All posts by Khabrain News

سیلاب مزید 12 زندگیاں نگل گیا، مجموعی تعداد 1355 تک جا پہنچی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیلاب مزید 12 زندگیاں نگل گیا، قدرتی آفت میں لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد ایک ہزار 355 ہوگئی، 5 لاکھ 64 ہزار 831 مکان تباہ ہوئے، 7 لاکھ 53 ہزار 187 مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے مزید 12 افراد جاں بحق ہوگئے، سندھ میں مزید 6 افراد جاں بحق ہوئے، خيبرپختونخوا میں مزید 2 افراد مارے گئے، بلوچستان میں سیلاب کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 355 ہو گئی ہے، بلوچستان میں اب تک کل 263 اور پنجاب میں 191 افراد سیلاب سے جاں بحق ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان 22 اور آزاد کشمیر میں 44 افراد جان کی بازی ہار گئے، ملک بھر میں اب تک زخمى افراد کی تعداد 12 ہزار 722 ہوگئى۔
ملک بهر میں 80 اضلاع بارشوں اور سيلاب سے تاحال متاثر ہيں، 3 کروڑ 30 لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں، 6579 کلو ميٹر سڑکیں بارشوں اور سيلاب میں بہہ گئیں جبکہ 7 لاکھ 53 ہزار 187 مويشيوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال، امریکا کا پاکستان سے 45 کروڑ ڈالر کا معاہدہ

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں 45 کروڑ ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے اس حوالے سے مطلوبہ سرٹیفیکیشن فراہم کر دی ہے جس کے بعد کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ پاکستان ایئر فورس کے ایف 16 بیڑے کی معاونت کی جا سکے اور اس حوالے سے مزید عوامل بھی شامل کیے جا سکیں۔
ممکنہ معاہدے کے تحت امریکی حکومت اور لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے انجینئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹیکل سروسز فراہم کی جائیں گی۔

سیلاب زدگان کیلئے سرکاری امداد کی تقسیم میں گھپلے نہیں ہونے دیں گے: سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ سندھ حکمرانوں کی غفلت سے ڈوب گیا، متاثرین دہائی دے رہے، ماضی کی طرح سیلاب زدگان کے لیے سرکاری امداد کی تقسیم میں گھپلے نہیں ہونے دیں گے۔
ایک بیان میں امیرجماعت اسلامی کاکہناتھا،وزیر اعلیٰ سندھ نے بیس روز قبل ایمرجنسی کا اعلان کیا جو کہیں دکھائی نہیں دے رہی،ثابت ہو گیا سندھ حکومت ایک ناکام حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا سارا زور ہوائی جائزوں پرہے، زمین پر اتریں اور لوگوں کی مشکل وقت میں مدد کریں، تینوں بڑی سیاسی جماعتیں آزمائش کے موقع پر بری طرح بے نقاب ہو گئیں۔

’لڑکوں کپ جیت کرلے آؤ‘: پاکستانی کی جیت پر مریم کا ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایشیا کپ میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
میچ کے آخری لمحات میں افغانستان کو جیت کیلئے صرف ایک وکٹ درکار تھی لیکن ٹیل اینڈر نسیم شاہ نے یکے بعد دیگرے دو چھکے لگاکر پاکستان کو ناقابل یقین فتح دلادی۔
میچ ختم ہونے کے بعد مریم نواز نے بھی نے بھی ٹوئٹ کی۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے نسیم شاہ کو شاباشی دی۔
مریم نے کہا کہ ’شاندار میچ تھا، نسیم شاہ کی خوب پرفارمنس تھی، لڑکوں کپ جیت کرلے آؤ۔‘

نسیم شاہ نے جو کیا وہ ناقابل یقین تھا، بابراعظم

شارجہ: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ نسیم شاہ نے جو کیا وہ ناقابل یقین تھا۔
افغانستان کے خلاف جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یقین تھا نسیم شاہ اچھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے میچ کا شانداراختتام کیا۔
بابراعظم نے کہا کہ بالرز نے افغانستان کو کافی کم اسکور تک محدود کیا،جیسی پارٹنرشپ کاسوچا تھا نہیں لگ سکی،کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو غلطیاں کیں کوشش ہوگی اگلی میچ میں نہ دہرائیں،افغانستان کے بالراچھے ہیں،ٹف ٹائم دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر ناصرف فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا بلکہ افغانستان اور بھارت دونوں کو فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

پہلی باحجاب آسٹریلوی سینیٹر افغانستان سے ہجرت کی کہانی بتاتے رو پڑیں

پرتھ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں پہلی باحجاب سینیٹر فاطمہ پیمان پارلیمان میں اپنے اولین خطاب میں افغانستان سے پاکستان اور پھر پرتھ پہنچنے اور اس کے بعد نسل پرستی کا سامنا کرنے کے باعث سیاست میں آنے کی روداد سناتے ہوئے رو پڑیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں اپنے اولین خطاب میں فاطمہ پیمان نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی پہلی حکومت آنے کے بعد ہم لوگ خوف زدہ ہوکر پاکستان چلے گئے۔
بعد ازاں ان کے والد ایک کشتی کے ذریعے آسٹریلیا پہنچے اور چار سال انتھک محنت کے بعد اہل خانہ کو پاکستان سے بلالیا اور پھر ہم سب دوبارہ مل کر رہنے لگے لیکن یہاں مصائب کم نہ ہوئے۔
خاتون سینیٹر نے مزید کہا کہ والد کو آسٹریلیا میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، انہیں محنت کی انتہائی قلیل اجرت دی جاتی اور روزگار میں بھی عدم تحفظ تھا۔ مجھے بھی آسٹریلیا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ سب بہت غیر یقینی تھا۔ میں سمجھتی تھی کہ آسٹریلیا نسل پرستی سے آزاد ہوگا۔
27 سالہ فاطمہ پیمان کا کہنا تھا کہ پہلی بار مجھے آسٹریلیا میں اجنبی کا احساس تب ہوا جب یونیورسٹی میں میرے ایک ساتھی طالب علم نے حجاب کا مذاق اُڑایا گیا اور یہ بھی سننے کو ملتا رہا کہ جہاں سے آئی ہو، وہاں واپس جاؤ۔
جون میں سینیٹر منتخب ہونے والی فاطمہ پیمان نے کہا کہ اس موقع پر میں نے ہار نہ مانی اور سیاسی جدوجہد کا حصہ بنی۔ اس دوران میرے والد کا کینسر کے مرض میں محض 47 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا اور والدہ ہروقت غمزدہ رہنے لگیں۔
سینیٹر فاطمہ پیمان نے کہا کہ میں اپنے والد کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنھوں نے مجھے اتنا اعتماد، حوصلہ اور ہمت دی کہ آج میں اس مقام پر ہوں۔
خیال رہے کہ فاطمہ پیمان کے دادا افغان پارلیمنٹ کے رکن تھے جب طالبان کی پہلی حکومت بنی اور پورے خاندان کو پاکستان منتقل ہونا پڑا تھا۔

افغانستان کے خلاف میچ زندگی بھر یاد رکھوں گا، نسیم شاہ

شارجہ: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ زندگی بھر یاد رکھوں گا۔
افغانستان کے خلاف لگاتار دو چھکے لگا کر قومی ٹیم کو ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچانے والے نوجوان بولر نسیم شاہ نے کہا کہ ہم نیٹ میں بڑے شاٹس کی پریکٹس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب آصف آوٹ ہوئے تو میں نے ذمہ داری لی،خود پر یقین تھا،بلا بدلنے کے بعد چھکے لگے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کے سوپر فور مرحلے میں افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان کی جیت سے بھارت اور افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پی ٹی آئی ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کو اقتدار سے الگ کرنا ہو گا، شاہ محمود

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، ملک بچانا ہے تو امپورٹڈ حکمرانوں کو اقتدار سے الگ کرنا ہو گا۔
سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا کل ملتان میں تاریخی جلسہ ہوگا، جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ این اے 157 میں عمران خان کا جلسہ ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور مضبوطی کیلئے کام کیا ہے، شہباز شریف سیلاب زدگان کی امداد میں سیاست نہ کریں، شہباز شریف جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کی طرف بھی توجہ دیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں نے این اے 157 کیلئے کیا کیا؟ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں نے حلقے کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔

نسیم شاہ کے مسلسل دو چھکوں پر وزیراعظم شہباز شریف کی ٹوئٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایشیا کپ میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
میچ کے آخری لمحات میں افغانستان کو جیت کیلئے صرف ایک وکٹ درکار تھی لیکن ٹیل اینڈر نسیم شاہ نے یکے بعد دیگرے دو چھکے لگاکر پاکستان کو ناقابل یقین فتح دلادی۔
میچ ختم ہوتے ہی وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ٹوئٹ کی۔ اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے نسیم شاہ کو شاباشی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’شکریہ نسیم شاہ شاندار اختتام کیلئے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے، سپر فور میں اس کا آخری میچ سری لنکا سے ہے جبکہ فائنل 11 ستمبر کو سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہی کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ سپر4 : پاکستان نے افغانستان کو شکست دیکر فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا

شارجہ: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے 9 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے اور آخری اوور میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، نسیم شاہ نے افغان بولر فضل الحق فاروقی کو دو گیندوں پر دو لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔
نا ممکن کو ممکن بنانے والی بلے باز نسیم شاہ نے روی شاستری کو انٹرویو میں بتایا کہ ان دو چھکوں کے مارنے پر لوگ بھول گئے کہ میں بولر بھی ہوں، مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار دوں گا اور چھکے مارنے کے لیے محمد حسنین کا بلا استعمال کیا۔
ایشیاء کپ 2022 کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر اتوار کو کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ فخر زمان 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد 30 رنز، شاداب خان 36 رنز، محمد نواز 4 رنز، خوشدل شاہ ایک رن، حارث رؤف صفر اور آصف علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم 36 رنز پر پہلی وکٹ گرتے ہی افغان ٹیم دباؤ میں آگئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ابراہیم زدران سب سے زیادہ 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
رحمان اللہ گربز 17، حضرت اللہ زازئی 21، کریم جنت 15، نجیب اللہ زدران 10 اور کپتان محمد نبی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ محمد حسنین، محمد نواز، شاداب خان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔