All posts by Khabrain News

سلمان خان نئی فلم کی شوٹنگ سے فارغ، نئے اسٹائل کی سوشل میڈیا پر دھوم

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان اپنی نئی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی شوٹنگ سے فارغ ہوگئے ہیں اور ان کی نئی تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔
سلمان خان اپنی نئی فلم میں کیسے نظر آئیں گے، اس سلسلے میں انہوں نے نئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
انسٹاگرام پر پوسٹ میں اداکار نے اعلان کیا کہ فلم کی شوٹنگ ختم ہوگئی ہے اور فلم 2023 میں عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
قبل ازیں فلم کا نام ’کبھی عید کبھی دیوالی‘ رکھا تھا تھا لیکن بعد میں اسے تبدیل کردیا گیا۔
سلمان خان آج کل متعدد فلموں کے علاوہ ریئیلٹی شو بگ باس 16 کی میزبانی بھی کررہے ہیں۔

جنرل (ر) باجوہ کو توسیع دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ کو توسیع دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی۔ فوج میں کبھی کسی کو توسیع نہیں ملنی چاہیے، سابق آرمی چیف نے ہمارے ساتھ ڈبل گیم کھیلی۔ آئندہ سال مارچ یا اس مہینے کے آخر تک الیکشن کے لیے تیار ہیں تو اسمبلیاں تحلیل کرنے سے رک جاتے ہیں۔
نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ میری حکومت جانے کے بعد تمام ایکسپوز ہو گئے ہیں، عزت اور ذلت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، سابق آرمی چیف جنرل (ر) باجوہ نے بہت بڑی ڈبل گیم کھیلی ہے۔ اصولی طور پر جب نکالا گیا تو مجھے ذلیل ہو جانا چاہیے تھا، اللہ نے مجھے وہ عزت دی جو میں تصور نہیں کر سکتا تھا، شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں، دو خاندان والے باہر سے آتے ہیں ملک میں واردات کرتے ہیں اور پھر باہر چلے جاتے ہیں، شریف فیملی مشکل پڑنے پر باہر بھاگ جاتے ہیں اور ایان آر او لیکر واپس آ جاتے ہیں، پاک فوج واحد ادارہ ہے جو ان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی ہو، مفتاح کہہ رہا ہے اسحاق ڈار ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لیکر جا رہا ہے، ان دو خاندانوں کے آنے کے بعد پاکستان سب سے پیچھے چلا گیا، ان کو لانے والے سب سے بڑے قصور وار ہیں، ملک پر ان چوروں کو مسلط کرنے والے اصل ذمہ دار ہیں، دوبارہ اقتدار میں آ کر انہوں نے چوری شروع کر دی اور کیسز معاف کروا لیے ہیں، ملک مقروض ہو رہا ہے اور آخر میں انہوں نے باہر بھاگ جانا ہے، ہم نے دونوں اسمبلیاں تحلیل کر کے الیکشن کروانے ہیں، میری سب سے بڑی کمزوری ہے کہ میں لوگوں پر اعتبار کر لیتا ہوں، جو بھی جنرل باجوہ کہتا تھا میں بھروسہ کر لیتا تھا، بھرسوہ کر لیا تھا میرے اور اسٹیبلشمنٹ کے مفادات ایک ہیں کہ ملک بچانا ہے، پتہ ہی نہیں چلا کہ کس طرح مجھے دھوکا دیا گیا اور جھوٹ بولا گیا، آخری دنوں میں مجھے آئی بی کی رپورٹ آئی کہ گیم چل رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پوری گیم کا پتہ چلا گیا کہ نواز شریف سے ان کی بات چل رہی ہے، جنرل فیض کو ہٹانے کے بعد ان کی گیم چل پڑی تھی، جب بھی جنرل باجوہ سے گیم سے متعلق پوچھا وہ کہتے تھے ہم تسلسل چاہتے ہیں، جنرل باجوہ کو کہا اتحادی کہتے ہیں کہ فوج چاہتی ہے ہم ادھر چلے جائیں، جنرل باجوہ کی توسیع کے بعد مجھے لگا ن لیگ سے بات چیت کی ہے، جنرل فیض کو ڈی جی آئی ایس آئی سے ہٹانے کے بعد کے بعد مجھے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا، سمجھاتا رہا جب طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاتے ملک آگے نہیں جائے گا۔ مجھے پتہ چلتا جا رہا تھا لیکن میں نام نہیں لینا چاہتا تھا، جنرل باجو کو کہا آپ کہہ رہے ہیں کہ ہم نیوٹرل ہیں، سارے اتحادیوں نے دبے دبے لفظوں میں کہا کہ فوج کہتی ہے ادھر چلے جاؤ، نیب ان کے ہی کنٹرول میں تھی، حیران تھا کہ مجھے کہہ رہے ہیں کچھ نہیں ہے اور ادھر اور سنگل دے رہے ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں نے نیوٹرلز کو کہا تھا سیاسی عدم استحکام آگیا تو معیشت نہیں سنبھلے گی، میں نے کہا یہ چور تو معیشت کو بالکل نہیں سنبھال سکیں گے، شوکت ترین کو ان کے پاس بھیجا وہ دو گھنٹے تک بریفنگ دیتا رہا، شوکت ترین کو بھی کہا گیا بے فکر رہیں حکومت برقرار رہے گی، میں نے انہیں کہا کہ مجھے بتا دیں آپ کس طرف ہیں؟ میں نے کہا گر آپ دوسری طرف ہیں تو میری کوئی اور حکمت عملی ہے، مارچ یا اس کے آخر تک الیکشن کے لیے تیار ہیں تو رک جاتے ہیں، ہم مارچ سے آگے نہیں جائیں گے، اگر مارچ کا نہ مانے تو اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے، ہم 66 فیصد پاکستان میں الیکشن کروانے جا رہے ہیں، اگر یہ چاہتے ہیں ہم الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتے ہیں، بجٹ کے بعد الیکشن کا سوال پیدا نہیں ہوتا، شریف خاندان کو 40 سال سے جانتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنے میں حکومت کو کیا دیر لگنی ہے۔ ۔ہمارا فیصلہ ہو گیا ہے، پرویز الٰہی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ان سے طویل مشاورت ہو چکی ہے، پرویز الٰہی نے مجھے اختیار دیا ہے جب چاہیں اسمبلی تحلیل کر دیں، سمجھاتا رہا جب تک طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے ملک آگے نہیں جائے گا، نیب میرے پاس نہیں ان کے کنٹرول میں تھا، ادارے والے لوگ کرپشن کو برا سمجھتے نہیں تھے۔ جنرل باجوہ کو توسیع دے کر بہت بڑی غلطی کی تھی۔ فوج میں کبھی کسی کو توسیع نہیں ملنی چاہیے، ہم نئے نئے اقتدار میں آئے تھے، مسائل بہت تھے۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو ہو رہا ہے اس پر افسوس ہے، عدلیہ دیکھ رہی ہے ظلم ہو رہا ہے، حیرت ہے اعظم سواتی کے معاملے پر ابھی تک ایکشن نہیں لیا گیا، اعظم سواتی پر گھر والوں کے سامنے تشدد کیا گیا ، مذہب کے نام پر قتل کرنے والی ویڈیو کا مجھے پتہ تھا کس نے بنائی، ایک صحافی ان کا چمچا ہے، مریم اور جاوید لطیف نے اس ویڈیو کے بعد پریس کانفرنس کی، مجھے پتہ تھا مجھے مارنے کے لیے واردات کی جائے گی، وزیر آباد میں حملہ کرنے والے ملزم نے کہا کہ اکیلا ہوں، طوطے کو ڈرٹی ہیری نے پڑھایا تھا، پنجاب میں اپنی حکومت کے ہوتے ہوئے مقدمہ درج نہیں کروا سکا۔ جے آئی ٹی کےمطابق 3 حملہ آورتھے، نوازشریف نے 30 سالوں میں اربوں ڈالر بنائے، انہی لوگوں کو میری مقبولیت سے خطرہ ہے، نوازشریف، شہبازشریف کو پتا تھا ڈرٹی ہیری ان کے ساتھ ملا ہوا تھا، جب تحقیقات ہونگی تو جو بھی ملے ہوئے تھے نام سامنے آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوچورخاندانوں کی حکمرانی کی وجہ سے بنگلہ دیش ہم سےآگے نکل گیا، یہ جب بھی اقتدارمیں آتے ہیں معیشت اور سکیورٹی کو نقصان پہنچاتے ہیں، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھتی جا رہی ہے، ان کو فکر نہیں، ان کے اربوں کے کیسز معاف ہوتے جا رہے ہیں، نوازشریف کو جب موقع ملتا ہے باہر بھاگ جاتا ہے، یہ قیامت کی نشانی ہے آصف زرداری کہہ رہا ہے میں کرپشن کیوجہ سے جیل چلا جاؤں گا، آصف زرداری دنیا میں کرپشن کا ماہر مانا جاتا ہے، آصف زرداری دنیا میں مسٹرٹین پرسنٹ مشہورہے، سندھ کے لوگوں کوانشااللہ زرداری سے آزاد کراؤں گا، اب تک پھنسا رہا مجھے سندھ جانے کا موقع نہیں ملا۔

دلہا دلہن نے باراتیوں کے لیے پورا جہاز ہی بک کرالیا

راجستھان: (ویب ڈیسک) راجستھان سے تعلق رکھنے والے بھارتی جوڑے نے باراتیوں کی سہولت کیلئے پورا جہاز بک کرا لیا جس کی ویڈیو نے انٹر نیٹ پر دھوم مچادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر شئیر ہونے والی ویڈیو کو اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ یہ 7لاکھ مرتبہ شئیر کی جاچکی ہے۔
جہاز پر آن بورڈ پسنجرز کے ساتھ دلہن کی بہن کی بنائی ہوئی ویڈیو اکا سنگھ اور سکھ بھیر رندھاوا کے مشہور گانے کی ویڈیو کے ساتھ شئیر کی گئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے ہاتھ ہلاتے اور جھومتے باراتیوں کی ویڈیو پر مختلف انداز میں تبصرے کئے، کسی نے کہا کے مجھے زندگی کی دیگر ضروریات کی طرح اتنے پیسوں کی بھی تمنا ہے۔
کسی نے یہ بھی کہا کہ شادی میں بچے نہیں ہیں کیا، شادیاں شراتی بچوں کے بغیر کیسی ہوسکتی ہیں، کسی نے ویڈیو کو فیک کہا تو کسی نے کہا کے ویڈیو دیکھ کر غربت کا احساس ہوا۔
واضح رہے کے کرونا پابندیوں کے باعث دو سالوں تک محدود انداز میں ہونے والی شادیوں کی تقریبات کے بعد اب کھل کر رنگا رنگ فنکشنز کی صورت میں پروگرامات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، بدنام زمانہ دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ مطلوب دہشتگرد محمد نور عرف سراکئی کو مار ڈالا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مطلوب دہشتگرد محمد نور عرف سراکئی ہلاک ہو گیا، ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں، مارا گیا دہشت گرد سی ٹی ڈی کو متعدد مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ کے ممکینوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

ہرنائی: کوئلے کی کان میں زہریلی گیس سے دھماکہ، 6 کان کن جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکے کے باعث 6 کان کن جاں بحق ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ کے ترخ تنگی میں قائم کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے دھماکا کے باعث کان بیٹھ گئی۔ جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے ریسکیو کا کام شروع کیا، جو 7 گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ اس دوران کان کے اندر سے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
محکمہ معدنیات کے حکام نے کہا ہے کہ واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی ہدایت پر ریسکیو سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ 30 نومبر کو خیبرپختونخواہ کے ضلع اورکزئی میں بھی کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے باعث 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

ارشد شریف قتل کی تحقیقات: عمران خان نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اعلامیے کے مطابق عمران خان نے ارشد شریف کے قتل کی آزادانہ جوڈیشل کمیشن کے تحت انکوائری کروانے کیلئے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی شیئرکی گئی ہے جس میں عمران خان کو خط لکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان کا خط بھی پوسٹ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہےکہ مہم میں اب تک ہزاروں پاکستانی چیف جسٹس کو خط لکھ چکے ہیں۔

نوشہرہ : پولیس موبائل پر شدت پسندوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید

نوشہرہ: (ویب ڈیسک) نوشہرہ میں جی ٹی روڈ پر اکھوڑہ خٹک کےقریب پولیس موبائل پرحملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر خان کے مطابق شدت پسندوں کے حملےمیں 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں جن میں ایک ہیڈ کانسٹیبل، ایک کانسٹیبل اور پولیس موبائل کا ڈرائیور شامل ہیں۔
ڈی پی او عمرخان کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب ان پر 2 شدپسندوں نےفائرنگ کی۔
ڈی پی او نے بتایا کہ شہید اہلکاروں میں ہیڈکانسٹیبل منظور، کانسٹیبل امان اللہ اور ڈرائیور ایاز خان شامل ہیں۔

عمران خان نے سندھ کے اراکین اسمبلی کو استعفے دینے سے روک دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) عمران خان نے پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی کو استعفے جمع کرانے سےروک دیا۔
تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کی قیادت میں سندھ کی پارلیمانی پارٹی نے لاہور میں چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف حلیم عادل شیخ اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی رہنما خرم شیر زمان سمیت سندھ کے تمام 26 اراکین صوبائی اسمبلی کے استعفیٰ چیئرمین عمران خان کو پیش کردیے، تمام استعفے ہاتھ سے لکھے گئے تھے۔
عمران خان نے پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو سندھ میں خالی گراونڈ نہیں دینگے سندھ اسمبلی سےاستعفے کا فیصلہ پنجاب خیبرپختونخوا کےبعد ہوگا۔
اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کی بھرپور حمایت و تائید کرتے ہیں صوبائی اسمبلی کی نشستیں چیئرمین اور پارٹی کی امانت ہیں۔سندھ میں عمران خان کے سپاہی ہیں، کپتان جب حکم دیں گے اسمبلی سے نکل کر کرپٹ زرداری راج کا مقابلہ کریں گے۔
پارٹی اراکین کا مزید کہنا تھا کہ اہلِ سندھ اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے عمران خان کے دست و بازو ہیں، کرپٹ، نااہل، بددیانت اور سفاک راج سے نجات چاہتا ہے، انتخابات میں سندھ میں تحریک انصاف ہی واحد اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔

دنیا کا معمر ترین کچھوا 190 سال کا ہوگیا

سینٹ ہیلینا: (ویب ڈیسک) دوعلمی جنگوں کے دور سے گزرنے والا کچھوا جوناتھن اپنی 190 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
بحرِ اوقیانوس کے جنوب میں برطانوی زیرِ انتظام سینٹ ہیلینا اور ملحق جزائر میں موجود یہ کچھوا 1832 میں پیدا ہوا تھا اور اس نسل کے کچھوے زیادہ سے زیادہ 150 سال تک زندہ رہتے ہیں لیکن اس کچھوے نے زندہ رہنے کا ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔
اس سال کے شروع میں اس کو زمین پر رہنے والا سب سے معمر جاندار قرار دیا تھا جبکہ اس مہینے اس کو اب تک کا سب سے معمر کچھوا قرار دیا گیا ہے۔
تقریباً دو صدیوں پر محیط عرصے میں اس کچھوے نے 39 امریکی صدور، دو عالمی جنگیں اور بلب کی ایجاد کا عہد دیکھا ہے۔ اسے 1882 میں سینٹ ہیلینا جزائر پر لایا گیا تھا اور اس وقت کچھوے کی عمر 50 برس تھی۔ سمندر پار برطانوی مملکت کے گورنر ولیم گرے ولسن کو یہ بطور تحفے میں دیا گیا تھا اور اب تک گورنر ہاؤس میں ہی رہتا ہے۔
لیکن اس بڑھاپے کی وجہ سے اس کی دونوں آنکھوں میں موتیا آگیا ہے اور یہ قریب قریب نابینا ہوچکا ہے اور سونگھنے کی حس کھوچکا ہے۔ جانوروں کے خاص ماہرین اس کے لیے پھلوں اورسبزیوں کا خاص اہتمام کرتے ہیں اور اس کی صحت کا خیال بھی رکھتے ہیں۔
اس سے قبل ایک اور کچھوا 188 سال کی عمر کو پہنچا تھا جو 1995 میں مرگیا تھا۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو بیدردی سے قتل کردیا

غزہ: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو پہلے مارا پیٹا گیا اور پھر زمین پر گرا کر گولی مار کر قتل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے۔ آج ایک اور واقعے میں فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا گیا جس سے رواں ہفتے شہید ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ نوجوان کو اسرائیلی فوج نے پہلے گرفتار کرنے کی کوشش کی اور جامع تلاشی لی۔ نوجوان کو مارا پیٹا گیا اور زمین پر گرا کر اہلکاروں نے نہتے نوجوان کو گولی سے بھون ڈالا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ ایک جھگڑے کے باعث پیش آیا۔ فلسطینی نوجوان کی مزاحمت اورجارحانہ رویے کے باعث اہلکاروں نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس اب تک 125 سے زائد فلسطینی نوجوان شہید ہوچکے ہیں جو 1967 میں اسرائیلی قبضے کے بعد سے ایک سال میں اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔