیس میں نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 مئی تک ملتوی کر دی۔

القادر ٹرسٹ کیس: احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
بشریٰ بی بی عمران خان کے ہمراہ سخت سکیورٹی حصار میں احتساب عدالت راولپنڈی پہنچیں جہاں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست ضمانت کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کی کمرہ عدالت میں حاضری لگائی گئی۔
وکیل خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کو کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے روک دیا، عدالت نے 31 مئی تک درخواست ضمانت منظور کر لی اور نیب کو نوٹس جاری کر کے 31 مئی تک جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کو مچلکے جمع کرانے کے لئے دستخط کرنے کی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب میں 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی تحقیقات جاری ہیں۔
گزشتہ دنوں نیب نے عمران خان کو اسی کیس میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد ملک میں جلاؤ گھیراؤ اور فوجی تنصیبات و مقامات پر حملے ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کچہ مورو میں آپریشن کامیاب، پولیس نے علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا

رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس کا کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 45ویں روز میں داخل ہوچکا ہے، پولیس نے کچہ مورو میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ مورو میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر راجن پور پولیس کی جانب سے 3 نئی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کچہ میں فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں۔
ترجمان کے مطابق کچے کا 75 فیصد حصہ دہشت گردوں، ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے اور مزید پیش قدمی جاری ہے، آپریشن میں اب تک 7 ڈاکو ہلاک، 31 گرفتار جبکہ 13 سرنڈر کر چکے ہیں، فورسز نے ڈاکوؤں کے قبضے سے 9 مغوی بھی بازیاب کروائے ہیں۔

شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری قابل مذمت، ملک بناناریپبلک بنتاجارہا ہے:عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی رہنما شیریں مزاری کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے رہائی کے احکامات جاری ہونے کے بعد شیریں مزاری کی اڈیالہ کے باہر سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ حکومت پست ترین سطح تک گرتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیریں مزاری کی صحت کی صورتحال نازک ہے، عدالتوں کی جانب سے ضمانت ملنے کے باوجود انہیں دوبارہ گرفتار کر کے اس آزمائش کا نشانہ بنانا محض ان کی اعصاب شکنی کی کوشش ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ شیریں مزاری کا حوصلہ نہیں ٹوٹے گا کیونکہ ان میں ایسے کئی لوگوں سے زیادہ ہمت ہے جن سے آج تک میرا اپنی زندگی میں واسطہ پڑا ہے، تاہم ملک تیزی سے بنانا ریپبلک بنتا جا رہا ہے جہاں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہوتا ہے۔

پنجاب انتخابات: سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں پنجاب میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ سے جاری کاز لسٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل پر سماعت آج دوپہر 12 بجے ہوگی اور اس حوالے سے اٹارنی جنرل اور دیگر کو نوٹس دیا گیا ہے۔
وفاق اورپنجاب کی نگراں حکومت نے الگ الگ جوابات سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے ہیں، جبکہ الگ الگ جوابات میں یکساں مؤقف اپنایا ہے کہ عدالت عظمیٰ کو الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں تھا، عدالت چار اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

عمران خان عدالتوں میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ

لاہور/ اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی زمان پارک سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ مختصر قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے۔
عمران خان آج 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں نیب راولپنڈی اور مختلف مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔
نیب نے عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کئے ہیں، نیب نے نئے نوٹس میں عمران خان سے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرزاور ایف سی کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔
جوڈیشل کمپلیکس کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عمران خان نے نیب راولپنڈی میں پیشی کے دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون تو ہے نہیں یہ کسی بھی چیز پر گرفتار کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب نقص امن کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔