All posts by Khabrain News

کورونا کے مزید 39 کیسز رپورٹ، 29 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 7 ہزار 221 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 221 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 39 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.54 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 29 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے انگلش ٹیم کا اعلان

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے خلاف راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ میں لیام لونگ اسٹون ڈیبیو کریں گے جبکہ بین ڈکٹ کی 6 برس بعد پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان بین اسٹوکس، زیک کرالی، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین فوکس، جیک لیچ، اولی رابنسن اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

چین کی بڑھتی دفاعی طاقت نے امریکا کو پریشان کر دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) چین کی بڑھتی ہوئی دفاعی طاقت نے امریکا کو پریشان کر دیا ہے، امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ اگلے 13 برس میں چین کے ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد بڑھ کر 1500 ہو جائے گی، چین اپنے میزائل سسٹم اور فضائی نظام کو مزید بہتر بنا رہا ہے۔ چین کی افواج سے متعلق پینٹاگون کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کو جدید بنا رہا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے کہا کہ 2035 تک چین کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد تین گُنا سے بڑھ کر 1500 تک ہو جائے گی، اس وقت چین کے آپریشنل جوہری ہتھیاروں کے ذخائر 400 سے تجاوز کر چکے ہیں۔ چین اپنے بیلسٹک میزائلوں کو جدید بنانے کے لئے بھی کام کر رہا ہے، یہ میزائل جوہری ہتھیاروں کو ہدف تک لے جانے کی صلاحیت کے حامل ہیں، چین نے 2021 کے دوران میں 135 میزائل تجربات کئے، چین کی فضائیہ تیزی سے مغربی فضائی افواج کے ہم پلہ ہونے کے لئے پیش قدمی کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین بحرالکاہل اور بحر ہند میں فوج کو جارحانہ اقدامات کیلئے تیار کر رہا ہے، حالیہ مہینوں میں چین نے تائیوان کے قریب بھی بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کی ہیں، اگرچہ تائیوان کے اردگرد چین کی فوجی سرگرمی میں کمی آئی ہے لیکن یہ اب بھی خطرات موجود ہیں۔

کوئٹہ: پولیس ٹرک کے قریب دھماکا، خاتون اور اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں پولیس ٹرک کے قریب دھماکے میں خاتون اور پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا بلیلی کسٹم کے علاقے میں پولیس ٹرک کے قریب ہوا، دھماکے میں متعدد پولیس اہل کار زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے دھماکے کے مقام کی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔

پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس، آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جائیگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں آج کراچی میں نشتر پارک اور اطراف کے علاقوں کو پیپلز پارٹی کے پرچموں اور بینرز سے سجا دیا گیا ہے۔ یوم تاسیس کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ نشتر پارک میں یوم تاسیس کی مناسبت سے ہونے والے جلسے سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ تیس نومبر 1967 کو لاہور میں پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی گئی، ذوالفقار علی بھٹو اس جماعت کے پہلے چیئرمین منتخب ہوئے، روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر پیپلز پارٹی نے ہر گھر میں جگہ بنائی۔ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست، طاقت کا سرچشمہ عوام ، سوشلزم ہماری معیشت کے منشور کے ساتھ پیپلز پارٹی نے 1970 کے عام انتخابات میں مغربی پاکستان میں زبردست کامیاب حاصل کی۔ پیپلز پارٹی نے کئی نشیب و فراز دیکھے، جنرل ضیاء اور مشرف دور میں پیپلز پارٹی کو سختیاں برداشت کرنی پڑیں جبکہ آج کے حلیفوں نے ماضی میں پیپلز پارٹی کے گرد گھیرا تنگ رکھا۔ 55 برس بعد بھی پیپلز پارٹی نے چاروں صوبوں میں اپنی جڑوں کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا، اجلاس میں ملکی سیاسی اورمعاشی صورتحال پر غور ہوگا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سال 2022-23 کیلئے گندم کی امدادی قیمت مقررکرنے کی منظوری دئیے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کو گندم کی طلب، موجودہ صورتحال اور منسوخ کیے گئے پیٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز کی بحالی پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

نئے آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے: امریکا

واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 75 برس سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات اہم رہے ہیں، خطے میں استحکام کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی جیسے خطرات سے نمٹنا پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے، انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتے ہیں،دہشت گرد گروہوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی توقع ہے، اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی دہشتگردی کے خلاف تعاون اور کوششوں کی امید رکھتے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دو دہائیوں میں پاکستانی عوام دہشت گرد حملوں سے بری طرح متاثر ہوئی، ہر قسم کی دہشت گردی سے مقابلے کے لئے پاکستانی حکومت کی کوششوں کو سپورٹ کرتے ہیں۔

یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو میں شامل ہو جائے گا؛ سیکرٹری جنرل

بخارست: (ویب ڈیسک) مغربی ممالک کے عسکری اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین ایک دن اس کا رکن بن جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ میں ہونے والے نیٹو کے دو روزہ اجلاس کا آغاز ہوگیا جس میں روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
اجلاس سے افتتاحی خطاب میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ روس موسم سرما کو یوکرین کے خلاف ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرے گا اس لیے فوری طور پر ہماری تمام تر توجہ یوکرین کی افواج کو مسلح کرنے اور سردیوں کی وجہ سے غیر مہلک امداد کی فراہمی پر مرکوز ہے۔
جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ پختہ یقین ہے کہ یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو اتحاد میں شامل ہوجائے گا جس سے روکنے کے لیے روس نے یوکرین پر فوج کشی کی ہے۔
اجلاس شروع ہونے سے قبل نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں یوکرین کی مدد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کا یوکرین پر حملہ جارحیت ہے جہاں روس غیر انسانی رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ادھر یوکرین کے صدر ولودومیرزیلنکسی نے نیٹو ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ روس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے فضائی دفاعی نظام اور طیارے فراہم کیے جائیں۔

انگلینڈ اور ویلز مردم شماری، مسلمانوں کی شرح 4.9 فیصد سے بڑھ کر 6.5 فیصد ہوگئی

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ اور ویلزمیں مارچ 2021کی مردم شماری کےحیران کن نتائج سامنے آگئے۔
مردم شماری کے نتائج کے مطابق پہلی بارآدھی سے بھی کم تعداد نے خودکوعیسائی بتایا اور مردم شماری میں عیسائی مذہب کے ماننے والوں کا تناسب46.2 فیصد رہا۔
کسی مذہب پریقین نہ رکھنے والوں کی شرح ایک تہائی بڑھ کر37.2 فیصدہوگئی۔
مردم شماری نتائج کےمطابق مسلمانوں کی شرح میں 2011کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے اور مسلمانوں کی شرح 2011 میں 4.9 فیصد تھی جو بڑھ کر 6.5 فیصد ہوگئی۔
مردم شماری میں بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں 81.7 فیصد نے خود کو سفید فام ظاہر کیا۔
خیال رہے کہ مارچ 2021 کی مردم شماری میں مذاہب کے بارے میں تفصیل سے پوچھا گیا تھا اور مردم شماری میں انگلینڈ اور ویلز کے 24 ملین سے زائد گھرانوں نے حصہ لیا۔

نیدرلینڈز اور سینیگال نے اپنے میچز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں نیدلینڈز اور سینیگال کی ٹیم نے اپنے ، اپنے میچز جیت کر پری کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔
منگل کے روز گروپ اے کے میچ میں نیدرلینڈز نے میزبان قطر کو 0-2 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کیا۔
نیدر لینڈز کی جانب سے کوڈی گاکپو نے 29 ویں اور ڈی جونگ نے 49 منٹ میں گول کیا۔اس جیت کے ساتھ ڈچ ٹیم گروپ میں ٹاپ پر پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ گروپ اے کے ایک اور میچ میں سینیگال نے ایکواڈور کو 1-2 سے شکست دے کر ناک آوٹ مرحلے میں جگہ بنالی۔سینیگال کی جانب سے ساڑ اور کولیبالی نے گول اسکور کیے۔
واضح رہے کہ فٹبال ورلڈکپ میں 8 گروپس میں ہر گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔