All posts by Khabrain News

کورونا کے مزید 28 کیسز مثبت، 28 مریضوں کی حالت تشویشناک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 5 ہزار 783 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 783 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 28 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.48 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 28 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک خطرناک سطح پر پہنچ گیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پر اپنا آرٹیکل شیئر کر دیا۔ انہوں نے لکھا کہ دسمبر کے بانڈز کی ادائیگی کے بعد بھی ڈیفالٹ کا خطرہ ختم نہیں ہوگا اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے معاہدے پر عمل نہ کرنے سے ڈیفالٹ کا رسک بڑھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ مارکیٹوں اور قرض دہندگان کو یقین دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔ قومی مفاد کو سیاسی مفاد پر ترجیح دینی چاہیے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے درست قدم نہ اٹھائے تو انہیں پی ٹی آئی پر تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں۔ 2013 سے 2018 کے دوران برآمدات میں 38 فیصد کمی ہوئی اور 38 فیصد برآمدات میں کمی سے دوسرا بڑا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف معاہدے پر عمل نہ کرنے سے معیشت کو مشکلات پیش آئیں تاہم ہم نے آئی ایم ایف سے دوبارہ معاہدہ کیا جس کے باعث مشکل فیصلے کرنا پڑے۔ آج اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ میں بڑا فرق ہے اور اسٹیٹ بینک غیر رسمی طور پر ایکسچینج ریٹ پر بینکوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھال لیا

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالا۔
نئے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے سلامی دی گئی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں سٹاف کمیٹی کے سابق چیئرمین، مسلح افواج کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے بھی شرکت کی۔

‘جی آیا نوں’، 17 سال بعد پاکستان آنیوالی انگلش ٹیم کیلئے فاطمہ ثنا کی ٹوئٹ وائرل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز ٹیم کی کرکٹر فاطمہ ثنا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلش ٹیم کی آمد کی شیئر کردہ ویڈیو پر ردعمل دیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان پہنچنے پر انگلینڈ کی ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گلدستے پیش کیے گئے۔
ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے قومی ویمن کرکٹر فاطمہ ثنا نے انگلش کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ‘جی آیا نوں ‘۔
کرکٹر نے بھرپور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ‘مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ کب اس تاریخی دورے کے میچز شروع ہوں گے اور کب میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز میں سے ایک جیمز اینڈرسن کو پاکستانی مٹی پر بولنگ کرتا دیکھوں گی’۔ ساتھ ہی فاطمہ ثنا نے جیمز اینڈرسن کو مینشن بھی کیا۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔

گوگل کا کروم براؤزر اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ

لاہور: (ویب ڈیسک) گوگل نے اپنے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گوگل کروم براؤزر کو فوری اپ ڈیٹ کرلیں۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد کروم براؤزر کو متاثر کرنے والے سکیورٹی بگ سے صارفین کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
گوگل نے بتایا کہ CVE-2022-4135 نامی سکیورٹی بگ سے صارفین کو خطرہ لاحق ہے۔اس سکیورٹی بگ کو ایک سکیورٹی محقق Clement Lecigne نے شناخت کیا تھا جس کے بعد اس کی روک تھام کے لیے گوگل کی جانب سے اپ ڈیٹ جاری کی گئی۔
گوگل نے اس حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 56 فیصد افراد براؤزنگ کے لیے گوگل کروم کو ترجیح دیتے ہیں جس میں یکم جنوری 2022 سے 5 اکتوبر 2022 کے دوران 303 سکیورٹی کمزوریوں کو دریافت کیا گیا۔
کروم براؤزر کو اپ ڈیٹ کیسے کریں؟
عموماً گوگل کروم خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے۔ اگر آپ کو معلوم نہیں کہ براؤزر اپ ڈیٹ ہوچکا ہے یا نہیں تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔
وہاں اباؤٹ کروم پر کلک کریں جو پیج کے بائیں جانب سب سے نیچے ہوگا۔
اس کے بعد کروم کی جانب سے بتایا جائے گا کہ براؤزر اپ ٹو ڈیٹ ہے، اگر نہیں ہوگا تو وہ اپ ڈیٹ ہونا شروع جائے گا۔
اس کے بعد بس ری لانچ کریں گے تو کروم اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔

رونالڈو کا قطر کے جدید ہوٹل میں ساتھی کھلاڑیوں کو عشائیہ، 3 کھلاڑیوں نے شرکت نہ کی

قطر : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کے لیے قطر میں موجود پرتگال کے اسٹار فٹبال کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ساتھی کھلاڑیوں کے لیے دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کے کھلاڑیوں کو دوحا کے ایک جدید ریسٹورینٹ میں عشائیہ دیا اور کھانے کا بل بھی ادا کیا۔
برناڈو سلوا، جاو کنسیلو اور جوزسا نے رونالڈو کے عشائیے میں شرکت نہیں کی، تینوں فٹبالرزنے فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دی۔
چند روز قبل ہی اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے تنازع کے بعد رونالڈو کی ساری توجہ اپنی ٹیم اور ساتھی کھلاڑیوں پر ہے جبکہ سعودی عرب کے ایک کلب کی جانب سے بھی رونالڈو کے ساتھ معاہدے میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے، تحقیق

جنوبی افریقا : (ویب ڈیسک) کورونا وائرس کی نئی قسم پہلے سے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بات جنوبی افریقا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
افریقا ہیلتھ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی تحقیق میں ایک ایسے فرد کے کووڈ 19 کے نمونوں کا تجزیہ 6 ماہ تک کیا گیا جس کا مدافعتی نظام بہت کمزور تھا۔تحقیق سے عندیہ ملا کہ مستقبل قریب میں کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ سنگین بیماری کا باعث بننے والی ہوسکتی ہے۔
یہ تحقیق اسی لیبارٹری میں ہوئی جہاں 2021 میں سب سے پہلے کورونا کی بہت زیادہ متعدی قسم اومیکرون کو شناخت کیا گیا تھا۔
اس تحقیق میں ایچ آئی وی کے ایک ایسے مریض کو شامل کیا گیا تھا جس میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی اور اس کے نمونوں کا تجزیہ 6 ماہ تک کیا گیا۔
6 ماہ تک وائرس سے خلیات کو پہنچنے والا نقصان اسی طرح کا تھا جیسا اومیکرون بی اے 1 قسم میں دیکھنے میں آیا تھا، مگر ارتقائی مراحل سے گزرنے کے دوران یہ وائرس کورونا وائرس کی ابتدائی قسم جیسا ہوگیا جس کو چین کے شہر ووہان میں شناخت کیا گیا تھا۔
محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ وائرس مسلسل خود کو بدل رہا ہے اور اس کی مستقبل قریب میں ایک نئی قسم اومیکرون کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے اور اس میں صرف ایک فرد کے نمونوں کی جانچ پڑتال لیبارٹری میں کی گئی تھی۔
ان محققین نے ہی ماضی میں بتایا کہ کورونا وائرس کی اقسام beta اور اومیکرون دونوں ممکنہ طور پر ایچ آئی وی سے متاثر افراد میں بن کر پھیلنا شروع ہوئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ وائرس کو جتنا زیادہ وقت کسی کمزور مدافعتی نظام کے مالک فرد کے اندر رہنے کا موقع ملے گا، اس کے بدلنے کا امکان اتنا زیادہ ہوتا ہے۔

اماراتی بورڈ سے معاہدہ، افغان کرکٹ ٹیم اپنے ہوم میچز یو اے ای میں کھیلے گی

افغانستان : (ویب ڈیسک) افغانستان کرکٹ بورڈ کا اماراتی کرکٹ بورڈ سے طویل معاہدہ طے پا گیا۔
دونوں بورڈز کے درمیان پانچ سال کا معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت افغانستان کرکٹ ٹیم اپنے ہوم میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گی۔
معاہدے میں افغانستان ٹیم ہر سال یو اے ای کے خلاف بھی انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی اور افغانستان کرکٹ بورڈ، یو اے میں اپنا دفتر بھی قائم کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایمریٹس بورڈ ویزا، لاجسٹک اور دفتری امور میں معاونت فراہم کرے گا۔

ناسا کے چاند پر بھیجے گئے تاریخی مشن نے نیا ریکارڈ بنادیا

لاہور: (ویب ڈیسک) آرٹیمس 1 مشن کے اورین اسپیس کرافٹ نے ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔
اورین کیپسول چاند کے دور دراز مدار پر پہنچنے والا ناسا کا پہلا ایسا اسپیس کرافٹ ہے جسے انسانوں کو لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اورین نے 1970 کے اپولو 13 مشن کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور وہ زمین سے اب تک 2 لاکھ 58 ہزار 706 میل دور تک سفر کرچکا ہے۔اورین اسپیس کرافٹ کے منیجر Jim Geffre نے بتایا کہ آرٹیمس 1 مشن کو ایسے ڈیزائن کیا گیا تاکہ اورین کے سسٹمز کی آزمائش ہوسکے اور چاند کے اس حصے کے مدار میں داخل ہونے سے اس کا اچھا عندیہ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپولو 13 کے ریکارڈ کو توڑنے میں کامیاب رہے مگر سب اہم بات یہ ہے کہ ہم کھوج کو آگے بڑھا رہے ہیں اور اسپیس کرافٹ کو ماضی کے مقابلے میں زیادہ دور بھیج رہے ہیں۔
اپولو 13 نے زمین سے 2 لاکھ 48 ہزار 655 میل کے فاصلے تک سفر کا ریکارڈ بنایا تھا مگر ایسا مجبوری میں ہوا کیونکہ ایک دھماکے کے باعث ناسا کو مشن کے لیے نئے روٹ کا انتخاب کرنا پڑا۔
اورین اسپیس کرافٹ نے حال ہی میں چاند کے قریب پرواز کی تھی اور اب اس کا مشن لگ بھگ آدھا مکمل ہوچکا ہے اور جلد اس کی زمین پر واپسی کا سفر شروع ہوگا۔
سب کچھ ٹھیک رہا تو یہ اسپیس کرافٹ 11 دسمبر کو واپس پہنچے گا۔
آرٹیمس 1 مشن کی کامیابی مستقبل میں چاند کے لیے انسانی مشنز کی راہ ہموار کرے گی۔
آرٹیمس 1 کے بعد آرٹیمس 2 مشن میں انسانوں کو خلا میں بھیجا جائے گا اور ایسا 2024 میں متوقع ہے، البتہ یہ مشن چاند پر لینڈ نہیں کرے گا۔
آرٹیمس 3 وہ مشن ہوگا جس میں خلا بازوں کو 2025 میں چاند پر بھیجا جائے گا اور یہ وہاں کے قطب جنوبی پر لینڈ کرے گا۔

وفاق کو گراتے گراتے اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر گئے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ‎وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان غیر متعلقہ ہو چکے ہیں، حکومت عمران خان کی چار سال میں لائی تباہی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی، معاشی و خارجہ تعلقات کی تباہی، تاریخی قرض سب عمران خان کی باقیات ہے، حکومت کی توجہ صرف اور صرف عوام کو درپیش مسائل پر مرکوز ہے، ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے واضح ایجنڈا پر کاربند ہیں، اس ایجنڈے کے ذریعے ہم نے پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دنیا پر قومی ترجیحات واضح کر دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ تعمیر اور تخریب کے دو کردار قوم کے سامنے ہیں، الیکشن وقت سے پہلے کیوں کرائیں کیونکہ عمران خان کا اقتدار ختم ہو گیا ہے، گرانے وفاق کی حکومت آئے تھے اور اپنی دونوں حکومتیں گرانے کا اعلان کر کے چلے گئے، اعلان نظام سے نکلنے کا کرتے ہیں اور اُسی نظام سے استعفیٰ دینے کے باوجود تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی فیس سیونگ پی ٹی آئی کے کام نہیں آسکتی کیونکہ عوام ان کے حقیقی فیس سے واقف ہے، حالات بدل گئے لیکن ایک شخص کا جھوٹ، فسادی ذہن اور ایجنڈا نہیں بدلا۔