All posts by Khabrain News

مجھے کسی قسم کے فٹنس مسائل نہیں، افتخار احمد

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ سخت محنت اور تربیت کی وجہ سے سارا سال مسلسل کرکٹ کھیل سکتا ہوں کیونکہ یہ میرا پروفیشن ہے اور مجھے کسی قسم کے فٹنس مسائل کا سامنا نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر نے کہا کہ ٹی10 جیسے تیز ترین فارمیٹ میں دنیا کے مشہور ترین کھلاڑی شامل ہیں جن کی وجہ سے ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ سازی کا رجحان موجود ہے اور اچھی کرکٹ کھیلی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لیے بنائی جانے والی پچز بہت اچھی ہیں جو بیٹر کو اچھا اسکور بنانے میں معاون ہیں، اگر دیکھا جائے تو ٹی10 کرکٹ بنیادی طور پر بیٹرز کا کھیل ہے جس میں وہ کھل کر کھیلتے ہیں کیونکہ کم وقت میں زیادہ رنز کے حصول کے لیے انہیں تیز بلے بازی کرنی پڑتی ہے۔
واضح رہے کہ افتخار احمد ان سات پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہیں پی سی بی کی طرف سے این او سی جاری کیا گیا تھا اور وہ اس وقت ابوظبی میں جاری ٹی10 لیگ میں کھیل رہے ہیں۔
ٹی10 لیگ کا آغاز 23 نومبر کو ہوا تھا جبکہ فائنل 4 دسمبر کو زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

مچھر کے کاٹنے سے ایک شخص کی 30 سرجریاں، کوما میں چلا گیا

برلن: (ویب ڈیسک) مچھر کے کاٹنے کے ایک غیر معمولی واقعے میں جرمن شخص کوما میں چلا گیا اور اس کی 30 سرجریاں کی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مچھر کا کاٹا پریشان کن ہوسکتا ہے اور بعض اوقات سنگین انفیکشن کا سبب بھی بن سکتا ہے لیکن جرمنی کے روڈرمارک کے رہائشی 27 سالہ سیباسٹین روٹسکے کو ایک نایاب اور جان لیوا تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی طور پر وہ 2021 میں اس وقت فلو اور ہلکے بخار کا شکار ہوئے جب انہیں ایک ایشین ٹائیگر مچھر نے کاٹا لیکن کچھ عرصے بعد انفیکشن مزید بڑھ گیا۔
روٹسکے 30 سرجریوں سے گزرے، اس کب دو انگلیاں جزوی طور پر کاٹ دی گئیں اور چار ہفتوں سے کوما میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ڈاکٹروں کو جلد ہی پتہ چلا کہ ایشین ٹائیگر مچھر کا کاٹا ان تمام بیماریوں کی وجہ ہے۔
اس جان لیوا انفیکشن سے گزرنے کے بعد روٹسکے نے کہا کہ چھوٹا سا ڈنک بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اس سے پہلے کہ چیزیں آپ کے ہاتھ سے نکل جائیں ڈاکٹر کے پاس جائیں۔

ریاض کی سڑکوں پر مشتعل اونٹ نے قبضہ جما لیا

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک مشتعل اونٹ نے سڑکوں پر قبضہ جما لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ریاض کے رنگ روڈ کے ہجوم میں ایک مشتعل اونٹ کو بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو کاروں کی مخالف سمت دوڑ رہا ہے۔
اونٹ مخالف سمت میں دوڑ رہا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پیدا ہوگیا اور اونٹ سے ٹکرانے سے بچنے کیلئے ایک کار کی اچانک بریک لگتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے
دوڑتا ہوا یہ اونٹ گاڑی چلانے والوں کو الجھا رہا ہے اور مخالف سمت سے آنے والی ٹریفک کو روک رہا ہے۔ اونٹ اس انداز میں بھاگ رہا ہے اور اس کے پیچھے بھی ایک شخص بھاگ رہا ہے جو اسے روکنے اور پکڑنے کی کوشش میں ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے اعلان کیا کہ ریاض ریجن میں ایک حادثہ پیش آیا جہاں ترکی الاول روڈ پر ایک گاڑی سے اونٹ گر گیا جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا۔
جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ نے جانوروں کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ اپنے جانوروں کو راستے سے ہٹا کر رکھیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں 10 ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔

کینیڈا میں 20 سے زائد شترمرغ فرار

البرٹا: (ویب ڈیسک) کینیڈا میں ایک شخص کے فارم سے ایک دو نہیں بلکہ 20 کے قریب شترمرغ فرار ہوگئے اور اس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی ہے۔ تاہم پانچ گھنٹوں کی مشقت کے بعد پولیس نے تمام پرندوں کو قابو میں کرلیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی گاڑی ایک شترمرغ کے پیچھے بھاگ رہی ہیں اور پولیس والا اسے پکڑنے کی کوشش کرتا ہے توپرندہ نیچے گرجاتا ہے اور پھر دوبارہ اٹھ کر بھاگنا شروع ہوجاتا ہے۔
یہ واقعہ البرٹا کے چھوٹے سے شہر ٹیبر میں رونما ہوا جس میں ایک فارم سے پرندوں کا ریوڑ فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق انہیں اس طرح کی جعلی فون کال موصول ہوتی رہتی ہیں تاہم اتنی بڑی تعداد میں پرندوں کے فرار کے بعد ہمیں کئی افراد نے مدد کے فون کئے۔ اگرچہ تمام شترمرغ پکڑ لیے گئے تاہم ایک پرندہ تیزرفتار شاہراہ پر گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔

ای سگریٹ آپ کو دانتوں سے محروم کر سکتی ہے

بوسٹن: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ برقی سگریٹ، جس کو ویپ بھی کہا جاتا ہے، دیگر مضر صحت اثرات کے ساتھ دانتوں کو بھی خراب کر سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ویپنگ دانتوں میں سوراخ کا سبب بنتی جس کا فوری طور پر علاج نہ کرایا جائے تو نتیجتاً دانت ضائع بھی ہوسکتے ہیں۔
امریکی ریاست میساچوسیٹس کے شہر بوسٹن میں قائم ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف ڈینٹل میڈیسن کی ایک اسسٹنٹ پروفیسر اور تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر کرِینا اِروسا کا کہنا تھا کہ اگر آپ ویپنگ کرتے ہیں تو خبردار ہوجائیں اس کے ممکنہ طور پر منہ کی صحت پر مضر اثرات ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ ویپ کرتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے دندان ساز کو اس کا علم ہو کیوں کہ اس بات کے معلوم ہونے سے معالجین آپ کا علاج ایک عام مریض سے زیادہ جارحانہ انداز میں کریں گے۔
امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق امریکا میں 91 لاکھ بڑے اور 20 لاکھ نوجوان تمباکو والی ویپنگ اشیاء کا استعمال کرتے ہیں۔
تحقیق کے لیے ڈاکٹر کرینا اور ان کی ساتھیوں نے ٹفٹس ڈینٹل کلینک میں 2019 سے 2022 کے درمیان علاج کرنے والے 13 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ یہ تمام مریض 17 سال یا اس سے بڑی عمر کے تھے۔
اگرچہ زیادہ تر مریض ویپ نہیں کرتے تھے لیکن جو لوگ کرتے تھے ان میں 79 فی صد افراد کے دانتوں میں کیڑا لگنے خطرات تھے۔ جبکہ جو افراد برقی سیگریٹ استعمال نہیں کرتے تھے ان میں یہ شرح 60 فی صد تھی۔

ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں:فرحت اللہ بابر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی شرعی عدالت کے قائمقام چیف جسٹس محمد انور نے استفسار کیا کہ کیا اللہ نے کہیں قرآن میں کہا ہے کہ جیسا آپ کو محسوس ہو رہا ہو آپ اپنی جنس تصور کر لیں ؟ جس پر سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے جواب دیا کہ ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں ہے۔
ٹرانسجینڈر ایکٹ 2018 کے خلاف دائر کردہ درخواست میں پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر، جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور خواجہ سرا الماس بوبی نے استدعا کی تھی کہ درخواستوں پر سماعت کے دوران انہیں اپنے دلائل دینے کی اجازت دی جائے۔
اسلام آباد میں وفاقی شرعی عدالت میں ٹرانسجینڈر ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت وفاقی شرعی عدالت کے قائم مقام چیف جسٹس کی سربرا ہی میں قائم دو رکنی بنچ نے کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے دلائل دیئے کہ ایکٹ کا اطلاق جنس تبدیل کرنے کے خواہش مند شادی شدہ جوڑوں پر نہیں ہو سکتا، غیر شادی شدہ پر کیسے لاگو ہو سکتا ہے؟ اس قانون سے پہلے ٹرانسجینڈرکمیونٹی کے حقوق کی پامالی کی جا رہی تھی، ٹرانسجینڈر کمیونٹی کی بہتری کے لئے حکومت کونسے اقدام اٹھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون میں سب سے بڑا اعتراض ٹرانسجینڈر کی تعریف پر اٹھایا گیا ہے۔ چیف جسٹس سید محمد انور نے استفسار کیا کہ کیا کسی کو 70 سال کی عمر میں بھی یہ خیال آسکتا ہے کہ میری جنس تبدیل ہو گئی ہے؟ کیا شادی شدہ عورت یا مرد کی بھی جنس تبدیلی ہو سکتی ہے؟۔ جس پر فرحت اللہ بابر نے جواب دیا کہ قانون اسکی اجازت نہیں دیتا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نادرا کے پاس ایسا کوئی طریقہ کار ہے جس سے شناختی کارڈ جاری کرنے سے پہلے جنس کا تعین ہو سکے۔ نادرا کے وکیل نے جواب دیا کہ جنس کا تعین کرنے کا نادرا کے پاس کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اللہ نے کہیں قرآن میں کہا ہے کہ جیسا آپ کو محسوس ہو رہا ہو آپ اپنی جنس تصور کر لیں؟۔ جس کا جواب دیتے ہوئے فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر کے بارے میں قرآن میں کوئی براہ راست آیت موجود نہیں ہے، ہم جنس پرستی پاکستانی قانون کے مطابق جرم ہے۔
وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت 7 دسمبر 2022 تک ملتوی کر دی گئی۔

اسمبلیوں کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیں، پرویز الہی کا رانا ثناء کے ساتھ دلچسپ مکالمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز نے آرمی چیف کی کمان کی تقریب میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ساتھ دلچسپ مکالمہ کے دوران کہا کہ رانا صاحب ’’اسمبلیاں ٹُٹن دا معاملہ اللہ تے سُٹ دیو‘‘۔
تفصیلات کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17 ویں سپہ سالار کی حیثیت سے کمان سنبھال لی، سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان ان کے سپرد کی۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ پر وقار تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی۔ پاک فوج کی کمان بدلنے کی تقریب کے آغاز میں یاد گار شہدا پر حاضری کے بعد پاک فوج کی مختلف رجمنٹس سے تعلق رکھنے والے دستوں نے پریڈ میں شرکت کی اور اس دوران قومی نغموں نے شرکا کے جوش و ولولے میں اضافہ کردیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر، مسلح افواج کے سابق و حاضر سربراہان ،اعلیٰ سول، فوجی حخام کے ساتھ ساتھ وفاقی وزرا، سفارت کاروں اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔
اس تقریب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے درمیان دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مکالمہ کرتے پرویز الٰہی سے کہا کہ چودھری صاحب آپ کے ہاں رواں داری ختم ہو رہی ہے۔
اس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نہیں رانا صاحب رواداری موجود ہے، ختم نہیں ہو رہی۔
رانا ثناء اللہ نے پھر سوال کیا کہ چودھری صاحب اسمبلیوں کا کیا کر رہے ہیں؟
پرویز الٰہی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ رانا صاحب’’اسمبلیاں ٹُٹن دا معاملہ اللہ تے سُٹ دیو‘‘۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے وزیر اعلی سندھ سے بھی تقریب میں ملاقات کی، دونوں وزرائے اعلی کے درمیان سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔

عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کا مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں وزیر آباد کے مقام پر سابق وزیراعظم عمران خان پر فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کا مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ملزم نوید کو سخت سکیورٹی حصار میں پیش کیا گیا، ملزم کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سلطان صلاح الدین ریاست کی جانب سے پیش ہوئے، اس دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
سماعت کے دوران انسداد خصوصی عدالت سے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نوید کی مزید 13 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے منظور کر لیا گیا۔
دوسری طرف ملزم نوید مہر کے خلاف وزیر آباد کے تھانہ سٹی میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ملزم کیخلاف ناجائز اسلحہ رکھنے پر مقدمہ درج کیا گیا، یہ مقدمہ پہلے مقدمے کے 22 روز بعد درج کیا گیا۔ جسکے بعد نوید مہر کیخلاف مقدمات کی تعداد دو ہو گئی ۔ ایک ہی تھانہ میں الگ الگ مقدمے درج ہو چکے ہیں۔

بی سی سی آئی کا کوہلی، روہت کو ٹی20 فارمیٹ سے ڈراپ کرنے کا عندیہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اگلے سال شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کیلئے تمام سینئر پلئیرز کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے ہاتھوں ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل 10 وکٹوں کی شکست کے بعد سے بورڈ نے سینئر کھلاڑیوں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی کو ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگلے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل نئی ٹیم تشکیل دی جائے گی، جس میں زیادہ تر سینئر کرکٹرز نہیں ہوں گے اور اگر کوئی نہیں چاہتا تو وہ ریٹائرمنٹ کا اعلان نہ کرے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ آئندہ برس بھارت کو محض 12 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلنا ہیں جبکہ ہمارا فوکس ون ڈے ورلڈکپ ہوگا، اسی لیے نئے کمبی نیشن کو موقع دینا اولین ترجیح ہوگا۔
قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ میں شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سابق کرکٹر چیتن شرما کی قیادت میں کام کرنے والی 4 رکنی نیشنل سلیکشن کمیٹی کو برطرف کردیا تھا۔
برطرف ہونے والی سلیکشن کمیٹی کے دورمیں بھارتی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں بھی ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں ناکام رہی تھی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فوج کو آپ جیسا سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے، وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون کیا اور مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کو آپ جیسا سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے، پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ ورانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا، مادر وطن کے تحفظ و سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کی مدد اور رہنمائی فراہم فرمائے، وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لیے ہمارا بھرپور تعاون آپ کو میسر رہے گا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمناﺅں کے اظہار اور مبارک پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔