All posts by Khabrain News

مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، خریدار پریشان

لاہور: (ویب ڈیسک) عید الاضحیٰ قریب آتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں مویشی منڈیاں سج گئی ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں منڈیاں تو سج گئیں لیکن ان منڈیوں میں خریداروں کا تناسب بہت کم نظر آتا ہے، منڈیوں میں جانور تو بہت ہیں لیکن خریدار کم ہیں، عید میں بہت تھوڑے دن رہ جانے کے باوجود زیادہ رش نہیں۔
منڈی میں خریداروں کے کم ہونے کی وجہ جانورں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں ہیں جس سے خریدار پریشان ہیں جب کہ بیوپاری منڈی میں آنے والے اخراجات اور جانوروں کے مہنگے چارے کا رونا روتے نظر آرہے ہیں۔
سکھر کی مویشی منڈی میں بھاگ ناڑی نسل کے بیلوں کی قیمت کم سے کم 4 لاکھ مقرر کی گئی ہے، گوجرانوالہ میں کھیالی کے بیوپاری نے بکروں کی لوٹ سیل لگا دی ہے، منڈی میں بکروں کے سودے 1190 روپے فی کلو کے حساب سے ہورہے ہیں۔

آئی ایم ایف فیصلے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ، 7دن میں آرہوگا یا پار : شیخ رشید

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے فیصلے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ، 7دن میں آرہوگا یا پار ، پتہ چل جائے گا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا کہ حکمرانوں کا زور تقریروں اور تصویروں پر ہے، معیشت کا ٹائی ٹینک ڈوب رہا ہے اور مزید سیاسی عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے ، حقیقی حکومت عوام کے دلوں میں کی جاتی ہے، بیساکھیوں کے سہارے سیاست کرنے والے بالآخر سیاسی موت مرتے ہیں۔
مرحلہ وار ٹوئیٹس میں شیخ رشید کاکہنا تھا کہ اصولوں اورعوام کی خدمت کے لیےجینے مرنےاور اپنے خاندان کےلیےکام کرنے والوں میں فرق ہوتا ہے، بلاول اپنی باری کے خواب دیکھ رہا ہے، خواب دیکھنے پرکوئی پابندی نہیں یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ان بحرانوں سےبھی نکلےگا اور ان منی لانڈروں سےبھی چھٹکاراحاصل کرےگا، خدا کےہاں دیرہےاندھیر نہیں۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں شفاف ہوں گے کہ نہیں یہ عوام کے لیے سوالیہ نشان ہے، لیکن پاکستان کی زندگی سیاسی استحکام میں پوشیدہ ہے اور سیاسی استحکام صاف شفاف الیکشن سے ہی مل سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہ لوٹی ہوئی دولت نہ بیرون ملک جائیدادیں کام آئیں گی، عوام کی آہیں ،صدائیں ،آہ بقا،سسکیاں،بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی، باشعور عوام وقت آنے پر ایسا شعوری فیصلہ دیں گے کہ کرپٹ مافیا کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی۔
سربراہ عوامی لیگ شیخ رشید نے وزیرخزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 200روپے کا ڈالر کرنے والا حواس باختہ ہوچکا ہے، کبھی آئی ایم ایف کو للکارتا ہے کبھی سفیروں کےپاؤں پڑتا ہے، کبھی صحافیوں پر حملہ کرتا ہے، اتفاق فاؤنڈری کا منشی رشتے دار تو بن سکتا ہے اکانومی تباہ کرسکتا ہے،اکانومسٹ نہیں بن سکتا۔

پرویز الہٰی واپس آنا چاہتے ہیں لیکن سپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا: چودھری شافع

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ( ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے بیٹے چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی ہمارے پاس واپس آنا چاہتے ہیں لیکن سپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین نے کہا کہ چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الہٰی کی ملاقات مثبت رہی۔
انہوں نے کہا کہ مونس الہٰی ایک سال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیاست اپنی اپنی، خاندان تو ہمارا ایک ہے لیکن سیاسی طور پر فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
شافع حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو مسلم لیگ (ق) میں واپس آنے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے اور وہ ہمارے پاس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔
ایک سوال کے جواب میں چودھرہ شافع حسین نے جواب دیا ہے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مستقبل میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔

قبائلی تنازعات امن کے قیام میں رکاوٹ بنتے ہیں : عبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی تنازعہ کے پر امن حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرنےکو تیار ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے خضدار کی تحصیل وڈھ میں قبائلی تنازعے کے حل کیلئے جاری پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ فریقین تحمل، برداشت اور بردباری کا مظاہرہ کرینگے، تنازعات کا باہمی گفت وشنید کے ذریعے حل قبائلی معاشرے کی مضبوط روایات کا حصہ ہے۔
عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ علاقے کے سیاسی قبائلی اور مذہبی عمائدین بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی تنازعہ کے پر امن حل کے لئے بھرپور کردار ادا کرنےکو تیار ہے، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس فریقین کا موقف جاننے اور قبائلی عمائدین کے تعاون کے حصول کے لیے وڈھ میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی تنازعات امن کے قیام میں رکاوٹ بنتے ہیں ، اور تنازعات سے ہمیشہ نقصان فریقین اور علاقے کے لوگوں کا ہوتا ہے، تنازعے کے پر امن حل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ سے مسلسل رابطہ میں ہوں اور صورتحال سے آگاہی حاصل کر رہا ہوں۔

شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور، گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے تھانہ ترنول کے مقدمے میں درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔
عدالتِ عالیہ نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی گرفتاری سے روک دیا اور 10 جولائی تک پولیس سے ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کی۔
دونوں رہنماؤں نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔
واضح رہے کہ سیشن کورٹ نے تین روز قبل شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت خارج کی تھی۔

ریلوے کی جانب سے عید الاضحیٰ پرسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کیلئے 3 عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ، کراچی اور لاہور سے 3 سپیشل ٹرینیں چلیں گی جس میں پہلی عید سپیشل ٹرین کوئٹہ سے پشاور کیلئے 26 جون کو روانہ ہوگی جبکہ کراچی سے لاہورکیلئے عید سپیشل ٹرین 27 جون کو روانہ ہو گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تیسری سپیشل ٹرین عید کے بعد 3جولائی کو لاہورسے کراچی کیلئےچلائی جائے گی ، عید سپیشل ٹرینیں 10 ،10 بوگیوں پرمشتمل ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ائیر لائن پی آئی اے نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں 10 فیصد رعایت کا اعلان کیا تھا۔

ملٹری ٹرائل کیس: 9 مئی واقعات میں ملوث گرفتار ملزمان کا ڈیٹا سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فوجی عدالتوں میں آرمی ایکٹ کے تحت عام شہریوں کے مقدمات چلانے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران حکومت پنجاب نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث زیر حراست ملزمان کا ڈیٹا سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن، منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بنچ کا حصہ ہیں۔
سماعت کے آغاز پر سول سوسائٹی کے وکیل فیصل صدیقی روسٹرم پر آگئے، انہوں نے تحریری دلائل بھی جمع کروائے۔
9 مئی واقعات میں ملوث زیر حراست ملزمان کا ڈیٹا سپریم کورٹ میں جمع
علاوہ ازیں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے حکومت پنجاب کی جانب سے 9 مئی کے واقعات میں ملوث زیر حراست ملزمان کا ڈیٹا سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔
رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے واقعات میں 81 خواتین کو حراست میں لیا گیا، گرفتار خواتین میں سے 42 کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے، جبکہ 39 خواتین اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیلوں میں قید ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایم پی او کے تحت 2258 افراد کی گرفتاری کے آرڈر جاری کئے گئے، 9 مئی کی توڑ پھوڑ کے واقعات میں 3050 افراد ملوث پائے گئے، اس وقت ایم پی او کے تحت 21 افراد جیلوں میں قید ہیں، انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف 51 مقدمات درج کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 1888 افراد کو گرفتار کیا گیا، 108 ملزمان جسمانی ریمانڈ اور 1247 جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 33 افراد کی شناخت پریڈ کی گئی، 500 افراد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے رہا کیا گیا، انسدادِ دہشتگردی قانون کے تحت 232 افراد ضمانت پر رہا ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف دیگر قوانین کے تحت 247 مقدمات درج کئے گئے، 247 مقدمات کے تحت 4119 افراد کو گرفتار کیا گیا، 86 ملزمان جسمانی ریمانڈ، 2464 کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا گیا، دیگر مقدمات میں 368 افراد کی شناخت پریڈ کی گئی، اب تک 1201 افراد کو بری کیا گیا ہے، 3012 افراد کو مختلف مقدمات میں ضمانت پر رہا کیا گیا۔
وکیل فیصل صدیقی کے دلائل
ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میری درخواست باقی درخواستوں سے کچھ الگ ہے، میں اس پر دلائل نہیں دوں گا کہ سویلین کا ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ملٹری کورٹس میں نہیں ہوسکتا، یہ بھی نہیں کہتا کہ ملٹری کورٹس کے ذریعے ٹرائل سرے سے غیر قانونی ہے، میں یہ بھی نہیں کہوں گا کہ 9 مئی کو کیا ہوا کیا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سویلین کے ٹرائل کی ماضی میں مثالیں ہیں، فوجی عدالتوں میں فوجداری ضابطے کے تحت کارروائی نہیں ہو سکتی ، اس کو چیلنج نہیں کیا، میں نے کسی ملزم کی بریت کو چیلنج نہیں کیا، فوج کے حوالے ملزمان کو کرنے کے عمل میں مخصوص افراد کو چنا گیا، آرمی ایکٹ قانون کو بدنیتی کے تحت استعمال کیا جاتا ہے، جن افراد کا انسداد دہشت گردی عدالت میں ٹرائل ہو گا ان کو اپیل کا حق ملے گا، جن کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا انہیں اپیل کا حق حاصل نہیں۔
ایڈووکیٹ فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ میرا مدعا تمام ملزمان میں سے چند کے ساتھ الگ سلوک ہوا، ایک ایف آئی آر میں 60 ملزمان ہیں تو 15 ملٹری کورٹس کو دیئے جاتے ہیں، ایف آئی آر میں جو الزامات ہیں ان پر تین الگ طرح کے ٹرائل ہو سکتے ہیں، میرا دوسرا نقطہ فیئر ٹرائل کا ہے، ایک الزام پر ٹرائل کے بعد کچھ لوگوں کے پاس اپیل کا حق ہوگا اور کچھ کے پاس نہیں۔
فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ فیصلے موجود ہیں جو آرمی ٹرائل سے متعلق ہیں، 1998 میں ملٹری کورٹس کیخلاف فیصلہ آیا، ملٹری کورٹس کیخلاف فیصلے میں آرمی ایکٹ کو زیر بحث نہیں لایا گیا۔

پی آئی اے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل، 61 ہزار 467 حجاج سعودی عرب پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی جانب سے حج آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب کراچی تا جدہ آپریٹ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز کے ساتھ ہی قبل از حج آپریشن مکمل ہوگیا ، قومی ایئر لائن کی کل 268 پروازوں کے ذریعے 61،467 حجاج کرام حجاز مقدس پہنچے جبکہ ان پروازوں کے ذریعے سے تقریبا 41 ہزار سرکاری حجاج، 19 ہزار پرائیوٹ حجاج اور 600 خدام مدینہ منورہ اور جدہ روانہ ہوئے۔
پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا ، پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور سے براہ راست روانہ ہوئیں ، سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ سے حجاج نے براستہ کراچی، جدہ کا سفر کیا۔
پی آئی اے کی حج پروازوں کی بروقت روانگی کا تناسب 94 فیصد رہا جبکہ 268 پروازوں میں سے 249 پروازیں وقت پر یا وقت سے کچھ دیر پہلے ہی روانہ ہوئیں ، پورے حج آپریشن میں صرف 19 پروازیں مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئیں ۔
حج آپریشن میں بروقت روانگی کے اعلی تناسب پر سی ای او پی آئی اے نے متعلقہ ٹیموں کو شاباش دی ۔
پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کا آغاز 2 جولائی سے ہوگا جو 2 اگست تک جاری رہے گا۔

ٹائٹن آبدوز حادثہ : داؤد خاندان کا ابتدائی بیان سامنے آگیا

کراچی : (ویب ڈیسک) بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے جانے والے اوشین گیٹ آبدوز ٹائٹن میں سوار شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کی اموات پر داؤد خاندان کا ابتدائی بیان سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی نژاد تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان کے اہل خانہ کاکہنا ہے کہ بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہونے والے آبدوز کو تلاش کرنے کی کوششوں میں شامل تمام افراد کے شکرگزار ہیں۔
شہزادہ داؤد کے والدین حسین اور کلثوم داؤد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آبدوز ٹائٹن کے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام لوگوں کی انتھک کوششیں ہمارے لیے طاقت کا باعث بنی تھیں ، ہم ان تمام افراد کے بھی مشکور ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمیں ملنے والی بے پناہ محبت اور حمایت اس ناقابل تصور نقصان کو برداشت کرنے میں مدد کرے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہزادہ داؤد اور سلیمان کی آخری رسومات کی تفصیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور برطانوی وزارت خارجہ سمیت سرکاری حکام اور دوستوں کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ ٹی وی چینلز نے شہزادہ داؤد اور سلیمان سے متعلق خبریں شائع کرنے کے لیے اپنی معمول کی نشریات کو روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ بحرِ اوقیانوس میں سیاحوں کو لے کر جانے والی آبدوز کمپنی ’اوشین گیٹ‘ نے آبدوز میں موجود پانچوں مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

جام کمال بھی نئی پرواز کے لیے پر تولنے لگے، مریم نواز سے ملاقات

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ جام کمال بھی نئی پرواز کے لیے پر تولنے لگے، پیپلز پارٹی سے رابطوں کے بعد مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے بھی ملاقات کر لی۔
جام کمال کی مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر سینیٹر انوار الحق کاکڑ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ن لیگ کے دور میں نواز شریف اور پھر شاہد خاقان عباسی کی وفاقی کابینہ میں بھی وزیر تھے، جام کمال اپنی حکومت ختم ہونے کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ بن گئے۔
دوسری جانب رکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان اور سابق ایم پی اے اختیار ولی نے بھی مریم نواز سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
مریم نواز کا رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی نواز شریف کے دِل کی آواز ہے، آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں کو ٹکٹ دیں گے۔