All posts by Khabrain News

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اشتراک عمل مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں کی جانب سے باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپریم کورٹ کا 9 رکنی بینچ ٹوٹ گیا، نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملٹری کورٹس میں ٹرائل کے حوالے سے درخواست پر سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے، اس کے نتائج آج یا کل سامنے آجائیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دور حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی، اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں، سپیکر صاحب آپ بھی ان کو اچھی طرح جانتے ہیں جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہو رہے ہیں، ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے، ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا، ایک شہید کے جسد خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا، سیاسی مقاصد کیلئے ملک کی عزت اور وقار کو داؤ پر نہ لگائیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آپ لوگ جا رہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تاکہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں، جو ہمارے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں، میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں اپنی عزت کا تحفظ کریں، اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم اپنی عزت و تکریم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

نوازشریف الیکشن مہم نہیں انتخابی تحریک کیلئے آ رہے ہیں: جاوید لطیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف انتخابی مہم کیلئے نہیں انتخابی تحریک کیلئے آ رہے ہیں، اس مرتبہ الیکشن میں سندھ میں بھی مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف کا مسلم لیگ ن کے بانی رہنما سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوازشریف سے ہی امید ہے کہ وہ ملک کو اس بھنور سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نوازشریف کو دو تہائی اکثریت دی تو ملک کو ناقابل تسخیر بنا کر دکھایا، نوازشریف اپنے دور میں مہنگائی 4 فیصد پر لائے، انڈسٹری لگائی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے پاکستان کو سی پیک دیا، سی پیک لانے والے نوازشریف کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا، سازش کے تحت سی پیک روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید ہے کہ نوازشریف آئیں گے اور خوشحالی لائیں گے، ووٹ کی عزت صرف ووٹ ڈالنا نہیں نتائج تسلیم کرنا ووٹ کی عزت ہے، نوازشریف کی قیادت میں وہ پاکستان ملے گا جہاں مہنگائی نہیں ہوگی۔
جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا، پی ٹی آئی کے ورکرز کی ذہن سازی کی گئی، آج کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

پولیس نے شاہ محمود، اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ داخلے سے روک دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 2 سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی اور اسد عمر درخواست ضمانت پر عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ریلیف لینے میں ناکام ہوگئے۔
عدالت نے دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کی کل تک کیلئے مزید مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پٹیشنرز کے وکیل علی بخاری نے بتایا کہ دونوں رہنما ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلئے صبح ساڑھے 7 بجے آئے مگر پولیس نے دونوں کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا۔
پولیس نے ہائیکورٹ کے دروازے بند کر دیئے تو وہ واپس لوٹ گئے، عدالت ہائی کورٹ گیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لے۔
عدالت نے وکیل کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو کل تک پیش ہونے کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے 2 روز قبل شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت درخواستیں خارج کر دی تھیں اور انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد کی جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ کی مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) مختلف شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کرتے ہوئے 9 مئی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
شرکاء کے وفد کا کہنا تھا کہ آج جناح ہاؤس کو دیکھ کر ہمیں بہت دکھ ہوا ہے، 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ہم سمجھ نہیں پا رہے کہ سیاست کی آڑ میں نوجوان نسل کو کیا سکھایا جا رہا ہے۔
وفد نے کہا کہ ہماری ریڈ لائن پاکستان اور پاک فوج ہے، ہم پاکستان سے آگے کسی سیاسی جماعت کو نہیں مانتے، پاکستان ہےتو ہم ہیں، ہمارا کاروبار اور ہمارے بچے ہیں۔
شرکائے وفد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فوج بارڈر پر دشمن سے لڑ کر قربانیاں دیتی ہے، قائد کا گھر ہمارا قومی ورثہ ہے، ہم اس کو کیسے تباہ کر سکتے ہیں۔

لیہ اراضی سکینڈل: اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج پھر طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے لیہ اراضی کرپشن سکینڈل میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو آج تیسری دفعہ طلب کر لیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش ہونے کیلئے آخری وارننگ دی ہے اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہو گی، سابق وزیر اعظم کی بہن اور بہنوئی کو بھی اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن نے کہا کہ طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائش گاہ پر چسپاں کر دیا گیا ہے، ایڈووکیٹ علی اعجاز نے زمان پارک میں اینٹی کرپشن کا طلبی کا نوٹس وصول کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اراضی سکینڈل میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، انہوں نے اراضی کے غیر قانونی انتقال کیلئے ریونیو افسران پر بنی گالا سے دباؤ ڈالا۔

عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس: خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں گلبرگ میں عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل کی وساطت سے ضمانت دائر کی تھی۔
اے ٹی سی کے جج اعجاز احمد بٹر نے خدیجہ شاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست مسترد کردی۔
یاد رہے کہ لاہور کے تھانہ گلبرگ کی پولیس نے سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات، قرض معاہدے پر تبادلہ خیال

پیرس: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔
فرانس کے دورہ پر پیرس میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری پروگراموں اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے 27 مئی کی ملاقات کا بھی تذکرہ کیا، انہوں نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو حکومت کے معاشی ترقی اور استحکام کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے پر عزم ہے، امید ہے آئی ایم ایف کے مختص فنڈز جلد از جلد جاری کئے جائیں گے، آئی ایم ایف کی قسط سے پاکستان میں معاشی استحکام اور عوام کو ریلیف ملے گا۔
ملاقات میں کرسٹالینا جارجیوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آئی ایم ایف کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزراء شیری رحمان، ایاز صادق، عائشہ غوث پاشا، مریم اورنگزیب اور طارق فاطمہ بھی موجود تھے۔

مسافروں کی چاندی: پی آئی اے کا عیدالاضحیٰ پر کرایوں میں کمی کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے عیدالاضحیٰ پر اندرون ملک پروازوں کے ٹکٹس میں رعایت کا اعلان کردیا۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر اندرون ملک پروازوں کے کرایوں پر رعایت دی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی اندرون ملک پروازوں کے ٹکٹس پر عید کی چھٹیوں میں مسافروں کو 10 فیصد رعایت حاصل ہو گی، یہ رعایت 30 جون اور یکم جولائی کو نافذ العمل ہو گی، مسافر رعایتی ٹکٹ فوری طور پر جاری کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جولائی کو منائی جائے گی، ملک بھر میں 29 جون سے یکم جولائی تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔