لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا سہرا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو جاتا ہے، یہ پراجیکٹ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کلیدی اہمیت رکھتاہے-
وزیراعلی حمزہ شہباز کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینٹر رانا مقبول احمد، عمران گورایہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
وزیر اعلی نے ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے شہر میں امن عامہ کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے ڈیجیٹل وال پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ نظام کا معائنہ بھی کیا۔ وزیراعلیٰ کو کیمروں کی مدد سے امن عامہ کے قیام کے لئے مانیٹرنگ نظام کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلی حمزہ شہباز نے پکار 15 کال سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی حمزہ شہباز نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹرکوں پر لین مارکنگ کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ مسلم لیگ ن کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ وزیر اعلی نے تمام کیمروں کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 17 ارب روپے کے اس منصوبے سے گزشتہ 2 برس کے دوران جو کیا گیا اس کا کوئی جواز نہیں۔ ہم عوام کو جواب دہ ہیں۔عوامی اہمیت کے اس منصوبے سے متعلق امور میں مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔ چینی کمپنی کے ساتھ قانونی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر امور فوری طے کئے جائیں۔
وزیر اعلی حمزہ شہباز نے لاہور میں ٹریفک کی موثر مینجمنٹ کے لیے سیف سٹی اتھارٹی میں علیحدہ سیل قائم کرنے کی ہدایت دی۔
All posts by Khabrain News
اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، الجزیرہ کی خاتون رپورٹر شہید
اسرائیل: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز کی مغربی کنارے میں فائرنگ سے الجزیرہ ٹی وی کی خاتون رپورٹر شہید ہو گئی ہیں۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ کا تعلق فلسطین سے تھا، خاتون جینن میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں کی کوریج کررہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق گولی لگنے کے بعد صحافی کو فوری اسپتال لے جایا گیا، لیکن ان کی جان نہیں بچائی جا سکی، اور ڈاکٹرز نے ان کے مرنے کی تصدیق کی۔ الجزیرہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صحافی کی موت کے حالات ابھی تک واضح نہیں ، لیکن واقعے کی ویڈیوز سے پتہ چلتا ہے کہ شیریں ابو عاقلہ کو سر میں گولی ماری گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان صحافیوں کے لیے ایک بہت مشکل وقت ہے جو ان کے ساتھ وہاں کام کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ایک اور فلسطینی صحافی کو بھی گولی لگنے کا واقع پیش آیا ہے۔تاہم یروشلم میں مقیم القدس اخبار کے لیے کام کرنے والے علی سامودی کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
فلسطین اور بیرون ملک سے بہت سے لوگ سوشل میڈیا پر صحافی کی بہادری اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔
برطانیہ میں فلسطینی سفیر حسام نے لکھا کہ اسرائیلی قابض افواج نے جنین میں ان کی بربریت کی کوریج کرتے ہوئے صحافی شیرین ابو اکلیح کو قتل کر دیا۔ شیریں سب سے ممتاز فلسطینی صحافی اور ایک قریبی دوست تھیں۔ اور اب ہم برطانوی اور عالمی برادری سے صرف حالات پر تشویش کے اظہار جیسے الفاظ سنیں گے۔
اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کے حق سے روکا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا،شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے روکنے پرسپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا.
شیخ رشید نے ٹوئٹر پر پیغام دیا کہ اگر ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں ووٹ کے حق سے روکا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا، اوورسیزپاکستانیوں کےپیسوں سے ملک چل رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوا کر رہوں گا۔
انہوں نے لکھا کہ ساری دنیا میں اوورسیز پاکستانی بھی موجودہ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے۔
پاد رہے گزشتہ روز منحرف تحریک انصاف رکن نورعالم خان نے دوہری شہریت رکھنے والوں کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کی تھی، نور عالم نے کہا کہ جو بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل لایا گیا تھا اس کی حمائت کریں گے، دوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کی حمایت نہیں کریں گے۔
دوہری شہریت والوں کو ووٹ کا حق دینے کے حامی وہ ہیں جو لیڈروں کو چندہ دیتے ہیں، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ بل انتخابی اصلاحات کمیٹی کو بھیج دیا جائے، جس کے بعد بل کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔
شیخ رشید نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت کرنے کا موجودہ حکومت کا ایجنڈہ ہندوستان کے 5 اگست کے آرٹیکل 35۔Aاور 370 کے ناپاک فیصلے کی حمایت کے مترادف ہے، جسے پاکستانی اور کشمیری قوم کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کرے گی۔
بل گیٹس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
ٹوئٹر پر کورونا کے بارے میں بتاتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ معمولی علامات ہیں، لیکن خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے ویکسین لگائی جا چکی ہے اورمجھے ٹیسٹنگ اور بہترین طبی دیکھ بھال کی سہولت حاصل ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ گیٹس فاؤنڈیشن آج دو سالوں میں پہلی بار اکٹھے ہو رہی ہے، اور میں خوش قسمت ہوں کہ ٹیم میں شامل ہو کر ان کو دیکھ کر سب کا شکریہ ادا کر سکتا ہوں۔
ہم شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے کہ ہم میں سے کسی کو دوبارہ وبائی مرض سے نمٹنا نہ پڑے۔
بل گیٹس نے چند روز قبل ہی انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں اُنہوں نے کورونا وائرس کے بعد آنے والی نئی وبا پر لکھی گئی کتاب سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’یہ کتاب زندگیاں بچانے والے ڈاکٹر پال فارمر کی یاد میں ہے جنہیں طبی خدمات انجام دینے والوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس فیملی سے تعلق رکھنے والے مختلف پیتھوجن سے نئی وبا پھیل سکتی ہے۔
جب سے کورونا کی وبا نے دنیا پر حملہ کیا ہے، تب سے بل گیٹس وبائی امراض سے بچاؤ کے اقدامات، خاص طور پر غریب ممالک کے لیے ویکسین اور ادویات تک رسائی کے لیے ایک آواز بلند کرتے رہے ہیں۔
گیٹس فاؤنڈیشن نے اکتوبر میں کہا تھا کہ وہ کم آمدنی والے ممالک کے لیے منشیات بنانے والی کمپنی مرک کی اینٹی وائرل Covid-19 گولی کے عام ورژن تک رسائی کو بڑھانے کے لیے 120 ملین ڈالر خرچ کرے گی۔
انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، مزید 34 پیسے مہنگا
کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک میں ڈالر 34 پیسے اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر 189 روپے کے ریٹ پر فروخت ہونے لگا۔ گذشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 13 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا تھا، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 187 رپے 53 پیسے سے بڑھ کر 188 روپے 66 پیسے ہو گئی تھی۔
واضح رہے کہ 16 اپریل سے اب تک ڈالر 7 روپے سے زائد مہنگا ہو چکا ہے، 16اپریل کو ڈالر181روپے 55 پیسے پرتھا، ڈالر کی قدر بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 930ارب سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
کراچی میں اشیائے خورو نوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، انتظامیہ قابو پانے میں ناکام
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں انتظامیہ قیمتوں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی۔ شہر بھر میں منافع خوروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اشیائے خورو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں، شہری پریشان ہیں۔
پہلے ہی بیروزگاری اور کم آمدنی نے تنگ کر رکھا ہے ، اوپر سے بدترین مہنگائی کے دور میں منافع خوروں نے عوام کو مزید جکڑ لیا۔ کراچی کی مختلف مارکیٹس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں زیادتی کے سبب شہری پریشان رہنے لگے۔ چکن کے ریٹس اونچے، 550 سے لے کر 600 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہری کہتے ہیں صوبائی حکومت ہو یا وفاقی، کسی کو عوام کی پرواہ نہیں، سب کرسی کی سیاست میں مصروف ہیں۔
لیموں ایک ہزار روپے کلو کے حساب سے مارکیٹ میں فروخت ہو رہا ہے۔ منافع خوروں کی من مانی اپنی جگہ لیکن انتظامیہ کی نا اہلی بھی قیمتوں میں اضافے کا بڑا سبب ہے۔
سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کا منفرد انداز سخنِ دلنواز، صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا
ملتان: (ویب ڈیسک) سرائیکی شاعری کی پہچان شاکر شجاع آبادی ہیں جنہوں نے اپنے منفرد اندز شاعری اور عنوان سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا اور اسی لیے نامور شاعر کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
سرائیکی شاعری میں شاکر شجاع آبادی کا کوئی ثانی نہیں جنہوں نے اپنی منفرد شاعری میں انسانیت، محنت ، محبت ، دکھ اور غربت کو عنوان بنایا اور کلام شاکر، لہو دا عرق، بلدیاں ہنجو، پیلے پتر، شاکر دیاں غزلاں، گیت ، دھوڑے، منافقاں تو خدا بچاوے جیسے شاعری مجموعوں سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا جس پر ان کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
شاکر شجاع آبادی کو سرائیکی شاعری کا اقبال جیسے مختلف القابات دئیے جا چکے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے ان کے اعزاز میں شاندار تقریب منعقد کی اور ان کی خدمات کے اعتراف میں گھر کے باہر اعزازی تختی بھی آویزاں کر دی ہے۔
ڈپٹی سپیکر حملہ کیس، سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی عبوری ضمانت منظور کر لی گئی
لاہور: (ویب ڈیسک) سیشن عدالت میں پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر پر حملہ کرنے، توڑ پھوڑ اور لڑائی جھگڑا کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہو گئی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور عنائت اللہ کی عبوری ضمانت 25 مئی تک منظور کر لی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج یسین موہل نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، پولیس کی جانب سے تفتیش نا مکمل ہونے پر کیس کی سماعت ملتوی کی گئی۔ ملزمان نے اپنے وکیل افسر رضا خان اور عامر سعید راں کی وساطت سے درخواست دائر کی۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے 9 اہم رہنما پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں۔
وکلا کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہم پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے، ڈر ہے کہ پولیس گرفتار کر لے گی، ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے، عدالت عبوری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں جھگڑا کرنے کا مقدمہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے 604/22 درج کر رکھا ہے۔
عمران خان کے الزامات ایک بار پھر جھوٹ اور پروپیگنڈا قرار
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے عمران خان کے الزامات کو ایک بار پھر جھوٹ اور پروپیگنڈا قرار دے دیا، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتے ہیں، پروپیگنڈے اورجھوٹ کو تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس سے نیوز بریفنگ کے دوران پوچھا گیا کہ کیا عمران خان کے الزامات سے دوطرفہ تعلقات میں دراڑ آرہی ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ پروپیگنڈا اور جھوٹ کو تعلقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ ٹونی بلنکن کی نئے پاکستانی ہم منصب سے6 مئی کو گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات کی۔
ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے بلاول کے ساتھ ملاقات میں افغان استحکام اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے امریکا اور پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا۔ باہمی اقتصادی تعلقات، تجارت ، سرمایہ کاری، آب و ہوا، توانائی، صحت اور تعلیم کے حوالے سے جاری مصروفیات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین وسیع بنیادوں پر دوطرفہ تعلقات ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف لیگی قائد نوازشریف سےملاقات کیلئےلندن چلے گئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف لیگی قائد نوازشریف سے ملاقات کیلئے لندن چلے گئے، احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، ایاز صادق، مریم اورنگزیب بھی ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے2260 کے ذریعے رات 12 بج کر 40 منٹ پر لندن روانہ ہوئے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، ایاز صادق اور مفتاح اسماعیل بھی لندن ہمراہ روانہ ہوئے۔ وزارت ہوا بازی کی جانب سے اسلام آباد ایئرپورٹ کے سٹیٹ لاؤنج میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اعلی سطحی وفد نے اسلام آباد سے لندن روانہ ہونے کے لیے چائینہ گیٹ استمال کیا۔ روانگی کے موقع پر اے ایس ایف کی بھاری نفری اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات رہی۔