All posts by Khabrain News

مسجد الحرام میں رش سے بچنے کیلئے زائرین کو مقررہ وقت کی پابندی کی ہدایت

ریاض: (ویب ڈیسک) مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور ضیوف الرحمن کو سہولت فراہمی کے پیش نظر عمرہ زائرین کو پرمٹ میں درج مقررہ وقت کی پابندی کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
سعودی محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ زائرین عمرہ پرمٹ پر درج تاریخ اور وقت کی سختی سے پابندی کریں اور دی گئی تاریخ اور وقت پر عمرہ ادا کریں۔
ڈپٹی سیکرٹری حج وعمرہ کے مطابق عمرہ کا پرمٹ حاصل کرنے کے لئے ’نسک ایپ‘ بنائی گئی ہے، زائرین ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرسکتے جس میں عمرہ کی تاریخ اور وقت دیا گیا ہوتا ہے۔
نسک ایپ کو وزارت حج و عمرہ اور سیاحت اتھارٹی کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اوتھ کیپرز کے بانی اسٹیورٹ روڈس امریکا میں بغاوت کے مجرم قرار

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) اوتھ کیپرز کے بانی اسٹیورٹ روڈس 2020 کے انتخابات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کو اقتدار سنبھالنے سے روکنے کی سازش کے مجرم قرار دے دیئے گئے۔
امریکی جیوری نے اسٹیورٹ روڈس کو دو ماہ کے مقدمے کی سماعت کے بعد بغاوت کی سازش کے الزام میں قصور وار قرار دیا ہے۔
استغاثہ نے کہا کہ اس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے مسٹر بائیڈن کو اقتدار کی منتقلی کو روکنے کیلئے مسلح بغاوت کی منصوبہ بندی کی، گروپ میں سے تین جیسکا واٹکنز، کیلی میگس اور کینتھ ہیرلسن حملے کے دوران کیپیٹل ہل کے اندر گئے تھے۔
میگس کو بھی بغاوت کی سازش کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا، گروپ کے تین ارکان ہیرلسن، واٹکنز اور کالڈ ویل کو بغاوت کی سازش کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا۔

فرانسیسی صدر سرکاری دورے پر امریکا چلے گئے، جوبائیڈن سے ملاقات شیڈول

پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون سرکاری دورے پر امریکا چلے گئے، امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات کریں گے۔
وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران دونوں رہنما ایران کے جوہری پروگرام، انڈو پیسیفک میں چین کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور یوکرین جنگ پر بات کریں گے، بائیڈن اور میکرون یوکرین کی اقتصادی اور عسکری مدد پر بھی گفتگو کریں گے۔
یوکرین کے معاملے پر دونوں رہنما ایک پیج پر ہیں، یہ ایمانوئیل میکرون کا امریکا کا دوسرا سرکاری دورہ ہے، اس سے قبل فرانسیسی صدر کو 2018 میں اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مدعو کیا تھا۔

نیٹو کا یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کا عزم

برسلز: (ویب ڈیسک) نیٹو نے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے اور روسی حملوں سے تباہ ہونے والے توانائی کے بنیادی ڈھانچوں کو ٹھیک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بخارسٹ میں ایک سربراہی اجلاس میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے ماسکو پر الزام لگایا کہ وہ موسم سرما کو جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے، روسی حملوں نے لاکھوں یوکرینی باشندوں کو منجمد درجہ حرارت میں بجلی اور بہتے پانی سے محروم کر دیا ہے۔
جینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو اتحاد میں ضرور شامل ہوگا، اسی عمل کو روکنے کیلئے روس نے یوکرین پر حملہ کیا۔

فیفا ورلڈ کپ:امریکا پری کوارٹر فائنل میں داخل، ایران ایونٹ سے آئوٹ

دوحہ : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ کے 35 ویں میچ میں امریکا نے ایران کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے اہم میچ میں امریکا نے ایران کو 0 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی ۔
فاتح ٹیم کی جانب سے میچ کا واحد گول کرسچئن پولِسک نے 38 ویں منٹ میں کیا۔ جیت کے بعد امریکا نے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی ہے جبکہ میگا ایونٹ میں ایران کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

ملک معاشی طور پر تباہ اور اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر تباہ اور اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے سابق وزیر داخہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر تباہ اور اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہوا ہے، آج سے ریسکیو آپریشن کا پہلا دن ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ اداروں کا سیاست سے دور ہونا قابل تحسین ہے لیکن ادارے اپنے عوام سے دور نہیں رہ سکتے، ایک ہفتے میں 2 صوبائی اسمبلیوں کا فیصلہ ہو جائے گا، والدین اپنے بچوں کا گلا کاٹ رہے ہیں اور یہ یورپ میں چھٹیاں گزار رہے ہیں۔

تھیلی سیمیا کا مریض بچہ سی پی او گوجرانوالہ بن گیا

گوجرانوالہ : (ویب ڈیسک) گوجرانوالہ پولیس نے تھیلی سیمیا میں مبتلا بچے کی بڑی خواہش پوری کردی ۔
سی پی او گوجرانوالہ عمر سلامت نے تھیلی سیمیا کے مریض بچے کو ایک دن کا اعزازی سی پی او بنا کر اس کی خواہش پوری کر دی،بچے کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔
تھیلیسمیا کے مرض میں مبتلا گوجرانوالہ کے حمزہ نے سی پی او بننے کی خواہشش کا اظہار کیا تو سی پی او عمر سلامت نے اس کی خواہش پوری کرنے کے لیے فوری احکامات جاری کیے اور اسے ایک دن کے لیے اعزازی سی پی او کے اختیارات دے دیئے ۔
اعزازی سی پی او بننے والے حمزہ نے پولیس کی تمام برانچز اور بلڈ کیمپ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس افسران کے مسائل بھی سنے۔ اس موقع پر حمزہ کے ساتھ اس کے والدین بھی خوش تھے.۔
حمزہ کو پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ یاد گار شہدا پر حاضری بھی دی۔

عدالت کا 50 کروڑ سے کم نیب کیسز میں گرفتار ملزمان کی رہائی کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے 50 کروڑ روپے کی مالیت سے کم نیب کیسز میں گرفتار ملزمان کی ضمانتوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے 50 کروڑ سے کم مالیت کے نیب ریفرنس میں قید 5 ملزمان کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے نیب ترامیم ایکٹ میں جیلوں میں قید ملزمان کو ضمانتوں کا فورم نہ دینے پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس انوار حسین پر مشتمل بینچ نے دس صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کسی کو اجازت نہیں دے سکتی کہ وہ بغیر کسی قانون کے کسی کے آزادی پر قدغن لگائے، نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد اس کیس میں زیر حراست ملزمان کو ضمانت دینا انکا حق ہے، نیب ترمیمی ایکٹ کے بعد پچاس کروڑ سے کم مالیت کے کیسز میں احتساب عدالتوں کا دائرہ اختیار ختم ہو گیا۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ احتساب عدالتیں 50 کڑورں سے کم مالیت کے کیسز نیب کو واپس بھجوا رہی ہیں، جیلوں میں قید نیب کے وہ ملزمان جو 50 کڑور سے کم کرپشن میں ملوث ہیں ان کے پاس ضمانتوں پر رہائی کیلئے کوئی فورم موجود نہیں۔
فیصلے کے مطابق راولپنڈی کی احتساب عدالت نے دائرہ اختیار ختم ہونے پر ملزمان کی درخواست ضمانتیں واپس کر دیں، ایسی صورتحال میں درخواست گزاروں کے پاس ریلیف کے لیے کوئی آپشن باقی نہیں رہاتھا، درخواست گزاروں کے پاس صرف ایک ہی راستہ تھا کہ وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے کچھ ہونے کا انتظار کریں۔
فاضل ججز نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ آئین پاکستان کے تحت زندگی اور آزادی ہر ایک کا بنیادی حق ہے، عدالتیں شہریوں کے بنیادی حقوق کی محافظ ہیں، ایف آئی اے اور دیگر کسی قانون نافذ کرنے والے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کے لیے مکمل آزاد ہونگے، عدالت ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں گرفتار پانچ ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتی ہے۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے گرفتار ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اوکاڑہ : ڈکیتی کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک

اوکاڑہ: (ویب ڈیسک) اوکاڑہ میں تھانہ کینٹ کی حدود میں ڈکیتی کے دوران دکاندار کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک اور ایک فرار ہوگیا، ہلاک ہونے والے ڈاکو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
اوکاڑہ میں تھانہ کینٹ کے علاقہ 47 تھری آر میں دکاندار نے واردات کیلئے آنے والے دو ڈاکوؤں کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، ایک ڈاکو فرار ہوگیا، ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکو پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے، ڈاکوؤں کی شناخت عدنان اور کنگن کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ دکاندار نے فائرنگ کردی، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سب میرین کیبل میں خرابی دور، پاکستان میں متاثرہ انٹرنیٹ سروس مکمل بحال

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ کی بین الا قوامی سب میرین کیبل میں خرابی دور ہونے کے بعد پاکستان میں متاثرہ انٹرنیٹ سروس مکمل بحال ہو گئی۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق بین الاقوامی سب میرین کیبل اے اے ای ون میں خرابی دور کردی گئی ہے، ملک بھر میں پی ٹی سی ایل کی سروسز مکمل طور پر بحال ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی سب میرین کیبل میں خرابی کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی تھی۔