All posts by Muhammad Saqib

وزیراعظم کی آزادکشمیرمیں غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے سخت قوانین بنانے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیرمیں غیرقانونی تعمیرات روکنے کیلئے سخت قوانین بنانے کی ہدایت کی ہے۔

قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے آئے مہاجرین کیلئے معیاری اور کم قیمت گھر جلد تعمیر  کیے جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی رہائش گاہوں کیلئے  ساڑھے پانچ ارب روپے سے زائد کی زمین آزاد کشمیر حکومت مہیا کرے گی۔ پہلے مرحلے میں 1300 گھرانوں کو گھر مہیا کیے جائیں گے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ تمام شہروں کی حدود متعین ہونی چاہئیں تاکہ بےہنگم پھیلاؤ روکا جاسکے۔  بےہنگم پھیلاؤ روک کر سبزے کو  بچایا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کے منہگے سیکٹرز میں سرکاری رہائش گاہوں پر کمرشل بلنڈنگز بنانے کی ہدایت بھی کی۔

گجرات میں نجی ہوٹل میں دھماکا، 10 افراد زخمی

گجرات: ظہورالہی اسٹیڈیم کی مارکیٹ میں واقع نجی ہوٹل میں ہونے والے دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع گجرات میں ظہورالہی اسٹیڈیم کی مارکیٹ میں واقع نجی ہوٹل کے کچن میں زوردار دھماکا ہوا ہے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی دوکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ہوٹل کے کچن میں کام والے 10 زخمیوں کو عزیز بھٹی شہید اسپتال شفٹ کردیا گیا، جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ تعین نہیں ہوسکا کہ دھماکا گیس سیلنڈر کا تھا یا کوئی نصب شدہ مواد تھا، پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

خیبر طورخم بارڈرپر 1 ارب 50 کروڑ مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی

خیبر طورخم بارڈرپرکسٹم حکام نے ٹرک سے 1 ارب 50 کروڑ مالیت کی 130 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کسٹم کی تاریخ میں پکڑی جانے والی یہ سب سے بڑی مقدار میں ہیروین ہے۔

چیف کلکٹرکسٹم احمدرضاء خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طورخم ایمپورٹ ٹرمینل میں کسٹم عملہ نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک کے خفیہ خانوں سے 130 کلوگرام ہیروین برآمدکرکے ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکرلیاہے۔

چیف کلکٹر کسٹم نے کہا کہ منشیات کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں 1 ارب 50 کروڑروپے ہے، خالی ٹرک افغانستان سے طورخم کے راستے پاکستان میں داخل ہوا تھا۔

چیف کلکٹر کسٹم احمد رضاء خان کے مطابق پاکستان کسٹم کی تاریخ میں پکڑی جانے والی یہ ہیروین سب سے زیادہ مقدار میں ہے، گزشتہ 16 روز میں کسٹم عملہ نے طورخم سرحد پر 3 ارب 23 کروڑ روپے مالیت کی منشیات پکڑی تھی۔

جوڈیشل کمیشن: عائشہ ملک کی بطورسپریم کورٹ جج نامزدگی منظور

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس عائشہ ملک کی بطور سپریم کورٹ پہلی خاتون جج نامزدگی کی منظوری دیدی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ میں پہلی خاتون جج کی تعیناتی سے متعلق بڑا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق سپریم جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج تعینات کرنے کیلئے نامزدگی کی منظوری دیدی گئی، پانچ میں سے 4 ججز نے ان کی تعیناتی کی سفارش کی۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ میں تعیناتی کیلئے نامزد کیا تھا۔

اس سے قبل ایک بار جوڈیشل کمیشن جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کی تجویز مسترد کرچکا تھا۔

میرافون ٹیپ کرنے پرمعذرت کیجائے، مریم نواز نے آڈیوزتسلیم کرلیں

مریم نواز شریف نے لیک آڈیوز میں پرویز رشید سے کی گئی باتوں کو تسلیم کرلیا، کہتی ہیں کہ مجھ سے معذرت کی جائے میرا فون کیوں ٹیپ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی رپورٹ میں ہوش اڑادینے والے حقائق ہیں، جو ثبوت سامنے آئے تاریخ میں کبھی نہیں دیکھے، رپورٹ نے عمران خان کے چہرے سے نقاب کھينچ لیا ہے، چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دے رہے؟۔

چند روز قبل منظر عام پر آنیوالی الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی فنڈز کی سال 2012ء اور 2013ء کی آڈٹ رپورٹ پر کوئی تاریخ درج نہیں جو اکاؤنٹنگ معیار کے خلاف ہے، آڈٹ فرم کی فراہم کردہ کیش رسیدیں بنک اکاؤنٹس سے مطابقت نہیں رکھتیں۔

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف نے77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ای سی پی رپورٹ میں ہوش اڑا دینے والے حقائق ہیں، ان انکشافات سے قوم کا سر چکرا گيا، الزامات کے جو ثبوت سامنے آئے تاريخ ميں کبھی نہيں ديکھے، آپ کہتے ہيں برانڈ عمران خان کو اجاگر کيا جائے، غيرقانونی فنڈنگ؟ يہ ہے آپ کا برانڈ ؟، يہ برانڈ کھل کر سامنے آگيا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ نے عمران خان کے چہرے سے نقاب کھينچ لیا ہے، نالائقی، کرپشن، جھوٹ، مہنگائی آپ کا برانڈ بن چکا ہے، اس ملک ميں حکومت نام کی چيز نہيں، آپ کو اب فرار کا موقع نہيں ملے گا، 7 سال تک تاريخی حربے استعمال کئے گئے، چوری نہيں کی تو تلاشی کيوں نہيں ديتے۔

ڈی آئی خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے ان علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کےقبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ ایک دہشتگرد نے فورسز کے سامنے ہتھیار بھی ڈال دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے مقابلے میں دو اہلکار شہید بھی ہوئے جن میں سے سپاہی فرید اللہ کا تعلق کرک اور سپاہی شعیب حسن کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔

ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا

انٹربینک اور اوپن مارکیٹوں میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 18 پیسے اضافے سے 176.92 روپے ہوگئی۔

مرکزی بینک نے ٹوئٹر پر جاری اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 0.10 فیصد بڑھ  کر 176.92 روپے ہوگئی جو گزشتہ روز 176.72 روپے تھی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 40 پیسے اضافے سے 179.20 روپے پر پہنچ گئی۔

ن لیگ کا اہم اجلاس، حکومت کیخلاف احتجاج کیلئے نئی حکمت عملی کی تیاری پر غور

حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے مسلم لیگ ن کی نئی حکمت عملی کی تیاری کے لیے پارٹی رہنماؤں کا اجلاس لاہور میں جاری ہے۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہونے والے اجلاس میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سمیت نائب صدر مریم نواز  اور حمزہ شہباز  شریک ہیں۔

ان کے علاوہ شاہد خاقان عباسی، پرویز رشید، رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری سمیت دیگر رہنما بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

آرمی چیف کی مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے حکومت کیلئے اگلے 3 ماہ کو انتہائی اہم قرار دے دیا  اور کہا کہ فوجی قیادت کے ساتھ ان کےتعلقات مثالی ہیں، آرمی چیف کی مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں شکست سے پارٹی کو نقصان ہوا، یہ پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں، اپوزیشن عدم اعتمادلانا چاہتی ہے توضرور لائے، ان کرپشن زدہ پارٹیوں سے کوئی خطرہ نہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت 5 سال پورے کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی، حکومت کے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی ، آئندہ 3 ماہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں، پاکستان کے چین اور امریکا سےاچھے تعلقات ہیں۔

انضمام الحق پشاور زلمی کے صدر مقرر

لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو پشاور زلمی کا صدر مقرر کردیاگیا۔

انضمام الحق گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی کے ساتھ بطور مینٹور منسلک تھے جنہیں اب فرنچائز کا صدر بنادیا گیا ہے جس کی تصدیق زلمی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی کی گئی ہے۔

جاوید آفریدی نے سابق کرکٹر کو زلمی فیملی میں ایک بار پھر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق لیجنڈ ہیں اور ان کی شمولیت سے زلمی کرکٹرز کو بھرپور فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً زلمی کے نوجوان کرکٹرز کو انضمام الحق سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔