All posts by Khabrain News

جنوبی افریقا میں چرچ جانے والا قافلہ سیلاب میں بہہ گیا؛ 14 افراد ہلاک

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے چرچ جانے والا ایک قافلہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس میں 14 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ 4 لاپتہ ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں کرسمس کی تیاریوں اور ایک مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے مقامی چرچ جانے والا 30 افراد پر مشتمل قافلہ دریا میں طغیانی کے باعث سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔
حالیہ دنوں میں جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔ چرچ جانے والے قافلے میں شامل موجود دریا کے پتھروں پر کھڑے تھے اور کچھ آرام کر رہے تھے کہ دریا میں طغیانی میں آ گئی۔
اچانک آنے والے سیلابی ریلہ اتنا تیز رفتار تھا کہ وہاں موجود لوگوں کو بھاگنے کا موقع نہ مل سکا اور 30 افراد ریلے میں بہہ گئے جن میں سے 14 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 4 افراد لاپتہ ہیں۔ 12 افراد کو نکال لیا گیا۔
سیلابی ریلے سے بحفاظت نکالے جانے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں 5 افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تیز رفتار سیلابی ریلا ان افراد کو دور تک بہا کے گیا تھا۔

ہمارا ارادہ میچ جیتنے کا تھا ڈرا کرنے کا نہیں، بابراعظم

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ہمارا ارادہ میچ جیتنے کا تھا ڈرا کرنے کا نہیں، ہمیں میچ ہارنے پر کافی افسوس ہے انگلینڈ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ہمیں میچ ہارنے پر کافی افسوس ہے، ہمارے پاس ٹیم بھی تھی لنچ کے بعد کافی پراعتماد تھے مگر تیزی سے وکٹس گریں اور ہم پر دباؤ بڑھ گیا، ہر ٹیم کا اپنا انداز ہوتا ہے کھیلنے کا اور صورتحال کے حساب سے کھیلنا پڑتا ہے، ہر ٹیم کا اپنا اپنا پلان ہوتا ہے کھیلنے کا اور ہم نے کوشش بھی کی مگر ہم اچھا اختتام نہیں کرپائے۔
بابر اعظم نے کہا کہ پچ پر ہمارا اچھا اِن پُٹ تھا، پچ ہمیں ویسی نہیں ملی جبکہ موسم کا بھی اس میں کچھ حصہ تھا، آغا اور اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد لگا کہ میچ میں ہم نیچے جا رہے ہیں، نسیم شاہ اور محمد علی کی وجہ نے اچھا کھیلا، ہمارا پورا پلان تھا جیتنے کا اور میچ ڈرا کرنے کی کوئی پلاننگ نہیں تھی، ہم نے اپنی کوشش کی مگر تیزی سے وکٹیں گرنے سے مشکلات بڑھتی گئیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بولرز انجری میں ہیں اظہر علی کی اتنی زیادہ انجری نہیں ہے لیکن حارث کا کچھ نہیں کہہ سکتے وہ شامل ہوں گے یا نہیں، ہماری ٹیم بیسٹ 11 سیلیکٹ ہوئی تھی، محمد علی اور محمد وسیم ہماری اچھی سلیکشن تھی۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پنڈی کے شائقین نے ہمیں کبھی مایوس نہیں کیا، ہمارے شائقین دوسری ٹیم کو بھی بہت سپورٹ کرتے ہیں اور ہمیں اچھا لگتا ہے کہ پاکستانی شائقین یہاں آنے والی مہمان ٹیم کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ ہم نے جس طرح سے شروعات کیں تھیں تو کھیل بہت بہتر لگ رہا تھا، دونوں ٹیموں کے فاسٹ بولرز کا اچھا تجربہ ہے، پہلی اننگز میں انگلینڈ میچ کو کافی دور لے گیا تھا، ہم نے پوری کوشش کی میچ کو برابر لانے کی لیکن انگلینڈ نے بہت اچھا کھیلا۔

گھریلو صارفین کو ناشتے اورکھانے کے اوقات میں گیس ملے گی، سوئی ناردرن گیس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سوئی ناردرن گیس نے گھریلو صارفین کو ناشتے، دوپہر اوررات کے کھانے کے اوقات میں گیس فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایم ڈی سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں آر ایل این جی مہنگی ہونے کی وجہ سے اس بار زیادہ گیس نہیں خریدی جا سکی۔ یوکرین اور روس جنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو صبح 6 بجے سے سے 9بجے ، دوپہر 12سے 2 اور شام کو 6 سے رات 9بجے تک گیس ملے گی۔لو پریشر والے علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر فراہم کر رہے ہیں۔ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کو گیس کی فراہمی جارہی ہے۔گیس بحران کی وجہ سے نئے کنکشن پر پابندی عائد ہے۔گھریلو صارفین کو 121 روپے جبکہ کمرشل صارفین کو 450 روپے ایم ایم بی ٹو ہو فیس فراہم کر رہے ہیں۔
ایم ڈی سوئی ناردرن نے مزید کہا کہ سوئی ناردرن 950 روپے میں خرید رہی ہے۔گیس چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔اربوں روپے کی گیس چوری پکڑی ہے اور کمپریسر لگا کر گیس استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔شمالی علاقوں میں ائیر مکس پلانٹس کے ذریعے گیس فراہم کریں گے۔اولین ترجیحات میں انڈسٹری اور گھریلو صارفین شامل ہیں۔اوگرا اور حکومت کی اجازت ملتے ہی نئے گیس کنکشن فراہم کر دیے جائیں گے۔

شادی ایک رِسک ہے: اداکارہ سجل علی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شادی ایک خطرہ یا رِسک ہے۔
سوشل میڈیا پر سجل علی کے ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہیں شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میزبان نے سوال کیا کہ آپ پسند کی شادی کے حق میں ہیں یا ارینج میرج زیادہ بہتر ہے؟
جس کے جواب میں ادکارہ سجل کا کہنا تھا کہ ’میں پسند کی شادی کو زیادہ ترجیح دیتی ہوں مجھے محبت پر اور محبت کی شادی پر یقین ہے، لیکن میں اتنا کہنا چاہوں گی کہ شادی صرف ایک رِسک ہے چاہے تو پسند کی ہو یا ارینج ہو‘۔
یاد رہے کہ سجل علی اداکار احد رضا میر کی اہلیہ ہیں اس جوڑی کو پچھلے ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں دیکھا گیا جسکی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان کی علیحدگی کے حوالے سے خبریں گردش کرتی رہتی ہیں تاہم سجل اور احد ان افواہوں پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

پطرس بخاری: شاعری، مزاح اور افسانہ نگاری کا عہد

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور مزاح نگار، افسانہ نگار اور شاعر پطرس بخاری کو دنیائے فانی سے کوچ کئے 64 برس گزرگئے، گورنمنٹ کالج لاہور کے پرنسپل، ریڈیو کے ڈائریکٹر جنرل اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے طور پر فرائض نبھائے، 2003ء میں حکومت نے پطرس بخاری کو ہلال امتیاز سے نوازا۔
پطرس بخاری یکم اکتوبر 1898ء میں پشاور میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام سید احمد شاہ تھا، مشن ہائی سکول پشاور سے 15 برس کی عمر میں اعلیٰ نمبروں سے میٹرک میں کامیابی حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور اعلیٰ تعلیم کے لئے انگلستان چلے گئے۔
کیمبرج یونیورسٹی کے عمانویل کالج سے انگریزی ادب میں اول درجے میں سند حاصل کی، پطرس بخاری گورنمنٹ کالج لاہور کے شعبہ انگریزی کے پہلے صدر بھی رہ چکے ہیں، یکم مارچ 1947ء کو پطرس بخاری نے گورنمنٹ کالج لاہور کے پرنسپل کا عہدہ سنبھالا۔
جنوبی ایشیا میں ریڈیو کے باقاعدہ قیام نے پطرس بخاری کی انتظامی اور فنکارانہ صلاحیتوں کو جلا بخشی، ریڈیو میں صوبہ پنجاب کے نمائندے کی حیثیت سے پطرس بخاری کو نامزد کیا گیا انہیں یکم اگست 1949ء کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا، یہ وہ دور تھا جب بھارت کشمیر کا تنازع لے کر اقوام متحدہ میں گیا اور فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ میں گرما گرم بحث کا مرکز بنا ہوا تھا۔
پطرس بخاری نے اپنی ادبی زندگی کا باقاعدہ آغاز سول اینڈ ملٹری گزٹ سے کیا وہ عموماً تنقیدی مضامین لکھتے، اس کے لئے انہوں نے پیٹر واٹ کنزکا قلمی نام اختیار کیا تھا، پیٹر کے فرانسیسی تلفظ نے پیر احمد شاہ کو پطرس بنا دیا۔
2003ء میں حکومت پاکستان نے پطرس بخاری کی ادبی وثقافتی، تعلیمی، سفارتی خدمات کے صلے میں ہلال امتیاز کے اعزاز سے نوازا، 5 دسمبر 1958 کو نیویارک میں ان کا انتقال ہوا۔

سائنسدانوں کی بین الاقوامی ٹیم نے دنیا کا سب سے چھوٹا ’اسپیکٹرومیٹر‘ تیار کرلیا

اوریگون: (ویب ڈیسک) ماہرین کی بین الاقوامی ٹیم نے دنیا کا سب سے چھوٹا اسپیکٹرومیٹر(طیف پیما) بنالیا ہے جو سائنسی اور طبی مقاصد کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔
اس ایجاد سے اسمارٹ فون کیمرے سے لے کر ماحولیاتی تحقیق کی نئی راہیں کھلیں گی کیونکہ اس کے استعمال کی فہرست بہت طویل ہے۔
فن لینڈ آلٹو کی ٹیم نے بین الاقوامی اشتراک سے یہ اہم کام کیا ہے جس کی تفصیل جرنل سائنس میں شائع ہوئی ہے۔ اسے دو جہتی (ڈائمینشنل) سیمی کنڈکٹر پر بنایا گیا ہے جو اپنی چھوٹی جسامت کے باوجعد طاقتور اور مؤثر ہے۔ مائیکروچپ جسامت کا یہ طیف نگار مصنوعی ذہانت اور الگورتھم کے تحت کام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ انتہائی باریک سیمی کنڈکٹر پر برقی سرکٹ بنانے کی ٹیکنالوجی بہت ہی نئی اور اچھوتی ہے اور یہ سینسر بھی طبی اور سیکیورٹی مقاصد کے علاوہ خلائی تحقیق میں استعمال ہوسکتا ہے۔ اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی میں طبیعیات کے پروفیسر ایتان مائنو نے بتایا کہ یہ اسپیکٹرومیٹر روایتی طیف نگاروں سے بہت چھوٹا ہے۔ اس کے باوجود یہ روشنی کی شدت، اور مختلف طول موج کی اشعاع محسوس کرکے اس کی تفصیل فراہم کرسکتا ہے۔
ٹیم کا دعویٰ ہے کہ اس کی مزید چھوٹی قسم زیرِ تحقیق ہے جو انسانی بال کی موٹائی کے برابر ہوگی دوسری جانب وہ ہائی ریزولوشن پر اپنی تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں۔ ان کا سب سے اہم استعمال اسمارٹ فون کیمروں اور ڈرون میں بھی ہوسکتا ہے جبکہ طبی اطلاقات کی ایک طویل فہرست بھی ہے۔
برقیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ اس ایجاد سے اتنے باریک آلات بنائے جاسکتے ہیں جو اب سے قبل تصور بھی نہیں کئے جاسکتے تھے۔ یہاں تک کہ کینسر تحقیق میں بھی انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔

دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی سکوپ کی تعمیر شروع

جمیکا: (ویب ڈیسک) اکیسویں صدی کے عظم سائنسی منصوبوں میں سے ایک سکوائر کلومیٹر اری ہے ، جس کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل سکوائر کلومیٹر آرے آرگنائزیشن پروفیسر فل ڈائمنڈ نے کہا کہ ہے کہ یہ منصوبہ آئن سٹائن کے نظریات کے بالکل درست ٹیسٹ کرے گا اور ماورائے زمین کی تلاش بھی کرے گا۔
پروفیسر فل ڈائمنڈ کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے پر کام کرتے 30 سال گزر چکے، پہلے 10 سال تصورات اور نظریات کو تیار کرنے کے بارے میں تھے۔ دوسرے 10 سال ٹیکنالوجی کی ترقی میں صرف کیے گئے تھے۔ اور پھر آخری دہائی تفصیلی ڈیزائن، سائٹس کو محفوظ بنانے، حکومتوں کو اس سے اتفاق کرنے کے بارے میں تھی۔
2028 میں مکمل ہونے پرSKA سکوائر کلومیٹر اری دنیا کی سب سے بڑی ریڈیو دوربین ہوگی۔ جو جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں تقسیم، برطانیہ میں ہیڈ کوارٹر کے ساتھ، فلکی طبیعیات کے سب سے بڑے سوالات کو حل کرے گی۔

صرف ایک ایکسرے دیکھ کر ہارٹ اٹیک کی پیشگوئی کرنے والا الگورتھم

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) قارئین کو یاد ہوگا کہ انہیں صفحات پر ہم بچوں میں کھانسی کی آواز سن کر امراض کی شناخت کرنے والی ایپ کا ذکر کرچکے ہیں۔ اب اسی طرح ایک وسیع ڈیٹا بیس اور مصنوعی ذہانت کی بنا پر ایک نیا پروگرام بنایا گیا ہے جو صرف ایک ایکسرے کی بنا پر دل کے دورے کی پیشگوئی کرسکتا ہے۔
ماہرین نے یہ سافٹ ویئر مصنوعی ذہانت کی بنا پر تیار کیا ہے۔ اس کا الگورتھم دل اور سینے کے ایسے ہزاروں ایکس رے کا ڈیٹا بیس پڑھ کر فیصلہ کرتا ہے جن پر انفرادی طور پر ڈاکٹروں نے اپنی رائے دی ہے اور اس کے مریض ہونے یا نہ ہونے کا اظہار کیا ہے۔ تاہم اس میں مصنوعی ذہانت ہی فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے بلکہ نہ صرف دل کے دورے بلکہ فالج کے خطرے سےبھی خبردار کرتی ہے۔
امریکا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کینسر نے اس کی طبی آزمائشیں بھی کی ہیں۔ اس میں کل 11,430 مریضوں کے ایکسرے شامل تھے۔ مریضوں کی اکثریت دل کے دورے کے کنارے پر کھڑی تھی اور انہیں اسٹیٹن تھراپی سے گزارا گیا تھا۔ اس سے قلب کے متاثر ہونے کے خطرات کو ٹالا جاسکتا ہے۔
پھر ان تمام ایکسرے کا نئے مریضوں کے ایکس رے عکس سے موازنہ کیا گیا اور اسی بنیاد پر سافٹ ویئر نے دل کے دورے کے خطرے سے خبردار کیا۔ اس کے نتائج نارتھ امریکا کی ریڈیالوجیکل سوسائٹی (آر ایس این اے) کے اجلاس میں پیش کئے گئے۔ بعض افراد کے بارے میں سافٹ ویئر نے بتایا کہ انہیں اگلے دس برس میں ہارٹ اٹیک کا سامنا ہوسکتا ہے۔ اس سے مریض کو وقت مل جاتا ہے جس سے وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرسکتا ہے۔
تاہم اب اس الگورتھم کی وسیع پیمانے پر آزمائش کی جائے گی جس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ یوں مشین لرننگ سے امراضِ قلب کی پیشگوئی کا ایک مستقل باب کھل سکتا ہے۔

آپ کا بینک بیلنس لوگوں کو دکھانے والی اے ٹی ایم

میامی: (ویب ڈیسک) پاکستان ہو یا امریکا، کئی افراد اپنا بینک بیلنس اور امارت دکھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اب ایسے ہی لوگوں کے لیے ایک اے ٹی ایم رکھی گئی ہے جو اسے استعمال کرنے والوں کے بقیہ بینک بیلنس کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔
میامی کے ساحل پر آرٹ بیسل پر ایک مختلف مشین رکھی گئ ہے جسے نیویارک کے ادارے ایم ایس سی ایچ ایف نے بنیا ہے جس میں پیروٹن آرٹ گیلری کا تعاون بھی شامل ہے۔ یہ ایک فن پارہ ہے جو سب سے زیادہ بینک بیلنس والے کی تصویر عین اسی طرح دکھاتی ہے جس طرح ویڈیو گیم میں زیادہ اسکور کرنے والوں کے نام دکھائی دیتے ہیں۔
اب جو بھی کارڈ کی بدولت مشین استعمال کرتا ہے تو مشین ان کی رقم اور بینک بیلنس کے لحاط سے تصویر اور دولت کو ظاہر کرتی رہتی ہے۔ اس کا مقصد ان نودولتیوں یوٹیوبر اور انفلوئنسر کو موقع فراہم کرنا ہے جو اپنی دولت اور پرتعیش زندگی دکھانے کا شوق رکھتے ہیں۔
اسے اے ٹی ایم لیڈر بورڈ کا نام دیا گیا ہے۔ ایم ایس سی ایچ ایف کے نائب سربراہ ڈینیئل گرینبرگ نے بتایا کہ یہ مشین ایک ایسی جگہ لگائی گئی ہے جہاں بہت امیرافراد آتے ہیں اور لمبورگنی جیسی کاریں بھی کرائے پر ملتی ہیں۔ اے ٹی ایم میں ایک کیمرہ لگا ہے جو کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ لگاتے ہیں سامنے والے کی تصویر کھینچ لیتا ہے۔ اب ان میں سے جن کا بینک بیلنس زیادہ ہوتا ہے اس کی تصویر اوپر والے ڈسپلے پر ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہے بشرطیکہ اس کا بینک بیلنس تمام افراد سے زائد ہو۔
استعمال نہ ہونے کی صورت میں بھی اے ٹی ایم کے اوپر والے ڈسپلے پر دولتمند افراد کی تصاویر اور دولت ظاہر ہوتی رہتی ہے۔ یہ مشین چند روز قبل ہی لگائی گئی ہے۔

بھارت میں ایک ہی شخص سے دو جڑواں بہنوں کی شادی، مقدمہ درج

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں دو جڑواں بہنوں کی ایک ہی شخص سے شادی کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مہاراشٹر کے ضلع سولاپور میں دو جُڑواں بہنوں نے ایک ہی شخص سے شادی کی جس پر بھارتی پولیس نے ملکی قانون کے تحت دلہے اور دونوں بہنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں جڑواں بہنوں کا نام پنکی اور رنکی ہے جو کہ پیشے کے لحاظ سے آئی ٹی پروفیشنل ہیں اور ممبئی میں ملازمت کرتی ہیں۔
دونوں بہنیں والد کے دنیا سے چلے جانے کے بعد اپنی ماں کے ساتھ رہتی ہیں،دونوں کی شادی تحصیل ملشیرمیں دو روز قبل انجام پائی ، دُلہے اور دونوں بہنوں کے اہلِ خانہ نے متنازع شادی پر رضامندی کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متنازع شادی کی تقریب کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہے جس میں دونوں بہنوں کو ایک ساتھ اپنے دلہے کو مالا پہناتے دیکھا جاسکتا ہے۔
جُڑواں بہنوں کے شوہر خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 494 کے تحت اکلوج تھانے میں شکایت درج کر لی ہے۔
پولیس کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’دلہے نے آئی ٹی پروفیشنلز 36 سالہ جُڑواں بہنوں سے شادی کر لی ہے جو کہ انڈین قوانین کے تحت جرم ہے‘۔