All posts by Khabrain News

پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کئے جائینگے: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم بالخصوص پنجابی فلم کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔
ایوان وزیر اعلیٰ میں چودھری پرویزالٰہی سے سینئر فلم پروڈیوسر شیخ امجد رشید اور رانا خالد منظور نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران فلم انڈسٹری کی بحالی و مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستانی فلم بالخصوص پنجابی فلم کی بحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے، فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز سے انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، مستحق فنکاروں کے لئے مالی امداد 5 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت فلم پروڈکشن سٹوڈیو بنانے کا جائزہ لے گی،عوام کو معیاری تفریح کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے، فلم پروڈکشن میں اضافے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پنجاب فن و ثقافت کے لحاظ سے زرخیز دھرتی ہے۔
سینئر فلم پروڈیوسر شیخ امجد رشید نے فنکاروں کے لئے انڈومنٹ فنڈ کے اعلان پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کا اعلان خوش آئند ہے، وزیر اعلی پنجاب نے مستحق فنکاروں کی مالی امداد میں اضافہ کر کے دل جیت لئے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات آصف بلال لودھی اور پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد اقبال چودھری بھی موجود تھے۔

پیمرا نے اعظم سواتی کی تقریر، پریس کانفرنس یا پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگا دی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سوشل میڈیا پر متنازع بیانات دینے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی تقاریر، پریس کانفرنس یا پروگرام نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہونے والے جلسلے میں اداروں پر بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینیٹر اعظم خان سواتی کی تقاریر، پریس کانفرنس یا پروگرامز نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پیمرا اعلامیے کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلز کا لائسنس بغیر شوکاز نوٹس معطل کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما کو رات دیر گئے اسلام آباد سے دوبارہ گرفتار کر کے ان کے خلاف سائبر کرائم دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

انگلینڈ کیخلاف سیریز میں یادگار کارکردگی دکھانا ہدف ہے: نواز

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز کا کہنا کہ انگلش کھلاڑی جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں، ہم بھی اُسی حساب سے تیاری کر رہے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل محمدنواز نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ اسکواڈ کےتمام کھلاڑیوں کی تیاری اچھی چل رہی ہے، ٹیسٹ میچ کھیلنےکا موقع ملا تو بطور آل راؤنڈر ہی کھیلوں گا۔انہوں نے کہا کہ کنڈیشنر کےحساب سےمیچ کےلیےاپنی تیاری کرتا ہوں، ریڈ بال فارمیٹ میں پرفارمنس دینےکےبعد وائٹ بال فارمیٹس کھیلنا آسان ہو جاتا ہے۔
محمد نواز نے کہا کہ سیریز میں یادگار کارکردگی دکھانا ہدف ہے، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلنےکاموقع ملاتو ہوم گراؤنڈ پرپہلا میچ ہوگا، بہت خوش ہوں کیونکہ کافی عرصےبعد پاکستان میں کرکٹ شروع ہوئی ہے۔
آل راؤنڈر نے کہا پاکستان میں کرکٹ کی بحالی سےنوجوان کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کیلئے پریکٹس سیشن، حارث کی گیند اظہر علی کے ہیلمٹ پر جالگی

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ کے پریکٹس سیشن کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف کی کروائی گئی گیند اظہر علی کے ہیلمٹ پر جا لگی۔
اسلام آباد میں پریکٹس سیشن کے دوران ہیلمٹ پر گیند لگنے پر اظہر علی نے کچھ دیر آرام کیا اور پھر دوبارہ پریکٹس سیشن میں شریک ہوگئے۔
بعد ازاں قومی ٹیم کے ڈاکٹر نے اظہر علی کا معائنہ بھی کیا اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اظہر علی بالکل ٹھیک ہیں۔واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 3 میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔
انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔

ایم این اے محسن داوڑ کو بیرون ملک جاتے ہوئے اسلام آباد ائیر پورٹ پر روک لیا گیا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کو بیرون ملک جاتے ہوئے اسلام آباد ائیر پورٹ پر روک لیا گیا۔
محسن داوڑ تاجکستان میں ہیرات سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے تاہم ایف آئی اے کی جانب سے محسن داوڑ کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر روکا گیا۔
اس حوالے سے محسن داوڑ کا کہنا ہے کہ میرا نام کابینہ نے 2 ماہ کے لیے ای سی ایل سے نکالا ہوا ہے، میں جا رہا تھا مجھے روک دیا گیا، محسوس ہوا انہیں پہلے سے اطلاع دی گئی تھی۔
محسن داوڑ کا کہنا تھا کہ کاؤنٹر پر پہنچا تو بتایا گیا کہ نام ای سی ایل میں ہے، میں نے بتایا کہ کابینہ نے میرا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے، مجھے بتایا گیا کہ فون آیا ہے کہ مجھے نہیں جانے دینا۔

برطانیہ میں ریل ملازمین کی پہیہ جام ہڑتال سے نظام زندگی بری طرح متاثر

برطانیہ : (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ریل ملازمین کی پہیہ جام ہڑتال سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگئی۔
برطانیہ میں تنخواہوں میں اضافے کا تنازع شدت اختیار کرگیا، ریل ہڑتال سے برطانوی معیشت کو دھچکا لگا جبکہ بڑے شہروں کی اہم شاہراہوں اور موٹروے پر ٹریفک جام رہے۔ دوسری جانب ریل یونین ہڑتالوں کا نیا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان بھی کررکھا ہے جس سے مسافروں کوکرسمس پر مشکلات ہوں گی۔

کوہلو میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 9 دہشتگرد ہلاک، 3 زخمی حالت میں گرفتار

کوہلو : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر کوہلو کے علاقے سیاہ کوہ میں آپریشن کیاگیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن میں 9 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ دہشتگردکوہلو،کاہان اور میوند میں حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔

موٹر وے کرپشن کیس: ڈی سی نوشہرو فیروز اور 3 بینک افسران کیخلاف مقدمہ درج

نوشہرو : (ویب ڈیسک) نوشہرو فیروز موٹر وے میں ڈھائی ارب روپے کی مبینہ کرپشن کیس میں معطل ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز تاشفین عالم سمیت 3 بینک افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈھائی ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں بینک کے تین افسران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مقدمے میں جعلسازی اور قومی خزانےکو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے زمینوں کی خریداری کے لیے ڈھائی ارب روپے جاری کیے تھے۔

کراچی میں دو روزہ ادب فیسٹیول کا پہلا روز 100 سے زائد مقررین کی شرکت

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی کے فریئرہال میں موسمیاتی بحران کے عنوان کے تحت دو روزہ چوتھا ادب فیسٹیول جاری، پہلے روز 100سے زائد مقررین اور فنکاروں کے علاوہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے بھی بہ طور مہمان خصوصی شرکت کی۔
چوتھے سالانہ ادب فیسٹیول کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی عالمی بحران بن گیا ہے جس سے سب سے زیادہ متاثر پاکستان ہوا ہے۔
ادب فیسٹیول میں شرکت کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ روایات، ثقافت، ادب، فنون لطیفہ، تعلیم اورصحت پر اس طرح کے سیشنز ہونے چاہییں تاکہ لوگوں میں شعور پیدا ہو۔
ادب فیسٹیول میں ادبی، ثقافتی اور تفریحی پروگرام بھی ہوئے جبکہ متعدد اسکولوں کے طالب علموں نے ٹیبلوز بھی پیش کیے۔

عمران خان پر تنقید سے میرا 95 فیصد میوزک کا کام ختم ہو گیا، جواد احمد

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف گلوکار جواد احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر تنقید کی وجہ سے میرا 95 فیصد میوزک کا کام ختم ہو گیا۔
معروف گلوکار جواد احمد نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سیاست میں آنے اور پھر عمران خان پر تنقید کی وجہ سے اب مجھے کوئی کنسرٹ میں نہیں بلاتا جبکہ سیاسی مؤقف کی وجہ سے میرا میوزک کا کام 95 فیصد تک ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے سیاست میں قدم رکھا اور عمران خان کی مخالفت کی ہے تو لوگ کہتے ہیں جواد احمد متنازعہ شخص ہے اسے رہنے دو۔
جواد احمد نے کہا کہ میں عمران خان سمیت دوسری سیاسی جماعتوں پر بھی تنقید کرتا ہوں اور میں پاکستان کے عام آدمی کی بات کرتا ہوں اور عام آدمی کے لیے ہی جماعت بنانا چاہتا ہوں۔