All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا: خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان قانون اور آئین کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اور کارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب صوبائی اسمبلی سےاستعفی دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے آدھے سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

ہوٹل میں مکمل انتظام، انگلش ٹیم کو باہر سے کچھ منگوانے کی اجازت نہیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہمان انگلش کھاڑیوں کے لیے ہوٹل میں مکمل انتظام کیا گیا ہے جبکہ ان کو باہر سے کچھ منگوانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے آئی انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انگلینڈ ٹیسٹ اسکواڈ کو ہوٹل میں ہی مختلف سرگرمیاں کرنے کا موقع دیا جائے گا، مہمان کھاڑیوں کے لیے ہوٹل میں منی گالف کا انتظام کیا گیا ہے جب کہ بین سٹوکس اپنے ساتھ اپنی پسندیدہ ویڈیو گیمز لائے ہیں۔
ذرائع کا کہا ہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کے متعدد کھلاڑیوں کو ویڈیو گیمز کا شوق ہے، زیک کرالی اپنے ساتھ پسندیدہ کارڈز کی گیم لائے ہیں جبکہ کیٹن جیننگز کافی کے شوقین ہیں اور وہ کافی مشین ہمراہ لائے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مہمان کھلاڑیوں کو سکیورٹی ببل سے باہر جانے کی اجازت نہیں، مہمان کھلاڑی باہر سے کچھ نہیں منگوا سکتے، چیف سکیورٹی ببل میں پسندیدہ پکوان مہیا کرے گا، انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ کے ہمراہ شیف بھی آیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنے پر خیرمقدم کرتے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان 2005ء کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنے پر خیرمقدم کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان 2005ء کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنے پر خیرمقدم کرتا ہے، یہ دونوں ٹیموں اور ان کے مداحوں کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایونٹ کے انعقاد کیلئے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر سمیت تمام شرکاء کی انتھک کاوشیں لائق تحسین ہیں، پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ایک دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔

عمران خان کو قتل کی دھمکی دینے کا کیس، لیگی رہنماﺅں کی عبوری ضمانتیں منظور

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قتل کی دھمکی دینے کے کیس میں لیگی رہنماﺅں کی عبوری ضمانتیں منظور کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی مقامی عدالت میں عمران خان کو قتل کی دھمکی دینے کے کیس کی سماعت ہوئی، عطاء تارڑ اور سائرہ افضل تارڑ سمیت 4 ملزمان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے فریقین کے وکلا ءکے درخواست ضمانت پر دلائل مکمل ہونے پر پہلے فیصلہ محفوظ جبکہ بعدازاں عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں۔
عدالت نے عطاء تارڑ اور سائرہ افضل تارڑ کو 2، 2 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا جبکہ خصوصی عدالت نے جیل میں بند 2 ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت بھی منظور کر لی۔
خصوصی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال نے مرکزی ملزم قمر کی ضمانت خارج کر دی۔
واضح رہے کہ عدالت نے درخواست ضمانتوں پر حکم محفوظ کیا تھا، معاون خصوصی عطاء تارڑ سمیت چار ملزمان کے خلاف ایما کا جرم بنایا گیا تھا، مقدمہ تھانہ سٹی حافظ آباد میں درج کیا گیا تھا۔

اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان پر الیکشن کمیشن کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل یا استعفوں کے بعد عام انتخابات ہوں گے یا ضمنی الیکشن کرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے بتادیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بیان میں کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی تحلیل ہونے پر قومی نہیں متعلقہ صوبائی اسمبلی کاالیکشن دوبارہ ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جتنے بھی اراکین مستعفی ہوں گے ان کے حلقوں میں 60 روز میں ضمنی انتخابات کرادیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی صوبائی حلقے میں انتخابات پر تقریباً پانچ سے سات کروڑ خرچ ہوگا۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے دوبارہ انتخاب پر کم ازکم ساڑھے 22ارب کا خرچ آئےگا۔
دونوں اسمبلیوں کے تحلیل ہونے پر الیکشن کمیشن کو صوبوں میں 411 حلقوں میں ضمنی انتخاب کرانا ہو گا۔

صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا فیصلہ بدھ یا جمعرات تک ہو جائے گا: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا فیصلہ بدھ یا جمعرات تک ہو جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارے استعفوں سے 64 فیصد سیٹیں خالی ہوجائیں گی، پاکستان میں 64 فیصد نشستوں پر الیکشن کرانے ہوں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ الیکشن میں نہیں جائیں گے، انہیں گھسیٹ کرالیکشن میں لائیں گے، صوبائی اسمبلیوں میں تحریک عدم اعتماد آجائے تو فرق نہیں پڑتا، صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کا فیصلہ بدھ یا جمعرات تک ہوجائے گا۔

ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ،ارشاد علی نے دو گولڈ میڈلز جیت لئے

لاہور: (ویب ڈیسک) ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کے ارشاد علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گولڈ میڈلز جیت لیے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ہونے والی سائوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں ارشاد علی نےپہلا گولڈ میڈل ایونٹ کے انڈر 21 کیٹیگری میں جیتا۔
بعد ازاں ارشاد علی نے سینئر کیٹیگری کے انفرادی کاتا میں بھی گولڈ میڈل جیتا۔
دوسری جانب پاکستان کی آرزو نے جونیئر ویمن کیٹگری میں انفرادی کاتا میں سلور میڈل حاصل کر لیا۔

نسیم شاہ نے پرستار بچے کو خود کو ’چاچو‘ پکارنے سے منع کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے فین بچے کو خود کو ’چاچو ‘ پکارنے سے منع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر نسیم شاہ سمیت دیگر کھلاڑیوں کی مداحوں سے ملاقات کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں فاسٹ باؤلرز کو مداحوں سے ملاقات کرتے اور انہیں آٹوگراف دیتے دیکھا گیا ہے۔
ایک ننھے فین نے نسیم شاہ کو چاچا کہتے ہوئے آٹوگراف کا سوال کیا جس پر نسیم شاہ نے بچے کو ہنستے ہوئے ٹوکا اور کہا کہ میں چاچا نہیں ہوں، حسنین چاچا ہے۔
آٹوگراف دیتے ہوئے بھی نسیم شاہ نے بچے کو یاد دلایا کہ اب چاچا کہو گے؟ جس پر بچے نے انکار کر دیا۔
بعد ازاں نسیم سمیت دیگر کھلاڑیوں کو مداحوں سے ملتے دیکھا گیا۔

نورا فتیحی مشہور گانے ‘ پچھتائو گی ‘ پر ڈانس پرفارمنس دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ اور ڈانسر نورا فتیحی ایک ڈانس پروگرام کے دوران مشہور گانے “پچھتائو گی” پر ڈانس پرفارمنس دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق نورا فتیحی ایک ڈانس ریئیلٹی شو جھلک دکھلا جا میں جج کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، اداکارہ کے سامنے جب گانے پچھتاؤ گی پر پرفارمنس پیش کی گئی تو اپنے آنسو روک نہ سکیں۔
پرفارمنس دیکھنے کے بعد نورا فتیحی کا کہنا تھا کہ جب یہ گانا مجھ پر فلمایا گیا تھا تو میں کچھ اسی قسم کی جذباتی صورتحال سے گزر رہی تھی۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ اس وقت بریک اپ کی وجہ سے ان کا دل ٹوٹا ہوا تھا اور اس گانے میں انہوں نے اپنے حقیقی جذبات کو بھی فلمایا تھا۔
واضح رہے کہ نورا فتیحی ماضی میں انگد بیدی کے ساتھ لمبے عرصے تک ڈیٹ کرتی رہی ہیں لیکن پھر انگد نے 2018 میں نیہا دھوپیا سے شادی کرلی۔

ترکیہ جانے والے مسافروں کیلئے نئی سفری ہدایات جاری کر دی گئیں

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ترکیہ جانے والی مسافروں کے لئے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے سی اے اے نے بتایا کہ ترکیہ میں چھالیہ لے جانے پر پابندی ہے اور پاکستان سے ترکیہ جانے والے تمام مسافروں کو اس سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مسافروں اور ان کے سامان کی خصوصی سکریننگ کے ذریعے ان اشیاء کی روک تھام ممکن بنائی جائے۔
سی اے اے نے وزارت خارجہ کی جانب موصول نئی ہدایت پر تمام ایئرلائنز اور کسٹمز کو آگاہی دے دی ہے کہ ترکیہ میں چھالیا نارکوٹس سمجھی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ایک پاکستانی مسافر سے ترکیہ میں چھالیہ برآمدگی پر گرفتاری کے تناظر میں نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل چھالیہ لے جانے والے پاکستانی نوجوان کو ترکیہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
چھالیہ اور سپاری نے ترکیہ میں پاکستانی سیاح کو جیل پہنچا دیا، نوجوان کے اہل خانہ نے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کردی۔