All posts by Khabrain News

راولپنڈی: صادق آباد میں گھر سے بہن اور بھائی کی نعشیں برآمد

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کے علاقہ صادق آباد میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، ایک گھر سے بہن اور بھائی کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
تھانہ صادق آباد پولیس کے مطابق دونوں نعشیں آفندی کالونی میں واقع گھر سے ملیں، بہن کی لاش 25 جبکہ بھائی کی لاش چار روز پرانی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے بہن اپنے معذور بھائی کی واحد کفیل تھی، بہن کے بعد معذور بھائی بھی سسک سسک کر زندگی کی بازی ہار گیا اور قریبی گھروں میں رہنے والوں کو کانوں کان خبر تک نہ ہوئی۔
پولیس نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

لیاقت پور: مبینہ پولیس مقابلہ، ریکارڈ یافتہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

لیاقت پور: (ویب ڈیسک) لیاقت پور میں مبینہ پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ شیدانی شریف پولیس کا ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ مجرم اشتہاری، راجن پور اور رحیم یارخان پولیس کو مطلوب تھا، ملزمان کا سرقہ شدہ مال کشتی پر لوڈ کرنے کی تیاری کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بروقت کارروائی کی گئی۔
پولیس نے مزید بتایا ہے کہ ملزم سے ناجائز اسلحہ کلاشنکوف، سرقہ شدہ موٹر سائیکل اور مال مویشی بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

سروں کے سلطان استاد راحت فتح علی خان آج اپنی 48 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

لاہور: (ویب ڈیسک) سروں کے سلطان، عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان آج اپنی 48 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
راحت فتح علی خان 9 دسمبر 1974 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے اور ان کو والد فرخ فتح علی خان اور نصرت فتح علی خان کے ساتھ بچپن سے ہی قوالی کی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا۔
عالمی شہرت یافتہ گائیک اب تک سینکڑوں قوالیاں، گیت اورغزلیں گا چکے ہیں اور ان کے گائے گیت اور غزلیں عوام میں بے حد مقبول ہیں۔
پاکستان بھر میں ان کی شہرت کے بعد ہمسایہ ملک بھارت نے بھی ان کی آواز سے فائدہ اٹھایا، بھارتی فلم پاپ میں ان کی آواز میں گایا گیت “من کی لگن ” نے بے پناہ شہرت حاصل کی۔
راحت فتح علی خان اب تک کئی ڈراموں اور فلموں کے ٹائٹل سونگ بھی گا چکے ہیں اور انہوں نے متعدد ملی نغمے بھی گائے ہیں۔
2019 میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے انہیں موسیقی کے شعبے میں اعزازی طورپر پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا جبکہ وہ اب تک متعدد ملکی اور غیر ملکی ایوارڈز جیت کر ملک وقوم کا نام روشن کر چکے ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ: ٹائٹل کی جنگ 8 ٹیموں تک سمٹ آئی، کوارٹر فائنلز مرحلہ آج سے شروع

دوحہ: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل کی جنگ 32 سے 8 ٹیموں تک سمٹ آئی ہے جبکہ آج جمعے سے کوارٹر فائنلز میں مزید 4 ٹیموں کو ناک آؤٹ کرنے کیلئے گھمسان کا رن پڑے گا۔
منگل کے روز کھیلے گئے میچز کے ساتھ ہی قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا آخری 16 مرحلہ بھی ختم ہو گیا، اس کے ساتھ ہی ایونٹ میں بڑے خواب آنکھوں میں سجائے شریک ہونے والی 32 ٹیموں میں سے صرف 8 باقی رہ گئی ہیں۔
ابتدائی راؤنڈ سے ہی جرمنی، بیلجیئم، یوروگوئے اور ڈنمارک جیسی بڑی ٹیموں کا بوریا بستر گول ہو گیا تھا جس کے بعد لاسٹ 16 میں سے امریکا، آسٹریلیا، پولینڈ، سینیگال، جاپان، جنوبی کوریا اور سپین جیسی ٹیمیں بھی باہر ہو گئیں۔
پہلا کوارٹر فائنل آج کروشیا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا، رات کو نیدرلینڈز اور ارجنٹائن مدمقابل آئیں گے ،ہفتے کو پہلا میچ مراکش اور پرتگال میں ہو گا، چوتھا کوارٹر فائنل اسی شب انگلینڈ اور فرانس کے درمیان شیڈول ہے۔
فائنل 8 میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں برازیل نے سب سے زیادہ 5 ٹائٹلز جیتے ہیں، ارجنٹائن اور فرانس نے 2، 2 مرتبہ چمچماتی سنہری ٹرافی کو ہاتھوں میں تھاما، انگلینڈ نے واحد ٹائٹل 1966 میں جیتا تھا، نیدرلینڈز،کروشیا، مراکش اور پرتگال نے ابھی تک ایک بھی ٹرافی نہیں جیتی۔

سارہ لورین نے کراچی کو ممبئی سے زیادہ ” رومانوی ” قرار دے دیا

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ لورین نے کراچی کو ممبئی سے زیادہ رومانوی اور خوبصورت قرار دے دیا۔
نجی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سارہ لورین کا کہنا تھا کہ روشنیوں کا شہر کراچی بھارتی فلمی مرکز ممبئی سے زیادہ رومانوی اور خوبصورت ہے،میں خود بھی بہت رومانوی ہوں۔
انٹرویو کےدوران اداکارہ نے ممبئی اور کراچی کے رومانس بارے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے شہر کراچی میں پہلے ہی بہت زیادہ رومانس موجود ہے اس لئے مجھے ممبئی کے رومانس کو یہاں لانے کی ضرورت نہیں۔
اپنی اردو فلکس سیریز “ملائکہ انکاؤنٹر ” کے بارے بات کرتے ہوئے سارہ لورین کا کہنا تھا کہ سیریز میں کراچی کے منفرد دلکش اور رومانوی برانڈ کو پیش کروں گی۔
معروف اداکارہ نے اپنے مداحوں کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ انکی نئی سیریز لازمی دیکھیں کیونکہ اس میں ان کے لئے مزہ ہوگا۔

رنبیر کپور کا فلم ” دی لیجنڈز آف مولا جٹ ” کی کامیابی پر ردعمل سامنے آگیا

جدہ : (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رنبیرکپور نے پاکستانی فلم ”دی لیجنڈز آف مولا جٹ ” کی شاندار کامیابی پر پاکستان سینما انڈسٹری کو مبارکباد پیش کردی۔
بالی ووڈ سپر سٹار رنبیر کپور کئی ماہ سے عوام کی نظروں سے اوجھل تھے اور وہ بیٹی کی پیدائش کے بعد پہلی بار اس وقت سامنے آئے جب انہوں نے جدہ میں جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کی تقریب کے بعد اداکار رنبیر کپور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سینما انڈسٹری میں تاریخ رقم کرنے والی فلم دی لیجنڈز آف مولا جٹ کی تعریف کی اور فلم کی مقبولیت پرفلم کی ٹیم کے ساتھ پاکستان سینما کو مبارکباد پیش کی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رنبیر کپور کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک صحافی اداکار سے پوچھتا ہے کہ کیا آپ پاکستانی اداکاروں اور فلم سازوں کے ساتھ کام کریں گے؟، پاکستانی فنکاروں پر 2016 سے بھارت میں کام کرنے پر پابندی ہے ۔
رنبیر کپور نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور میں یقینی طور پر پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کروں گا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ درحقیقت، میں پاکستانی سنیما کو مولا جٹ کی زبردست کامیابی پر مبارکباد دینا چاہوں گا، میں معروف گلوکار عاطف اسلم کی آواز کا بھی مداح ہوں اور جب وہ گاتے ہیں تو یہ کسی ہیرو کے گانے کی طرح ہوتا ہے۔

انگلینڈ کیخلاف ڈیبیو، ابرار احمد نے ثقلین مشتاق سے ٹیسٹ کیپ وصول کی

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جبکہ انگلش کپتان بین سٹوکس نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے سپنر ابرار احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے ٹیسٹ کیپ دی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر زاہد محمود، حارث رؤف، سعود شکیل اور محمد علی نے ڈیبیو کیا تھا۔

امریکا کی روسی فوج، ایران کی مدد کرنے پر 24 کمپنیوں پر پابندی عائد

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی وزارت تجارت کی جانب سے روسی فوج اور ایران کی مدد کرنے پر 24 کمپنیوں پر پابندی لگا دی گئی۔
روسی فوج کی مدد کرنے پر پابندی کے زد میں آنے والی کمپنیوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں قائم 10 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
امریکی وزارت تجارت کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں لیٹویا، روس، سنگاپور اور سوئٹزرلینڈ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کے غیر محفوظ کاروبار سے ناقابل قبول خطرات کا خدشہ ہے، کمپنیاں روسی فوج کی مدد اور ایرانی الیکٹرک کمپنی کو سپلائی فراہم کرتی ہیں۔

برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

لندن : (ویب ڈیسک) برطانوی محکمہ موسمیات کی جانب سے برطانیہ میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی پیشگوئی کردی گئی۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند روز تک ملک میں تاریخ کی شدید ترین سردی کی لہر رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے کئی حصوں کا درجہ حرارت منفی 10 تک گرسکتا ہے، برفباری کے باعث فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
برطانوی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔
برطانوی محکہ صحت کے مطابق شدید سرد موسم شہریوں کی صحت پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

برطانیہ میں 30 سال بعد کوئلے کی کان کا لائسنس جاری

لندن : (ویب ڈیسک) برطانوی حکومت کی جانب سے 30 سال بعد کوئلے کی کان کا لائسنس جاری کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکومتی بیان میں کہا گیا کہ برطانیہ کے وزیر ترقی و سوشل ہاوسنگ مائیکل گوو نے کمبریا میں کوئلے کی کان کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ کوئلے کو اسٹیل کی پیداوار کیلئے استعمال کیا جائے گا ،اگر مقامی سطح پر سٹیل کو تیار نہ کیا گیا تو اسے درآمد کرنا پڑ سکتا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 165 ملین اسٹرلن سرمایہ کاری کے ساتھ کوئلے کی کان سے سالانہ 2،8 ملین ٹن کوئلہ نکالا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانوی حکومت نے 2050 تک کاربن کے صفر پھیلاو کے ہدف کا اعلان کیا تھا۔