All posts by Khabrain News

عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے گھر زمان پارک کے راستے کھول دیئے گئے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف میں سڑکوں پر لگائے گئے کنٹینرز اور کیمپ ہٹا دیئے، کلیئر کرائی گئی گرین بیلٹ پر نئے پودے بھی لگا دیئے گئے۔
زمان پارک کے اطراف میں تعینات کی گئی پولیس کی بھاری نفری بھی واپس بلا لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ والے علاقے زمان پارک میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آپریشن کلین اپ کر کے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔
زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کی دونوں گلیوں کو بیریئرز اور کنٹینرز سے بند کیا گیا تھا اور زمان پارک کا علاقہ عام شہریوں کیلئے نو گو ایریا بن چکا تھا۔
ضلعی انتظامیہ نے کرینوں کی مدد سے دونوں گلیوں کے بیریئرز اور کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع کیا تھا۔

وزیراعظم نے امن و امان سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آج ملک میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ ، تمام تر صوبوں سے متعلق نمائندے وفاق سے متعلقہ افسران شرکت کریں گے ۔
اجلاس میں پنجاب حکومت 9مئی سے متعلق گرفتاریوں اور کارروائیوں کی جائزہ رپورٹ پیش کرے گی ۔
وزیراعظم کو وفاقی حکومت کی جانب سے بھی کیےگئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔

بھارتی جیلوں میں قید 22 پاکستانی بھارت سے رہا ہونے کے بعد واہگہ بارڈر پہنچ گئے

سجاول: (ویب ڈیسک) برسوں سے بھارتی جیلوں میں قید 9 ماہی گیروں سمیت 22 پاکستانی بھارت سے رہا ہونے کے بعد واہگہ بارڈر پہنچ گئے۔
برسوں سے قید ماہی گیروں کی رہائی پر والدین کے چہرے پر رونق لوٹ آئی، مختلف ذات سے تعلق رکھنے والے 6 ماہی گیر ہیں جن میں قاسم، عبدالمناف تہیم، شیر علی سونارو ملہ، اچھر ملہ، سلیم ڈوریو، احمد جٹ شامل ہیں۔
تحصیل کے 26 ماہی گیر اب بھی بھارتی جیلوں میں قید ہیں، فشر فوک فورم نے دونوں ممالک میں قید ماہی گیروں کی آزادی کے لیے بھرپور کوششیں کیں، جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے۔

پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتہ ہو گیا۔
لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز پرتعینات منتظرمہدی نامی فلائٹ اسٹیورڈ جمرات کو ٹورنٹو پہنچا تھا، لاپتہ فضائی میزبان نے جمعہ کو ٹورنٹوسے لاہور کی پرواز نمبر 798 پر فرائض انجام دینے تھے۔
پروازکے لئے مذکورہ فضائی میزبان نے ہوٹل میں دیگرعملے کے ساتھ رپورٹ نہیں کی، منتظر مہدی سے قبل بھی چار خاتون اور مرد فضائی میزبان مبینہ طور پر سلپ ہو چکے ہیں۔
پہلے سے لاپتہ ہونے والے فضائی میزبانوں کی پاکستانی شہریت ختم نہیں کرائی گئی، دیگر ممالک کی فضائی کمپنیوں کے لاپتہ میزبانوں کی شہریت فوری طور پر منسوخ کی جاتی ہے۔
لاپتہ فضائی میزبانوں کی وطن واپسی پر کارروائی کے لئےایف آئی اے کو کوائف بھی فراہم نہیں کئے گئے، مبینہ طور پر سلپ ہونے والے اپنے قومی شناختی کارڈز کی تجدید بھی با آسانی کرا لیتے ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز بارے تفصیلات جاری کردیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری فنڈز کی تفصیلات جاری کر دیں، چوتھی سہ ماہی میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے تحت 72 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے۔
اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال پی ایس ڈی پی کے تحت اب تک 566 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں، گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 516 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے۔
رواں مالی سال اب تک اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 42 ارب، ہوا بازی ڈویژن کیلئے 33 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق کابینہ ڈویژن کیلئے 90 ارب روپے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے 4 ارب اور وزارت تجارت کیلئے ساڑھے پانچ ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز جاری کئے، وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کیلئے 19 ارب روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔
ریلوے ڈویژن کیلئے 25 ارب 81 کروڑ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیلئے 76 ارب 57 کروڑ ، وزارت قومی صحت کیلئے 11 ارب اور قومی تحفظ خوراک کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے۔

یو ٹیوب میں نئی تبدیلی متعارف کرانے کی تیاریاں

لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور و معروف ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب میں ایک اور نئی تبدیلی کی جارہی ہے جو یقیناً آپ کو بالکل بھی پسند نہیں آئیگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر آپ ٹیلی ویژن میں یوٹیوب ویڈیوز دیکھتے ہیں تو بہت جلد 30 سیکنڈ کے ایسے اشتہارات نظر آئیں گے جن کو سکپ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔یعنی ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کا استعمال کسی روایتی ٹی وی چینل جیسا ہی ہو جائے گا۔
ویڈیو پلیٹ فارم کی جانب سے 30 سیکنڈ کے ایسے اشتہارات کو پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔یوٹیوب پر ابھی ایسے اشتہارات کا دورانیہ 15 سیکنڈ کا ہوتا ہے جن کو سکپ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
مگر نئی تبدیلی کے تحت یہ دورانیہ 30 سیکنڈ تک بڑھایا جائے گا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ایسے اشتہارات کی تعداد بھی بڑھا دی جائے گی۔
کمپنی کے مطابق یہ تبدیلی پہلے امریکا اور کینیڈا میں متعارف کرائی جا رہی ہے اور اسے آنے والے مہینوں میں دنیا بھر تک توسیع دی جائے گی۔
30 سیکنڈ کے اشتہارات کے ساتھ یوٹیوب کی جانب سے pause experiences کو بھی ٹی وی ایپ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اس کے تحت جب کسی ویڈیو کو پوز (pause) کیا جائے گا تو سائیڈ میں اشتہارات نظر آئیں گے۔خیال رہے یوٹیوب دنیا بھر میں مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس ہے

ملک بھر میں ماہ ذیقعد 1444ھ کا چاند نظر نہیں آیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ماہ ذیقعد کا چاند نظر نہیں آیا، کل 21 مئی اتوار کو 30 شوال جبکہ 22 مئی سوموار کو یکم ذیقعد 1444ھ ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہ ذیقعد 1444ھ کا چاند دیکھنے کیلئے لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ زونل رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ریجنل ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات، سپارکوکے ذمہ داروں نے بھی شرکت کی۔
زونل رویت ہلا کمیٹیوں کو ملک بھر سے چاند دکھائی دینے کی ایک بھی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ذیقعد کا چاند دکھائی نہ دینے کا اعلان کردیا۔

فوج اور عوام میں دراڑ کی کوشش قابل برداشت ہے نہ قابل معافی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج اور عوام میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آرمی چیف نے جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات کا بھی دورہ کیا جن پر شرپسندوں نے حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی تھی، کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورہ کے موقع پر آرمی چیف کو 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز میں افسروں اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث منصوبہ سازوں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے، آرمی چیف نے مادر وطن پر جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا، انہوں نے ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی۔

عمران خان کا 23 مئی کو نیب تحقیقات میں پیش ہونے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں 23 مئی کو نیب تحقیقات میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے خلاف 19 کروڑ پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق کیس میں دوسرے نیب نوٹس کا جواب دے دیا، عمران خان کے وکیل علی اعجاز بٹر نے نیب کو خط لکھا ہے۔
خط کے متن کے مطابق عمران خان 23 مئی کو صبح گیارہ بجے پیشی کیلئے نیب راولپنڈی پہنچیں گے، عمران خان نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوں گے۔

عمیر نیازی عمران خان کے فوکل پرسن برائے قانونی امور مقرر

لاہور: (ویب ڈیسک) عمیر نیازی کو چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فوکل پرسن برائے قانونی امور مقرر کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر ایوب کے دستخط سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمیر نیازی اپنے فرائض منصبی کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رپورٹ کریں گے۔