All posts by Khabrain News

آڈیو لیکس تحقیقات کیلئے 3 رکنی جوڈیشل کمیشن پر عمران خان کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی جوڈیشل کمیشن پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آڈیو لیکس کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017ء کے سیکشن 3 کے تحت انکوائری کمیشن تشکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو ذہن میں رکھنے میں ناکام ہیں کہ وزیر اعظم کے دفتر اور سپریم کورٹ کے موجودہ ججوں کی غیر قانونی اور غیر آئینی نگرانی کے پیچھے کون ہے، کمیشن کو اس بات کی تحقیقات کرنے کا اختیار دیا جانا چاہیے کہ یہ طاقتور اور نامعلوم عناصر کون ہیں جو اعلیٰ عوامی عہدیداروں سمیت شہریوں کی ٹیلی فون گفتگو کو ٹیپ اور ریکارڈ کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس رازداری کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کی آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت ضمانت دی گئی ہے، غیر قانونی فون ٹیپنگ اور سرویلنس کے ذریعے غیر قانونی طور پر ڈیٹا حاصل کرنے والوں کا نہ صرف احتساب ہونا چاہیے بلکہ مختلف فون کالز کو من گھڑت اور چھیڑ چھاڑ کے ذریعے سوشل میڈیا پر لیک کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کے تحت چلنے والی جمہوریتیں تجویز کرتی ہیں کہ ریاست کو زندگی کے بعض پہلوؤں میں من مانی مداخلت نہیں کرنی چاہیے، آرٹیکل 14 کے تحت ضمانت دی گئی ہے کہ رازداری اور وقار کے حق کی صریح خلاف ورزی ہوتی ہے جب ریاست غیر قانونی طور پر کسی فرد کی نگرانی کرتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حال ہی میں لیک ہونے والی کچھ کالز اس بات پر کی گئی تھیں کہ وزیر اعظم کے دفتر میں ایک محفوظ فون لائن کیا جانا تھا، اس کے باوجود، انہیں غیر قانونی طور پر ٹیپ کیا گیا اور من گھڑت چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ بظاہر، اس طرح کی جرات مندانہ ٹیپنگ کے پیچھے وہ عناصر ہیں جو کمانڈ اور یہاں تک کہ پاکستان کے وزیر اعظم کے علم میں لائے بغیر یہ کام کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جو قانون سے بالاتر ہیں اور ملک کے وزیر اعظم کے حکم سے بھی باہر ہیں اور جو اس طرح کی غیر قانونی نگرانی کرتے ہیں، کمیشن کو ایسے عناصر کی نشاندہی کرنے کی ضرورت ہے۔

مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرنا سب سے بڑا جرم ہے: چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرنا سب سے بڑا جرم ہے، عمران خان نے ہمیشہ مذہبی کارڈ کھیلا۔
علما مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فتنے کو بڑھانے کے لیے فارن فنڈنگ کا استعمال کیا گیا، چوروں سے حساب مانگنے پر پورے ملک میں آگ لگا دی گئی، حقیقی آزادی کا وقت آیا تو اب چھپتے پھر رہے ہیں۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے 9 مئی کے مقدمات سول عدالتوں کے بجائے فوجی عدالتوں میں لے جانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سول عدالتوں کا حال دیکھیں وہ پہلے ہی پی ٹی آئی کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میں سول مقدمات کی فوجی عدالتوں میں منتقلی کی حامی نہیں، انہیں سویلین عدالتوں میں ہی رہنا چاہیے لیکن سول عدالتوں کا حال تو دیکھیں، سول عدالتیں متنازع ہو چکی اور وہ ایک سیاسی جماعت کی آلہ کار بن چکیں، اب انصاف کا کیا حال ہوگا؟ آج تک کسی سیاسی جماعت نے وہ کام نہیں کیا جو پی ٹی آئی نے نو مئی کو کیا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کہا تھا کہ اس سوغات عمران خان کو جہاں سے لائے ہیں واپس لے جائیں، نواز شریف نے ان دو افسران کے خلاف بات کی تھی مگر پوری فوج کو کچھ نہ کہا اور نہ فوجی تنصیبات پر حملے کیے، اگر عمران خان کو پرانے کیسز میں سزا مل جاتی تو آج سانحہ 9 مئی نہ ہوتا۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران کسی کو کبھی ضمانت نہیں ملتی دنیا میں ایسا نہیں ہوتا مگر سپریم کورٹ نے ریمانڈ کے باوجود عمران خان کو ضمانت دے دی، فوجی عدالتوں پر اعتراض ہو رہا ہے مگر دیکھیں سول عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ بات بات پر سٹے آرڈر دے دیتی ہیں کہ قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے، اب کس پر اعتبار کیا جائے؟۔
مریم نواز نے کہا کہ یہاں پر ساس اور لاڈلے کا قانون چل رہا ہے، ججز کہتے ہیں کہ ہمارے احکامات پر عمل نہیں ہو رہا، یہ بھی تو دیکھیں کہ آپ احکامات کیا دے رہے ہیں؟ ن لیگ نے تو ججز کی آزادی کے لیے تحریک چلائی ہے۔
مریم نواز نے انکشاف کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بطور چیف جسٹس مدت ملازمت میں توسیع کے لیے نواز شریف پر دباؤ ڈالا، ان کا بھی وقت آئے گا جو کہیں چھپ کر بیٹھے ہیں، جیل میں موجود نواز شریف کو جسٹس کھوسہ نے کیوں پیغام بھیجا کہ کھوسہ کو ایکسٹینشن دی جائے مگر نواز شریف نے کہا کہ اپنا کاغذ پکڑو اور نکلو ادھر سے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمر عطا بندیال نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آصف سعید کھوسہ ایک دن قانون کے شکنجے میں آئے گا، ڈیم والے بابا ثاقب نثار کی کی بات کروں وہ تو خود کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، ان کا بیٹا بھی پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بلیک کرتا ہوا پکڑا گیا، یہ لوگ قدرت کی طرف سے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں اور اسی ڈگر پر عمر عطا بندیال بھی چل رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ بانی پاکستان کا گھر جلاتے ہوئے پی ٹی آئی والوں کو حیا نہیں آئی؟ اور اب عمران خان ثبوت مانگتے ہیں؟ عمران خان کو حسان نیازی کی وہ تصویر نظر نہیں آئی جس میں وہ ڈنڈے پر پاکستان آرمی کی تصویر لٹکائے ہوئے ہے، ثبوت چاہیے تو یاسمین راشد کی آڈیو دیکھو اور اس کی ویڈیو بھی دیکھو جس میں وہ کہتی ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس میں انسانوں کو لے کر جانا تھا جانور کو نہیں۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں G20 اجلاس کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے، قمر زمان کائرہ

باغ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں G20 اجلاس کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے۔
مشیر برائے امور کشمیر نے نعمان پورہ میں استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ہاتھ لاکھوں کشمیریوں کے خون سے آلودہ ہیں، اس کے جبر کی داستانیں بڑھتی جا رہی ہیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرح مسئلہ کشمیر سے منہ نہیں موڑیں گے، یہ نہیں کہیں گے کہ “بھارت کشمیر میں ظلم کرتا ہے تو میں کیا کروں؟” وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کیا اور بہترین خارجہ پالیسی کی بدولت مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے انعقاد پر دنیا پر صورت حال واضع ہونے لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت مجوزہ گروپ 20 اجلاس کے رکن ممالک اجلاس پر تحفظات کا اظہار کرنے لگے ہیں، چین اور ترکی نے مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔
مشیر برائے امور کشمیر نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کل سے مظفرآباد اور باغ کا دورہ کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ تمام تر اختلاف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بے شک اپنے پارٹی کے جھنڈوں کے ساتھ ان کے جلسوں میں شرکت کریں۔

یو اے ای سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تعمیر میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر مسٹر حماد عبید ابراہیم الزابی نے ملاقات کی جس میں انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر میں مدد کرے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں کراچی میں متحدہ عرب امارات کے کونسل جنرل بخیت عتیق الریمتی بھی شریک ہوئے، وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ ان کے نمائندہ خصوصی سید قاسم نوید نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور یو اے ای کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا یو اے ای سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا، گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بہت جلد پراجیکٹ کو حتمی شکل دی جائیگی۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ یو اے ای کے صنعتکار سندھ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ یو اے ای کے ساتھ پاکستان کے تعلقات شہید بھٹو کے زمانے سے ہی مثالی ہیں۔

ملک بھر سے حج پروازوں کی روانگی کل سے شروع ہو گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر سے حج پروازوں کی روانگی کل سے شروع ہو گی۔
عازمین حج کو لے کر پہلی فلائٹ کراچی جبکہ دوسری پرواز لاہور سے روانہ ہو گی، کل رات 9 بج کر 20 منٹ پر اسلام آباد سے پہلی پرواز مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے فیصل آباد کے لیے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا
رواں سال پونے دو لاکھ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، گزشتہ سال مجموعی طور پر 75، 80 ہزار عازمین نے حج کیا۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محموداور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عازمین کو رخصت کریں گے۔

مشعال ملک کا 22 مئی کو جی 20 کانفرنس کیخلاف ریلی نکالنے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے 22 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جی ٹونٹی کانفرنس کے خلاف اسلام آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ حریت رہنما جیلوں میں بند ہیں، کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہو چکی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنا تسلط جمانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء کو جو اقدامات کیے اس پر بھارت جشن منا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی کانفرنس کرا رہا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ تمام ممالک کو خطوط لکھے ہیں، سب کو موجودہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے، اس جی ٹونٹی کا سب کو بائیکاٹ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ ممالک مقبوضہ کشمیر میں جی ٹونٹی میں شریک ہوتے ہیں تو انہیں بھارت کے ظلم میں برابر کے شریک سمجھیں گے، انہوں نے کہا کہ 22 مئی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جی ٹونٹی کانفرنس کے خلاف اسلام آباد میں ریلی نکالوں گی۔

عثمان ڈار کا بھائی عامر ڈار وہاڑی جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار کو وہاڑی جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
رہنما تحریک انصاف کے بھائی عامر ڈار کو پولیس نے چند روز قبل گرفتار کر کے وہاڑی جیل میں منتقل کیا تھا، عامر ڈار پر کرپشن کے الزامات تھے۔
اینٹی کرپشن کی ٹیم نے عامر ڈار کو گرفتار کر کے عثمان سرور کی عدالت میں پیش کیا، اینٹی کرپشن پولیس نے عدالت سے 3 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔

کرتار پور میں 1947 سے بچھڑے بہن بھائی مل گئے، ویڈیو وائرل

شکر گڑھ: (ویب ڈیسک) امن کی راہداری کرتار پور میں 1947 سے بچھڑے بہن بھائیوں کا ملاپ ہو گیا۔
آزاد کشمیر کے رہائشی بھائی شیخ عبدالعزیز کی بھارتی شہری بہن مہندر کور سے ملاقات ہوئی، دونوں خاندان اور بہن بھائی 1947 میں بچھڑ گئے تھے۔
عبدالعزیز اور مہندر کور اپنے بچوں کے ساتھ کرتار پور پہنچے، 75 سال بعد ملاقات پر دونوں خاندان خوش ہوگئے، انہوں نے کرتار پور راہداری پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

پی آئی اے نے فیصل آباد کے لیے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پی آئی اے کی جانب سے فیصل آباد کیلئے حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔
عازمین حج کی پہلی پرواز کل صبح 9 بج کر 10 منٹ پر مدینہ منورہ روانہ ہو گی، فیصل آباد سے پی آئی اے کی کُل 22 پروازیں مدینہ منورہ اور جدہ جائیں گی۔
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق حج پروازوں کا سلسلہ 16 جون تک جاری رہے گا، فیصل آباد سے پی آئی اے پروازوں کے ذریعے 3500 عازمین حج جائیں گے۔

‘بیسٹ آف لک خان صاحب’، اجمل وزیر نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ دیا

پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی اجمل وزیر نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی اجمل وزیر نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا میں حکومت کا ترجمان تھا، خیبرپختونخوا کا انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ بھی میرے پاس تھا، آج میں اپنا بیک گراؤنڈ بتانے اور سیاسی گفتگو کرنے کیلئے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کیلئے جان دینے والے کرنل شیر خان کے ساتھ کیا کیا گیا، باہر کی صورتحال بھی ہمارے سامنے ہے، ہم کس طرف جا رہے ہیں، مہنگائی دیکھیں، عوام کی حالت دیکھیں، خیبرپختونخوا کے لوگ خان صاحب کے کان میں جو کہتے تھے وہ یقین کر لیتے تھے۔
اجمل وزیر نے کہا کہ آج میرے پاس دو راستے ہیں، 9 مئی کے معاملے پر خاموش ہو جاؤں یا مذمت کروں، مذمت کروں تو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہو جاتی ہے، ہم نے فاٹا کے عوام کو بتایا کہ ہم انہیں اون کرتے ہیں، میڈیا میں 100 میں سے 75 دن میں نیوز کانفرنس کرتا رہا، میں نے اپنی جان سے زیادہ صحافیوں کیلئے کام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خان صاحب نے کہا یہ فیصلہ ہے کہ جس پر الزام لگے اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، میرے خلاف خان صاحب نے کمیشن بنایا، ایک ماہ کا ٹائم تھا اور دس ماہ بعد رپورٹ سامنے آئی، دس ماہ بعد بتایا گیا کہ اس ریکارڈنگ میں اجمل وزیر کو بے گناہ قرار دیا گیا ہے۔