All posts by Khabrain News

تہرا قتل کیس: لاہور ہائیکورٹ نے ملزموں کی اپیلیں منظور کر لیں، سزائیں کالعدم قرار

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے تہرے قتل کیس میں ملزموں کی اپیلیں منظور کر کے سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے اپیل پر سماعت کی، دوران سماعت تہرے قتل کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ملزموں کی اپیلیں منظور کر کے سزائے موت کے 5 اور2 عمر قید کے ملزموں کی سزائیں کالعدم قرار دے دیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گواہوں کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی، گواہوں کے بیانات میں تضاد پایا گیا ہے، ملزموں سے مال مقدمے کے طور پر کوئی اسلحہ ریکور نہیں کیا گیا۔
بعدازاں عدالت نے عدم ثبوت کی بنیاد پر 9 سال بعد 7 ملزموں کی سزائیں کالعدام قرار دے کر بری کر دیا۔

پی ٹی آئی کی پی پی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ کیس پر جلد فیصلے کیلئے نئی درخواست

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کے جلد فیصلے کے لیے نئی درخواست دائر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلے سے زیر سماعت کیس میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ن لیگ ، پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جلد کرنے کا حکم دیا جائے۔
سابق وزیر مملکت کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ ن لیگ، پی پی پی و دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے، پی ٹی آئی کی طرح دیگر جماعتوں کے ممنوعہ فنڈنگ کیس سننے میں الیکشن کمیشن ناکام رہا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو موقع دیا گیا کہ وہ پی ٹی آئی کے خلاف غلط رپورٹ کا سیاسی فائدہ اٹھائیں، اس طرح کے حربے جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے، پی ٹی آئی اور اس کے ممبران کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، جمہوریت کے تحفظ کے لیے پٹیشن میں اٹھائے گئے اہم سوالات کا فیصلہ کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے گھر بیٹے کی ولادت

کراچی : (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے گھر بیٹے کی ولادت ہوئی ہے ، کامران ٹیسوری نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ خالق حقیقی کا بہت بڑا کرم ہے کہ اس نے نعمت سے نوازا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامران ٹیسوری نے بیٹے کی پیدائش سے آگاہ کرتے ہوئے نومولود بچے کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی جس میں انہوں نے بچے کو اپنی گود میں اٹھایا ہوا ہے ۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا، وفاقی و صوبائی سیکرٹریز اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے گورنر سندھ کو بیٹے کی ولادت پر مبارکباد پیش کی ہے جس پر انہوں نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا ۔

عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں وزارات داخلہ کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے عمران خان کے خلاف دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے جس کی سماعت کل ہو گی ۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کیس کی سماعت کرے گا، رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں ۔

تعمیری معاشرے کے لئے تعلیم ناگزیر ہے: احسن اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعمیری معاشرے کے لئے تعلیم ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آگے بڑھنے کیلئے تکنیکی تعلیم ضروری ہے۔ یونیورسٹیاں دور حاضر کو دیکھتے ہوئے نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کے لئے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ گزشتہ 20، 30 سالوں میں بین الاقوامی سطح پر کنسٹرکشن انڈسٹری میں ٹیکنالوجی اور انوویشن نے بہت گہرا اثر چھوڑا اور تبدیلیاں لائی ہیں۔

جاپان، منگولیا کی شمالی کوریا سے میزائل تجربات بند کرنے کی اپیل

بیجنگ: (ویب ڈیسک) جاپان اور منگولیا کے سربراہان نے شمالی کوریا سے میزائل تجربات اور جوہری کاروائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔
اپنے دورہ جاپان کے دوران منگولیا کے صدر نے ٹوکیو میں جاپان کے وزیر اعظم کیساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا سے میزائل تجربات اور جوہری پروگرام بند کرنے کی اپیل کی۔
سربراہان نے مطالبہ کیا کہ شمال مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے پیانگ یانگ انتظامیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں پر عمل کرے۔
اعلامیے میں دونوں ممالک نے شمالی کوریا کے زرِ تحویل جاپانی شہریوں کی واپسی کے مسئلے کو بھی فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

میکسیکو سے شکست، سعودی عرب کا فیفا ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر

دوحہ : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 میں گروپ سی کے سٹیج میچ میں میکسیکو کے ہاتھوں شکست کے بعد سعودی عرب ایونٹ سے باہر ہو گیا ۔
قطر کے سٹیڈیم لوسیل میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی میکسیکو نے حریف ٹیم کے خلاف جارحانہ انداز اپنایا لیکن سعودی کھلاڑیوں نے خوبصورتی سے دفاع کیا جس کے باعث پہلے ہاف میں فاتح ٹیم کوئی گول سکور نہ کرسکی ۔
میکسیکو کی جانب سے کھیل کے 47 ویں منٹ میں ہنری مارٹن نے پہلا گول سکور کرکے اپنی ٹیم کو سعودیہ عرب کے خلاف برتری دلائی ۔فاتح ٹیم کے کھلاڑی لوئس چاویز نے کھیل کے 52 ویں منٹ پر دوسرا گول کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے صالح الشہری نے میچ کے آخری لمحات میں پینلٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میکسیکو کے خلاف پہلا گول اسکور کیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود میکسکو، گروپ میچ میں فتح کے باوجود پری کوارٹر فائنل میں رسائی ممکن نہ بنا سکا ۔

اولمپئین ارشد ندیم کہنی کے علاج کیلئے لندن روانہ

لاہور : (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ پاکستانی اولمپئین ارشد ندیم کہنی کے علاج کے لیے برطانیہ روانہ ہوگئے ۔
اولمپئین ارشد ندیم لندن میں اپنی کہنی کا علاج کروائیں گے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کے علاج کی نگرانی کرے گی ، علاج کے بعد قومی ایتھلیٹ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور ایشین چیمپئن شپ 2023 میں شرکت کریں گے ۔
قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میں 2023 ورلڈ ایتھلیٹکس اور پیرس اولمپکس سے قبل کہنی کا علاج کروارہا ہوں تا کہ درد سے نجات حاصل کر کے پریکٹس کا آغاز کرسکوں ۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم گزشتہ برس اولمپکس کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے ۔
یاد رہے کہ قومی ایتھلیٹ نے کہنی کی انجری کے باوجود کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا تھا ۔

الیکشن روکنے کے ہر حربے حکمرانوں کے گلے پڑیں گے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جب بھی عمران خان اسمبلی تحلیل کرینگے تو کوئی ممبربیوقوف نہیں جواُس کے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے ساتھ PDMکی سیاست ختم ن لیگ کی دفن ہوگی، اب بھی وقت ہے حکمران اور ذمہ داران الیکشن کی طرف جائیں، الیکشن کو روکنے کے لئے جو بھی حربے استعمال کریں گے ان کے گلے پڑے گا۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے ماؤں اور بیٹیوں کی تضحیک کی ہے، دنیا میں تیل سستا پاکستان میں کوئی رعایت نہیں، اب غلطی کی گنجائش نہیں، فیصلے کا وقت ہے، ثابت ہوگیا عمران خان کو ہٹانا فاش غلطی تھی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ تیل گیس بجلی کے لئے پیسے نہیں لیکن کمپنی کی مشہوری کے لئے 2 ارب روپے ہیں، چھڑی بدلی اور وزیر قانون دوبارہ آگئے، لاہور کا فیصلہ فیصلہ کُن ہوگا، آرپار ہوگا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایڈز سے آگاہی کا دن آج منایا جا رہا ہے

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایچ آئی وی ایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے ۔
ماہرین طب کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ایڈز کے مریضوں میں کمی آرہی ہے لیکن پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے ۔پاکستان میں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ نشہ کرنے والے افراد کا سرنجوں کا غلط استعمال ہے ۔
پاکستان میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار ہوگئی ہے، جنوری سے نومبر 2022 تک کراچی میں 970 مریض رپورٹ ہوئے ۔
رپورٹس کے مطابق کوئٹہ اور گوادر سمیت بلوچستان کے 6 اضلاع ہائی رسک قرار دیے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ ایڈز کا عالمی دن دنیا میں پہلی مرتبہ 1987ء میں منایا گیا ۔