All posts by Khabrain News

پاکستان ویمنز ٹیم سعودی عرب میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) چئیرمین نارملائزیشن کمیٹی پاکستان فٹبال فیڈریشن ہارون ملک نے کہاہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم جنوری میں سعودی عرب میں چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہارون ملک نے بتایا کہ پی ایف ایف الیکشن کیلئے پیش رفت جاری ہے،15 دسمبر تک رجسٹرڈ ہونے والے کلبز ووٹ کے اہل ہوں گے۔
فٹبال ورلڈکپ کے دوران فیفا سمٹ میں اہم ملاقاتیں ہوئیں،کئی ملکوں نے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،اگلے ہفتے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ چیلنج کپ کے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

پہلا ٹیسٹ؛ انگلینڈ نے پہلے ہی روز 506 رنز بناکر 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ نے 506 رنز اسکور کر کے اپنا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ کپتان بین اسٹوکس 34 اور ہیری پروک 101 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 2 جبکہ حارث رؤف اور محمد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پہلے ابتداء میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو انڈر پریشر لائیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔
قومی ٹیم میں انگلیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 4 کھلاڑی ڈیبیو کررہے ہیں، جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
گزشتہ روز کپتان بین اسٹوکس سمیت 8 انگلش کرکٹرز میں وائرل انفیکشن کے باعث پاک انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ایک روز کے لیے مؤخر کا بیان دیا تھا تاہم آج الصبح بورڈ نے دونوں ٹیموں کے مابین میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کا اعلان کیا۔

پاکستان ہیپا ٹائٹس سی کے مرض کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اب ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے،یہاں تک کہ اس حوالے سے چین اور بھارت بھی پیچھے رہ گئے ہیں۔ہیپا ٹائٹس سی کو 2030تک ختم کرنے کے حکومتی عزم کے باوجود،اس مرض کے پھیلاؤ میں بتدریج اضافہ ہوا ہے،یہاں تک کہ اس وقت تقریباً1کروڑ پاکستانی ہیپا ٹائٹس سی کے ساتھ زندگی گذار رہے ہیں،جن کی تشخیص اور علاج کی اشد ضرورت ہے۔صرف2020میں ہیپاٹائٹس سی کے 4لاکھ61ہزار نئے کیسز رپورٹ کئے گئے،جو کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلہ میں نئے کیسز کی زیادہ تعداد ہے۔یہ اعداد و شمار امریکا میں سینٹر فار ڈیزیز اینالیسز(سی ڈی اے)سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر وبائی امراض ڈاکٹرہومی رضاوی کی جانب سے سامنے آئے ہیں،ڈاکٹر رضاوی، وائرل ہیپاٹائٹس سی پر دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس
Polaris Observatoryچلاتے ہیں۔
کراچی میں پاکستان سوسائٹی فار دی اسٹڈی آر لیور ڈیزیز’پی ایس ایس ایل ڈی)کی 16ویں سالانہ کانفرنس کے ماہرین میں آغاخان یونیورسٹی اسپتال سے پروفیسر آمنہ سبحان اورپروفیسر سعید حامد،ساؤتھ سٹی اسپتال سے پروفیسر وسیم جعفری اور ضیاء الدین یونیورسٹی اسپتال سے پروفیسر ضیعغم عباس شامل تھے۔مقررین نے ہیپاٹائٹس سی کے بے قابو پھیلاؤ سے ہونے والے نقصانات پر روشنی ڈالی،جس کے نتیجہ میں جگر کا کینسر اب ملک میں سب سے زیادہ تیزی سے پھیلنے والا کینسر بن گیا ہے۔
مقررین نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارہ صحت کے خاتمہ کے اہداف کو پورا کرنے کیلئے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمہ کیلئے اپنے اپنے پروگراموں کو تیز کریں،تا کہ اب اور 2030تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد قیمتی جانیں بچائی جاسکیں اورجگر کے کینسر کے نئے1لاکھ کیسز کو روکا جاسکے۔
پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا ہیں،جو ہیپاٹائٹس کو دیگر متعدد بیماریوں کے مقابلہ میں سب سے زیادہ جان لیوا بنا رہی ہے۔ہیپاٹائٹس بی اور سی دونوں خون سے پیدا ہونے والی بیماریاں ہیں،جو دیگر وجوہات کے علاوہ اسپتالوں میں غیر محفوظ انجکشنز کے استعمال،اور ڈینٹل کلینکس و ٹیٹو پارلرز میں غیر صحت مندانہ طریقوں سے پھیلتی ہیں۔ماہرین نے بچے پیدا کرنے کی عمر کی خواتین کو ہیپاٹائٹس ای کے حفاظتی ٹیکے لگانے پر بھی زور دیا۔حالیہ تباہ کن سیلاب نے ہیپاٹائٹس ای کے پھیلاؤ کے خدشہ کو بڑھا دیا ہے،جس نے 75ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو اس مہلک وائرس کے خطرے سے دوچار کردیا ہے۔

عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے: پرویز الٰہی کی یقین دہانی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پنجاب اسمبلی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یقین دلایا کہ وہ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا بھرپور جواب دیں گے، پی ڈی ایم نااہل لوگوں کا ٹولہ ہے، عمران خان نے 13 جماعتوں کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے، مخالفین کی جانب سے عدم اعتماد یا گورنر راج کے شوشے صرف وہ اپنا دل خوش کرنے کیلئے چھوڑتے ہیں۔
انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اپوزیشن میں عدم اعتماد کا حوصلہ ہے نہ ان کے پاس نمبرز پورے ہیں، ملاقات میں دوران گفتگو پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔

تاریخ ڈالیں اور میسج ڈھونڈیں! واٹس ایپ نے زبردست فیچر پیش کردیا

لاہور : (ویب ڈیسک) واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے چیٹ کا زبردست فیچر پیش کیا ہے جس کے تحت اب پرانے پیغامات ڈھونڈنے میں بالکل پریشانی نہیں ہوگی۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب آئی او ایس کے صارفین کو چیٹ میں تاریخ کا ایک آپشن دکھائی دے گا جسے استعمال کرتے ہوئے وہ پرانا پیغام ڈھونڈ سکیں گے۔
اس حوالے سے واٹس ایپ بیٹا انفو نے ایک اسکرین شاٹ بھی جاری کیا ہے جسے دیکھتے ہوئے آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ مذکورہ فیچر کیسے استعمال کرسکیں گے۔
چیٹ میں ‘کیلینڈر’ کا آئیکن دیکھا جاسکتا ہے جس پر کلک کرکے آپ تاریخ کا انتخاب کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر پر گزشتہ دو برسوں سے کام جاری تھا لیکن بیچ میں یہ تاخیر کا شکار ہوگیا تاہم اب اسے پیش کردیا گیا ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر سب کے لیے نہیں بلکہ کچھ خوش قسمت افراد کے لیے پیش کیا گیا ہے البتہ آنے والے کچھ روز میں یہ تمام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری

کراچی : (ویب ڈیسک) ہر ماہ کے آغاز پر بلوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ گزشتہ مہینے کے مقابلے میں قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
طرز زندگی کے اخراجات میں 2022 کے دوران واقعی بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کی جانب سے 2022 کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ اس فہرست کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے اور کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کے نتیجے میں طرز زندگی کے اخراجات میں 8.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین جنگ، روس پر مغربی پابندیوں اور چین کی زیرو کووڈ پالیسیوں کے نتیجے میں سپلائی چین کے مسائل پیدا ہوئے ہیں جبکہ مختلف ممالک میں شرح سود میں ریکارڈ اضافے اور دیگر تبدیلیوں سے دنیا بھر میں طرز زندگی کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہم اس کا اثر رواں سال کی فہرست میں دیکھ سکتے ہیں، سروے میں شامل 172 شہروں میں قیمتوں میں ہونے والا اوسط اضافہ 20 سال میں سب سے زیادہ تھا، خاص طور پر خوراک اور گھریلو اشیا سب سے زیادہ مہنگی ہوئیں۔
2022 کے اس مہنگے اور سستے ترین شہروں کی اس فہرست میں 172 شہروں کو شامل کیا گیا اور وہاں سے سیکڑوں اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا اور پھر ان کا موازنہ امریکی ڈالر سے کیا گیا۔
دنیا بھر میں سب سے زیادہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ (اوسطاً 22 فیصد) ہوا جبکہ بجلی، خوراک اور بنیادی اشیا بھی مہنگی ہوئیں۔
تمام تر عوامل کو مدنظر رکھ کر نیویارک اور سنگاپور کو مشترکہ طور پر دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں سرفہرست قرار دیا گیا۔
یہ پہلی بار ہے جب نیویارک دنیا کا مہنگا ترین شہر قرار پایا ہے جو گزشتہ سال کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا۔
اسی طرح 2021 کا مہنگا ترین شہر تل ابیب اب تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔
ہانگ کانگ اور لاس اینجلس مشترکہ طور پر چوتھے مہنگے ترین شہر قرار پائے جبکہ سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ اور جنیوا بالترتیب چھٹے اور 7 ویں نمبر پر رہے۔
امریکی شہر سان فرانسسکو 8 ویں، پیرس 9 ویں جبکہ کوپن ہیگن اور سڈنی مشترکہ طور پر 10 ویں مہنگے ترین شہر قرار دیے گئے۔
جہاں تک دنیا کے سستے ترین شہروں کی بات ہے تو مسلسل تیسرے سال یہ اعزاز شام کے دارالحکومت دمشق کے نام رہا۔
لیبیا کا دارالحکومت تریپولی دوسرے، ایرانی دارالحکومت تہران تیسرے، تیونس کا صدر مقام تیونس چوتھے، ازبکستان کا شہر تاشقند 5 ویں جبکہ کراچی چھٹا سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی شہروں پر مہنگائی کے اثرات اس طرح مرتب نہیں ہوئے جیسے دیگر خطوں میں نظر آئے۔
ایشیائی شہروں میں طرز زندگی کے اخراجات میں اوسطاً 4.5 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹوئٹر اور ایپل کے درمیان تنازع ختم ہوگیا

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) ایلون مسک نے بتایا ہے کہ ایپل کی جانب سے ٹوئٹر کو ایپ اسٹور سے ہٹانے کے حوالے سے انہیں ہونے والی ‘غلط فہمی’ دور ہوگئی ہے۔
ٹوئٹر کے نئے مالک کی جانب سے گزشتہ دنوں کئی ٹوئٹس میں ایپل پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اسمارٹ فون کمپنی نے ٹوئٹر کے لیے اپنے اشتہارات ختم کردیے ہیں اور سوشل نیٹ ورک کو ایپ اسٹور سے باہر نکالنے کی دھمکی دی ہے۔مگر یکم دسمبر کو اپنے ٹوئٹ میں ایلون مسک نے بتایا کہ وہ ایپل کے ہیڈکوارٹر میں جاکر سی ای او ٹم کک سے ملے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹم کک سے اچھی گفتگو ہوئی ہے اور ایپ اسٹور سے ٹوئٹر کو ہٹانے کے حوالے سے ہونے والی غلطی فہمی کو دور کرلیا گیا ہے۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ٹم کک نے واضح کیا کہ ایپل کا ٹوئٹر کو ایپ اسٹور سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کی ملکیت ایلون مسک کے جانے کے بعد سے متعدد کمپنیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اشتہارات کو روک دیا ہے۔
ایپل ان کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کی جانب سے ہر سال 10 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کے اشتہارات سوشل میڈیا نیٹ ورک کو دیے جاتے ہیں۔
البتہ ایلون مسک نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹم کک سے ملاقات میں ایپ اسٹور کی 30 فیصد فیس کے معاملے پر بات ہوئی یا نہیں، جس پر انہوں نے گزشتہ دنوں تنقید کی تھی۔
ایپل کی جانب سے ایلون مسک اور ٹم کک کے درمیان ہونے والی ملاقات پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

پورا سندھ تباہ حال، کراچی والوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے: حافظ نعیم

کراچی : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پورا سندھ تباہ حال ہو چکا ہے اور کراچی کے مقامی لوگوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا تمام محکموں میں کرپشن اور لوٹ مار ہے، پورے سندھ کا حال تباہ ہے، بارشوں میں پیپلزپارٹی اور اس کی حکومت مکمل طور پر بے نقاب ہوگئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنا چاہو لوٹو اور کھاو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے خصوصاً شہر کو اپنی کھیتی بنا رکھا ہے، کراچی کے مقامی لوگوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کو سندھ حکومت ٹالتی رہتی ہے، 3 بار الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابات ملتوی کرائے گئے، یہ ہماری جیبوں پر ڈاکا مار کر لوٹ مارکر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت مسلسل اپنی من مانی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا انتظام پہلے سے کیا ہوا ہے، انتظامیہ ان کے ماتحت ہے، ان لوگوں نے اپنی مرضی سے آر اوز مقرر کیے ہوئے ہیں اور سندھ کا الیکشن کمیشن بھی پیپلز پارٹی کے سہولت کار کاکردار ادا کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا پی ٹی آئی بھی اس نا اہلی میں شامل رہی، پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، اب عوام جماعت اسلامی کو منتخب کریں گے۔

ملک میں انتخابات چاہتے ہیں لیکن عمران خان کے احتساب کے بعد: جاوید لطیف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاویف لطیف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں جلد انتخابات کے مطالبے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا ہم سے کارکردگی کا پوچھنے والے ہماری 2017 کی کارکردگی سے جائزہ لیں، یہ بتایا جائے ملک کو مریض کس نے بنایا، کس نے غلط دوائیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا آپ دو صوبوں کے وسائل استعمال کرکے ایک تقرری روکنا چاہتے تھے، وہ تو رک نہیں سکی، اب آپ اسمبلیاں توڑنے کی بات کرتے ہیں، اب آپ نئی بلیک میلنگ کررہے ہیں لیکن مقروض ملک کے اربوں روپے الیکشن پر خرچ کرنے کے بعد تفریق مزید بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ، چینی، گندم اور ادویات سمیت دیگر اسکینڈلز کی چیزیں سامنے آنی ہیں، ابھی تو فارن فنڈنگ کیس کی تفصیلات سامنے آنی ہیں، ہمیں معلوم ہے ضمنی الیکشن میں کس پڑوسی ملک سے کس کے ذریعہ پیسہ آیا۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا جیسے یہ جماعت بنائی گئی اب بقول پرویز الٰہی اسی طرح بکھرنا شروع ہو گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملک میں جلد از جلد انتخابات کے مطالبے پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے ارکان کا بڑا دھڑا ہمارے ساتھ رابطے میں ہے، ہم انتخابات چاہتے ہیں لیکن عمران خان کے احتساب کے بعد۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا ہم رمضان سے پہلے ملک میں انتخابات چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے اسمبلیوں سے استعفے دینے کی منظوری دیدی ہے۔

لاہور قلندرز کی حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کیلئے مبارکباد

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور قلندرز کی انتظامیہ کی جانب سے حارث رؤف کو ٹیسٹ ڈیبیو کرنے پر مبارکباد دی گئی۔
لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ حارث رؤف لاہور قلندرز پلیئز ڈیولپمنٹ پروگرام کی دریافت ہیں، حارث رؤف محنتی کرکٹر ہے اور اسے محنت کا پھل مل رہا ہے۔عاطف رانا نے یہ بھی کہا کہ لاہور قلندرز نوجوان کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کرتا رہے گا۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے بھی حارث رؤف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہیرو اور فخر کو ڈھیروں مبارکباد ہو۔
انہوں نے کہا کہ قلندرز فیملی اور فینز کے لیے یہ ایک قابل فخر لمحہ ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اچھا پرفارم کرنےکے لیے نیک خواہشات حارث رؤف کے ساتھ ہیں۔