All posts by Khabrain News

روسی وزیر خارجہ نے ہٹلر کو یہودی قراردیدیا: اسرائیل شدید برہم، سفیر طلب

تل ابیب: (ویب ڈیسک) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے تازہ بیان پر اسرائیل نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر یہود دشمنی کے جذبات پھیلانے اور ہولو کاسٹ کی اہمیت کم کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور مؤقر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایک اطالوی ٹی ریٹے 4 نے دوران انٹرویو جب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے استفسار کیا گیا کہ روس کس طرح کہہ سکتا ہے کہ اسے یوکرین کو نازی اثر و رسوخ سے پاک کرنے کی ضرورت ہے جب کہ ملک کے صدر ولادیمیر زیلینسکی تو یہودی ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ جب وہ کہتے ہیں کہ ہم تو خود یہودی ہیں تو کس طرح سے یہ نازی ازم ہے؟ میں سمجھتا ہوں کہ ایڈولف ہٹلر بھی یہودیوں سے تعلق رکھتا تھا اسی لیے ان کی بات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔
سرگئی لاوروف نے مترجم کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تو کافی عرصے سے ہم عقلمند یہودی لوگوں کو یہ کہتے ہوئے بھی سن رہے ہیں کہ یہود مخالف سب سے بڑے خود یہودی ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ کے اس انٹرویو پر اسرائیل نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے جھوٹ کا مقصد یہودیوں کے اپنے خلاف ہونے والے تاریخ کے سب سے بڑے اور ہولناک جرائم کا الزام خود یہودیوں پر ہی لگانا ہے۔ اس ردعمل کا اظہار خود اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے کیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے یہودیوں کے ہولوکاسٹ کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔
اسرائیل نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے انٹرویو پر معافی مانگیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اس کے لیے روسی سفیر کو بھی طلب کیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق ایڈولف ہٹلر کو یہودی قرار دینا ایسا ہی ہے جیسے یہ کہا جائے کہ یہودیوں نے خود کو ہلاک کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق یہودیوں پر یہود مخالف ہونے کا الزام لگانا نسل پرستی کی سب سے گری ہوئی سطح ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے تاحال اپنے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ہولوکاسٹ میں مارے جانے والے 60 لاکھ یہودیوں کی یادگار ید واشیم کے چیئرمین دانی دیان کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کے ریمارکس حقیقی نازی ازم کے متاثرین کی توہین اور ان کے لیے بڑا دھچکہ ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ نازی حامی عناصر یوکرین کی حکومت اور فوج پر تسلط رکھتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر خارجہ جن کے دادا بھی ہولو کاسٹ میں مارے گئے تھے ان کا کہنا تھا کہ یوکرینی نازی نہیں ہیں، صرف نازی ہی نازی تھے اور صرف انہوں نے یہودی لوگوں کی منظم نسل کشی کی۔
جرمن حکومت کے ترجمان نے اس معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایڈولف ہٹلر کے بارے میں سرگئی لاوروف کا تبصرہ مضحکہ خیز پروپیگنڈہ تھا۔

عمران خان بتائیں امریکا کے خلاف کون سے بڑا کارنامہ کیا تھا: شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم کے ٹوئٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان بتائیں امریکا کے خلاف کون سے بڑا کارنامہ کیا تھا؟ ایساکیاکارنامہ کیاجوان کےخلاف بیرونی سازش ہوئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سازش کا راگ الاپنے والے سے اپنے ایم این ایز اور اتحادی تنگ تھے عمران نیازی ملک میں اقتصادی تباہی کا ذمہ دار ہے اس شخص نےملک کی خارجہ پالیسی کوشدیدنقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کو روکنے میں بھی عمران خان اور ان کے مشیروں کا ہاتھ رہا عمران نیازی نے پاکستان کے ریاستی اداروں کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی دفاعی تجزیہ کار ریبیکا گرانٹ کی غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی ہے اور ساتھ ہی لکھا ہے کہ امریکا فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم چاہتا ہے۔ حکومت تبدیلی کی سازش پرشبہ ہے تو اس ویڈیو سے شکوک دور ہونےچاہئیں۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایک جمہوری طور پر منتخب وزیراعظم اور اسکی حکومت کو کیوں ہٹایا گیا ہے، واضح رہے کہ امریکا فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم کے طور پر چاہتا ہے۔

نیدرلینڈ میں دو کاروں کو ٹکر مارنے پر 4 سالہ ننھا ڈرائیور گرفتار

ایمسٹر ڈیم: (ویب ڈیسک) نیدرلینڈ کی پولیس نے اُس چار سالہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا جس نے اپنی والدہ کی کار کی چابی چرائی اور کار اسٹارٹ کردی جو پاس کھڑی گاڑیوں سے ٹکراگئی۔
نیدر لینڈ میں پڑوسیوں کو گاڑیاں ٹکرانے کی آواز نے چونکا دیا۔ پریشان حال پڑوسی باہر نکلے تو دیکھا ان کی کاروں پر ڈینٹ پڑے ہیں اور پاس ایک کار بھی کھڑی ہے جس میں سے ’’ ننھا مجرم‘‘ ننگے پاؤں نکل کر بھاگتے ہوئے اپنے گھر میں داخل ہوجاتا ہے۔
پڑوسیوں نے ننھے واردتیے کی مخبری پولیس کو کی تو پولیس بچے کو مہمان بناکر لے گئی۔ بچے کو چاکلیٹ پیش کی گئی اور کھیلنے کو ایک بھالو بھی دیا تاکہ مجرم کو رام کیا جا سکے تب تک بچے کی ماں بھی آگئیں۔
پولیس ماں سمیت بچے کو جائے وقوعہ پر لے کر گئی اور بچے سے کہا کہ وہ کار چلا کر دکھائے جس پر بچے نے چابی سے دروازہ کھولا، ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور چابی سے گاڑی اسٹارٹ کرلی۔ بچے نے یہ بھی کر کے دکھایا کہ کس طرح کلچ اور ایکسیلیٹر پر پاؤں رکھا جاتا ہے۔
والدہ حیران پریشان یہ منظر دیکھتی رہیں۔ پولیس نے ہدایت کی آئندہ کار کی چابیاں سنبھال کر رکھیں اور بچے کو ماں کے حوالے کردیا۔

شہری نے مسافروں کو گرمی سے بچانے کیلئے اپنے رکشے کی چھت پر پودے اگالیے

نئی دلی: (ویب ڈیسک) بھارت ان دنوں شدید گرمی کے لپیٹ میں ہے ،ایسے میں ایک شہری نے مسافروں کو دھوپ اور تپش سے بچانے کیلئے اپنے رکشے کی چھت پر ہی پودے اگالیے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ( اے ایف پی ) کے مطابق نئی دلی میں سڑکوں پر سبز اور پیلے رنگ کے آٹو رکشے ہر جگہ نظر آتے ہیں لیکن مہندرا کمار کا رکشہ ان سب میں منفرد ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق نئی دلی کے 48 سالہ رہائشی مہندرا کمار ایک رکشہ ڈرائیور ہیں، انہوں نے مسافروں کو گرمی کے اس موسم میں ٹھنڈک اور راحت پہنچانے کیلئے رکشے کی چھت پر مختلف قسم کے تازہ پودے اگالیے۔
کمار کا کہنا ہے کہ نئی دلی میں45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بھی یہ پودے رکشے کو ٹھنڈا رکھتے ہیں۔
خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کمار نے بتایا کہ ‘تقریباً دو سال پہلے مجھے گرمی کے موسم میں یہ خیال آیا اور میں نے سوچا کہ اگر میں چھت پر کچھ پودے اگا سکوں تو اس سے میرا رکشہ ٹھنڈا رہے گا اور مسافروں کو گرمی سے راحت ملے گی’۔
رپورٹس کے مطابق کمار نے مسافروں کی سہولت کیلئے رکشے کے اندر دو چھوٹے کولر اور پنکھے بھی لگائے ہیں۔
کمار کا کہنا تھا کہ میرا رکشہ اب قدرتی اے سی (ایئر کنڈیشنر) کی طرح ہے،اس لیے مسافر بھی اب سواری کے بعد اتنے خوش ہوتے ہیں کہ وہ مجھے اضافی10، 20 بھارتی روپے دیتے ہیں۔
کمار کے مطابق رکشے کی چھت پر پودے اگانا آسان تھے، میں نے سب سے پہلے ایک چٹائی اور موٹی بوری بچھائی جس پر کچھ مٹی ڈال دی اور پھر اس میں سڑک کنارے سے گھاس کی چھوٹی ٹہنیاں اور مختلف پودوں کے بیچ ڈال دیے اوردن میں 2 بار انہیں پانی دیتا رہا ،لہٰذا دیکھتے ہی دیکھتے چند دنوں میں یہ پودے بڑے ہوگئے۔
دوسری جانب کمار کا یہ منفرد رکشہ نئی دلی کی سڑکوں پر عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور شہری اس میں سوار ہوکر تصاویر اور ویڈیوز بناتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بھارت میں 2010 سے اب تک ہیٹ ویوز سے6 ہزار 5 سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی جنوبی ایشیا میں سخت نقصان پہنچارہی ہے۔

کنگنا نے بالی ووڈ خانز کیساتھ کام سے کیوں انکار کیا، اداکارہ نے وجہ بتادی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اسکرپٹ میں خواتین کو غیر اہم دکھانے یا ان کے کردار سے انصاف نہ کرنے والی فلموں میں کام نہ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
بالی ووڈ اسٹار کنگنا رناوت نے ایک انٹرویو کے دوران یہ انکشاف کیا، انہوں نے بتایا کہ وہ بہت سی ایسی فلمیں ٹھکرا چکی ہیں جس میں صرف مردوں کے کردار کو ہی دکھایا جاتا ہے یا عورتوں کا کردار نہ ہونے کے برابر ہو۔
اداکارہ نے اپنی آنے والی فلم ’ڈاکاڈ‘ کے پوسٹر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا نظریہ اور سوچ یہ ہے، اسی لیے بالی ووڈ کے خانز اور کمار کے ساتھ بھی کئی فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا‘۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ میں منصوبہ بندی کیساتھ ایسا نہیں کرتی مگر نظریئے کے تحت چلتی ہوں اور اس نظرئیے کو تنہا عملی جامہ نہیں پہنا سکتی۔۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کےلیے رازنیش گئی، سہیل مکلائی اور دیپک موکٹ جیسے افراد کی ضرورت پڑتی ہے۔
بالی ووڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ اگر ایک عورت کامیاب ہوتی ہے تو اس کی کامیابی کئی مردوں پر منحصر ہوتی ہے۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ نے مردوں کے برابر معاوضہ ملنے پر بھی بات کی اور بتایا کہ کسی مرد اداکار کی نسبت انہیں کم معاوضہ ملنے کا احساس بالکل نہیں کیوں کہ انہیں یقین ہے کہ ان کو مرد اداکاروں کے برابر معاوضہ ملتا ہے۔

اتراکھنڈ میں ہندوؤں کی تمام مقدس کتابیں اسکولوں میں پڑھانے کا فیصلہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہندوؤں کی مقدس کتابوں بھگوت گیتا، رامائن اور ویدوں کو اسکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کی حکومت چار ریاستوں میں پہلے ہی بھگوت گیتا کو اسکولوں میں بطور نصاب پڑھانے کی منظوری دے چکی ہیں۔
اترکھنڈ کے وزیر تعلیم دھان سنگھ راوت نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے جاری کردہ نئی تعلیمی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ریاست بھر کے اسکولوں میں بھگوت گیتا پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ بھگوت گیتا کے علاوہ اسکولوں کے نصاب میں رامائن اور ویدوں کو بھی شامل کیا جائے گا جب کہ بچوں کو اترکھنڈ کی تاریخ پڑھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
وزیر تعلیم دھان سنگھ نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تعلیمی ماہرین اور عوام سے تجاویز بھی طلب کی ہیں۔
اترکھنڈ کی مسلمان تنظیموں نے اس فیصلے کو متعصبانہ اور مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیتے ہوئے حکومت سے فی الفور اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ مارچ میں بھارتی ریاست گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے چھٹی سے بارہویں جماعت کے نصاب میں ہندوؤں کی مقدس کتاب ’بھگوت گیتا‘ کو پڑھنا لازمی قرار دے دیا تھا۔

عراق میں آئل ریفائنری پر میزائل حملے

بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے شمالی شہر اربیل میں ایک آئل ریفائنری پر 6 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں مرکزی آئل ٹینک میں آگ لگ گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے شمالی شہر اریبل میں ایک آئل ریفائنری میں میں 6 میزائل گرے جس سے مرکزی آئل ٹینک میں آگ بھڑک اُٹھی اور ملک کے دیگر حصوں کو تیل کی سپلائی معطل ہوگئی۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ عراقی سکیورٹی فورسز کو نینوا صوبے میں وہ مقام مل گیا ہے، جہاں سے یہ راکٹ داغے گئے۔ اس مقام کے نزدیک ہی کرد علیحدگی پسندوں کا گڑھ بھی ہے۔
عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے آئل ریفائنری پر میزائل حملوں کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر سخت سے سخت سزا دی جائے گا۔

سلمان بٹ پی ایس ایل فرنچائزرز کے گُن گانے لگے

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی طرح بنانے کی خواہش ختم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ بیکار بات ہے اور اسکے پیچھے کوئی منطق نہیں۔
یوٹیوب پر انٹرویو دیتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا کہ جب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنی ٹی20 لیگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شائقین، سابق کرکٹرز اور ماہرین نے اس کا موازنہ بھارتی لیگ سے کررہے ہیں، جس کو ختم ہونا چاہیئے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ آئی پی ایل سے مقابلہ کرنے کے لیے اپنی فرنچائزز اور کھلاڑیوں کے ساتھ دشمنی کرنا بےمعنیٰ ہے اور اس کے پیچھے کوئی منطق نہیں، ہماری فرنچائزز محدود وسائل میں کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ اضافی رقم دینے کی کوشش کررہی ہیں جبکہ متعدد بار کھلاڑیوں کو اضافی رقم دی بھی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی فرنچائز 70 فیصد ایڈوانس ادائیگی کرتی ہیں اور ہم صرف اتنا ہی خرچ کرسکتے ہیں، اس کا مسلسل موازنہ نہیں کرنا چاہیئے۔

شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر نے انگلینڈ میں عید منالی

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلتے قومی کرکٹر شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر نے عید منا لی۔
دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کے بعد عید کی خوشیاں منائی جاتی ہیں، بابائے کرکٹ انگلینڈ میں کاؤنٹی کھیلتے قومی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر عید کے رنگ میں رنگ گئے ، دونوں نوجوان کرکٹرز نے عید مبارک کا پیغام بھی دیا جبکہ بورڈ حکام سے ناراض محمد عامر نے اپنی اہلیہ نرجس کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
ادھر پشاور میں عید منانے والے قومی باؤلر ساجد خان اور نسیم شاہ بھی دیدہ زیب لباس میں نظر آئے، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مداحوں کے لیے ’’عید مبارک‘‘ کا پیغام لکھ کر تصاویر شیئر کیں۔

”آپ سب کو میری طرف سے عید کا چاند مبارک ہو“وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے چاند رات کے حوالے سے عوام کے لیے پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا”آپ سب کو میری اورمیرے اہل خانہ کی طرف سے عید کا چاند مبارک۔سرکاری ملازمین خاص طور پولیس،صفائی قائم رکھنے والے ہمارے بہن بھائی،سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہمارے جوان/آفیسرز آپ کی خدمت کے لیے اپنے پیاروں سے دور عید منائیں رہے ہیں۔ان سے تعاون کریں اوراپناسمجھ کر پیار محبت سے پیش آئیں۔“