All posts by Khabrain News

متنازع ٹوئٹس کیس : اعظم سواتی 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) متنازع ٹوئٹس کیس میں کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے تحریک انصاف کے سیینٹر اعظم سواتی کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ دہم کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت میں پیشی کے وقت قاسم سوری سمیت دیگر قائدین بھی عدالت آئے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اقبال شاہ ایڈووکیٹ اور دیگر پیش ہوئے۔
پولیس کی جانب سے اعظم سواتی کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو تین روز قبل اسلام آباد سے گرفتار کر کے راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا۔

عمران نے ارکان اسمبلی کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت کر دی، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی ارکان اسمبلی کو فوری طور پر انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ارکان اسمبلی کو ہدایات میں کہا کہ وہ حلقوں میں فوری واپس پہنچیں اور عوامی رابطوں میں تیزی لائیں۔
مرکزی رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پی ڈی ایم انتخابات سےایسے ہی بھاگتی رہی جیسے اب بھاگ رہی ہے تو ہم مزید وقت ضائع نہیں کریں گے۔
پی ٹی آئی وقت ضائع کئے بغیر پنجاب اور پختونخوا کےصوبائی انتخابات کیلئے جائے گی، قومی اسمبلی کے انتخابات بعد میں ہوں گے۔

راولپنڈی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 579 رنز پر آؤٹ

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔
آغا سلمان 63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود 17 رنز بنا کر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد حارث رؤف بھی 12 رنز بنا کر ول جیکس کا شکار ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ 2 وکٹیں جیک لیچ کے حصے میں آئیں، انگلینڈ کو پاکستان پر پہلی اننگز میں 78 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے، انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

آئی ٹی کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں : وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے انگلینڈ سے آنے والے پاکستانی نژاد وفد نے ملاقات کی ، وفد میں سابق پولو پلیرز، کوچ اور آئی ٹی ماہرین شامل تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت پنجاب میں پولو کھیل کے فروغ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دور حاضر میں تیز ترین ترقی کا پائیدار راستہ ہے، پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں، پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30سرکاری سروسز حاصل کرسکتے ہیں۔
وزیراعلٰی پنجاب نے مزید کہا کہ پولو ایک عمدہ کھیل ہے ، پنجاب میں پولو کے نوجوان کھلاڑیوں کوہرممکن سہولیات دی جائینگی، کریم اور کیپ ٹرکنگ کے بعد ٹرانسپورٹ اور رائیڈ کےمزید پراجیکٹ متعارف کروائیں گے۔

عمران 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے گا یا اسمبلیاں توڑ دے گا، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے گا یا اسمبلیاں توڑ دے گا، حکومت عوام میں جانے کے قابل نہیں ہے الیکشن سے فراری الیکشن کی تیاری کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان 30 دسمبر تک الیکشن کی تاریخ لے گا یا اسمبلیاں توڑ دےگا، گیند اب حکومت کے کورٹ میں ہے، سیاست آباد کریں یا برباد کریں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل ان کی معیشت کا پوسٹ مارٹم کر رہا ہے، چار چار وزرا مل کر بھی بیانات دیں تو کوئی ان کی بات نہیں سنتا، حکومت عوام میں جانے کے قابل نہیں ہے، الیکشن سے فراری الیکشن کی تیاری کریں۔
ایک اور ٹویٹر پیغام میں شیخ رشید نے بیگم نجمہ حمید کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

29 گولڈ میڈلز کا ریکارڈ، میڈیکل طالبعلم نے عوام کے دل جیت لئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والے حافظ محمد ولید ملک نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے ریکارڈ بنا ڈالا۔
میڈیکل کی تعلیم کے دوران گولڈ میڈل حاصل کرنے کیلئے طالبعلم کو 85 فیصد سے زائد نمبر یا کلاس میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنا ہوتے ہیں۔
حافظ محمد ولید ملک نے ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران 29 گولڈ میڈل حاصل کر کے پاکستان میں ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ورلڈ ریکارڈ ہولڈر گولڈ میڈلسٹ ولید ملک کا کہنا تھا کہ جب ایم بی بی ایس میں داخلہ لیا تو ابتداء میں تھوڑی مشکلات پیش آئیں لیکن پھر سخت محنت کی جس کے باعث کامیابیاں نصیب ہوئیں۔
حافظ ولید ملک سے قبل یہ اعزاز کنگز ایڈورڈز میڈیکل کالج کی طالبہ کے پاس تھا جنہوں نے ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے دوران 23 گولڈ میڈل حاصل کئے تھے۔
اس کے علاوہ میڈیکل کے ایک اور طالبعلم ڈاکٹر شہزاد نے بھی 21 گولڈ میڈل حاصل کر کے اپنے والدین اور ملک کا نام روشن کیا۔

الیکشن جب بھی ہو پی ڈی ایم جماعتوں کو شکست ہو گی، مسرت جمشید چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ‏جب بھی الیکشن کا اعلان ہوگا PDM کی جماعتوں کو عبرت ناک شکست ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ان چور جماعتوں کو عوامی جذبات کا اندازہ ہے، اسی لئے ہر ممکن طور پر الیکشن سے بھاگنا چاہتے ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ نواز شریف پہلے ہی اپنا پورا خاندان لندن فرار کرا چکا ہے، شہباز اینڈ پارٹی بھی اب مریم کے ابا جان کی تقلید کر رہی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کا کہنا تھا کہ ابھی تو ان کے وزراء آپس میں دست و گریبان ہونے لگے ہیں جلد ہی پی ڈی ایم ٹولہ ایک دوسرے کیخلاف بیانات کا بازار گرم کرے گا، امپورٹڈ حکومت اور ان کے حواریوں کے راستے جلد جدا ہونے والے ہیں۔

اے ایس ایف کی کارروائی، منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

کراچی: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز کی کراچی ایئر پورٹ پر بڑی کارروائی، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کےمطابق اے ایس ایف نے کراچی ایئر پورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر سے 2 کلوگرام سےزائد آئس ہیروئن برآمد کر لی ، مسافر فرمان اللہ نےآئس ہیروئن بیگ میں چھپا رکھی تھی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے صدر کا چوری سکینڈل میں استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ

کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے چوری سکینڈل کے باوجود استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
رامافوسا کے ترجمان نے کہا صدر ناقص رپورٹ کی بنیاد پر استعفیٰ نہیں دے رہے بلکہ ڈٹ کر اس سازش کا مقابلہ کریں گے، وہ افریقی نیشنل کانگریس پارٹی کے رہنما کے طور پر دوسری مدت کیلئے بھی کوشش کریں گے۔
جنوبی افریقہ کے سابق انٹیلی جنس افسر نے الزام لگایا تھا کہ صدر رامافوسا نے اپنے گیم فارم سے 4 ملین ڈالر کی چوری چھپائی، صدر نے چوری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رقم 5 لاکھ 80 ہزار ڈالر تھی نہ کے 4 ملین ڈالر۔

دہشت گردی کی راہداری کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے: ترک صدر

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کی راہداری کے قیام کی اجازت نہیں دیں گے۔
ترک صدر اردوان نے کہا ہم اپنی جنوبی سرحدوں پر 30 کلو میٹر طویل حفاظتی پٹی کے قیام کو پایہ تکمیل تک ضرور پہنچائیں گے، دہشت گرد تنظیم اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے حملے اور گندے عزائم ہمیں اس مصمم ارادے سے ہٹا نہیں سکیں گے۔
رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یہ تنظیم ہمارے بچوں اور خواتین کی تفریق کئے بغیر قتل و غارت کرتی ہے، اب موجودہ ترکیہ پرانے ترکیہ سے بہت مختلف ہے، کوئی بھی ہماری سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔