All posts by Khabrain News

پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی پر لوگو ڈیزائن مقابلے کا اعلان، انعامی رقم 5 لاکھ روپے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی پر لوگو ڈیزائن مقابلے کا اعلان کردیا گیا، انعامی رقم 5 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی (ڈائمنڈ جوبلی) کے موقع پر لوگو ڈیزائن مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے، جب کہ لوگو ڈیزائن جیتنے والے خوش نصیب کو پانچ لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
وزیراطلاعات کی ٹویٹ میں پوسٹ کی گئی تصویر میں انعام کے علاوہ بتایا گیا ہے کہ 15 مئی سے پہلے لوگو کا ڈیزائن [email protected] پر ای میل کیا جا سکتا ہے، جب کہ لوگو ڈیزائن کے حوالے سے معلومات ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کی ویب سائٹ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن ہوں گے: آصف زرداری

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلی بار ادارے سیاست میں مداخلت نہیں کر رہے۔ فوج نے حلف اٹھایا ہے سیاسی مداخلت نہیں کریں گے۔ انتخابی اصلاحات کے بعد الیکشن ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں سیّد مراد علی شاہ، شرجیل میمن سمیت دیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سابق صدر نے مزید کہا کہ آج ضرورت تھی تو میں آگیا ہوں، بھاری کوئی نہیں انسان سب سے زیادہ کمزور ہے، آج تک میں کہتا آیا الیکشن میں دھاندلی ہوئی اور الیکشن کراؤ، اس وقت ’سوکالڈ‘ سلیکٹڈ نے بھی میری بات کونہیں سنا تھا۔ الیکشن جلدی کرا کر یہ کیا کرلے گا؟ 4 سال اس نے کیا کیا؟ تنہا کچھ نہیں کرسکتا تمام جماعتیں مل کرصورتحال کو سنبھالیں گی اورمقابلہ کریں گی، جمہوریت میں ہار، جیت ہوتی رہتی ہے کوئی خوف نہیں، میں نے خود نیب کے جج کو کہا مجھے عید کی نمازنہیں پڑھنے دی گئی جیل بھیج دیں، عام تھانے میں بھی چارپائی، ایک پنکھا ملتا ہے، ہم نے یہ سب کچھ دیکھا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ خواجہ آصف کی اپنی ایک سوچ ہے، وزیر دفاع کو پارٹی کی بات کو سن کر آگے چلنا چاہیے، مسلم لیگ کا مجھ سے الیکشن اصلاحات پر اتفاق ہے، اگر پارلیمنٹ سمجھتی ہے الیکشن میں جانا چاہیے تو ہمیں کوئی ایشونہیں، الیکشن اصلاحات کے لیے 3 سے 4 ماہ لگیں گے، الیکشن اصلاحات کریں گے توپھرالیکشن کرائیں گے۔ کسی کی پوسٹنگ ہو یا نہ ہوہمارا اس سے کوئی سروکارنہیں۔
پی پی شریک چئیر مین کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا، کل کے کرکٹرکا کیا واسطہ لوگوں کو میر جعفر کہتا ہے، نواب آف بنگال کو یہ میرجعفرکا خطاب دے رہا ہے، یہ سمجھتا ہے وہ نہیں تو کوئی بھی نہیں ہونا چاہیے، ابھی تو پہلی دفعہ نانا بنا ہوا ہوں، دبئی بچے کو دیکھنے گیا تھا، ای سی ایل سے نام ہٹانے پر 3 دن دبئی گیا تھا، میری نظر میں اگر کوئی پاکستان چلا سکتا ہے تو ہم چلا سکتے ہیں یہ نہیں، پہلے ہی کہا تھا یہ اپنے وزن سے گریں گے اور وہی ہوا، اس نے اپنے اتحادیوں سے وعدے پورے نہیں کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی مشاورت کے بعد بات کر رہا ہوں، اس وقت ملک میں تیل مہنگا ہے، ہم تیل کی قیمت نہیں بڑھانا چاہتے، تیل کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، ہمارے گیم پلان میں الیکٹرول ریفارمز، نیب ریفارمز شامل ہیں، اب ہم نے حکومت بنالی اور اب الیکشن کی بات کر رہے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کوتھوڑا گمراہ کیا ہوا ہے، اوورسیزپاکستانیوں کو ملکی مہنگائی، گرمی کا نہیں پتا۔ بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو گراؤنڈ ریلیٹی کا نہیں پتا، اوورسیزپاکستانیوں کے ووٹ کا مسئلہ حل کریں گے، میجورٹی کے حساب سے اوورسیزپاکستانیوں کے لیے سیٹیں نکالیں گے۔ چاہتا ہوں بزنس مین بھی اپنی تجاویز دیں، وزیراعظم بنانے کے لیے ہم نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کوئی ووٹ نہیں لیا، سولرپلانٹس میں اضافہ کرنا ہو گا، ایسا نہ ہوبجلی اتنی مہنگی ہو جائے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جب بھی کھڑا ہوتا ہے توجھوٹ بولتا ہے، لوگ بیوقوف بن رہے ہیں، یہ ان کواستعمال کر رہا ہے۔ پہلی دفعہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی تو ہمیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو سلیوٹ کرنا چاہیے یا لڑنا چاہیے، انہوں نے یہ نہیں کہا زرداری یا شہبازشریف کوووٹ دیں، فوج نے حلف اٹھایا ہے سیاسی مداخلت نہیں کریں گے، ابھی نئی، نئی حکومت آئی ہے۔ پانی کا مسئلہ ہے، اپنی فصلوں اور غریبوں کی فصلوں کو دیکھ کر رو رہا تھا۔
پی پی شریک چیئر مین کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کونکالا گیا ہم نے کبھی ججزکے خلاف مہم نہیں چلائی تھی، مسائل کوحل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ٹی وی پر فریش الیکشن کرانے کا گانا گایا جارہا ہے، سارا جھگڑا تو لاز کا ہے، ہمیں لاز تو بنانے دو، ہم نے تمام لاز کو چینج کر کے پھر الیکشن میں جانا ہے۔ میں تو پرویز مشرف کو زندہ دیکھنا چاہتا ہوں، تاکہ وہ سبق حاصل کرے، کسی کو دکھ دینے والے کوصرف دھرتی نہیں ، اللہ بھی پوچھتا ہے، ضیاالحق کے بارے ورکرز کہتے تھے یہ پاش، پاش ہو جائے گا، پھرسب نے دیکھا ضیاالحق پاش، پاش ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ملک، بیوروکریسی کو تباہ کر دیا ہے، عالمی سطح پر بھی پاکستان کے تعلقات کو خراب کردیا گیا ہے، اگر پاکستان میں مذاق نہ ہوتا رہے تو ہم ہمسایہ ملکوں سے تجارت سے بڑا فائدہ اٹھا سکتے ہیں، عمان کے ذریعے بائی روڈ تجارت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سے ہو سکتی ہے۔

دہشتگردوں کوپناہ دینے کے کیس میں ایم کیوایم پاکستان کےرہنما عامرخان بری

کراچی: (ویب ڈیسک) دہشتگردوں کو پناہ دینے کے کیس میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامرخان اوردیگردوافراد منہاج قاضی اوررئیس مما کو بری کردیا گیا۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگری کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 7 نے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان و دیگر کیخلاف نائن زیرو پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دہشتگردوں کو پناہ دینے سے متعلق مقدمے میں ایم کیوایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنیوینئر عامر خان، منہاج قاضی اور رئیس مما کو بری کردیا۔
استغاثہ مقدمے میں شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ خصوصی عدالت نے عامر خان، منہاج قاضی اوررئیس مما کو عدم شواہد کی بناء پر بری کردیا۔ مقدمے میں 2 ملزمان عمران اعجاز نیازی اور نعیم کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان پر نائن زیرو پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام تھا۔ ملزمان کیخلاف عزیز آباد تھانے میں مارچ 2015 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی نے صدر مملکت کیخلاف غیرآئینی احکامات پر مذمتی قرارداد منظور کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی نے صدر مملکت کے خلاف غیرآئینی احکامات پر مذمتی قرارداد منظور کرلی جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صدر مملکت کے خلاف قرارداد کی مخالفت کر دی۔
غیر آئینی احکامات سے متعلق قرارداد محسن داوڑ نے پیش کی۔
قرارداد کے مطابق صدر مملکت نے گورنر پنجاب کی تقرری کے معاملے میں غیر آئینی احکامات جاری کیے، صدر مملکت نے ایوان صدر کے دفتر کا غیر آئینی استعمال کیا لہٰذا یہ ایوان صدر مملکت کے غیر آئینی احکامات کی مذمت کرتا ہے۔
پیش کی گئی قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں صرف 40 اراکین موجود تھے جبکہ جی ڈی اے نے قرارداد کی مخالفت کی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

انتہا پسند ہندو جماعت کا تاج محل کے بعد قطب مینار کو بھی مندر بنانے کا مطالبہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعتوں نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے نئی دہلی میں واقع ثقافتی ورثے قطب مینار کو وشنو مندر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتہا پسند ہندو جماعت کے سربراہ بھگوان گوئل نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو میمورنڈم دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ثقافتی مقام قطب مینار جو مسلم حکمراں قطب الدین ایبک نے تعمیر کرایا تھا، دراصل وشنو ٹیمپل تھا۔
یونائیٹڈ ہندو فرنٹ کے سربراہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جس میں وشنو ٹیمپل میں 27 مورتیاں تھیں جن کی الگ الگ پوجا پاٹ کی جاتی تھی۔ مسل حکمراں نے انھیں منہدم کرکے قطب مینار بنایا تھا اس لیے مندر دوبارہ بنایا کر اس کے اندر ’پوجا آرتی‘ تعمیر کی جائے۔
قبل ازیں انتہا پسند ہندو جماعتوں بالخصوص یونائیٹڈ ہندو فرنٹ کے کارکنان قرون وسطیٰ کے آثار قدیمہ کے عجائب گھر قطب مینار میں ہندو تہوار ہنومان چالیسہ منانے جمع ہوئے، مذہبی گیت گائے اور جئے شری رام کے نعرے لگائے۔
ثقافتی ورثے میں جمع ہوکر نعرے بازی کرنے پر پولیس نے یونائیٹڈ ہندو فرنٹ کو گرفتار کرکے سربراہ جے بھگوان گوئل کو گھر میں نظر بند کردیا۔
ماضی میں ہندوتوا کے کارکنوں نے ہندو تہوار مہاشیو راتری کے موقع پر آگرہ میں تاج محل کمپلیکس کے اندر شیو چالیسا پڑھا تھا جس پر ہندو جاگرن منچ کے کچھ ارکان، ایک ہندوتوا تنظیم کے ضلعی صدر گورون ٹھاکر کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔
قبل ازیں ایودھیا میں بی جے پی کے مقامی رہنما رجنیش کمار سنگھ کی الہ آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں تاج محل کو دراصل شیو مندر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھا کہ تاج محل کے اندر بند کمرے کو کھول دیا جائے کیوں کہ اندر ہندو مورتیاں اور صحیفے موجود ہیں۔
واضح بابری مسجد میں مندر کے قیام کے بعد سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے نہ صرف مسلم علاقوں کے نام تبدیل کیے بلکہ تاج محل، قطب مینار اور دیگر قدیم عمارتوں اور مساجد کو مندر میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 3 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اسلام آباد میں ایک بار پھر قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اسی طرح چند روز قبل قابض بھارتی سیکیورٹی فورسز کی گولی سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اس طرح آج شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔
مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی حلقہ بندیوں پر وادی بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حریت پسند جماعتوں کی کال پر جگہ جگہ مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 26 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا جب کہ پولیس شیلنگ، ہوائی فائرنگ، تشدد اور لاٹھی چارج سے 109 کشمیری زخمی ہوئے تھے۔

انسٹاگرام نے این ایف ٹی ڈسپلے کی آزمائش شروع کردی

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) اگرچہ بٹ کوائن کے ساتھ این ایف ٹی کا منظرنامہ کچھ بہتر نہیں لیکن انسٹاگرام نے کہا ہے کہ اس نے اپنی ایپ پر نان فنجیبل ٹوکن (این ایف ٹی) کے لیے ڈسپلے کی جگہ بنائی ہے۔ اس کی آزمائش جاری ہے تاہم مخصوص امریکی صارفین کو ہی یہ سہولت حاصل ہے۔
اس کا باضابطہ اعلان انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کیا ہے جس میں انہوں نے منتخب تخلیق کاروں کی ایپ میں اسے ظاہر کیا ہے۔ بعدازاں اس میں کرپٹوکرنسی ایتھریئم کے ساتھ پولی گون کی سہولت دی جائے گی اور اس کے بعد ویب تھری پروٹوکول فلو اور سولانا کرنسی تک اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔
اس کے بعد این ایف ٹی کے مالکان اس کی ملکیت کی تصدیق کے لیے رینبو، ٹرسٹ والِٹ اور میٹاماسک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
این ایف ڈی کو مرکزی انسٹاگرام فیڈ میں شامل کیا جاسکے گا۔ یعنی وہ اسٹوریز اور ڈائریکٹ پیغامات میں بھی دکھائی دیں گی۔ ایک شش پہلو شکل (ہیگزاگون) میں ٹک سائن، صارف کی تیارکردہ این ایف ٹی کی تصدیق بھی کرسکے گا۔ اگرچہ انسٹاگرام اس پر ایک عرصے سے کام کررہا ہے۔ لیکن اب نہ صرف این ایف ٹی کی نمائش شروع کی گئی ہے بلکہ ایپ ان کی خرید و فروخت میں بھی معاونت کرے گی۔ یہاں تک کہ آپ کو مارکیٹ کا راستہ بھی بتائے گی۔
اس سے قبل میٹا کمپنی کے تحت فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے مالک مارک زکربرگ بھی این ایف ٹی میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ این ایف ٹی میٹاورس میں اپنا اہم کردار ادا کرے جس کے لیے پہلی مرتبہ ہیڈ اپ ڈسپلے اور اسکرین والی عینکوں کا ہارڈویئر اسٹور بھی کھولا گیا ہے۔
لیکن واضح رہے کہ این ایف ٹی کی خریدوفروخت میں غیرمعمولی کمی ہوئی ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق گزشتہ ستمبر سے اب تک این ایف ٹی کی فروخت میں 92 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔

بھوکے الوؤں کو بھگانے کے لیے چمگادڑیں آواز بدلتی ہیں

روم، اٹلی: (ویب ڈیسک) پہلی مرتبہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ چمگادڑیں حملہ آور الوؤں سے بچنے کے لیے اپنی آواز بدل کر ڈنک دار مکھیوں یا تتّیوں کی بھنبھناہٹ جیسی نقل اتارتی ہیں۔
اگرچہ آواز یا شکل بدل کر دشمن کو ڈرانا یا اس سے بچنے کا ہنر اب تک کیڑے مکوڑوں میں ہی سامنے آیا ہے لیکن پہلی مرتبہ یہ خاصیت کسی ممالئے میں دریافت ہوئی ہے۔
اٹلی میں واقع نیپلس فیڈریکو دوم یونیورسٹی کے سائنسداں ڈینیلو ریوسو نے کئی برس قبل چمگادڑ کی انوکھی بھنبھناہٹ سنی تھی جب وہ پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔ جب جب وہ باہر نکلتی مکھیوں جسی آواز نکالتیں۔ اب انہوں نے اس مظہر کا بغور جائزہ لیا ہے۔
انہوں نے چوہے جیسے کان والی ایک مشہور چمکادڑ(مایوٹِس مایوٹِس) کی ریکارڈنگ سنیں جو (شہد کی) مکھیوں اور تتّلیوں جیسی تھیں۔ جب جب چمگادڑ کی آواز کسی الو سے ٹکرا کر واپس آئی تو وہ آواز مکھیوں کے مزید قریب ہوتی چلی گئی۔
اگلے مرحلے میں انہوں نے دو اقسام کے الوؤں کو مختلف آوازیں سنائیں جن کی تعداد 16 کے قریب تھی۔ ان میں سے نصف جانور براہِ راست ماحول میں تھے اور بقیہ آٹھ تجربہ گاہ میں رکھے گئے تھے۔ اسپیکر قریب لاکر ہر الو کو چار مختلف آوازیں سنائی گئیں۔ اول، چمگادڑ کی اصل آواز، دوسری آواز جس میں وہ مکھیوں کی نقل کر رہی تھی، سوم یورپی تتّیئے (ہارنیٹ) کی صدا اور چہارم شہد کی مکھی کی آواز سنائی گئی۔
تینوں اقسام کی بھنبھناہٹ سن کر سارے الو ایک دم پیچھے ہٹ گئے اور جیسے ہی انہوں نے چمگادڑ کی اصل آواز سنی وہ اسپیکر کے قریب آگئے۔
ان میں سے کچھ الوؤں کا ردِ عمل مختلف بھی تھا اور وہ بھنبھناہٹ سن کر بہت زیادہ ڈرے تھے شاید ماضی میں انہیں کسی مکھی یا ڈنک دار کیڑے نے کاٹا ہوگا یا ان کی یادداشت میں ایسا کوئی واقعہ تازہ ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق سے ایک سوال پیدا ہوا کہ جب ایک قسم کی چمگادڑ نے خود کو بچانے کے لیے یہ حربہ سیکھا ہے تو بقیہ اقسام کے چمگادڑوں نے اسے اختیار کیوں نہیں کیا؟ اب ماہرین اس جواب کی کھوج کر رہے ہیں۔

سمجھدار کتا ڈرائیور بن گیا

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں کسان نے اپنے پالتو کتے کو گاڑی چلانا سیکھا دیا جو اب پیشہ ورانہ امور میں مالک کو مدد فراہم کرتا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی ریاست وکٹوریا میں کیمرون نامی کسان نے اپنے کتے ’لیزی‘ کو گاڑی چلانے کی تربیت دی، کتا اپنے مالک کے کھیت میں گاڑی چلاتا ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کسان کے اس کتے کی عمر ایک سال ہے جو ٹریکٹر بھی چلانا جانتا ہے۔ کیمرون کا کہنا ہے کہ لیزی جب چھوٹا تھا تو کھیت میں ایک حادثے کے باعث شدید زخمی ہوا جس کے بعد فیصلہ کیا کہ اسے گاڑی چلانا سکھاؤں گا تاکہ وہ گاڑی میں محفوظ رہتے ہوئے میری مدد کرے گا۔
لیزی نامی یہ کتا پہلا نہیں جو گاڑی چلانا جانتا ہو بلکہ اس سے قبل 2012 میں دو کتوں نے دنیا میں سب سے پہلے گاڑی چلانے والے کتوں کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کامن ویلتھ گیمز؛ ویمن کرکٹ ٹیم کے ڈوپ ٹیسٹ جون کے پہلے ہفتے میں ہونگے

لاہور: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز کے لیے ویمن کرکٹ ٹیم سمیت دستے کے تمام ارکان کے ڈوپ ٹیسٹ جون کے پہلے ہفتے میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے رواں ہفتے کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہاکی فیڈریشن کو بھی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کے لیے خط لکھا جائے گا۔
گیمز میں شریک کھلاڑیوں کے حتمی نام بھجوانے کی ڈیڈ لائن 25 مئی ہے، جس کے بعد اگلا مرحلہ ڈوپ ٹیسٹ کا ہوگا۔
کرکٹ اور ہاکی فیڈریشن ڈوپنگ کے اخراجات خود برداشت کریں گے جبکہ دوسرے کھلاڑیوں کے ڈوپنگ پر اٹھنے والے اخراجات پی او اے برداشت کرے گی۔
پی او اے حکام نے یکم جون سے گیمز میں شریک کھلاڑیوں کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب کی ای لابریئری میں ایک آگاہی سمینار بھی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ڈوپنگ کا مرحلہ بھی مکمل کر لیا جائے گا۔