All posts by Khabrain News

عمران خان عدالتوں میں پیشی کیلئے لاہور سے اسلام آباد روانہ

لاہور/ اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی زمان پارک سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ مختصر قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے۔
عمران خان آج 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں نیب راولپنڈی اور مختلف مقدمات میں انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوں گے۔
نیب نے عمران خان سے 190 ملین پاؤنڈز کی مبینہ غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جواب طلب کئے ہیں، نیب نے نئے نوٹس میں عمران خان سے اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کر رکھی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس، رینجرزاور ایف سی کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔
جوڈیشل کمپلیکس کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عمران خان نے نیب راولپنڈی میں پیشی کے دوران اپنی ممکنہ گرفتاری کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون تو ہے نہیں یہ کسی بھی چیز پر گرفتار کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب نقص امن کے پیش نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 میں 28 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

عمران خان نے مخالفین کیخلاف نفرتیں پھیلائیں، آج مکافات عمل کا شکار ہے، رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے مخالفین کے خلاف نفرتیں پھیلائیں اور آج مکافات عمل کا شکار ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا، عمران ایک فتنہ ہے جس نے احتجاج، دھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء میں منصوبے کے تحت مسلم لیگ (ن) کے خلاف سازش کی گئی، عمران خان جیل سے اتنا خوفزدہ ہے کہ لوگوں کو ڈھال بنائے رکھا، اپنے کارکنوں کو شرپسندی کی تربیت دی، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے حساس تنصیبات پر حملے کیے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے، اسے اپنے مخالفین کو جیلوں میں بھیجنے کا بہت شوق تھا، عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر متعارف کروایا، عمران خان کہتا رہا کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو ردعمل آئے گا۔

ایران میں بارڈر فورس اور مسلح افراد میں جھڑپ میں 6 اہلکار ہلاک

تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے صوبے سیستان-بلوچستان کی سرحد پر بارڈر فورس اور مسلح علیحدگی پسند گروہ کے درمیان جھڑپ میں 6 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورس کے 6 اہلکاروں کو پاکستان کے ساتھ ملنے والی ایران کی سرحد کے قریب سراوان میں ہلاک کیا گیا۔ سرحدی محافظوں اور حملہ آورں کے درمیان جھڑپ کئی گھنٹے جاری رہی تھی۔ جھڑپ کی اطلاع میں ایرانی فوج کے تازہ دستوں کو سرحد پر بھیجا گیا تھا تاہم اس سے قبل ہی حملہ آوروں کو اہلکاروں کو قتل اور ان کا اسلحہ لے کر فرار ہوچکے تھے۔ خیال رہے کہ غربت زدہ سیستان-بلوچستان کی سرحدیں افغانستان سے بھی ملتی ہیں۔ اس صوبے میں منشیات کی اسمگلرز، علیحدگی پسندوں اور حکومت مخالف عسکری تںظیموں کی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔ واضح رہے کہ 11 مارچ کو اسی صوبے میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں 2 پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے پارٹی اور سیاست کو خیر باد کہہ دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جد کرلیں، آفتاب صدیقی تحریک انصاف کراچی کے صدر بھی تھے۔
آفتاب صدیقی این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، این اے 247 کی نشست عارف علوی کے صدر بننے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر افسوس ہے، تحریک انصاف کی کراچی کی صدارت اور قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
اپنے ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست چھوڑ دی ہے اور تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے، میں بطور کاروباری شخصیت اپنے ملک کی ایک مختلف کپیسٹی میں خدمت کرنا چاہتا ہوں، پاکستان زندہ باد۔

دفتر خارجہ کی ایران میں ہونیوالے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے ایران کے علاقے سروان میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان 20 مئی 2023 کو ایران کی سروان کاؤنٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے جس میں 6 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس المناک واقعے پر شہداء کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور ایران کے صدر کے درمیان حالیہ ملاقات کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک سرحد کے دونوں جانب دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی کوششوں پر متفق ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر پہنچ گئے

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 3 روزہ دورے پر آزاد جموں و کشمیر پہنچ گئے، مظفرآباد میں پیپلز پارٹی کے اراکین قانون ساز اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت جی 20 اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کروا رہا ہے اور مجھے آزاد کشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے، پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر نے مجھے ضلع باغ میں احتجاجی جلسے کی بھی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا انعقاد کروا کے مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، ہم ان کو غلط ثابت کریں گے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان کیلئے یہ ممکن نہیں کہ وہ دنیا میں کوئی اہم کردار ادا کر سکے۔

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، چودھری سرور

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کا جرم کیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاک آرمی کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا، آج ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، ہماری جماعت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنی جانیں پیش کرکے ملک کو بچایا، آج ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

9 مئی کے واقعات: پولیس نے ضمنی رپورٹ میں فرخ حبیب کو بھی شامل کر دیا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پولیس نے 9 مئی کو حساس ادارے کے سامنے احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر ضمنی رپورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب سمیت مزید 95 ملزمان کو نامزد کر دیا۔
ضمنی رپورٹ میں رانا ثناء اللہ کے مخالف الیکشن لڑنے والے سابق ایم این اے چودھری نثار جٹ بھی شامل ہیں جبکہ پی پی 118 سے ندیم آفتاب سندھو کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضمنی رپورٹ میں حساس ادارے کے سامنے احتجاج کرنے پر مزید 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، گرفتار 70 ملزمان کے 161 کے بیان کے بعد 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، تھانہ سول لائن میں 300 نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او عبدالجبار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
انسداد دہشتگری کی عدالت 70 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے، گرفتار ملزم علی رضا بلال 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، ڈاکٹر نثار جٹ، آفتاب سندھو سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کی چودھری شجاعت سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری شجاعت سے ظہور الہٰی روڈ پر ان کے گھر میں ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، اس موقع پر رہنما ق لیگ طارق بشیر چیمہ، چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں 9 مئی کے واقعات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی ملزم کو کوئی رعائت نہ دینے پر اتفاق کیا۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ملک دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور آرمی کو لڑوانے کی سازش ناکام ہوئی، جو لوگ بھی اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

محسن نقوی کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات، سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی چینی قونصلیٹ آمد قونصلر جنرل کو مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے72سال مکمل ہونے پر چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی اور کیک بھی کاٹا۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف صنعتکار گوہر اعجاز اورمیاں احسن بھی ہمراہ تھے، ملاقات میں تجارتی ومعاشی تعلقات کو فرو غ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کا نیاسال دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا، زراعت، ہیلتھ کیئر،ٹیکنالوجی اورتعلیم کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین ایک روشن کل کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، چین ہمارا ہر موسم کا دوست،مضبوط شراکت دار اور قابل اعتماد پڑوسی ثابت ہوا ہے، ضرورت کے وقت چین کی غیر متزلزل حمایت پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کے انمول تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں سی پیک ایک سنگ میل ثابت ہورہا ہے، حکومت پنجاب مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور تعاون پر شکرگزار ہے۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔