All posts by Khabrain News

ایبٹ آباد میں آرہا ہوں، جلسے سے قبل عمران خان کا اہم بیان

سابق وزیراعظم عمران خان حقیقی آزادی کی تحریک مارچ کے لئے آج ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج ایبٹ آباد میں جلسہ عام سےخطاب کرینگے، عمران خان کے ہمراہ وزیراعلی کے پی محمودخان اورقائم مقام گورنرمشتاق غنی ہونگے۔عمران خان نے ایبٹ آباد جلسے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں کہا کہ ایبٹ آباد میں آج آ رہا ہوں اور آپ نے بھرپور طریقے سے جلسے میں شرکت کرنی ہے، انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے کہ میں کیوں آ رہا ہوں ؟ ہم امپورٹڈ حکومت کے خلاف جلسہ کر رہے ہیں اور عوام کو آگاہ کرنا ہے، ساری قوم کو تیار کر رہے ہیں۔ایبٹ آباد جلسے کےحوالےسےانتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پولیس کےسات سو اہلکارجلسےکی سیکیورٹی پرمامور ہوں گے، جلسہ گاہ میں آنےکیلئےسات واک تھروگیٹ قائم کیےگئےہیں۔قائم مقام گورنرمشتاق غنی کا کہنا ہے کہ جلسہ ایبٹ آباد کی تاریخ کا سب سےبڑاجلسہ ہوگا۔

ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے نسرین جلیل کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی سمری صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دی گئی ہے۔

نسرین جلیل کی شناخت ایم کیو ایم

نسرین جلیل کا تعارف اور ذکر اگر ان کے خاندانی پس منظر اور حسب نسب کے ضمن میں ہو،تو وہ انتہائی بھر پور بلکہ متاثر کُن ہے، ان کی سیاسی شناخت ابتدا سے آج تک ایم کیوایم ہی ہے۔

نسرین جلیل کے والد ظفر الحسن برطانوی راج کے غیر منقسم ہندوستان میں لاہور کے ڈپٹی کمشنر تھے اور ایک بیوروکریٹ کی حیثیت سے انہوں نے کئی اہم انتظامی عُہدوں پر ذمّے داریاں انجام دیں۔

نسرین جلیل کی پیدائش لاہور کی ہے تاہم اُن کی زندگی کا کم و بیش تمام حصّہ کراچی ہی میں گزرا ، وہ دو مرتبہ سینیٹ کی رُکن منتخب ہوئیں۔

جاذبِ نگاہ ، دیدہ زیب قیمتی ساڑھیاں، دیدہ زیب چمکتے دمکتے موتیوں کی مالا نسرین جلیل کی پہچان ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی اُنہیں ہمیشہ اِسی لباس میں دیکھا گیا۔

نسرین جلیل کی عُمر کا ابتدائی عرصہ بہن، بھائیوں کے ساتھ لندن میں گزرا، تعلیم کی غرض سے پیرس بھی گئیں، اسی لیے انگریزی، اردو زبانوں کے علاوہ فرانسیسی زبان پر بھی مکمل عبور حاصل ہے۔

سندھ میں پیپلزپارٹی کے وڈیرے پانی چوری میں ملوث ہیں: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی چوری کی تمام رپورٹس واضح کرتی ہیں کہ پیپلز پارٹی کے وڈیرے پانی چوری میں ملوث ہیں۔
فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک طرف سندھ کا پانی غریب ہاری کو نہیں پہنچ رہا تو دوسری طرف پنجاب کو موردالزام ٹھہرا کر وزراء صوبائی منافرت کی سیاست کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کا کسان اور سندھ کا ہاری دونوں ہی زرداری مافیا سے تنگ ہیں۔

یوکرینی اسکول پر روسی بمباری، 50 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

روس کی فوج نے یوکرین کے ایک گاؤں میں واقع اسکول پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں اس میں پناہ گزین 50 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔یوکرین کے لوہانسک ریجن کے گورنر نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کے گاؤں بلوہوریوکا میں ایک اسکول پر روسی فوج نے بمباری کی ہے۔گورنر لوہانسک کے مطابق اسکول پر روسی بمباری کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ملبے تلے دبے 50 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔گورنر کے مطابق روس نے ہفتے کی دوپہر اسکول پر بم گرایا تھا، اسکول میں 90 افراد پناہ لیے ہوئے تھے جن میں سے 30 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

نااہل گلدستہ جب تک حکومت میں ہے معیشت کا بیڑا غرق کرے گا ،اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں افراط زر کی شرح 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ نااہل گلدستہ جب تک حکومت میں ہے معیشت کا بیڑا غرق کرے گا۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کا ہر دعویٰ جھوٹا اور ہر قدم ملک پر بھاری پڑ رہا ہے۔ مہنگائی میں کمی کا دعویٰ بھی پیٹ پھاڑ کر لوٹی دولت واپس نکلوانے والی بڑھکوں جیسا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ میں افراط زر کی شرح 11 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور وزیر اعظم کپڑے بیچ کر عوام کو سستا آٹا دینے جیسی شعبدہ بازیاں کررہے ہیں۔ یہ نااہل گلدستہ جب تک حکومت میں رہے گا معیشت کا بیڑا غرق کرے گا۔
اسد عمر نے کہا کہ نااہل امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے معیشت کا بیڑہ تو غرق کرنا ہی ہے لیکن معیشت کا بیڑہ غرق ہونے کے ساتھ ان کی اپنی سیاست بھی دفن ہو جانی ہے۔

سندھ میں اگلے ہفتے ہیٹ ویو کا امکان،پشاور میں بھی الرٹ جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں 11 مئی سے ہیٹ ویو کا امکان ہے جبکہ پشاور میں بھی ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ 11 مئی سے سندھ بھر میں ہیٹ ویو کا امکان ہے، خلیج بنگال میں بننے والے سائیکلون کے باعث موسم گرم رہے گا۔
شہر کراچی میں آج 15 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ کراچی میں آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا اور دن میں ہوا 20 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی محکمہ موسمیات نے آج سے ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی کر دی۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر الرٹ کر دیا گیا ہے اور ریسکیو کے اسٹیشنز 24 گھنٹے کھلے اور کنٹرول روم فعال رہیں گے۔
ڈی جی ریسکیو نے ریسکیو ایمبولینسز میں کولر، پانی کی بوتلیں اور آئس بیگز رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ شہری دوپہر کے وقت غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہلکے کپڑوں، سر پر گیلا کپڑا اور پانی کا کثرت سے استعمال کریں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران 1122 پر کال کریں۔

’غیر فعال‘ قومی اسمبلی کا پہلا باقاعدہ اجلاس کل ہوگا

گزشتہ ماہ عہدہ سنبھالنے والے وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت اتحادی حکومت کے قیام کے بعد قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس کل (پیر) کو منعقد ہوگا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے 123 قانون سازوں کی جانب سے استعفوں کے بعداسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کو ایوان کو فعال کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔

 قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سےکیے جانے والے سرکاری اعلان کے مطابق صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 54 (1) کے تحت ایوانِ زیریں کا اجلاس پیر شام 4 بجے بلانے کا سمن جاری کیا ہے، سیکریٹریٹ کی جانب سے اتوار کو اجلاس کا ایجنڈا جاری کیا جائے گا۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ اسپیکر کی جانب سے مرحلے کا آغاز پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق سے شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے وہ اجلاس کے دوران مستعفیٰ اراکین کو انفرادی طور پر یا گروپ کی صورت میں اپنے چیمبر میں بلائیں گے۔

سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں، سابق گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں۔
سابق گورنر سندھ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر آبپاشی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر آبپاشی سندھ کے پانی سے وڈیروں کی زمینیں آباد کر رہے ہیں اور سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے زمینیں ہڑپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کا آدھے سے زیادہ رقبے پر حکمران جماعت کے سربراہ قبضہ کر چکے ہیں اور چھوٹے کاشت کاروں کا پانی بند کر کے ان کی زمینیں بنجر بنائی جا رہی ہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ بتایا جائے سندھ کے حکمرانوں کے نام سے غیرقانونی نہریں کس دور میں بنیں ؟ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وڈیروں کی زمینیں آباد ہیں کیونکہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے گلے آج کیوں بند ہو گئے ہیں جبکہ سندھ کی عوام اور سندھ کے خلاف ہر سازش کی زمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔

روس کا جاپان کے قریب آبدوز شکن میزائل کا تجربہ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے جاپان کے قریب بحیرہ جاپان میں آبدوز شکن میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا کہ آبدوز شکن میزائل سسٹم کے جدید ترین معیارات پر پورا اترا ہے۔ یوکرین پر حملے کے بعد روس اور جاپان کے تعلقات پابندیوں کا شکار ہو گئے تھے۔
ماسکو کی جانب سے جاپان کے قریب یہ میزائل تجربہ خطے میں کشیدگی کو بڑھا دے گا۔

کوہ پیما سرباز خان آٹھ ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالے پہلے پاکستانی بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کوہ پیما سرباز خان آٹھ ہزار میٹر سے بلند دس چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
پاکستانی کوہ پیما سرباز خان 8 ہزار میٹر سے زائد بلندی رکھنے والی دس چوٹیوں کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، سرباز خان نے نیپال میں موجود تیسری بلند ترین چوٹی کنگ چین جنگا کو بھی سرکرلیا ہے۔
سرباز خان کنگ چین جنگا کو سر کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں، کنگ چین جنگا کو گزشتہ روز شہروز کاشف نے سر کیا تھا۔