All posts by Khabrain News

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات: تحریک انصاف کی دو اضلاع میں برتری

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں باغ اور سدھنوتی کے اضلاع میں پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔
رپورٹ کے مطابق پونچھ اور حویلی اضلاع میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں پاکستان تحریک انصاف نے میونسپل کارپوریشن کی 15 میں سے 9 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 4 اور پاکستان پیپلزپارٹی 2 نشستیں جیت سکی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف ضلع باغ میں اپنا کونسل چیئرمین منتخب کرانے کے لئے تیار تھی جہاں کُل 28 نشستوں میں سے پی ٹی آئی نے تقریباً 12 نشتیں حاصل کیں جبکہ پاکستان مسلم کانفرنس (ایم سی) نے 4، پاکستان پیپلزپارٹی نے 3 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدواروں نے 2، 2 نشتیں حاصل کیں اور آزاد کشمیر جمعیت اسلام ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی، اس کے علاوہ 4 نشستوں کے نتائج آنا باقی ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق سدھنوتی ضلع کونسل کی 19 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف نے 11، مسلم لیگ (ن) نے 4، آزاد امیدواروں نے 2 اور آزاد کشمیر جمعیت علمائے اسلام نے ایک نشست حاصل کی جبکہ مزید ایک نشست کے نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میونسپل میں پی ٹی آئی نے 8 میں سے 5 نشستیں حاصل کیں جبکہ آزاد امیدواروں نے 2 اور (ن) لیگ ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضلع حویلیاں میں (ن) لیگ 12 میں سے 6 ضلع کونسل کی نشستیں جیت سکی، پیپلز پارٹی نے 4 اور پی ٹی آئی نے ایک نشست حاصل کی جبکہ ایک نشست کے نتائج واضح نہیں ہوسکے۔
ضلع پونچھ کے شہر راولاکوٹ میں 22 رکنی میونسپل کارپوریشن میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) 7 نشستیں جیت سکی، اس کےعلاوہ پاکستان پیپلزپارٹی نے 4 ، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی نے 3 ،3 اور آزاد امیدواروں نے5 نشستیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ ضلع پونچھ کے 29 رکنی کونسل میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) نے 8، 8 نشستیں حاصل کیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے 6، جموں کشمیر پیپلز پارٹی (جے کے پی پی) نے5 اور آزاد امیدوار 2 نشستیں جیت سکے۔
قبل ازیں حکام نے بتایا تھا کہ پولنگ کے عمل کے دوران تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں ایک درجن سے کم لوگ متاثر ہوئے تھے۔
وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے ڈسٹرکٹ کونسلر کے عہدے کے لیے یوسی بنگوئن میں اپنے آبائی علاقے ڈھکی پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ریاست ایک ایسے عمل سے گزر رہی ہے جس کا مقصد انتخابات کے ذریعے اقتدار کو نچلی سطح تک منتقل کرنا ہے۔

سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے: پرویز الٰہی

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سندھ کے ثقافتی دن پر اہل سندھ کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے سندھ کے ثقافتی دن کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ سندھ کا ثقافتی دن ایکتا جو دھارو مقبول عام ثقافتی تہوار ہے، سندھی ثقافت مہمان نوازی، رواداری اور محبت کے جذبوں سے مالا مال ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دلکش روایات کی امین ہے، یونیسکو کی فہرست میں شامل موہنجوداڑو اور مکلی کی ثقافت دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اجرک کے رنگوں کی طرح سندھ کی ثقافت بھی دلکش امتزاج کی حامل ہے اور سچل سرمست، عبداللہ شاہ غازی اور لعل شہباز قلندر جیسے عظیم صوفیا کرام کی محبتوں سے مالا مال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخوت اور رواداری پر مبنی سندھی ثقافت کا حسن سب سے جدا ہے۔

اوکاڑہ: تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلہ،2 ڈاکو ہلاک ،2 فرار

اوکاڑہ: (ویب ڈیسک) اوکاڑہ کے تھانہ صدر کی حدود میں پولیس مقابلہ میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں چار ڈاکو واردات میں مصروف تھے کہ پولیس پہنچ گئی، اس دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، گولیاں لگنے سے دو ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ ان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
ڈی پی او اوکاڑہ فرقان بلال کا کہنا ہے کہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جن کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

پنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز: پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ، 8 کھلاڑی آؤٹ

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز قومی کھلاڑی آغا سلمان اور زاہد محمود نے 499 نامکمل رنز سے کیا۔
چوتھے روز آغا سلمان63 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ ول جیک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ زاہد محمود36 گیندوں پر 5 رنز کے ساتھ پچ پر موجود ہیں۔
انگلینڈ نے پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 657 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے گزشتہ روز کے اختتام تک 7 وکٹ کے نقصان پر 499 رنزبنالیے تھے، قومی ٹیم کو اب انگلینڈ کا خسارہ ختم کرنےکےلیے مزید 158 رنزدرکار ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 153، اولی پوپ نے 108، بین ڈکٹ نے 107 اور ریک کرالی نے 122 رنز کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا

فٹبال ورلڈ کپ: ارجنٹینا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

قطر: (ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ میں ارجنٹینا نے آسٹریلیا کو پری کوارٹر فائنل میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست د ے دی۔
ارجنٹینا کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی دو سری ٹیم بن گئی۔
فاتح ٹیم کی جانب لیجنڈری فٹبالر لیونل میسی اور ایلواریز نے گول اسکور کیے۔
لیجنڈری لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے ہزارویں میچ میں گول اسکور کر کے اُسے یادگار بنادیا۔
فٹبال ورلڈ کپ میں امریکا کا سفر بھی ختم ہوگیا، نیدرلینڈز نے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا، نیدرلینڈز کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

کورونا کے مزید 17 کیسز مثبت، 24 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 704 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 704 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 17 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.25 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 24 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج، ملانوالی میں حادثہ، 2افراد زخمی

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، ملانوالی میں دھند کے باعث ڈمپر مکان سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے سیالکوٹ اور ایم 1 برہان سے صوابی تک شدید دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
موٹروے حکام کا کہنا ہے کہ ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ جبکہ اوچ شریف موٹر وے ایم 5 ظاہر پیر سے شیر شاہ تک بند کردی گئی ہے۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دھند کے موسم میں غیرضروری سفر سے گریز کریں جبکہ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں ۔

روس کا یورپی یونین کی مقرر کردہ پٹرول کی قیمت قبول کرنے سے انکار

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ تیل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل کو سختی سے مسترد کردیاہے۔
روس کی وزارت خارجہ کے افسر میخائل الیانوف نے خبردار کیا کہ ماسکو کی جانب سے مسترد کردہ قیمتوں کی حد کی وجہ سے یورپ کو تیل کے بغیر رہنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماسکو نے پہلے ہی واضح کر دیا ہے کہ وہ ان ممالک کو تیل فراہم نہیں کرے گا جو مارکیٹ کی قیمتوں میں کمی کی حمایت کرتے ہیں۔ بہت جلد یورپی یونین روس پر تیل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کا الزام لگائے گی۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ روس G7 اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے روسی تیل پر عائد کردہ تیل کی قیمت 60 ڈالر فی بیرل کو “قبول نہیں کرے گا”۔ صدر پیوٹن مقررہ وقت پر مشرقی یوکرین کا دورہ کریں گے۔
اس سے قبل یورپی یونین کے بعد جی سیون ممالک اور آسٹریلیا نے بھی روسی تیل کی قیمتیں 60 ڈالر فی بیرل تک محدود رکھنے پر اتفاق کرلیا۔
جی سیون اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے یوکرین پر روسی جارحیت کم کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق روس اپنی تیل کی آمدن کا زیادہ حصہ یوکرین جنگ میں استعمال کررہا ہے۔جس کوروکنے کےلئے یورپی ممالک پوری کوششوں میں مصروف ہیں۔
فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا ہے کہ یورپ کو اپنے مستقبل کے حفاظتی ڈھانچے کو تیار کرنے کی ضرورت ہے امن مذاکرات کے لیے سلامتی کے حوالے سے پوٹن کے خوف کو دور کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ اگر صدر پیوٹن یوکرین کی جنگ پر مذاکرات پر رضامند ہو جائیں تو روس کے سکیورٹی خدشات کو کیسے دور کیا جائے۔
دوسری جانب یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف کے مطابق روسی افواج نے گزشتہ دنوں ڈونیٹسک اور لوہانسک کے علاقوں میں شہری انفراسٹرکچر پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ روس نے یوکرین کے قصبوں اور شہروں پر پانچ میزائل حملے، 27 فضائی حملے اور 44 راکٹ لانچر حملے کیے ہیں۔ دونیتسک اوبلاست میں سولیدار، اوپٹنے، نیویلسک، کراسنوہریوکا، اور مارینکا کے ساتھ ساتھ لوہانسک اوبلاست میں چیروونوپوپیوکا کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکا نے پہلے سکستھ جنریشن بمبار طیارے ’بی 21 ریڈر‘ کی رونمائی کردی

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا نے پہلے سکستھ جنریشن بمبار طیارے ’بی 21 ریڈر‘ کی رونمائی کردی
جدید بمبار طیارے کی تقریب رونمائی کیلیفورنیا میں ہوئی جس میں امریکی افواج کے حکام نے بھی شرکت کی۔
پہلا سکستھ جنریشن بمبار طیارے ’بی 21 ریڈر‘ امریکی کمپنی نے بنایا ہے۔ یہ جدید طیارہ روایتی ہتھیار سمیت جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ طیارہ بغیر عملے کے پرواز کر سکے گا۔
خبرایجنسی کےمطابق یہ طیارہ امریکی جوہری نظام کا اہم حصہ ہوگا جس میں ایسے ہتھیار موجود ہیں جنہیں زمین، فضا اور سمندر سے لانچ کیا جاسکتا ہے۔
امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن کا کہنا تھاکہ جدید ترین فضائی دفاعی نظام بھی بی 21 طیارہ کو ڈھونڈنے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا اور بی 21 کے صرف ایک طیارے کی تیاری پر تقریباً 70 کروڑ ڈالر خرچ ہوئے ہیں۔
امریکی فضائیہ نے بی 21 کے کم از کم 100 طیارے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

جنوبی کوریا کے سابق مشیر قومی سلامتی کو گرفتار کرلیا گیا

سیول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی اور انٹیلی جنس کے سابق سربراہ سوح ہون کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سوح ہون کوستمبر 2020 میں جنوبی کوریا کے محکمہ ماہی گیری کے اہلکار کے شمالی کوریا کے فوجیوں کے ہاتھوں ہلاکت کے شواہد کے ساتھ گڑ بڑ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سابق نیشنل سکیورٹی چیف پر شواہد میں ہیرا پھیری کے ذریعے سابق حکومت کو فائدہ پہنچانے اور شمالی کوریا سے تعلقات مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے واقعہ چھپانے کا بھی الزام ہے۔
رپورٹس کے مطابق دارالحکومت سیول کی مقامی عدالت نے سوح ہون کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔ اس کیس میں رواں سال اکتوبر میں سابق وزیر دفاع اور سابق کوسٹ گارڈ چیف کو بھی گرفتار کیا گیا۔
خیال رہے کہ ستمبر 2020 میں شمالی کوریا کے فوجیوں نے سمندر میں اپنی سرحد کے قریب کوریا کے محکمہ ماہی گیری کے اہلکار کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا اور پھر لاش کو آگ لگادی تھی۔
کوریا کی حکومت نے ابتدائی بیان میں کہا تھاکہ اہلکارگھریلو مسائل کے باعث ملک سے فرار ہو کر شمالی کوریا جا رہا تھا، بعد ازاں تحقیقات میں ہلاک شہری پر الزام ثابت نہ ہونے پر حکومت نے بیان واپس لے لیا تھا۔
اس واقعے پر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے بھی جنوبی کوریا سے معافی مانگی تھی۔