لاہور: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ہتھیاروں کی دوڑ، اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز تقاریر سے عالمی مسائل میں اضافہ ہوا۔
چین اور ترقی پذیر ممالک پر مشتمل گروپ 77 کی انفارمیشن کمیٹی اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا ہے کہ کورونا وبا اور آب و ہوا کی تبدیلی جیسے مسائل نے چیلنجز بڑھا دیے۔
ا نہوں نے کہا ہے کہ بیشتر ممالک کو خوراک،توانائی اور سپلائی چین کی رکاوٹ جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دنیا کے درمیان ڈیجیٹل فرق وسیع ہورہا ہے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ عالمی امن و استحکام کے لیے پیغامات کو واضح اور موثر انداز میں سنا جانا چاہیے۔وسیع عالمی معاونت کیلئے اطلاعات اور معلومات کی کمیٹی کا کردار اہم ہے۔
All posts by Khabrain News
عید کے موقع پر گورنر پنجاب نے سیاسی قائدین کو کیا تحفہ بھیجا؟
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیر اعظم ،وزیر اعلی پنجاب اور سیاسی قائدین کو آئین کی کتاب بطور عید تحفہ بھجوا دی۔
گورنر پنجاب کے مطابق پاکستان کے آئین کی کتاب بطور عید کاتحفہ کے ان تمام سیاسی لیڈروں کو بھیجیں ہیں جو آئین پڑھے بغیر بلاوجہ احمقانہ بیانات دے رہے ہیں یا غصہ کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف ،مریم صفدر کو آئین پاکستان کی کتاب بھجوائی۔
گورنر پنجاب نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری ،بلاول بھٹو زرداری ،عطاء اللہ تارڈ ،خواجہ محمد آصف ،راجہ پرویز اشرف ،احسن اقبال ،قمر الزماں کائرہ ،خورشید شاہ ،مریم اورنگزیب ،شریں رحمان ،بلال چودھری ،مولانا فضل الرحمان اور سید یوسف رضا گیلانی کو بھی آئین پاکستان کی کتاب بھجوائی۔
کراچی: عید کے روزٹریفک حادثات میں 12افرادجاں بحق
کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی میں عید کے روزٹریفک حادثات میں 12افرادجاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں عید کے روز تیز رفتاری اور بے احتیاطی کے باعث ٹریفک حادثات میں 12 افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔ مختلف حادثات میں 200سےزائدافراد زخمی ہوئے۔
جاں بحق اورزخمی ہونےوالوں میں اکثرموٹرسائیکل سوارہیں۔ حادثات حب چوکی،رزاق آباد،پاورہاوس نیوکراچی کےقریب پیش آئے۔ یونیورسٹی روڈ،عیسیٰ نگری،اسٹیل ٹاون ،بلدیہ ٹاون کےمقام پرحادثات ہوئے۔
شہباز گل امریکہ سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل امریکہ سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔
ایئرپورٹ پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رکھا گیا۔ شہباز گل کو امیگریشن کے بعد ایف آئی نے نہیں روکا۔
شہباز گل کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پر گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان کی آمد پر اٹک پولیس بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔
واضح رہے کہ شہباز گل نے توہین مذہب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے۔
اس سے قبل اسی کیس میں ایم این اے شیخ راشد شفیق کو بھی وطن واپسی پر ائیر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
فیصل آباد میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، حادثات میں اضافہ، آمدورفت محال ہو گئی
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار بنی بیشتر مین شاہراہیں ٹریفک کی روانی میں مسائل پیدا کرنے لگی ہیں،خستہ حال سڑکوں کے سبب حادثات کا بھی باعث بن رہی ہیں۔
فیصل آباد کی سڑکوں پر کہیں گردوغبار کے بادل، ملبے کے ڈھیر، تو کہیں گہرے گڑھے آمدورفت کو جان جوکھم کا سبب بنا رہے ہیں۔ سرگودھا روڈ، سمندری روڈ، جڑانوالہ روڈ، جھمرہ روڈ اور ستیانہ روڈ سمیت شہر کی بیشتر مین شاہراہیں عرصہ دراز سے بدحالی کا شکار ہیں جس سے شہریوں کیلئے سفر کرنا عذاب بن کررہ گیا ہے۔
کچھ عرصہ قبل سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع تو کیا گیا لیکن اسے پایئہ تکمیل تک پہنچانا شاید ایجنڈے میں شامل ہی نہیں جس پر شہری بھی حکام سے نالاں ہیں۔
معاملے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں کہ سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے، جلد کام مکمل کرتےہوئے مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔ تعمیراتی کام میں تاخیر کی وجہ سے زیر تعمیر سڑکوں کے کناروں پر واقع دکانوں کے مالکان کی کاروباری سرگرمیاں بھی بُری طرح سے متاثر ہورہی ہیں۔
آزاد میڈیا پاکستان سمیت کسی بھی قوم کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے: امریکی وزیر خارجہ
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ آزدی اظہار رائے پر پابندی کا معاملہ پاکستانی حکومت کے ساتھ اٹھاتے رہے ہیں۔ ایک متحرک اور آزاد میڈیا، باخبر شہری پاکستان سمیت کسی بھی قوم اور اس کے مستقبل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
واشنگٹن میں ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے حوالےسے امریکی وزیرخارجہ نے پریس کانفرنس کی، گزشتہ سال کے دوران پریس کی آزادی کے سوال پر انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم پاکستان میں میڈیا آؤٹ لیٹس اور سول سوسائٹی پر پابندی سے آگاہ ہیں، ان اقدامات سے آزادی اظہار رائے کمزور ہوتی ہے اورپر امن احتجاج کو نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم براہ راست اور روز مرہ کی بنیاد پر ہونے والے روابط میں یہ معاملہ اٹھاتے رہتے ہیں۔
لاہور: کار کی موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر، حادثے میں بہن جاں بحق، 2 بھائی زخمی
لاہور: (ویب ڈیسک) ہربنس پورہ انڈر پاس کے قریب کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار تین بہن بھائیوں میں سے 32 سالہ بہن عاطقہ موقع پر جاں بحق، دو بھائی قادر اور اویس زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ایک بھائی قادر کو سروسز ہسپتال سے طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ دوسرے بھائی اویس اکبر کو ہڈی وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان تک پہنچا جائے گا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دیا۔ ورثا کے مطابق خاتون کا خاوند بیرون ملک دبئی میں روزگار کے سلسلے میں رہائش پذیر ہے، خاتون کے تین بچے لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ میں والدین کے گھر کے قریب رہتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی آج پنجاب، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسم کا حال بتانے والوں نے آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
پنجاب میں منچن آباد، وہاڑی، پنڈ دادن خان اوردیگر کئی علاقوں میں بارش برسی۔ لنڈی کوتل، ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، موسم کا حال بتانے والوں نے آج لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
شمالی بلوچستان میں بھی ابر رحمت برسنے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یوکرین کی ماڈل نے “دنیا کے سب سے بڑے گال” رکھنے کیلئے سرجری کروالی
دنیا بھر میں لوگ خوبصورتی حاصل کرنے کے لیے ہمہ وقت جدوجہد کرتے رہتے ہیں تاہم یوکرین سے تعلق رکھنے والی اناستاسیا پوکریشچک نے “دنیا کے سب سے بڑے گال” رکھنے کے لیے متعدد فلر انجکشن کے ذریعے گالوں کو حیرت انگیز طور پر بڑا کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 33 سالہ یوکرینی ماڈل اناستاسیا پوکریشچک نے حال ہی میں سوشل پر اپنے مداحوں سے غیر آرام دہ طریقہ کار شیئر کیا تھا اور پھر اس شکل کا انتخاب کیا۔
اناستاسیا نے گالوں کو بڑھانے والی سرجری کی ویڈیو بھی بنائی جس میں ان کے جبڑوں کے نچلے حصے پر انجکشن لگائے جارہے تھے، جبکہ درد میں انہیں جھکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اناستاسیا پوکریشچک نے اپنے 82,500 فالوورز کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام کہانیوں کے ذریعے مختلف کلپس میں اپنے طریقہ کار کی فوٹیج شیئر کیں۔
واضح رہے کہ ایناستاسیا نے پہلی بار 26 سال کی عمر میں چہرے اور جسم پر جراحی کے عمل سے گزرنا شروع کیا تھا۔
معروف کامیڈین کو مبینہ طور پر چچا زاد بھائی نے قتل کردیا
ہری پور: خیبرپختونخوا کے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مزاحیہ اداکار کو مبینہ طور پر چچا زاد بھائی نے قتل کردیا۔
خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور کے رہائشی اور ہزارہ کے مشہور کامیڈین، طنز و مزاح کے بے تاج بادشاہ مانے جانے والے اداکار عرفان حیدر کا گھریلو جھگڑے کے دوران انتقال ہوا۔
اہل خانہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ حیدرعرفان کی موت جھگڑے کے دوران چچا زاد بھائی کی وجہ سے ہوئی۔
پولیس اور ریسکیو حکام نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے آر ایچ سی کوٹ نجیب اللہ اسپتال منتقل کیا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کردی۔
میڈیکل رپورٹ میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ عرفان حیدر کا انتقال ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوا۔ پولیس نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ اہل خانہ کی جانب سے چچا زاد بھائی پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے تاہم ابھی قانونی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا، میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد اہل خانہ کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے اور پھر کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مقتول اور اُس کے چچا زاد بھائی کے درمیان کئی عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔