اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیپرا نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے فی یونٹ 57 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔
عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 57 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا ملک بھر کے تمام بجلی صارفین پر ہوگا۔
نیپرا کے مطابق قیمت میں اضافہ مالی سال 2021-22ء کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، صارفین سے بجلی کی چوری اور لاسز کے چارجز بھی وصول کیے جائیں گے، فیصلے سے صارفین پر 3 ماہ میں 14 ارب 33 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہوگا، نیپرا نے نوٹی فکیشن کے لیے فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔
All posts by Khabrain News
سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ
کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھرمیں فی تولہ سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں تین امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ فی اونس سونے کی نئی قیمت 18سو 63 ڈالر ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں یقمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 14سو روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1لاکھ 34 ہزار 4 سو روپے ہو گئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونا 12سو روپے مہنگا ہوا جس کے بعد نئی قیمت 1لاکھ 15ہزار226روپے ہو گئی ہے۔
يوکرين کیلئے مزيد 40 ارب ڈالر کی امريکی امداد
کیف: (ویب ڈیسک) امريکی ڈيموکريٹس يوکرين کو اضافی 40 ارب ڈالر کی امداد فراہم کريں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر جوزف بائيڈن نے انسانی بنيادوں پر مدد اور عسکری مدد کی مد ميں 33 بلين ڈالر مانگے تھے مگر ڈيموکريٹس 40 بلين ڈالر فراہم کرنے کی تياری ميں ہيں، جس سے يہ تاثر ملتا ہے کہ روسی جارحيت کے خلاف امريکا کی دونوں بڑی سياسی جماعتيں يکساں موقف کی حامل ہيں۔
امریکی صدر کے مطابق کانگريس اگلے امدادی پيکیج کی منظوری جلد دے دی گی تاکہ اسلحے کی فراہمی ميں رکاوٹ نہ آئے۔ يہ امريکا کی ’لينڈ ليز‘ حکمت عملی کے تحت کيا گيا ہے، جو دوسری عالمی جنگ کے وقت بھی اپنائی گئی تھی جب امريکا اپنے يورپی اتحاديوں کی مدد کرنا چاہتا تھا۔
لبنان؛ بدبخت بیٹے نے مصلے پر بیٹھی ماں کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا
بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان میں ایک ہولناک واقعے میں بد بخت بیٹے نے مصلے پر نماز پڑھتی اپنی ماں کو تیز دھار چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت کے نواحی علاقے میں بیٹے نے اپنی ماں پر تیز دھار چاقو سے اُس وقت حملہ کردیا جب وہ مصلے پر نماز ادا کر رہی تھیں۔ ماں کو گردن ، سر اور کندھے پر گہری چوٹیں آئیں۔
پڑوسیوں نے شدید زخمی حالت میں ماں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انھوں نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ بدبخت بیٹے نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہل علاقہ نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
گرفتاری کے وقت کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے قاتل منہ ہی منہ میں کچھ بڑبڑا رہا ہے۔ اس کی بے ربط گفتگو سمجھ نہیں آرہی ہے اور وہ نشے میں دھت دکھائی دے رہا ہے۔
پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ ماں بیٹے اس گھر میں کافی عرصے سے اکیلے رہا کرتے تھے اور کبھی دونوں سے کسی کو شکایت نہیں ہوئی۔ بیٹے کے ساتھ کچھ ذہنی مسائل تھے جس کے لیے ماں بیٹے کو ایک مذہبی عالم کے پاس روحانی علاج کے لیے بھی لے کر گئی تھی۔
اگر صدر کو کوئی کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں، ایاز صادق
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اگر صدر کو کوئی کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن ایاز صادق نے کہا کہ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تمام ایڈوائس کو مسترد کرنے کا طے کر لیا ہے۔ وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایڈوائس دی مگر صدر نے مسترد کی، کیا وزیر اعظم کو صوبوں میں گورنر تعینات کرنے کا اختیار نہیں ہے ؟
انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں آئین اور قانون کی پامالی ہو رہی ہے لیکن اگر صدر کو کوئی کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں۔ صدر مملکت کے اقدامات کے خلاف قرار داد تیار کر لی ہے جسے ایوان میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ صدر مملکت کو کسی پارٹی کا نمائندہ نہیں ہونا چاہیے اور صدر مملکت آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ صدر مملکت مشترکہ اجلاس میں خطاب کیسے کریں گے ؟
ن لیگ نے صدر مملکت کے اقدامات پر بحث بھی کرانے کا مطالبہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے صدر مملکت کے اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
کینجھر جھیل میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول کے قریب، کراچی میں پانی کی قلت کا خطرہ
کراچی: (ویب ڈیسک) کینجھر جھیل میں پانی کی سطح ڈیڈلیول کے قریب پہنچ گئی جس سے کراچی میں پانی کی قلت کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
کینجھر جھیل کے اسسٹنٹ انجینئر کا کہنا ہےکہ جھیل میں پانی کی سطح 56 سےکم ہوکر48 فٹ پر آگئی اور پانی کا لیول42 فٹ ہونے پرکراچی کوپانی کی فراہمی بند ہوجائے گی۔
اسسٹنٹ انجینئر نے بتایا کہ کراچی کو اس جھیل سے 1200کیوسک پانی یومیہ فراہم کیا جاتا ہے، گلیشیئرز اوربارشوں کا پانی جھیل میں نہ آیا تو صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔
اراکین کی خرید و فروخت کے ذریعے حکومت گرانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے: سپریم کورٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے ہیں کہ روایت بن گئی ہے کہ پیسوں سے حکومت گرائی جاتی ہے۔ چند لوگوں کی خرید و فروخت سے 22 کروڑ عوام کا مستقبل دائو پر ہوتا ہے۔ اراکین کی خرید و فروخت کے ذریعے حکومت گرانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 کنی لارجر بینچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کی۔
تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیبے کہ یوٹیلیٹی بلز ادا نہ کرنے والا بھی رکنیت کا اہل نہیں ہوتا۔ مدت کا تعین نہ ہو تو نااہلی تاحیات ہوگی۔
اس پرجسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کہ کوئی امیدوار آئندہ الیکشن سے پہلے بل ادا کردے تو کیا تب بھی نااہل ہوگا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ بل ادا کرنے کے بعد نااہلی ختم ہوجائے گی۔ آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت ہی نااہلی تاحیات ہے۔ جب تک نااہلی کا ڈکلیریشن عدالت ختم نہ کرے نااہلی برقرار رہے گی لیکن یوٹیلیٹی بلز کی عدم ادائیگی پر نااہلی تاحیات نہیں ہوسکتی۔ ہم نے آپ کا نقطہ نوٹ کرلیا ہے۔ آپ کہہ رہے ہیں نااہلی کی میعاد نہ ہونے پر تاحیات نااہلی ہوگی۔آپ چاہتے ہیں آرٹیکل 63 اے کو اتنا سخت بنایا جائے کہ کوئی انحراف نہ کرسکے؟
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ قانون میں جرم کی مختلف سزائیں دی گئی ہیں۔ کیا عدالت سزا میں ایک دن کا بھی اضافہ کرسکتی ہے؟ آرٹیکل 63 اے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کا فورم مہیا کرتا ہے۔
عدالت نے سماعت کل 12 بجے تک ملتوی کردی۔
کابینہ کی 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فواد اسد اللہ کو ڈی جی آئی بی اور ریئر ایڈمرل (ر) سلیمان کو کراچی شپ یارڈ کا ایم ڈی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے تین ملین ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دی اور ممبر فنانس کو چیرمین واپڈا کا اضافی چارج دے دیا۔
اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں پانی کی قلت کا معاملہ اٹھادیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے عوام بالخصوص کاشت کار مسائل کا سامنا کررہے ہیں، پانی کی قلت کی ایک بڑی وجہ ارسا کی جانب سے صوبوں کو پانی کے جائز حصے کی فراہمی میں خلل ہے، ملک میں ایک فوڈ سیکیورٹی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ ہم ممکنہ غذائی بحران کا مقابلہ کرسکیں۔
بعدازاں کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجلاس میں 1947 پاسپورٹ ایکٹ کے تحت ایک سے زیادہ غیرملکی پاسپورٹوں کو منسوخ کرنے کی منظوری دےدی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئین شکنی جاری ہے، عمران خان آئین پر حملے کو دہرا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ گورنر پنجاب کے حوالے سے صدر مملکت نے آئین پر عمل نہیں کیا، ریاستی امور کے فیصلے عوام کے منتخب نمائندے کریں گے، کوئی آئینی عہدیدار آئینی حدود سے تجاوز نہ کرے، اختیارات کا جھکاؤ کسی بھی طرح قبول نہیں کیاجائےگا، حکومتیں تبدیل ہوتی ہیں لیکن ملک میں ایسی صورتحال کبھی پیدا نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم نے یکم مئی سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، آج ملک میں لوڈشیڈنگ صفر ہے، سو ارب روپے اضافی دیے جائیں تو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ کم کرسکتےہیں۔
افغان شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سائیکل پر روانہ
کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے شہری نور احمد نے تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے اپنے ملک سے سعودی عرب تک کا مقدس سفر سائیکل پر ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان سے تعلق رکھنے والے نور احمد اس سال حج کی ادائیگی کے لیے انتہائی پُرجوش ہیں۔ وہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے بے چین اور بے تاب ہیں۔
تاہم نور احمد نے افغانستان سے سعودی عرب کا ہزاروں کلومیٹر کا مقدس سفر طیارے یا بحری جہاز میں طے کرنے کے بجائے اپنی سائیکل پر طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بے پناہ وارفتگی اور عشق سے لبریز فیصلے پر ان کے اہل خانہ اور علاقہ مکین بھی بہت خوش ہیں۔
طالبان حکومت نے تمام عازمین حج کی طرح نور احمد کو بھی مکمل سفری سہولیات فراہم کی تھیں تاہم نور احمد کا کہنا تھا کہ پہلے لوگ اونٹ پر جاتا کرتے تھے اور میں بھی اپنی خود کی سواری پر حج جانا چاہتا ہوں۔
نور احمد کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سائیکل پر سفر کی مشکلات کا اندازہ ہے اور مالی وسائل کا سامنا بھی نہیں لیکن جتنی مشکلات جھیل کر مکہ پہنچوں گا اتنی ہی رغبت سے عبادتوں کا لطف اُٹھاؤں گا۔
حج کے لیے سائیکل پر اپنے ملک سے سعودی عرب تک کا سفر کرنا کوئی نئی بات نہیں سنہ 2016 میں 24 سالہ روسی نوجوان 6600 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے ججاز مقدس پہنچا تھا۔
اسی طرح 2019 میں پاکستان سمیت مختلف ملکوں کے سائیکل سوار حج کی ادائیگی کے لیے 4 ہزار میل کا سفر طے کر کے برطانیہ سے سعودی شہر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔
ساؤتھ ایشین جونیئر کریڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں پاکستان کا سلور میڈل
لاہور: (ویب ڈیسک) مالدیپ میں جاری چیمپیئن شپ کے فیصلہ کن معرکےمیں قومی انڈر 15 کھلاڑیوں کوبھارت کے ہاتھوں تین صفر سےناکامی کا سامنا کرناپڑا۔
بھارت نے گولڈ میڈل حاصل کیا، پاکستانی ٹیم کے حصے میں سلور میڈل آیا،اس سے پہلے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بنگلہ دیش کے خلاف تین صفر سے کامیابی سمیٹی۔
ٹیم ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل کے پہلے میچ میں پاکستان کے محمد احمد نے بنگلہ دیش کے عبدالحسیب کو تین ایک سیٹ سے مات دی، دوسرے میچ میں پاکستان ہی کے عباس نے بنگلہ دیشی کھلاڑی نفیس اقبال کو تین ایک سیٹ سے ہرایا جبکہ محمد احمد اور عباس پر مشتمل جوڑی نے بھی اپنا میچ جیت کر تین صفر سے مات دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔