All posts by Khabrain News

عمران خان جیل بھرو تحریک کے بجائے ڈوب مرو تحریک شروع کریں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ’’جیل بھرو تحریک کے اعلان‘‘ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک میں قیادت سب سے پہلے گرفتاری دیتی ہے، عمران خان میں جیل بھرو تحریک کا حوصلہ ہے اور نہ قابلیت اس لیے وہ ڈوب مرو تحریک شروع کریں۔
انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کیلیے سنجیدہ ہیں تو زمان پارک سے خواتین و بچے ہٹائیں، آپ کو جیل بھرو تحریک کی ضرورت نہیں، کیسز کا جواب دیں جیلیں خود بھر جائیں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2 دن جیل میں رہ کر جن کی آنکھیں بھر آتی ہیں وہ جیل بھرو تحریک چلائیں گے جبکہ نواز شریف 374 اور مریم نواز 157 دن، آصف علی زرداری 248 دن جیل میں گزارنے پڑیں اور فریال تالپور کو عید کے دن جیل لے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص دوبارہ وہ ہی تقریر کررہا ہے جو 20 سال سے کرتا رہا، عمران خان نے اپنے دور میں 25 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے، چیئرمین پی ٹی آئی کو معیشت، مہنگائی، دہشت گردی کا جواب دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کے پی کے 471 ارب روپے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کیلیے استعمال نہیں ہوئے، آپ کی حکومت کی دہشت گردی کا جواب ہم سے پوچھ رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے 31 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کیلئے درخواستیں طلب کر لیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سینیٹر فرحت اللہ بابر نے 31 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں ٹکٹوں کیلئے درخواستیں طلب کرلیں۔
سینیٹر فرحت اللہ بابرنے کہا ہے کہ ٹکٹ کے خواہش مند امیدوار 12 فروری تک درخواستیں ارسال کریں، درخواست صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام ہو گی۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ درخواست کے ساتھ 40 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ ارسال کیا جائے، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے امیدوار زرداری ہاؤس اسلام آباد کے پتہ پر درخواستیں ارسال کریں۔
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے امیدوار بلاول ہاؤس کراچی کے پتہ پر درخواستیں ارسال کریں۔

ایران؛ حجاب نہ کرنے والی خواتین پر نئی سزاؤں کا اعلان

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں بغیر حجاب کے گھر سے باہر نکلنے والی خواتین پر نئی سزاؤں کے تحت جرمانہ ادا کرنے تک تمام سماجی خدمات سے محروم رکھا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں حجاب نہ کرنے والی خواتین کو گرفتار کے بجائے پہلے انھیں ٹیکسٹ میسیج بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگر جواب میں وہ حجاب نہ کرنے پر اصرار کرتی ہیں تو ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
حجاب نہ کرنے پر اصرار کرنے والی خواتین اگر جرمانہ بھی ادا نہیں کرتیں تو ان کا شناختی کارڈ ضبط کرلیا جائے گا اور جرمانے کی ادائیگی تک ان کے لیے حکومت کی تمام سماجی خدمات معطل رہیں گی یعنی وہ حکومت کے کسی بہبود کے پروگرام سے فائدہ نہیں اُٹھاسکیں گی۔
خیال رہے کہ جلد ہی ایران میں ایک قانون بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت عوامی مقامات پر حجاب کرنا لازمی ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کردیا جائے گا۔
اسی مانیٹرنگ سسٹم کے تحت حجاب نہ کرنے والی خواتین کو بار بار ایس ایم ایس بھی بھیجے جائیں گے۔
خیال رہے کہ 4 ماہ قبل کرد نوجوان لڑکی مھسا امینی کو درست طریقے سے حجاب نہ لینے پر گرفتار کیا گیا تھا اور زیر حراست مبینہ تشدد سے ان کی موت واقع ہوگئی تھی جس کے بعد سے ملک گیر احتجاج جاری ہے۔
پُرتشدد احتجاج کے دوران 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 46 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ 6 افراد کو پھانسی پر لٹکایا جا چکا ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ اس احتجاج کے پیچھے مغربی قوتیں ہیں۔

حکومت کی آئی ایم ایف کو 300 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے آئی ایم ایف کو 300 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی یقین دہانی کرادی۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو ریونیو بڑھانے، گردشی قرضہ میں کمی اور معاشی و توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ انرجی کنزرویشن اور مالی کفایت شعاری کے ذریعے اخراجات میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2023 کے ذریعے تقریباً 300 ارب روپے کے نئے ٹیکس اقدامات کی تجاویز سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا، آئی ایم ایف نے سیلاب کے نقصانات، گردشی قرضے اور دیگر نقصانات کے باعث پانچ سے ساڑھے 500 ارب روپے کے اضافی ریونیو و نان ٹیکس ریونیو اقدامات کی تجویز دی ہے۔
پاکستان کی اقتصادی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں اقتصادی جائزے پر مذاکرات جاری ہیں اور اگلے ہفتے پالیسی سطح کے مذاکرات مکمل ہونے کی توقع ہے، جس میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے روشن امکانات ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے معاشی اصلاحات میں تاخیر، قرضوں، مہنگائی میں اضافے، زرمبادلہ ذخائر میں کمی کو پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ قرار دیا ہے، آئی ایم ایف نے اصلاحات کیلئے وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو آئندہ ہفتے ریونیو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس میں سگریٹس، مشروبات اور فضائی ٹکٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز ہے جس کے تحت سگریٹس پر 50 پیسے فی اسٹک ایکسائز ڈیوٹی جب کہ انرجی ڈرنکس پر ٹیکس بڑھانے اور بینکوں کی آمدن پر لیوی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 300 ارب روپے کے لگ بھگ اضافی ریونیو اقدامات تجویز کئے گئے ہیں اور جتنے اقدامات پر اتفاق ہوگا اسکے مطابق ریونیو اقدامات شامل کئے جائیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں ایف بی آر کی جانب سے پیش کردہ مجوزہ منی بجٹ کے اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاور سیکٹر کے گردشی قرضوں میں کمی کیلئے نظر ثانی شدہ ڈیبٹ مینجمنٹ پلان، بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافے سمیت دیگر امور زیر غور آئے اور آئی ایم ایف کو بتایا گیا کہ نظرثانی شدہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان بھی تیار کر لیا ہے جو منظوری کیلئے ای سی سی کو بھجوایا جاچکا ہے۔
آئی ایم ایف کو یہ بھی بتایا گیا کہ گردشی قرضے میں کمی کیلیے پاور ہولڈنگ کمپنی کو مارک اپ کی ادائیگی اور 285 ارب روپے کے گردشی قرضے کی ادائیگی کیلئے ری فنانسنگ کی سمری بھی آی سی سی کو بھجوائی جاچکی ہے جبکہ گریڈ 17 تا 22 کے سول سرکاری ملازمین کے اثاثہ جات ظاہر کرنے کے حوالے سے پہلے ہی رولز کے اجراء کا نوٹیفکیشن جاری کیا جاچکا ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کو بجلی پر سبسڈی اور نقصانات میں کمی جبکہ ریکوری بہتر بنانے پر زور دیا ہے، بجلی کی قیمت میں ساڑھے سات سے 10 روپے فی یونٹ تک اضافے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا، حکومت نے آئی ایم ایف کو ٹیرف میں مرحلہ وار اضافے کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق بجلی ٹیرف میں مارچ تک 3 روپے فی یونٹ، جبکہ مئی تک مزید 70 پیسے اضافے کی تجویز ہے، اگست 2023 تک بجلی کی قیمت میں مرحلہ وار 6 روپے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے علاوہ آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی میں کمی کا مطالبہ کیا جبکہ حکومت نے 100 کے بجائے 300 یونٹ تک سبسڈی کی تجویز دی ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ مالی سال میں گردشی قرض میں 952 ارب روپے کمی کی جائے گی، 675 ارب روپے کی سبسڈی بھی ختم کرنے کا پلان ہے، ٹیرف میں اضافہ کر کے 200 ارب روپے صارفین سے پورے کئے جائیں گے۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کو بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ شرائط پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت سرکاری افسران کے اثاثہ جات کو ظاہر کرنے سے متعلق رولز کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ تین لاکھ کے بجائے پانچ لاکھ کے لگ بھگ نئے لوگ بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کرلئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ جنوری کیلئے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

ملک میں گالف جیسی صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گالف ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ملک میں صحت مندانہ اور فطرت کے قریب سرگرمیوں کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب سے خطاب میں صدر عارف علوی نے کہا کہ گالف کا کھیل انسان کو فطرت کے قریب لاتا ہے، ورزش اور جسمانی مشقت انسانی صحت کے لئے ازحد ضروری ہیں، فطرت سے قربت صحت مندانہ ہے اور بہتر فیصلہ سازی میں مدد دیتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے گالف ٹورنامنٹ جیتنے والوں اور گالف کے مختلف شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گالفرز میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
صدر مملکت کے علاوہ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، سی ای او سیرینا ہوٹلز عزیز بولانی اور مرد و خواتین گالفرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

عدالت نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیشن عدالت نے کراچی تھانہ موچکو میں درج مقدمہ میں شیخ رشید کی راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی، سندھ پولیس نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد سے کراچی منتقلی روکنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے نیز آبپارہ، مری اور کراچی کے مقدمات غیر قانونی اور کالعدم قرار دیے جائیں۔
سابق وزیر داخلہ نے درخواست میں کہا تھا کہ کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آباد منتقل کیا جائے، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکنے کا حکم جاری کرے، درخواست میں اسلام آباد، سندھ اور پنجاب کے آئی جیز، سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی درخواست خارج کر دی۔

گرفتاری سے یہ نقصان ہوا 2،3دوستوں کے علاوہ باقی سب غائب ہو گئے،شہباز گل

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے کہا ہے کہ گرفتاری سے یہ نقصان ہوا 2،3 دوستوں کےعلاوہ باقی سب غائب ہو گئے ہیں۔
انہوں نے اپنے دوستوں سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ جن سے ایک دن میں کئی کئی بار بات ہوتی تھی ان سے اب مہینوں بات نہیں ہوتی، تقریباً روز ملنے والے دوستوں کی شکل چھ ماہ سے نظر نہ آئی،ہاں لیکن اجنبی عوام، ماؤں بہنوں نے بے شمار محبت بخشی۔
ان کا کہنا تھاکہ جو ہوا، جیسے ہوا، جیسے ابھی ہو رہا ہے ،مجھے پتہ ہے آپکو سب نظر آ رہا ہے،میرے کہے بغیر آپ سب سمجھتے ہیں، یہ وقت بھی گزر جائے گا۔

آواز دہرے طریقے سے سرطان کا علاج کرسکتی ہے

مشی گن: (ویب ڈیسک) سرطان کے مریض چوہوں میں آواز کی لہروں سے حیرت انگیز علاج کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ یہ اہم کام جامعہ مشی گن میں کیا گیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق یہ عمل ’ہسٹوٹرپسی‘ کہلاتا ہے جو دو طرح سے کینسر پر حملہ کرتا ہے۔ سب سے پہلے یہ جسم میں چھپے رہنے والے سرطانی خلیات سے ایک طرح کا خلوی دیوار کا نقاب اتارتا ہے جس کے بعد کینسر کے خلیات ظاہر ہوجاتے ہیں اور علاج میں آسانی ہوجاتی ہے۔ دوم، یہ عمل جسم کے اندرونی دفاعی (امنیاتی) نظام کو بڑھاتا ہے اور اس سے ریڈیو یا کیموتھراپی کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔
اگرچہ ہسٹوٹرپسی کوئی نئی ٹیکنالوجی نہیں تاہم ماہرین نے اس کے امنیاتی نظام پر اثرات پر اب گہری تحقیق کی ہے۔ اس میں چوہے کے جگر میں سرطانی رسولیوں کو تباہ کیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر آواز کی لہروں سے سرطانی پھوڑے اور خلیات مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ 80 فیصد چوہے کینسر سے پاک ہوگئے اور امنیاتی نظام مضبوط ہونے سے ان میں سرطان کا دوبارہ حملہ نہیں ہوا۔
یہ تحقیق’فرنٹیئرز اِن امیونولوجی‘ میں شائع ہوئی ہے۔ ہسٹوٹرپسی میں آواز کی لہریں سرطانوی خلیات کی دیواروں کو توڑ دیتی ہیں اور اندر موجود سرطان کی وجہ بننے والا اینٹی جِن باہر آجاتا ہے جو جسم کو سرطان کے خلاف لڑنے کے لیے تیار کرتا ہے۔ یہ عمل کیمواور ریڈیوتھراپی میں نہیں ہوتا۔ یہاں تک کہ ایک چوہے کے اینٹی جن کو انجیکشن میں بھر کر دوسرے چوہے کو لگایا گیا تو اس میں بھی سرطان کے خلاف امنیاتی قوت پیدا ہوگئی اور گویا اس نے کینسر ویکسین کے طور پر کام کیا۔
یہ اہم کام پروفیسر زین شو نے کیا ہے جو گزشتہ 22 برس سے ہسٹوٹرپسی پر تحقیق کررہے ہیں۔ تاہم اس کے دیگر پہلوؤں پر تحقیق ابھی باقی ہے۔

500 لڑکیوں کے درمیان امتحان دینے والا واحد لڑکا پرچہ دیتے ہوئے بے ہوش!

بہار: (ویب ڈیسک) بھارت کے ضلع نلندا میں بارہویں جماعت کا ایک ہونہار طالبعلم امتحان دینے آیا۔ تاہم پرچہ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد وہ بے ہوش ہوگیا۔ اس کی وجہ مشکل پرچہ نہیں تھا بلکہ وہ 500 لڑکیوں میں امتحان دینے والا واحد لڑکا تھا اور اسی گھبراہٹ سے حواس کھوبیٹھا۔
17 سالہ منیش شنکر پرساد کا تعلق سُندرگڑھ سے ہے اور وہ ریاضی کا پرچہ دینے امتحانی مرکز میں آیا تھا۔ لیکن ان کی فطرت میں جھجھک اور شرم زیادہ تھی۔ جیسے ہی وہ امتحانی ہال میں داخل ہوئے تو وہاں 500 طالبات تھیں اور منیش وہاں آنے والا واحد لڑکا تھا۔
لڑکے کے اہلِ خانہ، ذرائع ابلاغ اور خود لڑکے نے بتایا کہ وہ اتنی ساری لڑکیوں کے درمیان خود کو دیکھ کر نروس ہوگیا تھا۔ اس کے بعد اسے دھیرے دھیرے گھبراہٹ ہوئی اور اتنی بڑھی کہ سر چکرانے لگا اور اس کے بعد انہیں ہوش نہیں رہا۔ ڈاکٹروں کے مطابق وہ اچانک مکمل طور پر بے ہوش ہوچکے تھے۔
اس کے بعد انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں کچھ دیربعد اس کے حواس بحال ہوگئے۔ منیش کی ایک رشتے دار خاتون نے بھی بے ہوشی کی یہی وجہ بتائی ہے جو ٹویٹر پر زیرِ گردش ہے۔
اس واقعے کے بعد لڑکے کے رشتے داروں نے بھی بتایا کہ اسے لڑکا ہونے کے باوجود ایک ایسے سینٹر میں بھیجا گیا جو مکمل طور پر لڑکیوں کے لیے مختص تھا۔ یہاں 500 لڑکیوں کے درمیان وہ نروس ہوکر بے ہوش ہوگیا۔

خان صاحب کو کسی نے شاید جیل بھرو تحریک کا مطلب غلط بتایا ہے، عطا تارڑ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خان صاحب کو کسی نے شاید جیل بھرو تحریک کا مطلب غلط بتایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عطا تارڑ نے کہا کہ ایسی تحریک چلنے پر تمام زیر سماعت اور زیر التوا مقدمات میں درخواست کی ضمانتیں واپس لی جاتی ہیں۔
عطا تارڑ نے سوال کیا کہ کیا خان صاحب فارن فنڈنگ کیس، سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں واپس لیں گے؟ دیگر رہنما بھی جیل جائیں گے؟