All posts by Khabrain News

50 فیصد کامیابی ملی ہے، ابھی کے پی اور بلوچستان میں بھی جیتنا ہے: آصف زرداری

نوابشاہ: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں 50 فیصد کامیابی ملی ہے، ابھی خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی جیتنا ہے۔
زرداری ہاؤس نوابشاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ حق کی فتح ہوتی ہے لیکن مشکلات آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا اللہ کے فضل سے ہمیں 50 فیصد کامیابی ملی ہے، ابھی ہمیں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی جیتنا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا آپ کو شکوہ ہے کہ میں کم آتا ہوں لیکن اب آنا جانا لگا رہے گا، میں آپ کے ساتھ عید منانے آیا ہوں۔
یاد رہے کہ آصف علی زرداری نوابشاہ میں عید منا رہے ہیں جبکہ ان کے صاحبزادے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دبئی میں اپنی بہنوں کے ہمراہ عید منا رہے ہیں۔

محنت کررہے ہیں جلد عوام کو خوشخبریاں دیں گے: وزیر خزانہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک گھمبیر حالات میں چھوڑ کر گئے لیکن ہم محنت کر رہے ہیں، جلد عوام کو خوشخبریاں دیں گے۔
کراچی میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا اللہ کا بڑا کرم ہے مجھ جیسے گناہ گار کو بھی روضہ پاک ﷺ کی زیارت کا شرف ملا، مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی کرنے والوں کو اللہ ہدایت دے۔
ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا ہم تو بے گناہ تھے پھر بھی جیل میں بند کیے گئے، اب شہزاد اکبر اور زلفی بخاری پر بھی بات ہو گی، پتہ چلے گا کہ فرح گوگی صاحبہ پرائیوٹ جہازوں میں کیسے گھومتی تھیں، ٹرانفسر پوسٹنگ پر وزیراعظم ہاؤس سے کون فون کرتا تھا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک گھمبیر حالات میں چھوڑ کر گئے ہیں، ہم محنت کر رہے ہیں، جلد عوام کو خوشخبریاں دیں گے۔

مقبوضہ کشمیر؛ جامع مسجد سری نگر میں عید کی نماز سے روک دیا گیا

سری نگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مذہبی آزادی جیسے بنیادی حق پر قدغن لگاتے ہوئے تاریخی جامع مسجد سرنگر میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی سے روک دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے عید 3 مئی کو ہونے کے اعلان کے بعد مقبوضہ کشمیر کی ہر بڑی مسجد سے اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ عید منانے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم مقبوضہ کشمیر میں مودی نواز کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے عائد سخت پابندیوں کے باعث شہروں اور بڑے قصبوں کی عید گاہوں میں عید کی نمازی کے روایتی بڑے اجتماعات منعقد نہ ہوسکے۔ تاریخی جامع مسجد سری نگر میں بھی نماز عید ادا نہیں کرنے دی گئی۔
قابض بھارتی فوج نے عید کی نماز مختلف چھوٹی مساجد میں ادا کرنے کی اجازت دی جس میں کشمیریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نماز میں جدو جہد آزادی کشمیر کی کامیابی کی دعائیں مانگی گئیں۔
نماز کی ادائیگی کے بعد غیور کشمیری عوام نے بھارتی فوج کے ظالمانہ اور غیر انسانی اقدامات کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور تاریخی جامع مسجد سری نگر کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مودی سرکار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مقدس عظیم الشان مسجد، جامع مسجد سری نگر میں عید کی نماز کی اجازت نہ دینے سے جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو شدید دکھ پہنچا ہے۔ اسی طرح میر واعظ عمر فاروق کی طویل نظر بندی پر بھی تشویش ہے۔

عمران خان مقدمات سے ڈرنے اور گھبرانے والا نہیں: شاہ محمود قریشی

ملتان: (ویب ڈیسک) وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قیادت پر ایسے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں، مخالفین سن لیں! خان گھبرائے اور ڈرنے والا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام مسائل کا حل جلد نئےانتخابات میں ہے، لوگوں کےپاس جاناچاہیے، وہ فیصلہ کریں کس کا نقطہ نظر ٹھیک ہے؟، جلد انتخابات تو آپ کامطالبہ تھا اس کی ہم تائیدکر رہےہیں تو پھر کیوں کترارہےہیں؟۔
میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نےطریقہ کار کےمطابق استعفیٰ ہی نہیں دیا،آپ نے پھر نئے شخص کو اعتماد کا ووٹ لینےکی دعوت کیسےدیدی؟، جب آئین کو فالوہی نہیں کرینگےتو پیچیدگیاں رہیں گی، گورنرپنجاب نے صدر سمیت مختلف اداروں کو آگاہ کردیاہے، امیدہے کہ اعلیٰ عدلیہ خط کو دیکھ کر اپنا فیصلہ سنائےگی۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے جانے کے بعد میڈیا پر خاصہ دباؤ ہے، ہماری خبر لکھنے،چھاپنے پربوجھ دکھائی دےرہاہے، چینلزایمانداری سے رپورٹ کریں توہمیں کوئی گلہ نہیں اور جن چینلز پر دباؤ ہے وہ آہستہ آہستہ اس دباؤ سےباہرآجائینگے۔
پی ٹی آئی قیادت پر توہین مذہب کی آڑ میں درج مقدمات پر بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایسےمقدمات قائم کئےجارہے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں، یہ حکومت کی گھبراہٹ اور ناکامی ہے، مقدمات ڈرانے،دھمکانےاور مرعوب کرنےکیلئےہیں، عمران خان ہرگز نہیں گھبرائے، وہ بڑےپراعتمادہیں۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن ہیں،اسکا سامنا کرنےکو تیارہیں، جتنے سوالات ہوئے،حساب مانگا گیا وہ ہم دےچکےہیں اسکروٹنی کمیٹی میں تمام ثبوت فراہم کرچکے ہیں، ہم نے پولیٹیکل فنڈریزنگ پاکستان میں متعارف کرائی، دیگر جماعتیں بھی بتائیں کہ کن ممالک سےکتنےفنڈزآئے؟

انشا اللہ اگلی عید پر ہم حقیقی آزادی کے راستے پر ہوں گے: عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ “انشااللہ اگلی عید پر ہم حقیقی آزادی کے راستے پرہوں گے”۔
عمران خان نےنماز عید چیئرمین سیکرٹریٹ میں قائم مسجد میں ادا کی، اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماوکارکنان نے بھی عمران خان کےساتھ نمازاداکی۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعدملکی ترقی وسلامتی،آزادی وخودمختاری کیلئےدعائیں کی گئیں، بعد ازاں کارکنان و قائدین نے عمران خان کو عید کی مبارکباد دی۔

پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار، جلد قابو پا لیں گے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے مگر جلد ہی قابو پا لیں گے، مسلسل محنت اور ثابت قدمی سے ہی مشکلات ختم ہوں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، جلد قوم سے خطاب میں حقائق سامنے رکھوں گا۔ کارکنان نےکوئی دن ایسانہیں چھوڑاجب ہماراساتھ چھوڑا ہو، پارٹی قیادت اور پوری جماعت کارکنان کی محبت کوبھول نہیں پائیں گے، ہمارے ساتھیوں کےخلاف ایک دھیلے کی کرپش ثابت نہیں ہوئی۔ نوازشریف نے ملک کوجہاں چھوڑا، وہیں سےترقی کےسفرکاآغازکریں گے۔

یہ کسی سازش سے نہیں، اپنے کرتوتوں کی وجہ سے باہر ہوئے،رانا ثنا اللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ یہ لوگ کسی سازش سے نہیں بلکہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں۔اگلے 12 سے 14 ماہ میں انتخابات ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپاکر دیا۔اللہ تعالیٰ ہمیں معیشت کو بہتر کرنے کی توفیق دے۔74سالہ تاریخ میں چاند رات کو کوئی احتجاج نہیں ہوا۔بعض لوگوں نے عمران خان کے بہکاوے میں آکر احتجاج کیا۔درجن سے زیادہ لوگ باہر نہیں آئے جس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے۔یہ لوگ کسی سازش سے نہیں بلکہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے باہر ہوئے ہیں ۔ان کے اتحادی بھی ان کی وجہ سے پریشان تھے ۔ہم کوشش کررہے ہیں کہ بہتری کی طرف سفر کا آغاز کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک نئے مینڈیٹ اور دورانیے کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے۔ان کے دور میں کوئی بھی منصوبہ بنایا گیا؟
ان کا کہنا ہے کہ میرے خلاف فتوے دیئے گئے،میرے گھر کا گھیراو کیا گیا۔میاں نوازشریف پر لاہور میں حملہ ہوا۔نوازشریف پر حملہ ہوا تو انہوں نے کوئی مذمت نہیں کی تھی۔ہم کسی کیس میں مدعی نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ مدینہ میں ہونےوالے واقعہ کی مذمت کریں۔برطانیہ میں جتنے احتجاج ہوئے اس کو صاحبزادہ جہانگیر مینج کرتا رہا ہے۔

عمران خان کے ساتھ عوام سمندر کی طرح باہر نکلیں گے، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ عوام سمندر کی طرح باہر نکلیں گے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ 9شہروں میں ہمارے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اداروں اور پی ٹی آئی کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ جہاں بھی جائے چور چور ہوتا ہے۔ میں تو پہلے کہتا تھا ان کے حالات بہت خراب ہیں۔ حکمرانوں کو لندن میں بھی عوامی ردعمل کا سامنا رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ لندن جائیں گے تو وہاں آنسو گیس چلے گی۔لوگ انہیں بہت زیادہ نفرت کرتے ہیں۔لندن میں پولیس کو بکتر بند گاڑیاں لینی پڑیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ جن کو رات کو فرد جرم لگنی تھی صبح وزیراعظم بنا دیا۔بعض لوگوں پر ایک ایک ٹن منشیات کا الزام ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہاہے کہ آج خوشی کا موقع ہے۔آج بھی غریبوں کے گھروں میں فاقے ہیں۔72سالوں میں ایسے بد ترین معاشی حالات نہیں دیکھے تھے۔عمران نیازی نے جھوٹ بولنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ذہنی مریض ہوگئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ایسے کام کرنے ہیں کہ اللہ کی مخلوق راضی ہو۔میں پورے شہر لاہور میں قیمتوں کے تعین کیلئے کمیٹیاں بنا رہا ہوں۔یہ کام ووٹ کیلئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا کیلئے کررہا ہوں ۔اللہ راضی ہوگا تو ووٹ بھی ملیں گے۔
انہوں نے کہاہے کہ شہباز شریف کے دور میں پورا شہر صاف ستھرا ہوتا تھا۔ہم دوبارہ شہر کو ویسا ہی بنائیں گے۔دن رات محنت کریں گے عوام کی خدمت کریں گےہم نے خدمت کرکے لوگوں کی دعائیں لینی ہیں۔

نماز عید کے بعد شہریوں نے فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور سمیت دیگر شہروں میں عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے اپنے پیاروں کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کرنے اور فاتحہ خوانی کے لیے قبرستانوں کا رخ کرلیا۔
عید کا خوشیوں بھرا دن ہو تو سب سے پہلے وہ پیارے، عزیز و اقارب یاد آتے ہیں جو اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نماز عید ادا کرنے کے بعد فرزندان توحید اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کیلئے پہنچے تو قبرستان کی فضائیں اگربتی اور پھولوں کی خوشبو سے مہک اٹھیں۔
لاہور کے بی بی پاکدامن قبرستان میں بزرگ، بچے، خواتین اور جوان اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کرتے رہے، شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے اور سورہ یاسین کی تلاوت بھی کی۔
عید الفطر کے موقع پر پھولوں کی مانگ میں اضافہ ہوتے ہی دکاندار منہ مانگے دام وصول کرنے لگے، پھول کی پتیوں کی 400 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان سے پہلے ایک سو سے ڈیڑھ سو روپے فی کلو پتیاں فروخت ہوتی تھیں، اب قبروں پر بھی پھولوں کی پتیاں لے جانی مشکل ہو گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی مرضی کے ریٹ لگائے ہوئے ہیں، انتظامیہ کو چاہئیے کہ مذہبی تہوار کے موقع پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔