All posts by Khabrain News

آریان خان کی بطور رائٹر فلمی دنیا میں انٹری، شاہ رخ اور گوری کا ردعمل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بطور اداکار نہیں بلکہ بحیثیت رائٹر فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل ہی ایک جانا مانا چہرا ہیں لیکن اب وہ بطور رائٹر شوبز کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آریان خان نے آج اپنے انسٹاگرام پر بطور اپنے پہلے اسکرپٹ کی ایک جھلک شیئر کی اور ان رپورٹس کی تصدیق کی کہ وہ بطور مصنف فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔
آریان خان نے انسٹاگرام پوسٹ میں جو تصویر شیئر کی اس میں آریان کو میز پر رکھی کتاب جس پر بڑے حروف میں ’آریان خان ‘ لکھا ہوا ہے پر ہاتھ رکھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے آریان نے کیپشن میں لکھا، ’تحریر ختم ہوگئی،ایکشن کہنے کا انتظار نہیں کر سکتا’۔
آریان کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے والدہ گوری خان نے لکھا کہ ’دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتی’ جبکہ والد شاہ رخ خان بھی کمنٹ سیکشن میں آئے اور لکھا، ’ سوچ، یقین اور خواب دیکھنے کا عمل مکمل ہوا اب ہمت کرنے کا وقت آگیا’۔
ساتھ ہی شاہ رخ خان نے بیٹے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
رپورٹس کے مطابق آریان خان یونیورسٹی آف ساؤتھ کیلیفورنیا سے فلم سازی میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں اور ساتھ ہی اپنے والد کی آنے والی فلم ’’پٹھان‘‘ میں اسسٹ بھی کر رہے ہیں۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ آریان خان بطور ویب سیریز رائٹر اپنے پروفیشنل کیرئیر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، ان کی تحریر کردہ ویب سیریز بہت جلد منظر عام پر آجائے گی۔

کینیڈا کا مستقل رہائش والے غیر ملکیوں کو فوج میں بھرتی کرنے کا اعلان

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا نے اپنے شہریوں کے علاوہ ملک میں مستقل رہائش رکھنے والے غیر ملکیوں کو فوج میں بھرتی کرنے کا اعلان کر دیا۔
کینیڈا کی فوج کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر آپ کینیڈا کے مستقل رہائشی ہیں تو ہم آپ کے ساتھ کام کرکے آپ کیلئے صحیح کریئر کا انتخاب کرکے آپ کی رہنمائی کرنا چاہیں گے تاکہ آپ بھی ملک کی خدمت کر سکیں۔
اسی حوالے سے جاری ایک اور بیان میں کینیڈا کی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ ملک میں رہنے والے مستقل رہائشی افراد کینیڈا کا ایک اہم اور بہترین حصہ ہیں۔ یہاں مقیم مستقل رہائشی اب کینیڈین فوج میں بھرتی ہوسکتے ہیں۔
وزارت دفاع کے مطابق کینیڈا کے علاوہ کسی اور ملک کے شہری جن کے پاس امیگریشن اینڈ رفیوجی پروٹیکشن ایکشن ایکٹ کے تحت مستقل رہائش موجود ہیں وہ افواج میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔
وزارت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’کینیڈین افواج مستقل رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ فوجی کیریئر پر سنجیدگی سے غور کریں۔ کینیڈا اپنی افواج میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو ملک کی شہریت دلوانے میں بھی مدد کرتا ہے اورانہیں شہریت دینے میں فوقیت دی جاتی ہے۔
کینیڈا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل وین ایئرے کا کہنا ہے کہ ’مستقبل کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنے کرنے کے لیے کینیڈا کی افواج کو نئے افراد بھرتی، ان کو تربیت دینے اور باصلاحیت افراد کا استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ کینیڈا میں مقیم مستقل رہائشی افراد ان باصلاحیت افراد کا حصہ ہیں جو اپنے تجربات اور معلومات کی بنیاد پر افواج کیلئے اثاثہ ثابت ہوں گے۔

پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے: سعودی سفیر نواف المالکی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے جلد مزید معاشی تعاون کی توقع ہے، تاہم سعودی عرب سمجھتا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائے گئے تین ارب ڈالر کی ڈیپازٹ میں مزید تین ماہ کی توسیع کی ہے، تاہم پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے جلد مزید تعاون کی بھی توقع ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں سیاسی استحکام کی بہت ضرورت ہے، ہم معاشی استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا تھا جسے ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ اگلے چند ماہ میں یہ دورہ ہوگا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان آئیں گے، ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عوامی ترقی کیلئے وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے امریکی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔
امریکی سفیر سے ہونے والی ملاقات کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے امریکا سے اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو اجاگر کیا، وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ مشترکہ دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق امریکی سفیر نے سیلاب کے بحران سے پاکستان کو ہونے معاشی نقصانات کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکی حکومت اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی بھی ملاقات ہوئی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق یو این ڈی پی کے کنسلٹنٹ سر مائیکل باربربھی برطانوی ہائی کمشنرکے ہمراہ تھے، وزیرخزانہ نے ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی بیرونی مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کر رہا ہے، پاکستان نے حال ہی میں ایک ارب ڈالر کے بانڈز کی ادائیگی کی ہے۔
وزیرخزانہ نے سیلاب کے بعد جاری تعمیر نو اور بحالی کے پروگرام کے بارے میں بھی برطانوی ہائی کمشنر کو بتایا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مجموعی طور پر تعمیر نو اور بحالی کا مرحلہ پانچ سات مالی برسوں تک جاری رہےگا، موجودہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے حکومتی اقدامات کوسراہا اور سیلاب متاثرین کیلئے برطانوی حکومت کی جانب سے ہرممکن مدد کی پیشکش کی۔

برطانوی بادشاہ پر ایک ماہ کے دوران دوسری بار انڈہ مارنے کی کوشش

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کےبادشاہ چارلس سوئم پر ایک ماہ کے دوران دوسری بار انڈہ مارنے کی کوشش کی گئی ہے۔
برطانیہ کے علاقے لوٹن میں یہ واقعہ پیش آیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 20 سال سے زائد عمر کے ایک شخص کو انڈہ مارنے کے شبہے میں حراست میں لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ لوٹن کے سینٹ جارج اسکوائر میں پیش آیا۔
برطانوی بادشاہ کو انڈہ نہیں لگا مگر سکیورٹی اہلکار انہیں کچھ دیر کے لیے وہاں سے کچھ دور لے گئے۔
بعد میں چارلس سوئم واپس آئے اور لوگوں سے ہاتھ ملا کر دوسرے علاقے کی جانب چلے گئے۔
اس سے قبل 9 نومبر کو برطانیہ کے شہر یورک میں بھی اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا۔
اس وقت بادشاہ چارلس سوئم اور ملکہ کمیلا پارکر روایتی راستے سے شہر میں داخل ہورہے تھے جب ایک شخص نے ان پر انڈے مارنے کی کوشش کی۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے اس شخص کو حراست میں لے لیا تھا۔

چین کے صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پرکل سعودی عرب پہنچیں گے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر چین کے صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر کل سعودی عرب پہنچیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنے دورے کے دوران چین کے صدر شی جنپنگ ایک اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس میں سعودی فرمانروا کے علاوہ ولی عہد محمد بن سلمان بھی موجود ہوں گے۔
سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ خلیجی ممالک اور چین سربراہ اجلاس برائے تعاون اور ترقی کے علاوہ سعودی عرب چینی سربراہ اجلاس برائے تعاون اور ترقی میں شرکت کریں گے۔
ان دونوں اہم اجلاسوں میں چین کے خلیجی ممالک کی تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ تعلقات میں استحکام پر بھی غور کیا جائے گا۔

پولیس کی فیس بک پوسٹ کا جواب دینے والا مفرور گرفتار

جارجیا: (ویب ڈیسک) امریکہ میں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مفرور مجرم نے محکمہ پولیس کی فیس بک پوسٹ کا جواب دیا اور اسی کے پاداش میں گرفتار ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جارجیا کی راک ڈیل کاؤنٹی سے وابستہ پولیس اسٹیشن کے عملے نے چند روز قبل فیس بک پر’انتہائی مطلوب‘ (موسٹ وانٹیڈ) مجرموں کی ایک فہرست دی تھی۔ اس کے نیچے کرسٹوفر اسپالڈنگ نے لکھا کہ ’ میرے بارے میں کیا خیال ہے۔‘ اس کےجواب میں پولیس نےلکھا کہ آپ نے درست کہا، آپ کے دووارنٹ ہیں اور ہم آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ کرسٹوفر پر سنگین جرائم عائد تھے اور اس کے دو وارنٹ نکل چکے تھے لیکن کسی وجہ سے پولیس ان پر عمل نہیں کررہی تھی۔ کرسٹوفر جیل میں تھا کہ عدلیہ نے جزوقتی طور پر اسے آزاد کیا تھا۔ یوں اس کی قید کی مدت پوری نہیں ہوئی تھی لیکن وہ اس دوران فرار ہوگیا اور پولیس اسے تلاش کررہی تھی۔
اس پوسٹ کے کچھ روز بعد ہی جارجیا پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور اب وہ دوبارہ جیل میں ہے۔ پولیس کے مطابق اسے ایک فیس بک پوسٹ کے جواب میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کرسٹوفر کے دو اہم وارنٹ جاری کئے گئے تھے جو سنگین جرائم سے متعلق تھے۔

امن اور استحکام تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی، مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، پائیدار امن اور استحکام تک دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا، انہوں نے پاک افغان بارڈر پر تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔
آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام اور سکیورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے، جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی محنت سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایران میں حکومت مخالف 5 مظاہرین کو سزائے موت اور 11 کو عمر قید

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں مھسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت پر ہونے والے ملک گیر احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے 5 مظاہرین کو موت اور 11 کو طویل عرصے کی قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان مسعود ستائشی نے پریس کانفرنسن میں بتایا کہ مظاہروں کے دوران پیر ملٹری فورس کے ایک اہلکار کو قتل؛ کرنے کے الزام میں 5 افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔
مسعود ستائشی نے بتایا کہ 27 سالہ اہلکار کو ایک گروپ نے احتجاج کے دوران برہنہ کرکے قتل کیا۔ اہلکار کو قتل کرنے والے مظاہرین پولیس حراست میں ایک نوجوان حادث نجفی کی حراست کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور اسلامی و قومی اقدار کو خطرے میں ڈالنے کے الزام میں 11 افراد کو طویل عرصے کی وید کی سزا سنائی گئی ہے۔
مسعود ستائشی نے بتایا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی ہیں اور ملزمان ان سزاؤں کے خلاف اپیلیں کرنے کا بھی حق رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس 21 ستمبر کو درست طریقے سے حجاب نہ لینے کی پاداش میں گرفتار ہونمے والی نوجوان کرد لڑکی مھسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہلاکت پر ملک بھر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 450 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 46 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایران نے دعویٰ کیا تھا ملک گیر مظاہروں کو مغربی ممالک کی آشیرباد حاصل ہے تاہم اب اخلاقی پولیس کی پٹرولنگ یعنی گشت ارشاد کو بند کردیا گیا ہے جب کہ حجاب قوانین پر تبدیلی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔