All posts by Khabrain News

سعودی عرب اور چین کے درمیان توانائی، ٹرانسپورٹ سمیت 35 شعبوں میں معاہدے

ریاض: (ویب ڈیسک) چین اور سعودی عرب کے درمیان توانائی، ٹرانسپورٹ، کان کنی، لاجسٹک خدمات، آٹو انڈسٹری، طبی نگہداشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت 35 شعبوں میں تعاون کے معاہدے ہو گئے۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ریاض کے قصر یمامہ میں چینی صدر نے ملاقات کی اس موقع پرسعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔
دونوں سعودی رہنماؤں نے چینی صدر شی جن پنگ اوران کے وفد کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہا، ملاقات کے موقع پر سعودی عرب اورچین کی تاریخی دوستی کا جائزہ لیا گیا اورمختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی صدر کے دورہ ریاض کے موقع پردارالحکومت میں دونوں ملکوں کے اداروں کے درمیان مختلف شعبوں میں 35 معاہدے کیے گئے۔ فریقین نے مفاہمتی یاداشتوں پربھی دستخط کیے۔ ان میں توانائی، ٹرانسپوٹ، کان کنی، لاجسٹک خدمات، آٹو انڈسٹری، طبی نگہداشت، انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدوں سے دونوں ملکوں کے اقتصادی وسرمایہ کاری کے رشتوں کے استحکام میں مدد ملے گی جبکہ سعودی ویژن 2030 کے اہداف بھی حاصل ہوں گے۔
سعودی وزارت سرمایہ کاری نے 3 مفاہمتی یادداشتوں پردستخط کیے، ایک کے تحت المونیم انڈسٹریل کمپلکس قائم کیاجائے گا۔ دوسری مفاہمتی یاداشت پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں امدادی صنعتوں کے استحکام سے ہے جبکہ تیسری مفاہمتی یادداشت ٹیکنالوجی کے فروغ ریسرچ اورمیڈیکل آلات کی مملکت میں تیاری کے بارے میں ہے۔
سعودی حکومت نے چین کی تین کمپنیوں کے ساتھ رہائشی امور میں بھی تین مفاہمتی یادداشتیں کیں ان میں سے ہرایک کے تحت چین کی شراکت سے ایک لاکھ مکان تعمیر کیے جائیں گے۔

روس نے امریکی خاتون باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرائنرکو روسی اسلحہ ڈیلرکے بدلے رہا کردیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) روس نے منشیات کیس میں سزا پانے والی امریکی خاتون باسکٹ بال اسٹار برٹنی گرائنرکو روسی اسلحہ ڈیلر کے بدلے میں رہا کردیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے برٹنی گرائنر کے بدلے روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کی رہائی کی تصدیق کی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدرکا کہنا تھا کہ برٹنی گرائنر روسی جیل سے رہا ہوگئی ہیں، وہ ٹھیک ہیں اور گھر واپس آرہی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر بائیڈن اور نائب صدر کاملہ ہیرس نے امریکی کھلاڑی سے فون پر بات بھی کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں 10 ماہ کی قید سے رہائی کے بعد 32 سالہ برٹنی گرائنر متحدہ عرب امارات پہنچیں گی جہاں سے وہ امریکا کے لیے پرواز میں سوار ہوں گی۔
خیال رہے کہ دو مرتبہ کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ برٹنی گرائنر کو رواں سال فروری میں ویمن نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی جانب سے روس میں ہونے والے مقابلوں میں شرکت کے وقت روسی حدود میں ممنوعہ منشیات( ہشیش آئل) لانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اگست میں روسی عدالت نے انہیں 9 سال سزا کے ساتھ 1 ملین روبل (تقریباً 16 ہزار 990 ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
برٹنی گرائنر کو روسی عدالت کی جانب سے سزا کو امریکی صدر جو بائیڈن نے ناقابل قبول فیصلہ قرار دیا تھا۔
اگست میں برٹنی گرائنر کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل کی گئی تھی جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا، خاتون کھلاڑی نے روسی عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ ان کا کوئی ممنوعہ چیز روس لانے کا ارادہ نہیں تھا، ڈاکٹر کے نسخے پر انہوں نے مذکورہ چیز اپنے ساتھ رکھی تھی۔
برٹنی گرائنرکی رہائی کے بدلے امریکا نے روسی اسلحہ ڈیلر وکٹر بوٹ کو رہا کیا ہے جسے امریکا نے ایک اسٹنگ آپریشن میں 2008 میں تھائی لینڈ سےگرفتارکیا تھا، وکٹر بوٹ پر اسلحہ کی غیرقانونی فروخت کا الزام تھا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سابق سوویت آرمی کے لیفٹننٹ کرنل وکٹر بوٹ کو 2012 میں امریکی عدالت نے 25 برس قیدکی سزا سنائی تھی، اس پرکروڑوں ڈالرکا اسلحہ فروخت کرنے کی سازش کا الزام تھا جس کے متعلق امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ مبینہ اسلحہ امریکیوں کے خلاف استمعال ہونا تھا۔
55 سالہ وکٹر بوٹ پر یہ بھی الزام تھا کہ اس نے سیرالیون سے لےکر افغانستان تک اسلحے کی فروخت کے معاہدے کروائے اور تشدد میں کردار ادا کیا۔
وکٹر بوٹ طویل عرصے تک امریکا کو مطلوب تھا امریکی محکمہ انصاف نے اسے اسلحے کا سب سے بڑا ڈیلر قرار دیا تھا اور مغربی میڈیا میں اسے موت کا سوداگر بھی قرار دیا گیا تاہم اپنی گرفتاری کے آغاز سے ہی وکٹر بوٹ نے خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔

شہباز شریف انٹرنیشنل صادق و امین ہیں، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو انٹرنیشنل صادق و امین قرار دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف پر عائد کردہ الزامات پر معذرت کی گئی جس کے بعد وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ الحمد اللہ ایک اور بدنیتی پر مبنی پراپیگنڈا بے نقاب ہو چکا ہے، شہباز شریف انٹرنیشنل صادق و امین ہیں۔
خیال رہے کہ ڈیلی میل نے 14 جولائی 2014 کو ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں شہباز شریف پر زلزلہ متاثرین کے فنڈز میں خورد برد کا الزام تھا ۔ آج اخبار نے اپنی رپورٹ پر معذرت کی ۔ ڈیلی میل نے لکھا کہ شہباز شریف کے خلاف زلزلہ متاثرین فنڈز میں کرپشن کی خبر پر معذرت خواہ ہیں، شہباز شریف کے خلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات کی اطلاع دی گئی تھی، بتایا گیا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف متاثرین کی رقم میں خوردبرد کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔
اخبار نے کہا کہ نیب نے شہباز شریف پر برطانوی گرانٹ میں کسی غلط کام کا الزام نہیں لگایا۔

شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کی جانب سے مقدمے سے دستبرداری کو ‘سیٹلمنٹ’ قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کی جانب سے مقدمے سے دستبرداری “سیٹلمنٹ ” قرار دیدی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہزاد اکبر نے کہا کہ مقدمے میں جب نیب ہی لیٹ گیا تو ڈیلی میل کیا کرتا، ڈیلی میل کہہ رہا ہے کہ شہباز شریف کو نیب نے چارج ہی نہیں کیا، جب نیب نے ہی چارج نہیں کیا تو پھر برطانوی حکومت یا ڈی ایف ائی ڈی کیسے چارج کرتی ؟۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ ڈیلی میل نے لکھا ہے کہ متاثرین کے فنڈز میں خورد بورد کے الزام کی حد تک معذرت خواہ ہیں ، شہباز شریف نے اس کیس میں عدالت کا جرمانہ بھی ادا کر دیا ہے ، اب کوئی ان سے تصدیق کر لے ، میری نظر میں یہ معذرت مقدمے کی سیٹلمنٹ ہے ۔
خیال رہے کہ آج برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شہباز شریف کے خلاف زلزلہ متاثرین کے فنڈز کی چوری کے الزام پر معذرت کی تھی ۔

اللہ نے ایک بار پھر شہباز شریف کو سرخرو کر دیا ، ڈیلی میل کی معذرت پر مریم اورنگزیب کا رد عمل 

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) برطانوی اخبار ڈیلی میل نےشہباز شریف پر عائد کردہ الزامات پر معذرت کر لی ، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ایک بار پھر شہباز شریف کو سرخرو کر دیا۔ انہوں نے شہباز شریف کے بغض میں ڈی ایف آئی ڈی کی ایڈ کو متنازعہ بنایا ،یہ صرف شہباز شریف کو بند کرانا چاہتے تھے ،شہباز شریف پر کسی قسم کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔
برطانیہ کے اخبار ڈیلی میل کی جانب سے شہباز شریف پر لگائے گئے الزامات پر معافی طلب کی گئی ، ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ شہباز شریف سے انتہائی معذرت خواہ ہیں ، اخبار قبول کرتا ہے کہ شہباز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔
اخبار کی جانب سےکہا گیا کہ نیب نے شہباز شریف پر برطانوی امداد میں خورد برد کا کوئی الزام نہیں لگایا ، اخبار نے خبر نیب کی تحقیقات کے حوالےسے شائع کی تھی ۔

رنویر اور دیپیکا کی نئی فلم سرکس کا پہلا گانا ریلیز

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کی نئی آنے والی فلم سرکس کا خصوصی گانا کرنٹ لگا رے جاری کر دیاگیا۔
بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پیڈوکون نے چارسال بعد خصوصی ڈانس نمبر تیار کیا ہے ، گانے میں رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون ڈانس کرتے دیکھائی دے رہے ہیں، اس سے قبل انہوں نے فلم کے پدماوت کے گانے “گھوم رے” پر پرفارم کیا تھا ۔
گانے میں ہندی کے ساتھ ساتھ تامل بول بھی شامل کیے گئے ہیں ، جسے نقاش عزیز، جونیتا گاندھی سمیت دیگر نے مل کر گایا ہے۔
فلم سرکس کو روہت شیٹی نے ڈائریکٹ کیا جسے کرسمس ویک اینڈ کے دوران 23 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا ۔

بھارتی اداکارہ نے اسلام کی خاطر شوبز کو خیر باد کہہ دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) تامل اداکارہ ممتاز نے اسلام کے خاطر شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا۔
ممتاز (نغمہ خان ) نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاونٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ لوگ ان کے ماضی میں ان کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ وہ بہت آگے بڑھ گئیں ہیں، میں نے ان چیزوں کو چھوڑ دیا لہذا آپ بھی اس کا ذکر نہ کریں۔
ممتاز خان تامل بگ باس کی بھی امیدوار رہیں جبکہ وہ اپنے دور میں فلمی گانوں میں ایک آئٹم گرل کے حوالے سے جانی جاتی تھیں۔
انہوں نے ساوتھ انڈین سینما ملائم ، تامل ،کناڈا اور ہندی سینما میں بھی اداکاری کے جوہر دیکھائے۔
ممتاز نے اپنے کیریئر کا آغاز 1999 میں تامل فلم ’مونیشا ان مونالیزا‘ سے کیا ۔ ان کی مشہور فلموں میں بوند 2000 ، چاکلیٹ 2001 ، یہ تیرا گھر یہ میرا گھر 2001 سمیت دیگر شامل ہیں۔
اداکارہ ان دنوں عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کی حجاب کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

اجے دیوگن کو ایک فلم کا معاوضہ 120 کروڑ بھارتی روپے تک دیا گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اسٹار اجے دیوگن کی متعدد فلموں نے باکس آفس پر دھماکے دار بزنس کیا ہے اور ان کی فلموں کا معاوضہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔
اجے دیوگن کا شمار انڈسٹری کے امیر ترین اداکاروں میں بھی کیا جاتا ہے، ان کے پاس پرائیویٹ جیٹ اور کئی مہنگی گاڑیاں ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اجے دیوگن ایک فلم کے 60 سے 120 کروڑ بھارتی روپے لیتے ہیں۔
اداکار کے پاس مہنگی پرتعیش گاڑیاں موجود ہیں جن میں ایس یو وی- رولس رائس ہے جس کی مالیت تقریباً 7 کروڑ بھارتی روپے ہے جبکہ دیگر گاڑیوں میں آڈی اے 5 اسپورٹ بیک، رینج روور ووگ، مرسڈیز ایس کلاس، آڈی کیو 7 موجود ہیں۔
اس کے علاوہ ایک پرائیوٹ طیارہ بھی ہے جس کی مالیت تقریباً 84 کروڑ ہے۔
رپورٹس کے مطابق بالی وڈ ‘سنگھم’ فلم کے اداکار کے مالی اثاثوں کی کُل قیمت 244 سے 447 بھارتی کروڑ روپےہے۔

ہماچل پردیش انتخابات میں مودی کی بی جے پی کو کانگریس کے ہاتھوں شکست

گجرات: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست گجرات کے ریاستی انتخابات میں بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے اکثریت حاصل کر لی جبکہ ریاست ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی کو ہرا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے 156 نشستوں پر برتری حاصل کرلی، اپوزیشن جماعت کانگریس کو 17 اور عام آدمی پارٹی کو 5 نشستوں پر کامیابی ملی۔
کامیابی کے بعد بی جے پی نے گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپندرا پٹیل کو دوسری مدت کے لیے وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گجرات میں بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت 1995 سے مسلسل کامیابی حاصل کر رہی ہے، نریندرمودی 2014میں بھارتی وزیراعظم بننے سے پہلے 13 سال گجرات کے وزیراعلیٰ رہے تھے۔
دوسری طرف ہماچل پردیش میں ہونے والے انتخابات میں کانگریس نے 40 نشستوں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو مات دی، بی جے پی 25 نشستیں لے کر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ 3 نشستیں آزاد امیدواروں کو ملیں۔

پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوگئے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 79 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ 2 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں غیر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 12.58 ارب ڈالر رہے۔
2 دسمبر کو اسٹیٹ بینک کے پاس غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 6.71 ارب ڈالر تھے۔ اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں 78 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔
2 دسمبر کو کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 5.87 ارب ڈالر تھے، کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 13 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی۔