All posts by Khabrain News

ایبسلوٹیلی ناٹ سے بات اب ایبسلوٹیلی فراڈ پر چلی گئی، خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی و پاکستان ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان پر ووٹ چوری پہلے ثابت ہوچکی تھی، اب توشہ خانہ اور دوسری چوریاں بھی ثابت ہورہی ہیں، ایبسلوٹیلی ناٹ سے بات اب ایبسلوٹیلی فراڈ پر چلی گئی ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا مہم پر اربوں روپے خرچ کیے،عمران خان دھاندلی کرکے پارلیمنٹ میں آئے لیکن ان کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
انہوں ںے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو قبول نہیں کیا، تحریک انصاف حکومت میں سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا گیا، عمران خان پر ووٹ چوری پہلے ثابت ہوچکی تھی، اب توشہ خانہ اور دوسری چوریاں بھی ثابت ہورہی ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایبسلوٹیلی ناٹ سے بات اب ایبسلوٹیلی فراڈ پر چلی گئی ہے، عمران خان کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، گزشتہ دور حکومت میں قومی خزانے کو مال مفت سمجھ کر لوٹا گیا۔
انہوں ںے استفسار کیا کہ عمران خان! بتائیں سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والے 13 ارب روپے کہاں ہیں؟ عمران خان کے ساتھ آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے، عمران خان کس وجہ سے فوری انتخابات کا مطالبہ کررہےہیں؟
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے استفسار کیا کہ عمران خان کے اقتدار کے چار سال غیرقانونی تھے، کیا وہ بھی گنتی میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں؟ عمران خان توشہ خانہ سے بڑے سے بڑے تحائف نکال کر بیچنے گئے۔

حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق افواہوں کو مسترد کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کردیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آرمی ایکٹ میں کسی بڑی تبدیلی پر غور نہیں کررہی،پاکستان آرمی ایکٹ میں ترامیم سے متعلق قیاس آرائیاں غیر ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے سی پی 39 ، 2019 کے فیصلے میں پی اے اے کی شقوں پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا تھا جس پر مناسب وقت میں عمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے یہ افواہ زیر گردش تھی کہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم کرنے جارہی ہے جس کے بعد وزیراعظم کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی فوجی افسر، اہلکار کو ریٹائرمنٹ کے باوجود خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کرسکتے ہیں۔

قومی اسمبلی، پاک فوج کی حمایت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک فوج کی حمایت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس کے دوران مختلف معاملات پر بحث کی گئی، اسی دوران ملتان سے منتخب ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن ڈیہڑ نے قومی اسمبلی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے قومی اسمبلی میں قرار داد پیش کی۔
پی ٹی آئی کے رکن کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، اس کے بعد اجلاس جمعہ صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل کے گھر کراچی پولیس کا چھاپہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی پولیس نے سرجانی میں مختیار کار پر حملے میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے گھر کا محاصرہ کرلیا، ترجمان حلیم عادل نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بغیر وارنٹ گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔
سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی پولیس نے حلیم عادل کے گھر کا محاصرہ کرکے حلیم عادل شیخ کی فیملی کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا اور بغیر وارنٹ گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔
ترجمان نے کہا کہ  15 سے زائد پولیس موبائلوں، سول ڈریس اور خواتین پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا گیا اور رکن سندھ اسمبلی کی فیملی کو ہراساں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی ایما پر پولیس سیاسی انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہے لیکن حلیم عادل شیخ عمران خان کے کھلاڑی ہیں وہ ڈرنے والے نہیں، سندھ حکومت اپنے خلاف ہر آواز کو دبانا یا بند کرنا چاہتی ہے۔
حلیم عادل شیخ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سندھ پولیس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حلیم عادل شیخ کے گھر پر ملزمان کی موجودگی کی اطلاع ہے، سرجانی میں مختیار کار پر حملے میں ملوث ملزمان یہاں موجود ہیں۔

سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ایئرپورٹس کو بین الاقوامی ہوئی اڈے کا درجہ دینے کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر برائے ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ہوائی اڈے کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق نے اعلان کیا کہ دونوں ایئرپورٹس کی اپ گریڈیشن کیلئے ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے، کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کو اپ گریڈیشن کرنے جا رہے، سب سےزیا دہ آمدن والا ایئرپورٹ لاہور کا ہے جبکہ مستقبل کیلیے اسلام آباد ایئرپورٹ بھی بہت سود مند ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بنیادوں پر ایئرپورٹ بنائے گئے، سیاسی بنیادوں پر ایئرپورٹ نہیں بننے چاہیں کیونکہ ایسے ایئرپورٹس کی تعمیر سے ریاست کا اربوں روپے خرچ کیا گیا، معذرت کیساتھ ہم سب نے اس میں اپنا حصہ ڈالا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں 47 میں سے 17 ایئر پورٹس آپریشنل ہیں، ایئر پورٹ ہیں مگر ہمارے پاس جہاز نہیں، قومی ایئر لائن کی فیلڈ پلاننگ ہی غلط کی گئی ، پی آئی اے کی فیلڈ پلاننگ کمرشل بنیادوں پر نہیں کی گئی، ہمارے پاس 12 بوئنگ 777 جہاز ہیں دنیا ان سے جان چھڑا رہی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں 100 سیٹس والے چھوٹے جہاز چاہیں مگر خریدنے کیلئے پیسے نہیں، کوشش ہے لیز پر جہاز خریدے جائیں، سارا نظام 6 یا 8 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتا، پالیسی کا تسلسل رہا تو ریلوے پی آئی اے کوٹریک پر ڈال دیں گے۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر کے گیا تھا مگر سابق حکومت کے گزشتہ چار سال میں محکمے کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔

آئرلینڈ کی ویمنز ٹیم اچھی یادوں کے ساتھ وطن واپس روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ ہوگئی، آئرش کپتان لاورا ڈیلینی نے پاکستان میں گزرے دنوں کو یادگار قرار دے دیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر ائرش کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی، ائرلیند کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شئیر کی ہے جس میں فاتح کھلاڑی ٹرافی اٹھائے بس میں اپنی جیت کا جشن مناتے ہوئے گیت گارہی ہیں اور تالیاں بھی ساتھ بجارہی ہیں۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ تھی جس میں پاکستان نے تین صفر سے جیت پائی، بعد ازاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں آئرلینڈ ویمنز نے پاکستانی ویمنز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دو ایک سے فتح پائی۔
ون ڈے سیریز میں سدرا امین جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گیبی لوئس کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کو واہگہ بارڈر کا دورہ بھی کرایا گیا۔
دوسری جانب آئرش ویمن کرکٹرز نے اگلے برس مارچ میں ویمنز لیگ کے لئے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ گیبی لوئس نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لئے سب کچھ اچھا رہا ، میں یہاں دوبارہ آ کر کھیلنا چاہوں گی، ویمنز لیگ کے لئے مجھے موقع ملا تو ضرور آؤں گی۔
علاوہ ازیں اورلا پینڈرگسٹ نے کہا کہ ویمنز لیگ میں کھیلنا ہمارے لئے ایک بڑا اچھا موقع ہوگا، میرے خیال میں جس کو بھی موقع ملا وہ یہاں آکر کھیلے گا، جتنی بھی کھلاڑی یہاں ہیں وہ موقع ملنے کے لئے پرجوش ہیں۔
مبینہ علی نے کہا کہ ویمنز لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کا قابل ستائش اقدام ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں نے مجھ سے بات کی اور دلچسپی ظاہر کی جبکہ فاطمہ ثنا نے کہا کہ ویمنز لیگ ہمارے لئے ایک بہت اچھا موقع ہے اسی طرح قومی کھلاڑی جویریہ خان نے بھی کہا کہ ویمنز لیگ سے ٹاپ ٹیموں اور ہمارے درمیان موجود گیپ ختم ہوگا۔

دوگنی غذائیت سے بھرپور جینیاتی پاپ کارن تیار

نبراسکا: (ویب ڈیسک) اگرچہ مکئی غذائیت سے بھرپورہوتی ہے تاہم اب سائنسدانوں نے اسے مزید توانا بنانے کے لیے جینیاتی انجینیئرنگ سے مدد لی ہے اور دوگنی غذائیت والی مکئی بنائی ہے جسے ’کوالٹی پروٹین میز‘ (کیو پی ایم) کا نام دیا ہے۔
اگرچہ جینیاتی طور پر مکئی میں تبدیلیوں کا سلسلہ 1990 سے اس وقت شروع ہوا جب اس میں اوپیک ٹو نامی تبدیل شدہ جین شامل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد مکئی میں لائسن کی مقدار بڑھ کر دوگنی ہوگئی جو صحت کے لیے ایک قدرے مفید امائنو ایسڈ ہے۔ اسی کے ساتھ ٹرپٹوفین نامی ایک اور امائنو ایسڈ کی مقدار بھی بڑھی تھی۔
تاہم کیوپی کے دانے ایم کچھ نرم اور سفیدی مائل ہیں۔ یہ کیڑے مکوڑوں اور فصلی بیماریوں سے بھی اپنا تحفظ خود کرتا ہے اور یوں فصل کا نقصان کم کم ہوتا ہے۔ سب سے بڑھ کر جب انہیں ہلکے گھی میں گرم کیا جائے تو وہ پاپ کارن بن جاتے ہیں جو اس سے پہلے ممکن نہ تھا کیونکہ اوپیک ٹو کے دانے پھولتے نہیں تھے۔
یونیورسٹی آف نبراسکا کے سائنسداں ڈاکٹر ڈیوڈ ہولڈنگ اور ان کی ٹیم نے اس پر محنت کی اور جینیاتی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اسے مکئی کی دیگر اقسام سےملایا تو اس کے دانے بڑے پیدا ہوئے اور ان میں غذائی جزو یعنی لائسن کی مقدار بھی بڑھی ہوئی تھی۔
اس کے بعد بتائے بغیر پاپ کارن لوگوں کو کھلائے گئے تو وہ اس میں فرق نہ کرسکے۔ ماہرین کے مطابق غذائی قلت کے شکار ممالک کے لیے یہ کسی بھی طرح غذائی سپلیمنٹ سے کم نہیں کیونکہ اس میں بھرپور غذائیت موجود ہے۔

واٹس ایپ کا پولز فیچر متعارف کرانے کا اعلان

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ گروپ میں استعمال کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولز نامی اس فیچر سے صارفین گروپ چیٹ کے اندر پولز بنا کر شیئر کر سکیں گے۔اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے کسی معاملے میں گروپ کی اکثریتی رائے سامنے آسکے گی۔
WABetaInfo کے ٹیک ماہرین نے اس نئے اضافے کی نشان دہی واٹس ایپ کے بِیٹا ورژن کی چھان بین کے دوران کی۔
آئی فون کے لیے جاری کیے جانے والے واٹس ایپ بِیٹا کے تازہ ترین ورژن میں اب پولز کو چیٹس میں بالکل اس ہی طرح ڈھونڈا جاسکے گا جیسے بغیر پڑھے پیغامات، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر چیزیں ڈھونڈی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ میں پولز کا فیچر متعارف کرائے جانے کے متعلق کئی عرصے سے خبریں گردش میں تھیں لیکن تاحل یہ ایپ کے لائیو ورژن میں دستیاب نہیں ہے۔
البتہ بِیٹا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اس فیچر کو استعمال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر کے جاری ہونے کے متعلق کوئی تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔

امریکی آرمی سینٹرل کے کمانڈنگ جنرل کی قیادت میں امریکی وفد کا این ڈی ایم اے کا دورہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی آرمی سینٹرل کے کمانڈنگ جنرل لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک ڈی فرینک کی قیادت میں امریکی وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کی۔
وفد نے پاکستان میں سیلاب کے بعد ہونے والے نقصانات اور بحالی کے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور مستقبل کے حوالے سے باہمی معاونت اور اقدامات کے لیے لائحہ عمل بنانے پر غور کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے معلوماتی اور تحقیقی اداروں کی تشکیل کے علاوہ عالمی اور علاقائی پلیٹ فارمز پر این ڈی ایم اے کی بھر پور نمائندگی پر زور دیا۔
انہوں نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو جدید اور فعال بنانے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ممکنہ خطرات کے تعین اور اس حوالے سے مکمل تیاری کے لیے دو طرفہ تجربات کے تبادلہ، مشقوں کے انعقاد اورتکنیکی شعبوں میں معاونت اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
چیئرمین این ڈی ا یم اے کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے تمام معاون اداروں کے ساتھ تعاون سے پیشگی لائحہ عمل بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں آفات سے نمٹنے کے حوالے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں ساتوین نمبر پر ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں.
انہوں نے این ڈی ایم اے کو مستحکم،تکنیکی بنیادوں پر فعال اور عالمی سطح پرنمایاں ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کیاجو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات اور خطرات کے تدارک کے لیے بھر پوراقدامات اٹھائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ایسے علاقے جو متعدد آفات کے حوالے سے خطرے سے دوچار ہیں ان کے سروے کو مکمل کرنے کے لیے امریکی قیادت میں بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔
کمانڈنگ جنرل، لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک ڈی فرینک نے سیلاب کے دوران پاکستان کی ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لیے یو ایس ایڈ کے ذریعے امداد جاری رکھنے کے لیے امریکی حکومت کی مدد کا یقین دلایا۔
انہوں نے FEMA کے کام اورڈیزاسٹر مینجمنٹ میں امریکی فوج کی ریزروڈ فورس کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا دورہ کرنے پر امریکی فوج کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں امریکی تجربات سے استفادہ کرنے کی امید ظاہر کی۔

پیپلز پارٹی نے مصطفیٰ کھوکھر کی چھوڑی ہوئی سینیٹ نشست پر وقار مہدی کو ٹکٹ دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی نےسینیٹ کی خالی نشست پر وقارمہدی کوپارٹی ٹکٹ دےدیا۔
ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ وقارمہدی پیپلزپارٹی سندھ کےجنرل سیکرٹری کے عہدے پرکام کر رہے ہیں۔
سندھ سے سینیٹ کی نشست مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مستعفی ہونے پرخالی ہوئی تھی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مصطفیٰ نواز کھوکھر کی خالی نشست پر پولنگ 8 دسمبر کو سندھ اسمبلی میں ہوگی۔ امیدوار 18 سے 22 دسمبر کے دوران اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جب کہ 25 نومبر کو کاغذات کی اسکروٹنی کی جائے گی۔ کاغذات کے خلاف اپیلیں 28 نومبر تک دائر کی جاسکیں گی۔ امیدوار 3 دسمبر تک الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرسکیں گے۔