All posts by Khabrain News

گورنر پنجاب کا ہائیکورٹ کے جج کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے کا اعلان

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ کے جج کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ایک بیان میں گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی سازش کی وجہ سے بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا، آج عمران خان کے خلاف سازش ہوئی اور ایک جمہوری حکومت کو ختم کیا گیا۔

علاوہ ازیں عمر سرفراز چیمہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ہر گزرتا لمحہ پنجاب کے بے قصور غیرت مند جوانوں کے لیے زندگی مشکل کرتا جا رہا ہے ۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سسیلین مافیا اپنے مخالفوں پر ناموس رسالت ﷺ جیسے سنگین جرائم کے جھوٹے پرچے کاٹ رہی ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے غریب اور معصوم شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، وزیراعظم وقت ضائع نہ کریں، آپشننز محدود ہوتے جا رہے ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما شہروزکاشف نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سرکرلی

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور چوٹی سر کرلی، اس بار انہوں نے نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین کنچن جنگا کو سرکیا ہے۔

نیپال کے پہاڑی سلسلے میں واقع یہ چوٹی 8 ہزار 568 میٹر بلند ہے، 20 سالہ کو ہ پیما شہروز کاشف تیسری بلند ترین چوٹی سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین اور پاکستان کے پہلے کوہ پیما ہیں۔

پاکستان کے 19 سالہ کوہ پیما نے تاریخ رقم کردی

شہروز کاشف اس سے قبل ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پاکستان اور کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بھی رہ چکے ہیں، اس کارنامے کے ساتھ وہ تین بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔

شہروز کے والد کا کہنا ہے کہ شہروز کاشف نے پاکستانی وقت 3 بج کر 5 منٹ پر کنچن جنگا چوٹی سرکی، شہروز کا اگلا ہدف چوتھی اور پانچویں بلند چوٹی سر کرنا ہے۔

یہ حادثہ نہیں قاتلانہ حملہ تھا شہباز گل کا موٹروے کار حادثے پر ردعمل

مجھ پر قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں۔ اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں۔ میری گاڑی کا پیچھا کر کے جان بوجھ کر ہٹ کیا گیا۔یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا

‏میں نے کل ہی کہا تھا کہ کیا زیادہ سے زیادہ آپ ہمیں قتل کروا دیں گے ؟ کروا لیں۔ غداری نہیں کروں گا۔

غیر قانونی حج رجسٹریشن شروع کرنے پر وزارت مذہبی امور کی ٹور آپریٹرز کو وارننگ

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے عازمین حج کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بعض پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اور کچھ شخصیات غیر قانونی طریقے سے عوام سے حج کے لیے رقم لے رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق یہ عمل سراسر غلط اور غیر قانونی ہے، ایسے تمام افراد اور کمپنیاں اس غیر قانونی عمل سے باز رہیں۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی بھی ٹور آپریٹر کو حج درخواستیں وصول کرنے کی اجازت نہیں ہے، کوئی بھی شخص اپنا پاسپورٹ، رقم کسی بھی فرد یا ٹور آپریٹر کے پاس جمع نہ کرائے۔

چترال اور اس کے گردو نواح میں زلزلے کے جھٹکے

: خیبرپختونخوا کے علاقے لوئر اور اپر چترال میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکوں کی نوعیت ہلکی تھی جو صبح 5 بجے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا۔

زلزلے کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

بیرونی سازش کی تحقیقات: پی ٹی آئی نے حکومت کا انکوائری کمیشن مسترد کر دیا

پاکستان تحریک انصاف نے غیر ملکی سازش کے الزام کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کے مجوزہ انکوائری کمیشن کو مسترد کر دیا۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم صرف وہ کمیشن قبول کریں گے جو آزاد عدلیہ کے تحت ہو اور کمیشن کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔

عمران خان کے بیرونی سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان

وفاقی حکومت کے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست پر الزامات کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ فرح خان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس نہیں بنا سکے، الزام لگا نہیں رہے، پریس کانفرنسیں کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمیشن کا سربراہ ایسا شخص ہو گا جس پر کسی کو شک نہیں ہو گا۔

حکومت کا عمران خان کے سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ

حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے، کمیشن غیر جانبدار اور آزادانہ طور پر سفارتی مراسلے کی تحقیقات کرے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ صبح شام تماشے پر غیرجانبدار انکوائری کمیشن بنایا جائے، سربراہ ایسا ہو گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا، رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی، ملک کو لوٹنے والا سازشی ٹولہ بچ نہیں سکتا، نیازی کی نالائق حکومت کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، عمران خان معیشت کیلئے بارودی سرنگیں کھود کر گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بیرون ملک سازش نہیں ہوئی، جب اپنے اتحادی چھوڑ گئے تب آپ کو یاد آیا کہ بیرونی سازش ہوئی؟ جلسوں کا شیڈول بھی اپنی بے نامی کو بچانے کا پریشر ہے، افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے، ایک ایک تفصیل آ چکی ہے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے اپنی نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں،سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، چور ٹولے نے 4 سال خزانہ اور توشہ خانہ لوٹا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سازشی ٹولہ اب رو دھو اور چیخیں مار کے وقت گزار رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ عمران خان کی نالائقی اور لوٹ مار ہے، عوام کو 4 سال بعد صرف 2 ہفتوں میں سستا آٹا، چینی، گھی مل رہا ہے، سعودی عرب اور یو اے ای سے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں۔

لودھراں میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ڈیڑھ سالہ بچی انتقال کرگئی

لودھراں کے اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے ڈیڑھ سالہ بچی انتقال کرگئی۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لودھراں میں موجود بچی کے والد عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ رات 10 بجے اپنی بیٹی کو اسہال اور الٹی کی کیفیت میں اسپتال لے کر آئے تھے کہ ڈاکٹروں نے اسے چیک کرکے دوائی دی اور کہا بچی ٹھیک ہے اسے گھر لے جائیں۔

بچی کے والد عبدالرزاق کے مطابق طبعیت خراب ہونے پر دوبارہ بچی کو اسپتال لایا گیا لیکن عملے نے توجہ نہ دی اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر موبائل استعمال کرتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں
ویڈیو: مبینہ غفلت سے مریض کی ہلاکت، احتجاج پر ینگ ڈاکٹرز کا لواحقین پر تشدد
مبینہ غفلت سے نوجوان کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دینے پر ینگ ڈاکٹرز نے دھرنا دیدیا
بچی کے والد عبدالرزاق نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ان کی بیٹی فوت ہوئی ہے۔

بعد ازاں ورثاء نے بچی کی لاش اٹھا کر اسپتال میں احتجاج کیا اور اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی۔ بچی کے والد کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاج کرنے پر اسپتال کے سکیورٹی گارڈز نے تشدد کیا اور اسلحہ بھی تان لیا۔

اس حوالے سے ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کا کہنا ہے کہ واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے، غفلت ثابت ہونے پر عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

حکومت کا عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ کے 4 ملازمین کے بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جن ملازمین کی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق شامل ہیں، 2008 سے 2022 تک ان ملازمین کے نجی اکاﺅنٹس میں جتنی رقوم آئیں ان کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے 4 ملازمین کے نجی اکاﺅنٹس میں آنے والی بھاری رقوم کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک سے منگوایا جا رہا ہے، شواہد کی روشنی میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں گی۔

حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے 2013 سے 2022 کا ریکارڈ بھی منگوایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں صرف 5 سال تک کے عرصے کا ریکارڈ ہے۔

ذرائع کے مطابق آزاد آڈیٹرز کے ذریعے ریکارڈ کی فارنزک جانچ پڑتال کروائی جائے گی جبکہ ایف آئی اے اور  ایف بی آر  اپنی اپنی سطح پر ریکارڈ حاصل کرکے کارروائی کریں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے انٹرنیشنل بینک اکاﺅنٹس کے ریکارڈ کے لیے عالمی بینکس کو خط لکھنےکا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈارکے دور میں ڈیٹا ایکسچینج معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت کارروائی کی جائے گی، معاہدے کے تحت ایف بی آر کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ عالمی بینکس سے ریکارڈ لے سکتا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، ناروے، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر غیر ملکی بینک اکاﺅنٹس کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے عمران خان کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، گوشواروں اور ریکارڈ کا تقابلی جائزہ لے کر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کوشش کریں گے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھیں: مفتاح اسماعیل

کراچی: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے قول و فعل میں تضاد ہے، سابق حکومت نے ملک کیلئے معاشی مشکلات پیدا کیں۔ کوشش کریں گے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پوری حکومت چلانےکا ماہانہ خرچہ 45ارب روپے ہے، ڈیزل پر حکومت کو فی لٹر70 روپے نقصان ہو رہا ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے پر پیسہ ہماری جیب میں نہیں جاتا۔ حکومت کے پاس پیسے نہ ہونے پر قرض لینا پڑتا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس اور لیوی عائد نہیں کریں گے، پٹرول کی قیمت بڑھنےسےعوام کی قوت خرید پر بوجھ پڑتا ہے، پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دینےکی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رواں ماہ حکومت کو102ارب روپےکا اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا، وزارت خزانہ کے پاس مخصوص رقم ہوتی ہے، حکومت پٹرول پر 30 روپے فی لٹر نقصان برداشت کر رہی ہے، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر بھی اثرہوتا ہے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاہدہ کیا، تحریک عدم اعتماد آئی تو پٹرول 149روپے کا کر دیا، عمران خان کے معاہدے کے مطابق پٹرول کی قیمت 245 ہونی چاہیے تھی۔ سابق حکومت نے ملک کیلئے معاشی مشکلات پیدا کیں۔