All posts by Khabrain News

انڈونیشیا؛ غیر ازدواجی تعلقات پر ایک سال قید کی سزا پر غور

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے ایک ساتھ رہنے اور غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر ایک سال کی قید کی سزا کا قانون کا متعارف کرایا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا میں اُس قانون کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے جس کی اولین کوشش 2019 میں پُرتشدد عوامی احتجاج کے باعث ناکام ہوگئی تھی تاہم اس بار حکومت کا دعویٰ ہے کہ قانون میں کچھ نرمی کی گئی ہے۔
نئے بل میں غیر شادی شدہ جوڑوں کے ایک ساتھ رہنے اور غیر ازدواجی تعلقات قائم کرنے پر ایک سال کی قید کی سزا تجویز کی گئی ہے تاہم 2019 کے ڈرافٹ کے مقابلے میں اس قانون کی شرط میں کچھ نرمی کی گئی ہے۔
اس قانون میں نرمی کے تحت اب صرف غیر ازدواجی تعلقات کی شکایت صرف قریبی رشتہ دار کرسکتے ہیں جیسے والدین، شوہر، اہلیہ اور اولاد کرسکتے ہیں۔ ہر خاص و عام کو اس کا اختیار نہیں ہوگا۔
اسی طرح انڈونیشیا کے بادشاہ کی توہین کی سزا بھی رکھی گئی اور سب سے زیادہ ہنگامہ بھی 2019 میں اس شق پر ہی ہوا تھا تاہم اس بار اس میں شق میں صدر کی توہین سے متعلق شکایت بھی صرف صدر ہی درج کراسکیں گے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
ایوان نمائندگان کے ڈپٹی اسپیکر اور قانون میں نظرثانی کی نگرانی کرنے والے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ بامبنگ وریانتو نے پیر کو رائٹرز کو بتایا کہ پارلیمنٹ میں ضابطے کی توثیق کے لیے منگل کو مکمل اجلاس ہوگا۔

سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ صاحبزادہ محمد نذیر سلطان انتقال کر گئے

شور کوٹ: (ویب ڈیسک) سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ صاحبزادہ محمد نذیر سلطان انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق صاحبزادہ نذیر سلطان کی میت کو لاہور سے حلقہ دربار سلطان باہو (گڑھ مہاراجہ ) لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ صاحبزادہ نذیر سلطان، ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کے والد ہیں، مرحوم نذیر سلطان سابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ بھی رہے۔

ایاز صادق کو کابینہ ای سی ایل کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ایاز صادق کو کابینہ ای سی ایل کمیٹی کی سربراہی سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو کابینہ ای سی ایل کمیٹی کا کنوینئر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اقتصادی امور ایاز صادق کو کمیٹی کے ارکان میں شامل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے کابینہ کی ای سی ایل ذیلی کمیٹی کی تشکیل نو کر دی، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ای سی ایل ذیلی کمیٹی میں وفاقی وزیر تجارت نوید قمر، وزیر مواصلات اسد محمود اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بطور ارکان میں شامل ہیں۔

آصف زرداری کی پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت سے ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی ہے۔
آصف زرداری کی سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پنجاب کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔

پرویز الٰہی کا ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کی مد میں ساڑھے 7 ارب روپے ادا کرنے ہیں، پنجاب نے ہیلتھ کارڈ کے واجبات کی مد میں سو فیصد ادائیگی کردی ہے، وفاق نے عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے کیلئے ایک روپیہ نہیں دیا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مریضوں کو ہیلتھ کارڈ پر علاج کیلئے حکومت پنجاب سہولت فراہم کررہی ہے، ہیلتھ کارڈ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا فلیگ شپ تاریخی پروگرام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے پنجاب کے تمام شہری جب اور جہاں چاہیں علاج کراسکتے ہیں، پنجاب کی تمام آبادی کو بلا امتیاز ہیلتھ کوریج فراہم کی جارہی ہے، پنجاب میں 821 ہسپتال بشمول 206 سرکاری اور615 پرائیویٹ ہسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ پر مفت علاج کرایا جاسکتا ہے، پنجاب بھر میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت سرکاری و نجی ہسپتالوں میں 80 ہزار بیڈز میسر ہیں، پنجاب کے ہیلتھ کارڈ پروگرام سے 28 لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوچکے ہیں، ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت ڈائیلسز، کارڈیالوجی اور دیگر امراض کا علاج کرایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے شرکت کی، ہیلتھ کارڈ پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیر خزانہ محسن لغاری، چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، سیکرٹری فنانس واصف خورشید، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن احمد جاوید قاضی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایچ آئی ایم سی اوردیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

ہم نے پہلے دن سے ہی اچھا کھیل پیش کیا، انگلش کپتان بین اسٹوکس

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ آج کا کھیل بہت اچھا تھا، ہم بہت لطف اندوز ہوئے، یہ ٹیسٹ میچ ہے اور اس میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن سے ہی اچھا کھیل پیش کیا تھا اور ہمارے مختلف پلانز تھے جس کیلئے مختلف فیلڈز رکھی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ کبھی وکٹ آپ کے لیے معاون ہوتی ہے اور کبھی نہیں ہوتی، ہمیں اس میچ میں بہت اچھے مواقع ملے اور ہم نے کوشش کی کہ ان سے فائدہ اٹھائیں۔
بین اسٹوکس نے کہا کہ ہماری ٹیم میں سب نے اپنا اپنا اچھا کردار ادا کیا، ہم نے کوشش کی کہ مختلف کھیل پیش کریں، بولرز، فیلڈرز بیٹسمین سب نے اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے کھلاڑی بہت پراعتماد ہیں، سب میں اچھی صلاحیتیں ہیں، کوشش ہوگی کہ ہم اسی طرح اچھا کھیل پیش کریں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 74 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم 268 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔

ایم کیو ایم پاکستان کا ایڈمنسٹریٹر صرف چند دنوں کیلئے آئے گا: سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے لیبر منسٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کراچی میں ایڈمنسٹریٹر صرف چند دنوں کیلئے آئے گا، پندرہ جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے بعد میئر کراچی ہی شہر کا نظام چلائے گا۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ مرتضیٰ وہاب نے بہت کام کیا لیکن اگلا ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا، ایم کیو ایم سے معاہدہ کوئی مک مکا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم کے بعد میئر بااختیار ہوگا۔
دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کو ان پر اعتراض ہے، ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ جس کے پاس بھی ہوگا اس پر اعتراض کیا جاتا رہے گا، جب تک سندھ حکومت کہے گی کام کرنے کو تیار ہوں۔

پی ٹی آئی اور ق لیگ کی قیادت میں رابطہ، پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر مشاورت

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر سیاسی معاملات پر مشاورت کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ ق کی قیادت کا ایک اور رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پی ٹی آئی کے سینیئر نائب صدر فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے ملاقات کی جس میں اسمبلی کی تحلیل اور دیگر سیاسی معاملات پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ملاقات میں رہنما ق لیگ مونس الہٰی بھی شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد فواد چوہدری زمان پارک پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری نے پرویزالہٰی اور مونس الہٰی سے ملاقات کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کیا۔

ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی باتیں کی جارہیں: فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر فیصلے کے بعد کہا کہ غلطی ہوگئی، ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں، کوئی شک نہیں پاکستان کو اس وقت بڑے بحرانوں کا سامنا ہے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی مشکلات آئیں گی، آئی ایم ایف پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے، معیشت کو گزشتہ 4 سالوں میں زمین بوس کیا گیا، معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اگرسارا اختیار ہی باجوہ کے پاس تھا تو آپ پھر کس بات کی بلا ہو۔
پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر نہیں آتے، ہماری پارلیمنٹ سپریم اور اسے قانون سازی کا حق ہے، دنیا کی کسی طاقت کو بھی پاکستان کی داخلی خودمختاری پر دباؤ ڈالنے کا کوئی حق نہیں، امریکا کی لونڈی آئی ایم ایف پاکستان پر دباؤ ڈال رہا ہے، ہم بتا دینا چاہتے ہیں امریکا اب سپر پاور نہیں رہا، امریکا کو افغانستان میں شکست ہوئی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں، آقا اور غلام کی نسبت سے ہمیں انکار ہے، ہم نے پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھ کر خارجہ پالیسی بنانی ہے، کسی طرح بھی اپنی معاشی خود مختاری پر سودا نہیں کریں گے، اس وقت خیبرپختونخوا دیوالیہ ہوچکا ہے، آج ملازمین کو بھی تنخواہیں دینے کے لیے پیسے نہیں، اپنی 10 سالہ ناکامی کو چھپانے کے لیے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی باتیں کر رہےہیں، عمران خان ڈرامے بازی مت کرو، خیبرپختونخوا کی کارکردگی بتاؤ۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعیت علما اسلام اب خیبرپختونخوا کا مستقبل ہے، کارکنان عوام میں جا کر رابطے بڑھائیں، ہم صوبے کو اس بحران سے نکالیں گے، جمعیت علما اسلام میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہرفیصلہ کرنے پر اس نے کہا غلطی ہوئی، اس کی غلطیوں کا پلندہ ہے، آپ کے پاس عقل نہیں کہ صحیح فیصلے کرو، آپ نے معیشت کو تباہ کیا، اگر سارا اختیار ہی باجوہ کے پاس تھا تو آپ پھر کس بات کی بلا ہو، یہ پاکستان کی سیاست کا غیر ضروری عنصر ہے، ان کی حکومت جاتے ہوئے ایسے لگا جیسے پکنک منا کر گئے، یہ صرف اقتدار میں عیاشیاں کرنے آئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ہم سے مذاکرات کرو ورنہ، ہم 16 دسمبر کی تاریخ کو جانتے ہیں جو نیازی سے منسوب ہے، آج ملک میں قومی حکومت ہے جس نے ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ اتنی بڑی مشکلات آئیں گی، بین الاقوامی اداروں کو پہلی مرتبہ چیلنج کیا جارہا ہے، ہم روس اور چین سے بھی بات کریں گے۔

چین سے آئی نئی بوگیوں کی ادائیگیوں کے لئے مطلوبہ رقم نہ ہونے کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) معاشی خسارے کا شکار پاکستان ریلوے کے پاس چین سے آئی بوگیوں کی ادائیگی کےلئے رقم نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں نئی بوگیوں کےلئے ایل سیز کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے، 46مسافر کوچز پاکستان پہنچ گئیں مگر ان کے پیسے ادا نہیں ہوئے ہیں۔
ریلوے حکام کی جانب سے حکومت کو فنڈز دینے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ادائیگی ہوسکے، ریلوے کے پاس کچھ پیسے تھے وہاں سے کچھ پیسے ادا کردیئے ہیں۔
ریلوے حکام کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی پر نظرثانی ہونے سے ریلوے کے منصوبے بھی متاثر ہوئے، کوچز ہم پورٹ سے لے آئے ہیں مگر ایل سی ختم ہونے سے پہلے ہمیں ادائیگی کرنی ہے، حکومت کے پا س بھی ہمیں دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔