All posts by Khabrain News

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، چودھری سرور

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملے کا جرم کیا ہے ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
مسلم لیگ (ق) کی جانب سے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا، شرکاء نے ہاتھوں میں پاک آرمی کے حق میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا، آج ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، ہماری جماعت ملک کو مشکلات سے نکالے گی۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے شہیدوں نے اپنی جانیں پیش کرکے ملک کو بچایا، آج ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

9 مئی کے واقعات: پولیس نے ضمنی رپورٹ میں فرخ حبیب کو بھی شامل کر دیا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پولیس نے 9 مئی کو حساس ادارے کے سامنے احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات پر ضمنی رپورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب سمیت مزید 95 ملزمان کو نامزد کر دیا۔
ضمنی رپورٹ میں رانا ثناء اللہ کے مخالف الیکشن لڑنے والے سابق ایم این اے چودھری نثار جٹ بھی شامل ہیں جبکہ پی پی 118 سے ندیم آفتاب سندھو کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضمنی رپورٹ میں حساس ادارے کے سامنے احتجاج کرنے پر مزید 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، گرفتار 70 ملزمان کے 161 کے بیان کے بعد 95 ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں، تھانہ سول لائن میں 300 نامعلوم افراد کے خلاف ایس ایچ او عبدالجبار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
انسداد دہشتگری کی عدالت 70 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا چکی ہے، گرفتار ملزم علی رضا بلال 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں فرخ حبیب، ڈاکٹر نثار جٹ، آفتاب سندھو سمیت تمام ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

وزیر اعظم کی چودھری شجاعت سے ملاقات، موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری شجاعت سے ظہور الہٰی روڈ پر ان کے گھر میں ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، اس موقع پر رہنما ق لیگ طارق بشیر چیمہ، چودھری شافع حسین اور چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔
ملاقات میں 9 مئی کے واقعات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی بھی ملزم کو کوئی رعائت نہ دینے پر اتفاق کیا۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کی شدید مذمت کرتا ہوں، ملک دشمن عناصر کی جانب سے عوام اور آرمی کو لڑوانے کی سازش ناکام ہوئی، جو لوگ بھی اس گھناؤنے جرم میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

محسن نقوی کی چینی قونصل جنرل سے ملاقات، سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی چینی قونصلیٹ آمد قونصلر جنرل کو مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک چین سفارتی تعلقات کے72سال مکمل ہونے پر چینی قونصل جنرل کو مبارکباد دی اور کیک بھی کاٹا۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف صنعتکار گوہر اعجاز اورمیاں احسن بھی ہمراہ تھے، ملاقات میں تجارتی ومعاشی تعلقات کو فرو غ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات کا نیاسال دونوں ممالک کے درمیان زندگی کے تمام شعبوں میں تعاون کی مزید نئی راہیں کھولے گا، زراعت، ہیلتھ کیئر،ٹیکنالوجی اورتعلیم کے شعبوں میں چین کے تعاون سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین ایک روشن کل کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، چین ہمارا ہر موسم کا دوست،مضبوط شراکت دار اور قابل اعتماد پڑوسی ثابت ہوا ہے، ضرورت کے وقت چین کی غیر متزلزل حمایت پاک چین دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
نگران وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں چین کے انمول تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں سی پیک ایک سنگ میل ثابت ہورہا ہے، حکومت پنجاب مختلف شعبوں میں چین کی حمایت اور تعاون پر شکرگزار ہے۔
چینی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے۔

عثمان خان ترکئی کا تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی عثمان خان ترکئی نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان خان ترکئی نے کہا کہ صوبے کا واحد آدمی تھا جو گلگت بلتستان کمیٹی کا ممبر بھی رہ چکا ہوں، تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ 2015ء میں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس ایم این اے کی سیٹ ہے لیکن اس کیلئے کورٹ گئے ہوئے ہیں، آئندہ ہم اپنے عوام کے مشورے سے کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔
سابق ممبر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی نے جو دہشتگردی کی اس کی مذمت کرتے ہیں، شہرام کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، میں پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے علیحدہ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

ننکانہ صاحب: مسجد کے تعمیراتی کاموں میں مصروف 2 مزدور گو سے گر کر جاں بحق

ننکانہ صاحب: (ویب ڈیسک) مسجد کے تعمیراتی کاموں میں مصروف 2 مزدور گو سے گر کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مزدور نگینہ مسجد واربرٹن میں کام کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک گو کھل گئی اور دونوں مزدور زمین پر گرنے سے شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی شناخت 37 سالہ رمضان ساکن ضلع وہاڑی اور 28 سالہ فرحان ساکن اقصی کالونی واربرٹن کے نام سے ہو ئی ہے۔
37 سالہ رمضان وہاڑی کا رہائشی ہے اور مزدوری کیلئے واربرٹن ضلع ننکانہ آیا تھا۔

پاک بحریہ کیلئے چوتھا بابر کلاس ملجم کارویٹ ‘پی این ایس طارق’ تیار، لانچنگ کل ہوگی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کا بحری دفاع کئی گنا مضبوط بنانے کیلئے ایک اور کلیدی کامیابی حاصل کر لی گئی، پاک بحریہ کیلئے چوتھا بابر کلاس ملجم کارویٹ ‘پی این ایس طارق’ کی لانچنگ کل ہوگی۔
ذرائع کے مطابق بابر کلاس ملجم کارویٹ قریباً 3 ہزار ٹن وزنی 31 ناٹ رفتار کا حامل جنگی جہاز ہے، جنگی بحری جہاز سطح آب، زیر آب، فضاء پر مار کرنے والے میزائلوں، مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے، بابر کلاس ملجم کارویٹ 12 سیلز پر مشتمل عمودی میزائل لانچنگ نظام بھی رکھتا ہے۔
جہاز جدید ترین ریڈارز، سینسرز، گنز اور ہیلی کاپٹر لینڈنگ ڈیک کا حامل ہے، بابر کلاس سلسلے کے چوتھے اور آخری جہاز پی این ایس طارق کی کیل لیئنگ 5 نومبر 2021ء کو ہوئی تھی، ترکیہ اسفاٹ کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجنئیرنگ ورکس میں تیار کردہ یہ دوسرا اور بطور مجموعی چوتھا جہاز ہے۔
ترکیہ نے پاکستان کو ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بڑے جنگی جہازوں کی تیاری میں کلیدی تعاون فراہم کیا ہے، پاکستان نیوی کیلئے دو جہاز ترکیہ میں لانچ ہو چکے ہیں جوکہ جانچ کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مابین جولائی 2018ء میں 4 ملجم کلاس کارویٹس کی خریداری کا معاہدہ ہوا تھا۔

عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلیں گے، وزیراعظم شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور وفاقی افسران شریک ہوئے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں نگران پنجاب حکومت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی رپورٹ پیش کی جبکہ وزیراعظم کو وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے دہشت گردی کی، عمران نیازی نے وہ کر دکھایا جو 75 سال میں دشمن نہ کرسکا تھا، 9 مئی کے واقعات ہمیں ہمیشہ ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، اکسانے، نعرے لگانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث کوئی شخص نہیں بچے گا۔

عمران خان نے 4 سال میں جو تباہی کی ن لیگ اسے ٹھیک کرے گی، رانا تنویر

نارنگ منڈی: (ویب ڈیسک) رہنما مسلم لیگ (ن) اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا ہے کہ عمران خان نے 4 سال میں ملک کی جو تباہی کی ن لیگ اسے ٹھیک کرے گی۔
اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما رانا تنویر نے کہا کہ الیکشن میں عمران خان کی ضمانت ضبط کروائیں گے اور اگر نہ کروا سکے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، عدالتیں جو کر رہی ہیں سب دیکھ رہے ہیں، جلد سب ٹھیک ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کے بعد عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، عمران ملک دشمن اور اور عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے، عمران خان کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا، اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عمران خان نے کارکنوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی جس کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا:احسن اقبال

نارروال : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کاکہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں کےذہنوں میں نفرت پیدا کی اور اس زہرآلود سیاست کا نتیجہ 9 مئی کو نکلا۔
نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا اور نذرآتش کیا گیا، جناح ہاؤس اور شہداء کی یادگاروں پر حملہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے حمایتوں کو انتہا پسندی کی طرف مائل کیا اور کہا کہ امریکا کی ڈکٹیشن کیوں لیں، یہ اپنی نااہلی اور ضد کی وجہ سے عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے، موجودہ حکومت کو امپورٹڈ کہااور ملکی دشمنی میں اداروں کیخلاف مہم چلائی اور قومی اداروں پرتنقید کی۔
احسن اقبال نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی شکست تسلیم کرنے کی بجائے عمران خان نے امریکی سازش کا ڈرامہ رچایا، عمران خان کی طرز سیاست کو پاکستان میں قبولیت نہیں ملی، عمران خان کی گرفتاری کے بعد اہداف کو نشانہ بنانے کا کہا گیا، اور پھر جو کچھ ہوا اس کو سیاسی احتجاج نہیں کہا جاسکتا، کوئی معاشرہ احتجاج کو جلاؤ گھیراؤمیں تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں کیونکہ جو کام عمران خان کر رہا تھا، وہ کام کروڑوں اربوں روپے خرچ کر کے بھی وہ نہیں کرسکتے تھے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کی ایک آڈیو سامنے آگئی ہے، آئین توڑنے والا آج ملک میں آئین وقانون کی بات کر رہا ہے، سی پیک تباہ کرنے والا معیشت کی بہتری کی بات کر رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو اٹھا کر اپنے پیروں پر کھڑا کیا، پاکستان کی ترقی کو عمران خان کی انا پرستی کے ذریعے کریش لینڈ کرایا گیا، ہم مائنس اورپلیس کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم سزا اور جزا پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ پاکستان کو کمزور کرکے غلامی میں دھکیلنا چاہتے تھے، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افراد کوسخت سزادی جائے۔