All posts by Khabrain News

دنیا کی طاقتور ترین ایٹمی قوت بننا ہمارا ہدف ہے: شمالی کوریا

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو دنیا کی طاقتور ترین قوت بنانا میرا ہدف ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے اس عزم کا اظہار شمالی کوریا کی جانب سے نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسونگ کی تجربے کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی ہتھیاروں کا مقابلہ کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سربراہ کِم جونگ اُن نے اتوار کو درجنوں فوجی افسروں کو ترقی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول ریاست اور خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہے۔ اس کا حتمی مقصد دنیا کی طاقتور ترین سٹریٹیجک فورس کا قیام ہے۔
کِم جونگ اُن نے مزید کہا کہ ہواسانک-17 میزائل ’دنیا کا سب سے طاقتور سٹریٹیجک ہتھیار‘ ہے اور یہ شمالی کوریا کی فوج کو دنیا کی بہترین فوج بننے میں مدد دے گا۔ یہ میزائل شمالی کوریا سےامریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
دوسری جانب شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربے کا ردعمل دیتے ہوئے امریکہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ شمالی کوریا کو اس کے میزائل تجربات کیلئے جوابدہ ٹھہرائے۔ جن پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پابندی ہے۔

لاہور: جنوبی چھاؤنی میں شہری کے گھر سوا کروڑ سے زائد کی واردات

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور شہر میں ڈاکے اور چوری کی وارداتیں نہ رک سکیں، چور گھر سے سوا کروڑ سے زائد کے زیورات اور غیر ملکی کرنسی لیکر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جنوبی چھاﺅنی کا رہائشی امام علی رشتے داروں سے ملنے گیا ہوا تھا، اطلاع ملنے پر گھر پہنچا تو سارا سامان بھکرا پڑا تھا جس پر اس نے متعلقہ پولیس کو اطلاع دی، شہری نے پولیس کو اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چور شہری کے گھر سے 73 لاکھ کا سونا، 25 ہزار سعودی ریال اور 50 لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے، پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار کی 100 ویں سالگرہ پر شاندار فلم فیسٹیول کا اعلان

ممبئی : (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری پر طویل عرصے تک راج کرنےوالے لیجنڈری اداکاریوسف خان المعروف دلیپ کپار کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پرانہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے شاندار فلم فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کےمطابق آئندہ ماہ11 دسمبر کو شہنشاہِ جذبات کے نام سے مشہور بالی ووڈ اداکارکی پیدائش کو 100 سال مکمل ہو جائیں گے۔ اس موقع پر 10 اور 11 دسمبر کو فلمساز شیویندر سنگھ ڈونگرپور کےذریعہ قائم ’فلم ہیریٹج فاؤنڈیشن‘ کی طرف سے فلم فیسٹیول منعقد کیا جائے گاجس میں انکی سب سے زیادہ شہرت حاصل کرنے والی فلموں ’آن‘، ’شکتی‘ اور ’دیوداس‘ کو ایک بار پھر سنیما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
دلیپ کمار ہیروز کا ہیرو کے عنوان سےمنعقدکئےجانے والے فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ فیسٹیول بھارتی سینما کے عظیم اداکاروں میں سے ایک کو بڑی اسکرین پر دوبارہ دیکھنے کے لیے ایک ناقابلِ یقین موقع ہو گا۔
دوسری جانب مرحوم اداکار کی بیگم سائرہ بانو کا اس حوالےسے کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ دلیپ صاحب کا 100 واں یومِ پیدائش اس طرح منایا جا رہا ہے۔ فیسٹیول منانے کے لیے ’دلیپ کمار ہیروز آف ہیرو‘ سے بہتر ٹائٹل نہیں ہو سکتا۔ وہ میرے پسندیدہ ہیرو تھے، جب میں نے انھیں فلم ’آن‘ میں دیکھا تھا تو 12 سال کی تھی۔ ایک بار پھر سے انھیں پردے پر دیکھنا خوشی کی بات ہے۔

کراچی:ڈکیتی مزاحمت پرایک شخص جاں بحق،جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو مارے گئے

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، شہری کی جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو مارے گئے۔
کراچی کے علاقے سرجانی سیکٹرسیون اے میں باپ بیٹا گھر کے باہر بیٹھے تھے ڈاکوؤں نے لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے والد جاں بحق جبکہ بیٹا اور ایک راہگیر زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق اسی دوران شہری نے ڈاکوؤں پر جوابی فائرنگ کر دی جس سے دونوں ڈاکو مارے گئے، ہلاک ڈاکوؤں کی نعشوں کو پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کا دوروزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
قبل ازیں سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد ایف ایٹ کچہری میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے نے پی ٹی آئی سینٹر کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جبکہ ڈاکٹر بابراعوان اور فیصل چوہدری نے پی ٹی آئی رہنما کی وکالت کی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ اعظم سواتی کو کچھ متنازع ٹوئٹ کی وجہ سے گرفتارکیا ہے،ٹوئٹر اکاؤنٹ، موبائل اور سامان ریکور کرنا ہے، اعظم سواتی مان رہے ہیں کہ انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے۔
وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جو ٹوئٹس کیے ہیں وہ ایف آئی آر پر درج دفعات پر پورا نہیں اترتے،پولیس اور تھانے کے سامنے بیان کی اہمیت نہیں ہے، اعظم سواتی پر پہلے بھی تشدد کیا گیا تھا۔پی ٹی آئ رہنما کی جان کو خطرہ ہے یہ یہاں حفاظت کا بیان ریکارڈ کروائیں گے۔

اگر عمران خان صوبائی اسمبلیوں سے نکل آئے تواپریل میں جنرل الیکشن ہونگے:شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان صوبائی اسمبلیوں سے نکل آئے تو 567 نشستیں خالی ہونگی اور اپریل میں جنرل الیکشن ہونگے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ میں پہلے ہی کیبنٹ میں کہتا تھا کہ اسمبلیاں تھوڑ دیں اور الیکشن میں جائیں، ہم تصادم کے بجائے الیکشن کی شرط پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں، پنجاب کی بے بس پولیس فیض آباد میں سٹیج نہیں لگوا سکی۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے خوف وحراس پیدا کیا لیکن عوام کا سمندر الیکشن کے لئے ریفرنڈم تھا، اعظم سواتی کی گرفتاری الیکشن سے خوفزدہ حکومت کی سازش ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ 77 وزراء عوام میں نہیں جا سکتے، گھروں میں قیدوبند ہیں، تباہ حال معیشت اور سنگین سیاسی بحران قومی سلامتی کے لئےخطرہ ہیں، ہماری لڑائی چوروں سے ہے چوکیداروں سے نہیں۔

ایف آئی اے کا اعظم سواتی کی گرفتاری پر چیئرمین سینیٹ کو خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری پر چیئرمین سینیٹ صادق سجنرانی کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چیئرمین سینیٹ کو اعظم سواتی سے متعلق باضابطہ آگاہ کر دیاہے ، صادق سنجرانی کو بھیجے گئےخط کے ساتھ ایف آئی آر کی کاپی بھی بھجوائی گئی ہے۔
خط میں کہا گیاہے کہ مجاز حکام کی اجازت کے بعد اعظم سواتی کو گرفتار کیاگیا ۔

وادی نیلم، جیپ گہری کھائی میں جا گری، ایک ہی خاندان کی 6 خواتین جاں بحق

مظفر آباد: (ویب ڈیسک) وادی نیلم میں جیپ گہری کھائی میں جا گری، المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کی 6 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں جیپ ووٹرز کو پولنگ سٹیشن تک لے جا رہی تھی کہ راستے میں موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک ہی خاندان کی 5 خواتین موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ ایک ہسپتال جا کر جان کی بازی ہار گئی، حادثے میں ڈرائیور سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آرمی چیف کے اثاثوں سے متعلق گمراہ کن اعداد و شمار جھوٹ اور مفروضوں پر مبنی ہیں: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف مذموم مہم کی بھرپور مذمت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر گمراہ کن اعداد و شمار دیے گئے، یہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایک خاص گروپ نے بددیانتی سے سمدھی اور فیملی کے اثاثوں کو جنرل باجوہ سے منسوب کیا، غلط تاثر دیا جا رہا ہےکہ یہ اثاثے جنرل باجوہ کے 6 سال میں ان کے سمدھی کی فیملی نے بنائے۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف اور ان کی فیملی کے اثاثوں سے متعلق اعداد و شمار قطعی طور پر حقائق کے منافی، کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کئے جائینگے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم بالخصوص پنجابی فلم کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔
ایوان وزیر اعلیٰ میں چودھری پرویزالٰہی سے سینئر فلم پروڈیوسر شیخ امجد رشید اور رانا خالد منظور نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران فلم انڈسٹری کی بحالی و مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستانی فلم بالخصوص پنجابی فلم کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فلم پروڈکشن سٹوڈیو بنانے کا جائزہ لے گی،عوام کو معیاری تفریح کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، فلم پروڈکشن میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب فن و ثقافت کے لحاظ سے زرخیز دھرتی ہے۔
سینئر فلم پروڈیوسر شیخ امجد رشید نے فنکاروں کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے اعلان پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا اعلان خوش آئند ہے، وزیر اعلی پنجاب نے مستحق فنکاروں کی مالی امداد میں اضافہ کر کے دل جیت لئے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی اور پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد اقبال چودھری بھی موجود تھے۔