All posts by Khabrain News

پاکستان تحریک انصاف کراچی میں تنظیمی اختلافات شدت اختیار کرگئے، متعدد ایم این ایز ناراض

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کراچی میں تنظیمی اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ ٹاون سطح پر تنظیم سازی کے فیصلوں میں نظر انداز کیا جانا متعدد ایم این ایز کو ناراض کرگیا۔ عبدالشکور شاد نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا تو سابق صدر کراچی اشرف جبار نے تمام صورتحال سے عمران اخان کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے تنظیمی اختلافات زور پکڑنے لگے۔ شہر میں ٹاون کی سطح پر پارٹی عہدوں کی تقسیم میں نظر انداز کیا جانا، مختلف ایم این ایز اور سابق عہدیدران کو ناراض کرگیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدرعلی زیدی اور کراچی کے صدر بلال غفار کی جانب سے ٹاون کی سطح پر تنظیم سازی میں ایم این ایز اور دیگر عہدیداران کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ایم این اے کیپٹن جمیل، عبدالشکور شاد، فہیم خان، عطااللہ ایڈوکیٹ سمیت دیگر اراکین اسمبلی کو فیصلوں پر شدید تحفظات ہیں جبکہ لیاری سے منتخب ایم این اے عبدالشکور شاد نے گذشتہ روز طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ تاہم پس پردہ بنیادی وجہ یہی اختلاف ہے۔

وہاڑی: کار اور وین میں تصادم، خاتون اور بچی سمیت 6 افراد جاں بحق

وہاڑی: (ویب ڈیسک) ملتان روڈ پر اڈا 22 کوٹھی کے نزدیک تیز رفتار مسافر کوسٹر اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
ملتان روڈ نزد ٹبہ سلطانپور اڈا 22 کوٹھی کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، وہاڑی سے ملتان جانے والی کوسٹر اور مہران کار آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچی سمیت کار سوار 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 نے لاشوں کو رورل ہیلتھ سنٹر ٹبہ سلطانپور منتقل کر دیا ہے جبکہ 4 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تاحال جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہ ہو سکی جبکہ ٹبہ سلطانپور پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مقبوضہ وادی: قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تھم نہ سکا، مزید ایک نوجوان شہید

وادی: (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی میں قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ظالم فورسز نے مزید ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کو ضلع اسلام آباد میں گھر گھر تلاشی کے دوران شہید کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران پانچ نوجوان کو بھی گرفتار کیا۔ دو نوجوانوں کو ضلع اسلام آباد جبکہ تین کو بارہمولہ سے گرفتار کیا گیا۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک گھر گھر تلاشی کا عمل جاری تھا۔

پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کا شہباز گل سے ٹیلی فونک رابطہ، خیریت دریافت کی

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شہباز گل سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے اُن کی خیریت دریافت کی۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ شہباز گل کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر لگنا باعث تشویش ہے جبکہ مونس الٰہی نے کہا کہ حکومت اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔ مسلم لیگ ق کے قائدین کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ شہباز گل اس حادثے میں محفوظ رہے۔

عمران خان کے الزامات پر علیم خان کھل کر سامنے آگئے، مناظرے کا چیلنج

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان کے الزامات پر علیم خان بھی کھل کر سامنے آگئے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹی وی پر آکر مناظرے کا چیلنج دے دیا۔
علیم خان کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس جو کچھ ہے بتا دیں، ہم بھی حقائق بتائیں گے، عزت سے میرا نام لیں میں بھی آپ کا عزت سے نام لوں گا، عمران خان نے مجھ پر 300 ایکڑ زمین لیگل کروانے کا الزام عائد کیا، یہ الزام جھوٹ ہے، حقائق کو مسخ کیا گیا، میرے پاس 300 ایکڑ نہیں 3 ہزار ایکڑ ہے، میں نے زمین ایکوائر نہیں کرائی بلکہ زمینداروں سے خریدی ہے۔

عمران خان کا جہانگیر ترین کیخلاف بیان: ترین گروپ کا اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی محاذ پر ترین گروپ مزید کھل کر کھیلنے کے لئے تیار، آئندہ ہفتے جہانگیر ترین کی قیادت میں ترین گروپ نے اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
گروپ ارکان نے جہانگیرترین کو کھل کر عمران خان کو ایکسپوز کرنے کا دے دیا۔ پارلیمانی لیڈر ترین گروپ راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے جہانگیر ترین گروپ کا لاہور میں اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہانگیر ترین کی صحت بہتر ہے، آئندہ ہفتے گروپ کا اجلاس بلا کر سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے۔
راجہ ریاض نے کہا کہ جہانگیر ترین کو مشورہ دیا ہے کہ علیم خان کی طرح میڈیا پر آکر عمران خان کو ایکسپوز کریں، ترین گروپ فعال ہے اور سیاست میں اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے، آئندہ ہفتے اجلاس میں سیاسی فیصلے اور گروپ کے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان ہوسکتا ہے۔

کورونا سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟ عالمی ادارہ صحت کی نئی رپورٹ نے ہلچل مچا دی

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں پر نئی رپورٹ جاری کر دی۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دو ہزار بیس اور اکیس کے دوران ڈیٹا کے برعکس چودہ اعشاریہ نو ملین زیادہ اموات ہوئیں۔
ڈبلیو ایچ اوکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں کووڈ 19 سے 47 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے جو سرکاری ریکارڈ سے تقریباً 10 گنا زیادہ ہیں تاہم سرکاری اعدادوشمارکے مطابق انڈیا میں 5 لاکھ سے زائد افراد خطرناک وائرس سے مارے جاچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بھی سابق حکومت کے دور میں سرکاری اعدادو شمار سے 8 گنا زیادہ اموات ہوئیں، جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد چھپانے میں صرف بھارت یا پاکستان ہی نہیں بلکہ مصر اور میکسیکو سمیت کئی دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔

حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کے اقدام کو شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کے اقدام کو سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حنیف عباسی کے خلاف درخواست دائر کی

حنیف عباسی کے خلاف 21 جولائی 2012 میں اینٹی نارکاٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا، درخواست

حنیف عباسی کو ایک ٹن ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ٹرائل کورٹ نے 21 جولائی 2018 کو عمر قید کی سزا سنائی، درخواست

لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کر رکھی ہے، مجرم ہونے کا فیصلہ ختم نہیں ہوا، درخواست

سیکرٹری کابینہ اور حنیف عباسی بتائیں کہ کس قانون کے تحت اس عہدے پر وزیراعظم نے انہیں تعینات کیا ہے، درخواست

بلاول بھٹو کو شکست دینے والے عبدالشکور کا سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

کراچی : (ویب ڈیسک) لیاری سے بلاول بھٹو کو شکست دینے والے پی ٹی آئی کے ایم این اے عبدالشکور شاد نے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے لیاری سے ایم این اےعبدالشکور شاد نے سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طبیعت کی خرابی کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتا، اس لیے سیاسی سرگرمیوں سے دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں، آئندہ انتخابات میں بھی حصہ نہیں لوں گا۔
عبدالشکورشاد نے 2018 کے انتخابات میں لیاری این اے 246 سے بلاول بھٹو کو شکست دی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالشکور شاد نے سیاست چھوڑنے کا اعلان تنظیمی اختلافات کی وجہ سے کیا۔

7 لوگ قتل کرنا چاہتے ہیں، لیکن بیساکھی کے ساتھ بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، شہباز گل

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا تھا کہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں، اگر مجھے قتل کیا گیا تو یہ 7لوگ ذمہ دار ہوں گے، جن کے نام میں نے اپنے وکیل کو لکھ کر دیئے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے کیس کی سماعت ہوئی، جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی وہ خودداری اور انصاف تھا، بدتمیزی کی زبان استعمال کرنے کیخلاف میں بھی سخت زبان استعمال کرتا ہوں، مخالفین کہتے تھے کہ وقت آنے پر میں سب سے پہلے بھاگ جاوں گا، لیکن میں بیگ لےکر نہیں بھاگا، بیساکھی لے کر بھی عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
میں دھمکیاں سن کر سر جھکانے سے انکار کرتا ہوں، لاہور سے واپس آتے ہوئے میری گاڑی کو ہٹ کیا گیا، راستہ دینے کے باوجود کل بڑی مہارت سے میری گاڑی کو ٹکر ماری،جس نے میری گاڑی کو ہٹ کیا اس کی شکل بھی گلو بٹ کی طرح تھی، شہباز گل نے کہا کہ 7 لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں، دھمکیاں بھی دی گئیں ہیں، اگر مجھے قتل کیا گیا تو یہ 7لوگ ذمہ دار ہوں گے، جن کے نام میں نے اپنے وکیل کو لکھ کر دیئے ہیں۔
شہباز گل نے مزید کہا کہ مجھے خدشہ ہے کہ عمران خان پر بھی حملہ کیا جائے گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوا تھا اور کھڑا ہوں، امام حسین کا ماننے والا ہوں، جس دھج سے مقتل میں گیا وہ جان سلامت رہتی ہے، اگر آپ کو میری جان لینے کا شوق ہے تو لیں، عمران خان امت مسلمہ کا لیڈر ہے صرف پاکستان کا نہیں۔