All posts by Khabrain News

ٹوئٹر کا اپنے دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے کمپنی کے دفاتر آج سے عارضی طو رپر بند کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی میڈیا کےمطابق ٹوئٹرکمپنی کا دفاتر کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا تاہم دفاتر 21 نومبر سےدوبارہ کھل جائیں گے۔برطانوی میڈیا کا کہناہےکہ ٹوئٹرنےکمپنی دفاتر عارضی طور پر بند کرنے کی وجوہات واضح نہیں کیں جب کہ دفاتر بند کرنے کی رپورٹ پر ردعمل دینے سے بھی گریز کیا۔

خواجہ سعد نے پی ٹی آئی کو پاکستان کی آر ایس ایس قرار دیدیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آر ایس ایس قرارد دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ   آج جو کچھ اس جھوٹے مہاتما کے ساتھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے، ان پر فارن فنڈنگ بھی ثابت ہوگئی ہے اور توشہ خانہ سے چوری بھی۔
اس دوران وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو پاکستان کی آر ایس ایس قرار دیا۔
دوسری جانب پریس کانفرنس میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ خان صاحب ‘چوری پھڑی گئی اے ہن رسیداں کڈو‘۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ عمران خان نہ صادق ہیں نہ امین ، ایک ارب 70 کروڑ کی گھڑی 5 کروڑ میں خریدی ، 6 کروڑ میں بیچ دی ، پھر کہتے ہیں کرپشن نہیں کی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا مفت حج کی سہولت ختم کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مفت حج کی سہولت ختم کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ملک ہے اور یہاں ایسی سہولیات عوام پربوجھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی وزیر، سیکرٹری یا ایم این اےکی فیملیز گئی ہوں گی تو ان سے پیسے وصول کیے جائیں گے۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مفت میں حج پر جانے والوں کی تمام تفصیلات طلب کر لیں۔

برطانوی وزیر خزانہ کا بڑے پیمانے پر ٹیکس لگانے کا اعلان

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر خزانہ نے کساد بازاری کا سامنا کرتی معیشت کو بچانے کے لیے بڑا قدم اٹھالیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر خزانہ جیریمی ہنٹ نےبرطانوی معیشت بچانے کیلئے بڑے پیمانے پرٹیکس لگانے کا اعلان کیا ہے۔
جیریمی ہنٹ نے حکومتی اخراجات میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے تسلیم کیا اس سب کے باوجود اقتصادی مسائل بڑھیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں مہنگائی اور کساد بازاری کی روک تھام کے لیے شرح سود میں بھی کئی بار اضافہ دیکھنے میں آچکاہے۔

عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے یوکرینی جوہری پلانٹ پر روسی دعویٰ کو تشویش ناک قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے روس کی جانب سے یوکرین کے زاپوریزہیا (Zaporizhzhia) جوہری پلانٹ کی ملکیت کے دعوؤں کو تشویش ناک قراردے دیا۔
کینیڈا اور فن لینڈ کی جانب سے پیش کردہ ایک قرارداد میں ماسکو سے مطالبہ کیا گیا کہ روس فوری طور پر اپنے فوجی اور دیگر اہلکاروں کو پلانٹ سے نکالے اور یوکرین میں کسی بھی جوہری تنصیب کے خلاف تمام کارروائیاں بند کرے۔
ذرائع کے مطابق کینیڈا اور فن لینڈ کی پیش کردہ قرارداد کو 24 ووٹ ملے، روس اور چین نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ، نمیبیا، کینیا، ویتنام اور سعودی عرب نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے گھر پرکراچی پولیس کا چھاپا

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی پولیس کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے گھر پر چھاپا، حلیم عادل گھر پر موجود نہ تھے۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار 4 سے 5 موبائلوں میں آئے تھے، چھاپے کے وقت حلیم عادل گھر پر نہیں تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف گلشن معمار میں زمین پر قبضے سے متعلق کیس ہے، حلیم عادل شیخ سے پوچھ گچھ کیلئے گئے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف گلشن معمار تھانے میں گزشتہ روز مقدمہ درج ہوا، مقدمے میں اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی حکام کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمہ اراضی پر قبضہ واگزار کروانے کے دوران فائرنگ اور ہنگامہ آرائی پر درج ہوا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج ہونے کی بنا پر ضلع ویسٹ پولیس حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ آئی، پولیس تاحال کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں لے سکی۔

پنجاب میں 2 ایڈیشنل آئی جیز اور 6 ڈی آئی جیز سمیت 10 پولیس افسران کے تبادلے

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے 2 ایڈیشنل آئی جیز اور 6 ڈی آئی جیز سمیت 10 پولیس افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کردیے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق ایڈیشنل آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلیٹی سلطان احمد چوہدری کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ اور آر پی او ملتان رفعت مختار راجہ کو ایڈیشنل آئی جی لاجسٹک تعینات کیا گیا ہے۔
آر پی او ساہیوال طیب حفیظ چیمہ کو ڈی آئی جی ایلیٹ فورس جبکہ ڈی آئی جی ایلیٹ فورس مرزا فاران بیگ کو آر پی او ساہیوال تعینات کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر معین مسعود کو آر پی او ملتان اور ڈی آئی جی پیٹرولنگ پولیس سرفراز احمد فلکی کو آر پی او فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔
سید امین بخاری کو ڈی آئی جی اکاؤنٹیبلیٹی برانچ اور صادق علی کو ڈی آئی جی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔
سی پی او فیصل آباد عمر سعید ملک کو ہٹا کر ان کی جگہ ڈی پی او ننکانہ سید خالد محمود ہمدانی کو سی پی او فیصل آباد تعینات کیا گیا ہے۔

امریکا میں پہلی بار جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا میں پہلی بار جڑواں ہاتھیوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے ایک چڑیا گھر میں ایشیائی نسل کی ہتھنی نے پہلی بار ملک میں صحت مند جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔
چڑیا گھر کے حکام کا کہنا ہے کہ مالی نامی ہتھنی نے 24 اکتوبر کو بغیر کسی پیچیدگی کے جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ چڑیا گھر حکام کے مطابق ہاتھی کے جڑواں بچوں کی پیدائش ایک فیصد سے بھی کم ہوتی ہے جس میں سے اکثر بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں یا زندہ رہنے کے لیے بہت کمزور ہوتے ہیں اور ہتھنی بھی اکثر بچے کی پیدائش کے دوران مر جاتی ہے۔
تاہم مالی اور دونوں بچے اب بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں، ایک بچہ تھوڑا کمزور پیدا ہوا تھا لیکن عملے کی توجہ سے اس کی حالت بہتر ہو گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے نئی درخواست دینے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں جلسہ کرنا ہے تو انتظامیہ کو نئی درخواست جمع کرائے۔
پی ٹی آئی کی جلسے اور دھرنے کے لئے این او سی کے اجرا کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں ہوئی، دوران سماعت عمران خان پر جلسے کے دوران حملے کے خدشے کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق عمران خان پر حملے کے خدشات ہیں، حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس چیز کو بھی مدنظر رکھے، احتجاج کرنا سیاسی اور غیر سیاسی جماعتوں کا حق ہے لیکن عام شہریوں اور پٹیشنرز تاجروں کے بھی حقوق ہیں جو متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ انگلینڈ میں بھی مظاہرین ٹین ڈاؤن اسٹریٹ پر آ جاتے ہیں، وہ احتجاج کرتے ہیں لیکن سڑک بلاک نہیں کرتے، ہائی کورٹ ڈپٹی کمشنر کی ذمے داریاں نہیں سنبھال سکتی، اگر آپ ڈپٹی کمشنر کے کسی آرڈر سے متاثر ہوئے تو عدالت آئیں۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے ریمارکس دیئے کہ لاہورہائیکورٹ میں بھی یہ معاملہ آیا تھا اور کچھ ہدایات دی گئی ہیں، اگر انہوں نے کہہ دیا کہ راستے بند نہیں ہوں گے تو ٹھیک ہے۔
دوران سماعت انٹیلی جنس رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ عمران خان پر جلسے کے دوران حملے کا خدشہ ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق عمران خان پر حملے کے خدشات ہیں، حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس چیز کو بھی مدنظر رکھے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ اگر آپ ڈپٹی کمشنر کے کسی آرڈر سے متاثر ہوئے تو عدالت آئیں، آپ نے جی ٹی روڈ، موٹر وے اور دیگر شاہراہیں بلاک کیں، آپ کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کو جلسے کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کر کے انتظامیہ سے اجازت لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ سب فیصلے ایڈمنسٹریشن نے ہی کرنے ہیں، ہم نےصرف ہدایات دینی ہیں کہ درخواست پرقانون کیمطابق فیصلہ کریں۔
تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ نئی درخواست کے لئے پارٹی قیادت سے مشاورت کرنی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ تاجروں کی درخواست پر کیا کریں، ابھی راستے بند تو نہیں کئے، کوئی صوبہ وفاق کی ڈائریکشن نہیں مانتا تو پھر کیا ہوگا، فیڈریشن امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے کیا کر سکتی ہے، ایڈووکیٹ جنرل جہانگیرجدون نے عدالت سے کہا کہ وفاق آئین کے تحت آرمڈ فورسز کو طلب کرسکتا ہے۔
بعدازاں عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا پر سماعت 22 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے اگر جلسہ کرنا ہے تو انتظامیہ کو نئی درخواست دے، اگر جلسےکی اجازت دیں گے تو یقینی بنائیں گے کہ سڑکیں بلاک نہ ہوں، انتظامیہ نے یقینی بنانا ہے کہ عوام کے حقوق متاثر نہ ہوں۔

سابق کپتان انضمام الحق کی بیٹی کی شادی میں قومی کرکٹرز کی شرکت

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کی صاحبزادی امیمہ کی شادی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، شاہین آفریدی، امام الحق، شعیب اختر، شاہد آفریدی، وہاب ریاض، مشتاق احمد سمیت موجودہ و سابق کرکٹ پلیئرز نے شرکت کی، اس کے علاوہ وقار یونس اور محمد حفیظ نے اپنی فیملیز کے ہمراہ شادی میں شرکت کی۔
قومی کرکٹرز کو دیکھ کر مہمانوں نے بابر اعظم سمیت دیگر کے ساتھ سیلفیاں بھی لیں، شادی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہو رہی ہیں۔
امیمہ حق اور ملک محسن مسعود کی مہندی کی تقریب میں سابق کرکٹر مشتاق احمد کو بھی پگڑی پہنائی گئی، دیگر مردوں نے روایتی پگڑیاں باندھی ہوئی تھیں، امیمہ اور محسن کو بگھی میں بٹھا کر تقریب میں لایا گیا۔