All posts by Khabrain News

متنازع ٹوئٹس کیس: بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کو متنازع ٹوئٹس کیس میں بلوچستان پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ میں درج مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت سے اجازت لی گئی، جبکہ گزشتہ روز عدالت نے اعظم سواتی کو 14 روز کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
یاد رہے کہ متنازع ٹوئٹس کے معاملے پر سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہیں 27 نومبر کو ایف آئی اے نے حراست میں لیا تھا۔

سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو بحال کر دیا۔
دوران سماعت سی سی پی او کے وکیل نے موقف اپنایا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا، سروس ٹربیونل کے ہی دو رکنی بنچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا جبکہ ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا۔
سی سی پی او لاہور کے وکیل عابد زبیری کا کہنا تھا کہ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی۔
دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔
جسٹس مظاہر نقوی نے سوال کیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ صوبائی حکومت سی سی پی او لاہور کو ریلیز نہیں کرنا چاہ رہی۔
بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے سی سی پی لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کیخلاف درخواست پر کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

قومی دن پر پرویز الٰہی کی یو اے ای قیادت اور عوام کو مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر متحدہ عرب امارات کے صدر، سفیر اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام اخوت کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے، حالیہ سیلاب کے دوران متحدہ عرب امارات کی حکومت نے متاثرہ بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب امارات کے درمیان دوستی اور محبت کے رشتے ازل سے ہیں اور ابد تک رہیں گے، متحدہ عرب امارات کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں، متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کیلئے دوسرا گھر ہے۔

کراچی: شاہین فورس کے اہلکارکا قتل،تحقیقات میں نئی پیشرفت

کراچی:(ویب ڈیسک)22نومبرکو ہونے والے واقعے کی تحقیقات میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ 22نومبر کو کراچی میں پاکستان نژاد سوئیڈش باشندے کے ہاتھوں قتل ہونیوالے شاہین فورس اہلکارکے کیس کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے خول ملزم خرم کی پستول سے میچ کرگئے۔ ڈسٹرکٹ ساوتھ ٹیم نے ملزم خرم نثار کا اسلحہ برآمد کیا تھا، پولیس کو پستول کے ساتھ 6 گولیاں بھی ملی تھیں ملزم خرم نثار کے نائن ایم ایم پستول سے ہی عبدالرحمان شہید ہوا ملزم جس کار میں سوار ہوا وہ بھی پولیس نے قبضے میں لے لی تھی، واردات میں استعمال کار کی نمبرپلیٹیں بھی مل گئیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان عامر،اورنگزیب کا مزید 5 روزہ ریمانڈ حاصل کیا، ملزمان نے خرم نثار کو فرار کروانے میں سہولت کاری کی، ہمارے پاس ملزمان کے سہولتکاری کے ثبوت موجود ہیں۔

جرمنی جیت کر بھی ورلڈ کپ سے باہر، سپین، جاپان کی ناک آؤٹ میں انٹری

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں 4 بار کی عالمی چیمپئن جرمنی ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی جبکہ جاپان اور سپین نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ گروپ ای میں 2 میچز کھیلے گئے جس میں جرمنی اور کوسٹاریکا جبکہ جاپان اور اسپین کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جرمنی نے کوسٹاریکا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرادیا جبکہ جاپان نے سپین کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سےشکست دی۔ جرمنی مقابلہ جیت کر بھی ورلڈکپ سے باہر ہو گیا جبکہ سپین میچ ہار کر بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔ گروپ میچز کے اختتام پر گروپ ای میں جاپان نے 6 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ سپین اور جرمنی 4 ،4 پوائنٹس حاصل کرسکے۔

فیفا ورلڈ کپ 2022: فٹبال کو چارج کرنے کی تصاویر وائرل، شائقین بھی حیران

دوحہ: (ویب ڈیسک) ہم بچپن سے دیکھتے اور سنتے آرہے ہیں کہ فٹبال میں ہوا بھری جاتی ہے لیکن قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی فٹبال کافی منفرد ہے۔ اگر ہم آپ کو بتائیں کہ اس فٹبال میں ہوا بھرنے کے بجائے اسے چارج کیا جاتا ہے تو واقعی آپ حیران ضرور ہوں گے۔ ایسا ہی کچھ ہوا جب سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر وائرل ہوئیں جس میں قطر میں جاری ورلڈکپ میچ سے قبل فٹبال کو ساکٹ میں لگی تاروں کی مدد سے چارج کیا جارہا تھا، یہ دیکھ کر صارفین کافی حیران ہوئے۔ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ میں جہاں کافی کچھ پہلی بار ہو رہا ہے، وہیں اس ورلڈکپ میں چارج ہونے والی فٹبال استعمال کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ میں الریحلہ نامی فٹبال استعمال کی جارہی ہے جو درحقیقت سمارٹ بال ہے جس کے اندر ایک سنسر نصب ہے، یہ سنسر فی سیکنڈ 500 بار بال ڈیٹا ویڈیو آپریٹر روم کو بھیجتا ہے جس سے آف سائیڈ کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس فٹبال میں 14 گرام کی ری چارج ایبل بیٹری موجود ہے جو وائرلیس چارج ہوتی ہے اور سنگل چارج پر 6 گھنٹے تک اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اسی طرح یہ اولین فٹبال ہے جو پانی پر مبنی سیاہی اور گلیو سے بنی ہے اور اسی لیے اسے ماحول دوست قرار دیا گیا ہے۔ انگلش فٹبالرکیرن ٹرپیئر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ سمارٹ فٹبال عام فٹبال سے تھوڑی مختلف اور وزن میں تھوڑی ہلکی ہیں۔

پنجاب اسمبلی کا مستقبل کیا؟ حکومت اور اپوزیشن آج لائحہ عمل طے کرینگے

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کا مستقبل کیا ہو گا؟ حکومت اور اپوزیشن نے آج اپنے اپنے اجلاس طلب کر لئے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس آج قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں اڑھائی بجے ہو گا، اجلاس کی صدارت عمران خان کریں گے۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی بھی شریک ہوں گے۔ عمران خان پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکان اسمبلی سے خطاب کریں گے، پارلیمانی پارٹی پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے اپنی رائے دے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے بھی پنجاب کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس طلب کر لیا، پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاس آج لاہور میں ہوگا، سینئر پارٹی لیڈر شپ اجلاس میں شریک ہو گی۔ عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شپ اسمبلی کو تحلیل ہونے سے بچانے کے لئے آئندہ لائحہ عمل بارے مشاورت کرے گی۔

پہلا ٹیسٹ؛ انگلینڈ کی دوسرے روز بھی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

راولپنڈی:(ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی انگلش ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری پروک 101 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 2 جبکہ حارث رؤف اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پہلے ابتداء میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو انڈر پریشر لائیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔ قومی ٹیم میں انگلیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 4 کھلاڑی ڈیبیو کررہے ہیں، جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ گزشتہ روز کپتان بین اسٹوکس سمیت 8 انگلش کرکٹرز میں وائرل انفیکشن کے باعث پاک انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز کے لیے مؤخر کا بیان دیا تھا تاہم آج الصبح بورڈ نے دونوں ٹیموں کے مابین میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کا اعلان کیا۔

کورونا کے مزید 24 کیسز رپورٹ، 41 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 093 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 ہزار 093 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 24 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.26 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 41 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان کی افغانستان میں مدرسے پر دہشت گرد حملے کی مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نے افغانستان کے شہر سمنگان میں مدرسے پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام دہشت گردی کے اس واقعہ پر اپنی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
اس حوالے سے ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم افغانستان کے عوام اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔