All posts by Khabrain News

طلب بڑھنے کے سبب ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ

کراچی: عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد پہلے سیشن میں ڈالر کی زیادہ طلب کے باعث انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں روپے کے مقابلے میں 94 پیسے اضافہ ہوا۔

 کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ رمضان میں ڈالرز کی آمد میں 15 سے 20 فیصد کا اضافہ ہوا جو کہ مقدس مہینے میں عام رجحان ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ 30 اپریل کو ڈالر کی قدر 185.69 روپے سے بڑھ کر 186.63 روپے ہو گئی۔

انٹربینک ایک ہفتے کی چھٹیوں کے بعد کھلا لیکن پاکستانی روپے پر دباؤ برقرار رہا کیونکہ مارکیٹ میں کوئی مثبت تبدیلی رونما نہیں ہوئی۔

بلند ترسیلات زر اور 4 ارب ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں آنے کے باوجود امریکی ڈالر کی قدر میں مقامی کرنسی کے مقابلے میں اضافے کا تسلسل برقرار رہا۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں پچھلے چند ماہ میں تیزی سے کمی اور درآمدکنندگان کی جانب سے مستقل زیادہ طلب کی وجہ سے پاکستانی روپیہ مسلسل دباؤ کا شکار ہے۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ای سی اے پی) کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچہ نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں تجارتی خسارہ 65 فیصد بڑھ گیا جو کہ واضح اشارہ ہے کہ ڈالر کی طلب میں اضافہ برقرار رہے گا۔

ایف آئی اے کو غیر اخلاقی سوشل میڈیا مواد کے خلاف کارروائی کا حکم

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی جعلی اور قابل اعتراض تصاویر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت درج کرانے کے چند گھنٹے بعد ہی وفاقی حکومت حرکت میں آگئی، فحاش اور غیر اخلاقی ویڈیوز کے ذریعےلوگوں کی بدنامی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا۔

 وزیر داخلہ کی جانب سے مسئلے سےمتعلق سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے بھی تشویش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم کے خلاف کارروائی کا انتظار کر رہی ہیں۔

گزشتہ دنوں ایک ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کی اطلاع حکام کو دے دی ہے اور کارروائی کی منتظر ہیں۔

واضح طور پر فوٹو شاپ کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو کچھ ممتاز ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ساتھ ساتھ کچھ نئے بنائے گئے اکاؤنٹس نے بھی شیئر کیا ہے۔

مریم نواز کی جانب سے شکایت درج کرانے اور وزارت داخلہ کی جانب سے ہدایات جاری کرنے کے فوراً بعد ایف آئی اے نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے خبردار کیا کہ ادارے کی جانب سے جعلی ویڈیوز کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے ادارے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سےجاری کردہ پیغام میں کہا گیا کہ ’ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی ویڈیوز کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ان ویڈیوز کو بنانے، پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قید اور جرمانے کی شکل میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، لوگوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ان ویڈیوز کو شیئر کرنا بند کر دیں۔

تاہم اگلے روز کارروائی کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔

دریں اثنا ماہرین نے ملک کے سائبر کرائم کنٹرول میکنزم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سوشل میڈیا پر ہونے والی خلاف ورزیوں پر مناسب طریقے سے کارروائی کرنے کےلیے منظم طریقہ کار نہیں

ارجنٹائن میں کرپٹو کرنسی پر پابندی عائد

ارجنٹینا : (ویب ڈیسک) ارجنٹینا کے مرکزی بینک نے تمام مالیاتی اداروں کو کرپٹو کرنسی اور اثاثوں سے متعلق تمام لین دین روکنے کا حکم جاری کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ارجنٹائن کے سینٹرل بینک نے کرپٹو کرنسی پر لین دین کو روکنے کا اعلان اس وقت کیا کہ جب کچھ دن قبل ہی ارجنٹینا کے بینکوں نے دنیا بھر میں بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم پر ان کی خرید و فروخت کا آپشن شامل کیا تھا۔
بینکو سینٹرل ریپبلک آف ارجنٹینا (بی سی آر اے) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ تمام بینک اور مالیاتی ادارے اپنے کلائنٹس کو ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق آپریشنز کی اجازت نہیں دے سکتے جبکہ بینک بھی صارفین کو کرپٹو کرنسی میں لین دین کی خدمات فراہم نہیں کرسکتے کیوں کہ انہیں مرکزی بینک کی جانب سے ریگولیٹ نہیں کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ کرپٹو کرنسی کی لین دین پر پابندی کا اطلاق ان تمام اثاثوں پر بھی ہو گا جن کے ریٹرنز کا تعین کرپٹو کرنسیوں میں ہونے والے تغیرات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے آغاز میں ارجنٹینا کے سب سے بڑے نجی بینک ’ بینکو گیلیسیا‘ نے اپنے پلیٹ فارمز پر کرپٹو کرنسی کی خریدو فروخت کا آپشن شامل کیا تھا۔ جس کے بعد ایک اور نجی بینک ’بُرو بینک‘ نے بھی اپنے صارفین کو بٹ کوائن، ایتھر، یو ایس ڈی کوائن اور رپل جیسی کرپٹو کرنسیوں کی خریداری کا آپشن فراہم کر دیا۔

وزیر اعظم آج شانگلہ میں جلسے سے خطاب کریں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آج ضلع شانگلہ کا دورہ کریں گے اور عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم کے تحت منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ جلسے میں وزیر اعظم علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔
اس حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شانگلہ کے لوگ اپنے وزیر اعظم کو دیکھنے کے منتظر ہیں جنہوں نے ایک محنتی سیاستدان کی شہرت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم جاری ہے، بدھ کو صوابی میں ایک اور عوامی اجتماع ہو گا اور اس سے بھی وزیر اعظم خطاب کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پچھلی حکومت گزشتہ 4 سالوں کے دوران اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور عوام کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔

کیوبا: ہوٹل میں خوفناک دھماکا، 22 سے زائد افراد ہلاک، درجنوں زخمی

ہوانا: (ویب ڈیسک) کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے ہوٹل میں خوفناک دھماکا ہوا جس میں 22 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکام کو شبہ ہے کہ فائیو اسٹار ہوٹل میں دھماکا گیس لیکج کی وجہ سے ہوا۔ دھماکے کی وجہ سے ہوٹل کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔ افسوسناک واقعہ میں ایک بچے سمیت 22 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 74 زخمی ہونے ولے افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حکام کو مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

سری لنکا میں خراب معاشی صورتحال، عوام سڑکوں پر، ایمرجنسی نافذ

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں خراب معاشی صورتحال پر عوام کے احتجاج کے بعد پانچ ہفتوں میں دوسری بار ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ایمرجنسی لگنے کے بعد سیکیورٹی فورسز کو غیر معمولی اختیارات ہوں گے۔ خراب معاشی صورتحال پر گزشتہ روز عوام نے سری لنکن پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ احتجاج کے باعث دکانیں، اسکول اور دفاتر مکمل طور پر بند رہے۔ حکومت مخالف احتجاج میں طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ممتاز نے شمی کپور سے شادی سے انکار کی وجہ بتا دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کو سپر ہٹ فلمیں دینے والی لیجنڈری اداکارہ ممتاز نے اداکار شمی کپور سے شادی سے انکار کی اصل وجہ بتا دی۔
بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے فوراً بعد ہی اداکارہ ممتاز چھا گئی تھیں، یہ بات مشہور ہے کہ شمی کپور اور ممتاز کا اس وقت افیئر تھا اور اداکار نے ان سے شادی کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔ تاہم، ممتاز نے شمی سے شادی سے انکار کر دیا تھا۔ ممتاز نے اصل وجہ بتائی کہ شمی کو ان سے سچا پیار تھا لیکن کپور خاندان بہت سخت تھا اور وہ سب کچھ چھوڑنے ، اس سے شادی کرنے اور گھر بسانے کیلئے تیار نہیں تھیں۔
ممتاز نے کہا کہ میں نے 17 سال کی عمر میں انڈسٹری جوائن کی تھی، اس لیے میری زندگی میں اتنی جلدی سب کچھ چھوڑ دینا ممکن نہ تھا اور میرے انکار پر لوگوں کو یقین نہیں آرہاتھا۔اداکارہ نے مزید کہا کہ جب شمی کو انکار کیا تو وہ شک کرنے لگا کہ مجھے اُن سے محبت نہیں تھی اور میں ایک بڑی ہیروئن بننا چاہتی ہوں۔

اصل میں گھر وہ ہے جہاں ماں ہو: مہوش حیات

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ مہوش حیات کا کہنا ہے کہ یہ بات بالکل سچ ہے کہ اصل میں گھر وہ ہوتا ہے جہاں ماں موجود ہو۔
مہوش حیات نے انسٹاگرام پر فیملی کے ساتھ ساتھ اپنی چند خوبصورت تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں اداکارہ کو اپنی والدہ، بڑی بہن اور بھائی کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ‘فیملی کے ساتھ عید منانے کیلئے گھر واپس آنا بہت اچھا ہے ،یہ بات بالکل سچ ہے کہ اصل میں گھر وہ ہوتا ہے جہاں ماں موجود ہو، ماشا اللہ۔

ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا: محکمہ موسمیات

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہے گا۔ پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ملک کے مختلف علاقوں کو آج سے گرمی کی لہر کا سامنا ہوگا۔ پنجاب میں بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سندھ میں سکھر، دادو، موہنجو داڑو میں شدید گرمی کا راج ہے۔ بلوچستان میں سبی، تربت اور نوکنڈی میں بھی موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی ہے۔

سری لنکا کیخلاف سیریز: قومی ویمنز کے کیمپ کا کل آغاز

لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف 24 مئی سے شیڈول ہوم سیریز کے لیے قومی ویمنز ٹیم کا کیمپ کل سے کراچی میں شروع ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کی اس سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز رکھے گئے ہیں۔ تربیتی کیمپ میں 26 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے تاہم کپتان بسمعہ معروف، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور فاطمہ ثنا دبئی میں انٹرنیشنل ویمن لیگ کی وجہ سے کیمپ کا حصہ نہیں ہوں گی۔ پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیموں کے درمیان تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈکپ میں ناقص ترین پرفارمنس کے بعد یہ قومی ویمن ٹیم کی پہلی سیریز ہوگی۔