لاہور: (ویب ڈیسک) نماز عید کے بعد سویاں بھی کھا لیں اور عیدی بھی وصول کر لی، اہداف پورے کرتے ہی بچہ پارٹی نے تفریح گاہوں کا رخ کر لیا۔
تفریح گاہوں میں تل دھرنے کو جگہ نہیں، کوئی جھولے لے کر خوش تو کوئی اونٹ کی سواری میں مگن ہے۔ گھروں میں خواتین مہمانوں کی خاطر مدارات کی تیاریوں میں لگ گئیں، کسی نے اماں تو کسی نے ساس کی ریسیپی سے فائدہ اٹھایا۔ بریانی، چکن کڑاہی، مٹن چانپ ، شامی کباب سے عزیز رشتہ داروں کیلئے لذیذ پکوانوں کی تیاری جاری ہے۔
All posts by Khabrain News
ہمیں ایک قوم بن کر ملک کو درپیش بحرانوں سے سرخرو ہو کر نکلنا ہے: مراد علی شاہ
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت شدید مالی اور اخلاقی بحران کا سامنا ہے، ہمیں ایک قوم بن کر ان بحرانوں سے سرخرو ہو کر نکلنا ہے۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت سندھ اور اپنی طرف سے پوری دنیا کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی عالم اسلام کی جانب سے رمضان المبارک میں کی جانے والی عبادات کو قبول فرمائے ، رمضان المبارک کی بدولت اللہ تعالی دنیا اور بالخصوص پاکستان میں امن امان قائم کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن امان پیدا ہوگا تو ہر آدمی خوش اسلوبی سے اپنے ملک کی خدمت کرسکے گا، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمارے دلوں میں ایمان ڈالے اور ہمیں توفیق بخشے تاکہ ان بحرانوں کا مقابلہ کر سکیں۔ عمران خان اسلام آباد جانے کی کوئی تیاری نہیں کررہا، جورات کو مختصر احتجاج ہوا بس ویسے ہی ہوگا۔
‘عید کے موقع پر اختلافات اور نفرتیں بھلا کر ایک قوم کی طرح خوشیاں منائیں’
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دوسروں کی خوشیوں میں شریک ہوں اور عید کے پرمسرت موقع پر اختلافات اور نفرتیں بھلا کر ایک قوم کی طرح خوشیاں منائیں۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے عید الفطر کے موقع پر پیغام میں تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ انتشار، نفرت اور تقسیم سے دور رہیں، اپنے پیارے وطن اور سر سبز زمین کا ماں سمجھ کر خیال کریں۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر سیر و تفریح کے مقامات پر پلاسٹک کی بوتلوں اور تھیلیوں کے استعمال سے گریز کریں، گلیوں اور شاہراہوں پر کوڑا اور کچرا پھیکنے سے گریز کریں کیوں کے کچرے سے ہی آلودگی پھیلتی ہے، پانی کا احتیاط سے استعمال کریں، پھول اور درخت لگائیں، عید کی خوشیاں منانے باہر نکلیں تو ہیٹ ویو سے بچنے کے احتیاتی تدابیر پر عمل کریں۔
شہباز گل نے پاکستان واپس آنے کی وجہ بتا دی
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے پاکستان آنے کی وجہ بتا دی۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ یہ جانتے بوجھتے کہ یہ لوگ ایک بعد دوسرا کیس بنائیں گے، میں آج واپس پاکستان آ رہا ہوں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ایک میں ضمانت لیں گے تو دوسرا تیار ہو گا، لیکن پاکستان آنے کی وجہ صرف ایک ہے اور وہ یہ کہ میری ماں باجوہ اور باپ گِل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر گھرانے کی طرح ہمارے گھر میں بھی پہلی چیز وفاداری سکھائی جاتی ہے، میں خان کے ساتھ مشکل وقت میں پوری وفاداری نبھاؤں گا۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ اس امپورٹڈ حکومت کے خلاف خان کے ساتھ وفاداری کا مطلب پاکستان کے ساتھ وفاداری ہے۔
عید کے پُرمسرت موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا قوم کے نام پیغام
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عید کے پُرمسرت موقع پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں کے قوم کے نام پیغامات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں اور کھلاڑیوں نے پیغامات ریکارڈ کروائے ہیں جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میری اور میری پوری ٹیم کی طرف سے آپ سب کو بہت بہت عید مبارک۔ خوش رہیں اور خوب انجوائے کریں۔ محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان سے باہر جتنے بھی مسلمان ہیں سب کو عید الفطر مبارک ہو۔
خواتین کی قومی کرکٹ کی کپتان نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میں امید کرتی ہوں یہ عید آپ اور آپ کے گھروالوں کے لیے بہت اچھی گزرے۔ حسن علی نے کہا کہ اس عید پر آپ کے ارد گرد جو لوگ ہیں انھیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
شاہنواز دہانی، فواد خان، حارث رؤف اور خاتون کرکٹ کھلاڑی انعم امین نے بھی قوم کو عید مبارک کہا۔ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وہاب ریاض نے اپنی بیٹی کی مہندی لگواتے ہوئے ویڈیو شیئر کی جسے صارفین نے کافی پسند کیا۔
اسی طرح شاہین شاہ آفریدی نے دعا لکھی کہ اللہ ہمارے روزوں اور عبادتوں کو قبول فرمائے۔ آمین
عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر فنکاروں کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات
کراچی: (ویب ڈیسک) عید الفطر کے اس پر مسرت موقع پر شوبز کی دنیا سے وابستہ فنکاروں نے تمام مسلمانوں کو مبارکباد کے پیغامات دئیے ہیں۔
دنیا بھر میں مسلمان عیدالفطر کا تہوار مذہبی جوش وخروش سے منارہے ہیں اور ساتھ ساتھ دوست احباب کو بھی عید کی خوشیوں کے پیغامات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ اداکار بھی عید کی خوشیوں میں پیش پیش ہیں اور انہوں نے تمام مسلمانوں کے لیے عیدالفطر کی مبارکباد کے ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ اقرا عزیز اور یاسر حسین نے اپنے بیٹے کبیر حسین کے ہمراہ انسٹاگرام پر اپنی خوبصورت تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے تمام لوگوں کو عید مبارک کا پیغام دیا۔
اداکارہ عائزہ خان اور ان کے شوہر اداکار دانش تیمور نے اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خوبصورت ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے بچے عید پر شرارتیں کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ دونوں نے مداحوں کو عید کی مبارکباد دی۔
اداکارہ سارہ خان نے بھی اپنے شوہر گلوکار فلک شبیر کے ہمراہ خوبصورت تصاویر شیئر کرکے تمام لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔
بھارت؛ انتہا پسند ہندوؤں نے عید گاہ سے لاؤڈ اسپیکر اور مسلم جھنڈا اتار دیا
جودھ پور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان میں ہندو جماعت نے عید گاہ سے مسلم تنظیم کا پرچم اتار کر اپنا جھنڈا لگا دیا اور لاؤڈ اسپیکر بھی اتار کر لے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق راجستھان کے شہر جودھ پور میں گزشتہ روز ہونے والے ہند و مسلم فسادات میں عید کے روز مزید اضافہ ہوگیا۔
فسادات کا آغاز مسلم اکثریتی علاقے سے ان کی جماعت کا پرچم اتار ہندو جماعت کا جھنڈا لگانے پر ہوا تھا تاہم آج عید کی نماز کے موقع پر شرپسندوں نے عید گاہ پر ہندو جھنڈا لگا دیا اور لاؤڈ اسپیکر بھی ساتھ لے گئے۔
اس مذموم حرکت پر نمازیوں میں اشتعال پھیل گیا اور نماز کے بعد ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رکن قومی اسمبلی کے گھر پر کھڑی بائیک کو آگ لگادی۔
پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ پولیس نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا تھا۔ 10 سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
برطانیہ میں عید کی نماز کے دوران چاقو بردار شخص کا حملہ
لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں نمازِ عید کے دوران 20 سالہ نوجوان کو چاقو کے وار کرکے شدید زخمی کر دیا جس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ کی نیوٹن اسٹریٹ پر واقع مرکزی جامع مسجد مدنی میں نمازِ عید ادا کی گئی جس کے دوران ایک چاقو بردار شخص نے ساتھ بیٹھے نوجوان کو پے در پے وار کرکے شدید زخمی کردیا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد حملہ آور کے گھر چھاپہ مار کر خاندان کے 3 افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ پولیس کی دوسری چھاپہ مار کارروائی میں حملہ آور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے جب کہ حملے کی وجہ کا بھی تعین نہیں کیا جا سکا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کہ کے پیچھے اسلامو فوبیا یا انتہا پسندی نہیں۔
زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اہل خانہ نے دعائے صحت کی اپیل کی ہے جب کہ اسپتال میں خون کا عطیہ دینے والوں کا تانتا بندھ گیا۔
بل گیٹس سابقہ بیوی کو دوبارہ شریک حیات بنانے کے خواہاں
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے سابقہ بیوی میلنڈا کو دوبارہ شریک حیات بنانے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ زندگی کے 2 سال ان کیلئے ڈرامائی موڑ کے حامل ہیں، ایک موڑ عالمی وبا اور دوسرا طلاق ہے مگر سب سے عجیب موڑ بچوں کا گھر چھوڑنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی میں کئی تبدیلیاں آتی ہیں، بچے بڑے ہو کر خاندان سے علیحدہ ہو جاتے ہیں، میری زندگی میں بڑی تبدیلی طلاق کی صورت میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ میرا دوبارہ شادی کا کوئی منصوبہ نہیں،تاہم اگر دوبارہ شادی کی تو میرا انتخاب میلنڈا ہی ہوں گی،مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میلنڈا فلاحی کاموں میں آج بھی میری ساتھی ہیں۔
عید پر ایف سی نارتھ کے جوان پاک افغان بارڈر پر سرحدوں کی حفاظت پر مامور
پشاور: (ویب ڈیسک) عید کے پرمسرت موقع پر جہاں آج ہر طرف خوشیاں ہیں اور لوگ عید الفطر اپنے پیاروں کیساتھ منا رہے ہیں تو دوسری طرف پاک افغان بارڈر پر ایف سی نارتھ کے جوان ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔
عید خوشیوں کا نام ہے، مذہبی تہوار کو اپنے پیاروں کے ساتھ جوش و جذبے اور محبت سے منانے کا لیکن اس سب کے لیے امن لازمی ہے۔ خوشیوں میں مگن قوم کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے کےلیے پاک افواج کے جوان ہمیشہ کی طرح آج بھی صف اول میں کھڑے ہیں۔
عید الفطر کے موقع پر پاک افغان بارڈر پر قائم بگ بین چیک پوسٹ پر ایف سی نارتھ کے جوان جہاں ملکی سرحدوں کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تو وہیں اپنوں سے دورعید بھی منا رہے ہیں، سرحد پر نماز عید سمیت خصوصی دستر خوان کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ملک و قوم کی سلامتی کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے جذبے سے سرشار جوانوں کا کہنا ہے کہ وطن کی مٹی پر آنچ نہیں آنے دینگے۔
نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔